پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش کی دورے کے دوران سیکیورٹی کنسلٹنٹ کی فراہمی کی درخواست پر جواب دیدیا۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی درخواست پر سیکیورٹی کنسلٹنٹ کیلئے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا ہے تاکہ ٹیم اور حکام کو اگاہی فراہم کی جاسکے۔
بنگلادیش کرکٹ آپریشن کے چیئرمین جلال یونس نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیم کی سیکیورٹی کی ذمہ داری فراہم کرنا پاکستان کا کام ہے تاہم محض اس حوالے سے یقین دہانی کروائی ہے، جس کے بعد دورہ کو حتمی شکل دی گئی۔
انکا کہنا تھا کہ پی سی بی سے درخواست کی ہے کہ دورے کے دوران ہمیں ایک سیکیورٹی کنسلٹنٹ فراہم کیا جائے جو سیکیورٹی کے حوالے سے ہر وقت ہمارے ساتھ رابطے میں ہو۔
پی سی بی کے ترجمان نے سیکیورٹی کنسلٹنٹ رکھنے کے بی سی بی کی درخواست کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے کوئی سیکیورٹی خدشات نہیں اٹھائے البتہ سیکیورٹی مینیجرز یا کنسلٹنٹس کو اب میڈیا مینیجر یا ٹیم ڈائریکٹر کی طرح سپورٹ اسٹاف کا درجہ حاصل ہوتا ہے۔