پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بھی چیمپئینز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرنے کیلئے ڈٹ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا ٹیم کے حوالے سے پروپیگنڈا کررہا ہے، ایونٹ کسی نیوٹرل وینیو یا پلان بی کے تحت ہائبرڈ ماڈل پر نہیں ہوگا بلکہ پورا ایونٹ پاکستان میں ہوگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا سالانہ اجلاس 19 سے 22 جولائی تک کولمبو میں شیڈول ہے اور پی سی بی کا وفد اپنے ٹھوس موقف کیساتھ میٹنگ میں شرکت کرے گا۔
بھارت کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شریک تمام ٹیمیں پاکستان آکر کھیل چکی ہیں، اس لیے بھارت کے پاس کوئی وجہ نہیں کہ وہ یہاں آکر میچز نہ کھیلے۔
قبل ازیں گزشتہ روز خبریں گردش کرنا شروع ہوئی تھیں کہ بھارت کی ٹیم چیمپئینز ٹرافی کیلئے پاکستان نہیں جائے گی جس پر آئی سی سی کے اعلیٰ حکام نے بھی پلان بی پر غور شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب چیمپئینز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان نے تین مقامات کراچی، راولپنڈی اور لاہور میچز کی میزبانی کریں گے جبکہ پی سی بی مجوزہ شیڈول پہلے ہی آئی سی سی سمیت دیگر ٹیموں کو ارسال کرچکا ہے۔