بیجنگ: پرواز میں تاخیر اکثر مسافروں کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے ہوتی ہے لیکن حال ہی میں چین میں پیش آنے والے ایک عجیب واقعے نے اس مسئلے کو ایک نیا زاویہ دے دیا ہے۔
چین میں ایک خاتون نے مشہور برانڈ لوئس ووٹن کا اپنا لگژری ہینڈ بیگ یہ کہہ کر ہوائی جہاز میں باقی سامان کے ساتھ رکھنے سے انکار کردیا کہ یہ بہت مہنگا ہے اور ایک مشہور برانڈ لوئس ووٹن کا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق چینی خاتون نے فلائٹ اٹینڈنٹ کی جانب سے ہینڈ بیگ سامنے والی سیٹ کے نیچے رکھنے سے انکار کردیا جس پر ایک گھنٹے کی تاخیر ہوئی اور خاتون کو جہاز سے باہر لے جانا پڑا۔
جیسے ہی اس واقعے کی ویڈیو چینی سوشل میڈیا ایپ Douyin پر پوسٹ کی گئی، یہ فوری طور پر وائرل ہو گئی۔
واقعے نے ڈوئن پر 4 ملین ویوز حاصل کرلیے ہیں۔ مسافر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اکانومی کلاس میں بیٹھی ایک خاتون نے اپنا لوئس ووٹن ہینڈ بیگ سامنے والی سیٹ کے نیچے رکھنے کے بجائے اپنے پاس رکھنے پر اصرار کیا۔