تازہ تر ین

سلمان خان اور سلیم خان کے خلاف بشنوئی برادری کا احتجاج، پتلے نذر آتش

سابق سیاسی شخصیت بابا صدیقی کے قتل کے بعد سلمان خان اور ان کے اہل خانہ کی سیکیورٹی میں زبردست اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس دوران معروف گینگسٹر لارنس بشنوئی کی جانب سے سلمان خان کو مسلسل دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں، جس کے باعث سلمان خان نے عوامی تقریبات میں شرکت کم کر دی ہے۔

حال ہی میں بشنوئی برادری نے جے پور میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کے پتلے نذر آتش کیے گئے۔

یہ احتجاج سلیم خان کے حالیہ بیان کے بعد ہوا، جس میں انہوں نے اپنے بیٹے سلمان خان کو 1998 کے بلیک بک کیس میں بے گناہ قرار دیا تھا۔

بشنوئی برادری نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ “ہم بشنوئی ہیں، ہم کسی کی عزت کو بغیر وجہ کے نقصان نہیں پہنچاتے۔ سلیم خان کی باتیں غلط اور لوگوں کو گمراہ کرنے والی ہیں۔ ہم کالے ہرن کیس میں انصاف کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔”

سلیم خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ان کا بیٹا کبھی کسی جانور کو نقصان نہیں پہنچائے گا۔ تاہم بشنوئی برادری، جس کے نزدیک کالے ہرن انتہائی مقدس حیثیت رکھتے ہیں، اس بیان سے سخت ناراض ہے اور خان فیملی سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔

سلمان خان اور سلیم خان کو حالیہ عرصے میں کئی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، جن میں کچھ لارنس بشنوئی کی جانب سے تھیں۔ اپریل میں ان کے رہائش گاہ پر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا، جس کے بعد سے حکومت نے خان فیملی کو اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain