بالی وڈ کے ٹال اینڈ ہینڈسم اداکار کارتک آریان لاکھوں لڑکیوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں لیکن انہیں خود ابھی تک سچا پیار نہیں ملا۔
حال ہی میں اداکار کی فلم بھول بھلیاں 3 ریلیز ہوئی ہے جس میں انہوں نے روح بابا کا کردار ادا کیا لیکن کارتک کی اپنی روح ابھی تک اپنے ساتھی کو نہیں ڈھونڈ پائی۔
ایسا نہیں کہ رنگا رنگ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار کی محبت کی ایک بھی کہانی سامنے نہ آئی ہوں لیکن ان کہانیوں میں سچائی کتنی تھی اس بارے میں کچھ کہا نہیں جاسکتا۔
اب اداکار نے براہ راست اس بارے میں بات کی ہے کہ وہ محبت تلاش کرنے میں ناکام کیوں رہے ہیں۔
اپنے رومانوی کرداروں کے لیے مشہور اداکار نے حال ہی میں اعتراف کیا کہ وہ اپنے لیے محبت تلاش کرنے کے معاملے میں بدقسمت رہے ہیں۔
گالاٹا انڈیا کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کارتک نے میزبان نین دیپ کو بتایا کہ قسمت کا عنصر، کبھی بھی ان کے حق میں کیوں نہیں کھیلا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘شاید میں اب تک بہت خوش قسمت نہیں ہوں، لیکن مجھے امید ہے کہ مستقبل میں قسمت میرا ساتھ دے گی’۔
اس سے قبل ایک یوٹیوب چینل کو ایک انٹرویو دیتے ہوئ کارتک نے اپنی ڈیٹنگ لائف کے حوالے سے چرچوں می رہنے کے بارے میں بات کی تھی۔
انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ زندگی کے ایک موقع پر ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں بہت زیادہ بات ہوئی تھی۔ ایسا ہی ہوتا رہا ہے حالانکہ وہ کسی سے پرائیویٹ طور پر ڈیٹنگ بھی نہیں کر رہے تھے، وہ صرف خوفزدہ تھے اور ادھر ادھر گھوم رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ‘ڈیٹنگ کا بال گیم ان کے لیے مختلف تھا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ مشہور ہونے کے بعد بہت محدود تعداد میں لوگوں سے ملتے تھے’۔
اداکار کا کہنا تھا کہ آپ کے کام کی وجہ سے آپ بہت کم لوگوں سے ملتے ہیں، آپ بہت کما سکتے ہیں اور مشہور ہو سکتے ہیں لیکن ایک بات یقینی ہے کہ آپ محبت نہیں خرید سکتے’۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ‘میں کسی سے ڈیٹنگ نہیں کر رہا، مجھے رومانوی ہیرو بھی کہا جاتا ہے لیکن میں محبت میں بدقسمت رہا ہوں، اس لیے مجھے لگتا ہے اس کے لیے مجھے درست فرد کو تلاش کرنا پڑے گا’۔
خیال رہے کہ ایک وقت میں یہ افواہیں خاصی زور پکڑ گئی تھیں کہ کارتک آریان اور سارہ علی خان ریلیشن شپ میں ہیں، اور دونوں کی محبت امتیاز علی کی فلم ‘َلو آج کل” کی شوٹنگ کے دوران پروان چڑھی۔
یہ ان کی ایک ساتھ واحد فلم تھی اور رپورٹس کے مطابق فلم ریلیز ہونے کے بعد جلد ہی انہوں نے اپنی راہیں جدا کرلیں۔
کارتک نے سارہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہ تو تسلیم کیا اور نہ ہی انکار، لیکن انہوں نے 1.25 سال سے سنگل رہنے کا دعویٰ ضرور کیا۔
اس کے علاوہ کارتک آریان کے اننیا پانڈے کے ساتھ تعلقات کی بھی افواہیں تھیں، دونوں نے ایک ساتھ فلم ‘پتی پتنی اور وہ’ میں کام کیا تھا تاہم نہ تو اداکار اور نہ ہی اننیا نے کبھی اس رشتے کا اعتراف کیا
اپنی پہلی فلم پیار کا پنچنامہ سے کارتک نے بالی وڈ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے اور اب ان کی فلم، بھول بھولیا 3 سینما گھروں کی زینت بن چکی ہے جو بالی وڈ کے بڑے ناموں پر مشتمل سنگھم اگین 3 کو ٹکر دے رہی ہے۔