ٹوکیو: تاریخ میں لکھی گئی محبتوں کی داستانوں میں ایک جاپانی شخص کا بھی نام درج کیے جانے کے قابل ہے جو 13 سال قبل آئے سونامی میں لاپتہ ہوجانے والی اپنی اہلیہ کو اب تک جگہ جگہ تلاش کررہا ہے۔
یاسو تاکاماتسو نامی ایک جاپانی شخص اپنی بیوی یوکو، جو 2011 کے تباہ کن سونامی میں گم ہو گئی تھی، کی تلاش اب تک جاری رکھے ہوئے ہے۔
رپورٹس کے مطابق اپنی بیوی کی آخری رسومات کو صحیح طریقے سے انجام دینے کی خواہش میں تاکاماتسو نے فوکوشیما کے گندے پانیوں میں غوطہ خوری کرتے ہوئے ایک دہائی سے زیادہ کا وقت گزار دیا ہے، اس امید پر کہ شاید اس کی بیوی کی باقیات کہیں مل جائیں۔
2011 میں آئے جاپان میں سونامی تاریخ کے سب سے مہلک ترین واقعات میں سے ایک ہے جس نے تقریباً 20,000 جانیں لیں اور اس میں ہزاروں افراد اب تک لاپتہ ہیں۔ انہیں میں تاکاماتسو کی اہلیہ بھی شامل ہیں جو اس وقت قریبی بینک میں کام کررہی تھیں اور سونامی کی بلند لہروں میں بہہ گئی تھیں۔
تاکاماتسو کی تلاش ایک انتھک کوششوں کا سلسلہ ہے۔ ایک رضاکار ماسایوشی تاکاہاشی کی مدد سے تاکاماتسو نے غوطہ لگانے کا طریقہ سیکھا۔ ٹھنڈے پانیوں اور محدود مرئیت سمیت بے پناہ چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود یوکو نہیں ملی ہیں تاہم مسٹر تاکاماتسو پرعزم ہیں۔