بنگلادیش کے خلاف پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنالیے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کو عبداللہ شفیق کی صورت میں صفر پر پہلی وکٹ کا نقصان ہوا تاہم کپتان شان مسعود اور صائم ایوب نے 107 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، بعدازاں شان 57 جبکہ صائم ایوب 58 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ بابراعظم 4 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے 2 جبکہ تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بنگلادیش کے کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں پاکستان کو جلد آؤٹ کرکے برتری حاصل کریں۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ میچ میں فتح کیلئے بےچین ہیں، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو آرام کروایا گیا ہے جبکہ انکی جگہ ابرار احمد اور میر حمزہ کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا ہے۔
پہلا روز:
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے روز کا کھیل مسلسل بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث ختم کردیا گیا تھا جبکہ خراب موسم کی وجہ سے ٹاس بھی ممکن نہیں ہوسکا تھا۔
پاکستان کا اسکواڈ:
کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، وکٹ کیپر محمد ضوان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، نسیم شاہ، خرم شہزاد، محمد علی، ابرار احمد اور میر حمزہ شامل ہیں۔