تازہ تر ین

کراچی؛ گھر کی 4 خواتین کا قاتل ‘کرائم پیٹرول’ سے متاثر نکلا

کراچی کے علاقے لی مارکیٹ میں اپنی والدہ اور کم عمر بھانجی سمیت گھر کی 4 خواتین کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم بھارتی ٹی وی شو ‘کرائم پیٹرول’ سے متاثر نکلا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیس کے مرکزی ملزم (بلال) نے گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے بیان ریکارڈ کرایا۔

مجسٹریٹ کے سامنے اپنے بیان میں ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے دوست شہزاد کے اکسانے پر اپنی کم عمر بھانجی سمیت گھر کی 4 خواتین کو قتل کیا۔

مرکزی ملزم نے دعویٰ کیا کہ ‘میں اپنے دوست شہزاد کی بہن سے شادی کا خواہاں تھا، شہزاد نے مجھ سے کہا کہ اگر میری بہن سے شادی کرنا چاہتے ہو تو اپنے گھر والوں کو قتل کر دو’۔

دوسری جانب تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شہزاد نے پولیس کے سامنے اپنے بیان میں بلال کے اِس الزام کی تردید کی ہے۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ پولیس کے ساتھ مرکزی ملزم جائے وقوع پر گیا جہاں اس نے تفصیل سے بتایا کہ اس نے چاروں قتل کیسے کیے۔

ملزم بلال کے بقول اس نے سب سے پہلے اپنی بھانجی کا گلا کاٹا جب وہ اسے پانی دینے آئی، پھر وہ اپنی بہن مدیحہ کے پاس گیا، جو اپنے کمرے میں ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہی تھی، اور اس نے اسے چاقو سے قتل کر دیا، اس کے بعد وہ اپنی والدہ کے کمرے میں گیا جہاں وہ اسپیکر صاف کر رہی تھی، بلال نے پیچھے سے وار کرکے انہیں بھی قتل کر دیا۔

آخر میں جب وہ اپنی بھابھی کے کمرے میں گیا تو بھابھی اس کے خون آلود کپڑے دیکھ کر چوکنا ہوگئیں اور انہوں نے مزاحمت کی جس پر دونوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی، اس دوران ملزم بلال کو بھی زخم آئے۔

اپنی بھابھی کو قتل کرنے کے بعد ملزم نے اپنے بھائی کی قمیض پہن لی اور آلہ قتل اپنی قمیض میں چھپا لیا۔

بعد ازاں ملزم اپنے دوست شہزاد کے گھر گیا جہاں اس نے دوبارہ اپنی شرٹ اور جوتے تبدیل کر لیے۔

اس کے بعد بلال نیٹی جیٹی پُل پر گیا اور وہاں آلہ قتل پھینک آیا جسے بعد میں پولیس نے برآمد کر کے فرانزک کے لیے بھیج دیا۔

تفتیشی افسر نے انکشاف کیا کہ ملزم بلال 2 ماہ سے زائد عرصہ سے اپنے گھر والوں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا اور آئیڈیاز حاصل کرنے کے لیے بلال نے انڈین ٹی وی شو ‘کرائم پیٹرول’ دیکھنا شروع کر دیا تھا۔

بیان رکارڈ کروانے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے مرکزی ملزم اور اس کے دوست کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔

یاد رہے کہ مرکزی ملزم نے اس سے قبل عدالت میں دیے گئے بیان میں کہا تھا کہ وہ ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کی وجہ سے صرف بہن کو قتل کرنا چاہتا تھا مگر باقی لوگوں کو اس لیے مارا تاکہ کوئی ثبوت نہ بچ پائے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain