نیپال کی حکومت نے بھارت کی ناراضی کی پروا کیے بغیر تمام مالیتوں کے نئے کرنسی نوٹ چھاپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کرنسی نوٹوں پر ایسے تین علاقوں کی بھی نمائندگی ہوگی جن پر بھارت ملکیت کا دعوٰی کرتا ہے۔
نیپال کی حکومت نے ملک کے نئے نقشے میں بھی تینوں متنازع علاقوں کو شامل کیا ہے۔ بھارتی قیادت اس نقشے کو حتمی شکل دینے پر بھی بہت جُزبُز ہوئی ہے۔
بھارت کا دعوٰی ہے کہ لِمپیا دُھرا، لیپو لیکھ اور کالا پانی اُس کے علاقے ہیں۔ نیپال کہتا ہے کہ یہ اُس کے علاقے ہیں اِس لیے نقشے میں بھی انہیں شامل کرلیا گیا ہے۔ نیپال کے مرکزی بینک نیپال راشٹر بینک نے کہا ہے کہ نئے کرنسی نوٹوں کی طباعت میں 6 ماہ سے ایک سال تک کا وقت لگے گا۔