پاکستانی اداکارہ نیمل خاور نے سیاہ جوڑے میں ملبوس ہوکر ‘شادی سیزن’ کی خاص جھلکیاں سوشل میڈیا کی زینت بنادیں۔
حسن و دلکشی سے سرشار اداکارہ نیمل خاور نے 20017 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ورنہ‘ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور 2019 میں ریلیز ہونے والے ڈرامے ’انا‘ میں ’ایزا خان‘ نامی کردار سے ناظرین کے دل جیت لیے۔
نیمل خاور کی اداکاری سے زیادہ ان کی خوبصورتی کے سب دیوانے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں لوگ پاکستان کی سب سے خوبصورت اداکارہ قرار دیتے ہیں۔
نیمل خاور اگرچہ سال 2019 میں حمزہ علی عباسی سے شادی کے بعد اداکاری کی دنیا سے کوسوں دور ہو بیٹھی ہیں لیکن وہ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر متحرک رہتی ہیں اور کبھی اپنے گھر کی خوشیوں تو کبھی اپنے آرٹ یعنی مصوری کے حوالے سے پوسٹس شیئر کرتی رہتی ہیں۔
حال ہی میں نیمل خاور نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں وہ دلکش سیاہ جوڑا پہنی نظر آئیں۔
نیمل خاور کے اس حسین جوڑے پر گوٹے کا دلفریب کام دیکھا جاسکتا ہے جبکہ انہوں نے اپنے لُک کو مزید چار چاند لگاتے ہوئے ماتھے پر بڑا ٹیکا پہنا اور آنکھوں میں کاجل بسایا۔
شیئر کی گئیں تصاویر میں نیمل خاور ہاتھ میں پہنا گلابوں کا کنگن بھی دکھاتی نظر آئیں جبکہ آخری سلائیڈ میں شادی کا میٹھا ‘گلاب جامن’ کی منہ میں پانی لانے والی تصویر بھی شامل کی۔
پوسٹ کے کیپشن میں نیمل خاور نے لکھا کہ ‘ بہت ساری گلاب جامن کے ساتھ بالآخر آفیشل طور پر شادی کے سیزن کا آغاز ہوگیا ہے’۔
نیمل خاور کے اس ‘شادی سیزن’ اسپیشل پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں مداح اپنی پسندیدہ اداکارہ کے حسن کی تعریف کرنے میں زرا سی بھی کنجوسی کرتے نہیں دکھ رہے۔