پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ کو اپنی گلوکاری پر ہوئی تنقید کا جواب دینا مہنگا پڑگیا اور انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
سارہ رضا خان کا شمار میوزک انڈسٹری کی جانی مانی گلوکاروں میں کیا جاتا ہے جنہوں نے اپنے میوزک کیرئیر میں گائیکی کے کئی مقابلے جیتنے کے ساتھ کئی مشہور ڈراموں کے اصل ساؤنڈ ٹریکس میں اپنی مسحور کن آواز کا جادو جگایا۔
حال ہی میں، سارہ رضا خان وصی شاہ کے پروگرام میں بطور مہمان شامل ہوئیں جہاں انہوں نے کئی اہم موضوع پر بات کرنے کے ساتھ گلوکارہ آئمہ بیگ کی صلاحیتوں سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا۔
سارے گاماپا’ سے شہرت پانے والی گلوکارہ سارہ رضا خان سے وصی شاہ نے سوال کیا کہ آج کل جتنے لوگ منظر عام پر آرہے ہیں آپکی نظر میں کتنے لوگ انٹرٹینر ہیں اور کتنے اصل میں گلوکار ہیں؟
جواب میں سارہ رضا خان نے آئمہ بیگ کی گائیکی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا،’ اگر موسیقی سے آٹو ٹیون کا آپشن نکال کر بات کی جائے تو آئمہ بیگ گلوکارہ نہیں ہیں۔ اس طرح کے بہت سے نام ہیں، مثال کے طور پر، ہم انہیں اداکاروں یا تفریحی شخصیات کے طور پر توپسند کر سکتے ہیں لیکن بطور گلوکارہ نہیں’۔
اس کے جواب میں آئمہ نے بھی سارہ رضا کے بیان پر ردعمل دیا اور اپنی ایک لائیو پرفارمنس شیئر کر کے سوال پوچھا کہ ‘مجھے بتائیں، میں اس لائیو میں آٹو ٹیون کہاں استعمال کر رہی ہوں’۔
ساتھ ہی آئمہ نے کئی دیگر افراد کے اسٹوریز بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوریز کی زینت بنائیں جس میں ان کی تعریف کی گئی تھی۔
یہی نہیں آئمہ بیگ نے سارہ رضا کو برہمی کے انداز میں ’آنٹی‘ بھی کہہ دیا، ان کی یہ پوسٹ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین سارہ رضا کے بیان پر آئمہ کے غیر مہذب ردعمل سے بالکل خوش نظر نہیں آئے کہ انہوں نے سارہ رضا کو ‘آنٹی’ کہا ہے۔
بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ سارہ رضا ایک شاندار پلے بیک اور کلاسیکی گلوکارہ ہیں اور انہیں آئمہ بیگ کی گلوکاری کی مہارت کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہے۔
کئی صارفین نے آئمہ بیگ کی جانب سے سارہ رضا خان کو آنٹی کہنے کو بچکانہ حرکت قرار دیا اور سارہ کی رائے سے بھی اتفاق کرتے نظر آئے۔