لاہور: پاکستان کے نئے اور پرانے استاد کیویز کو سبق پڑھانے کیلیے بے چین ہیں جب کہ دوسرا ٹی 20 میچ آج راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ سے ہوم ٹی20سیریز کو رواں سال جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ورلڈکپ کی تیاریوں کیلیے اہم سمجھا جارہا ہے،اسکواڈ پر اہم فیصلوں کے بعد انگلینڈ اور آئرلینڈ میں زیادہ تبدیلیوں کا موقع نہیں ہوگا، اسی کے پیش نظر پاکستان نے راولپنڈی میں پہلے میچ کیلیے نیا کمبی نیشن آزمانے کا فیصلہ کیا مگر بارش کی بار بار مداخلت کی وجہ سے صرف 2گیندوں کا کھیل ہی ممکن ہوسکا، عثمان خان، عرفان نیازی اور ابراراحمد ڈیبیو پر صلاحیتوں کا اظہار کرنے کے منتظر ہی رہے۔
آج شیڈول دوسرے ٹی 20 میں میزبان ٹیم کی کوشش ہوگی کہ نوآموز کیویز کو تختہ مشق بناتے ہوئے ہوم ورک مکمل کرلے،پہلے مقابلے میں کمبی نیشن کی آزمائش ہی نہیں ہوسکی، اس لیے پلیئنگ الیون کو برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔