کراچی میں آج سے درجۂ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں پچھلے 24 گھنٹوں میں کم سے کم درجۂ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 سے37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مغرب سے 16 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔
دوسری جانب نجی موسمی ادارے کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل (پیر) سے ہفتے کے درمیان تیز سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی، اس دوران مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
نجی موسمی ادارے نے کہا ہے کہ اس دوران شہر میں ہوائیں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی رہیں گی، جن میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے درجۂ حرارت زیادہ محسوس ہو سکتا ہے۔
نجی موسمی ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیر تا ہفتہ کراچی کا درجۂِ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا، سمندری بادلوں کے باعث چند مقامات پر رات گئے بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔