دنیا کے سب سے طاقتور ملک امریکا کی سربراہی کے لیے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور موجودہ نائب صدر آج اپنی قسمتوں کا فیصلہ ہوتے دیکھ رہے ہیں۔
آج امریکی انتخابات میں جہاں عام شہریوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا وہیں ہالی وڈ کے کئی نامور اداکار ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں۔
اسی دوران مشہور گلوکارہ ریحانہ نے جب امریکی انتخابات کےحوالے سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر پوسٹ کی کہ وہ اپنے بیٹے کے پاسپورٹ پر ووٹ ڈالنے کا سوچ رہی ہیں۔ جس پر ان کے مداحوں نے کمنٹ سیکشن میں شکوؤں کے انبار لگا دیے۔
مداحوں کا کہنا تھا کہ آخر کیوں ریحانہ نے اب تک امریکی شہریت حاصل کیوں نہیں کی۔
جس پر ریحانہ نے اپنے مداحوں کو ٹکا ٹکا کر جواب دیے اور یہاں تک کہ گالیاں بھی دے ڈالیں۔
انہوں نے تنقید کرنے والوں کو ‘جاہل’ اور ‘گدھے’ کہہ کر مخاطب کیا۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے کمنٹ میں کہا کہ غیر قانونی طور پر ووٹ ڈالنا جرم ہے تو ریحانہ نے ریپلائی میں اسے شٹ اپ کال دیدی۔
ایک صارف نے ریحانہ سے کہا کہ وہ ووٹ ڈالنے کے قابل نہیں کیونکہ انہوں نے امریکی شہریت حاصل نہیں کی۔ جس پر انہوں نے جواب میں اس صارف کی گالیوں سے تواضع کی۔
ایک صارف نے کہا کہ ٹرمپ اور ہیرس دونوں ایک جیسے ہی ہیں تو گلوکارہ نے اسے گدھا کہہ ڈالا۔
امریکی پاپ گلوکارہ ریحانہ نے امریکی انتخابات میں کاملا ہیرس کے حق میں گزشتہ روز پوسٹ کی تھی۔
36 سالہ ریحانہ بارباڈوس کی شہریت رکھتی ہیں اور انہوں نے کبھی امریکی شہریت کے لیے اپلائی نہیں کیا، حالانکہ وہ عرصہ دراز سے امریکا میں مقیم ہیں۔ جبکہ ان کے دو بیٹے اور بوائے فرنڈ امریکی شہری ہیں۔
بارباڈوس کی حکومت کی جانب سے ریحانہ کو قومی ہیرو کا لقب دیا جاچکا ہے۔
پاپ گلوکارہ بارباڈوس کے علاقے سینٹ مائیکل میں پیدا ہوئیں اور دارالحکومت برج ٹاؤن میں پرورش پائی، وہ ایک غریب گھرانے میں پلی بڑھیں۔ امریکی پروڈیوسر ایوان راجرز نے ان کی صلاحیتوں کو پہچانا جس کے بعد وہ شہرت کی بلندیوں تک پہنچ گئیں۔
ریحانہ نے میوزک کی دنیا میں کامیابی کو میک اپ اور فیشن کی سلطنت میں بدل دیا، جس کی کمائی نے اب میڈونا اور بیونس جیسے دیگر میگا اسٹارز کو پیچھے چھوڑ دیا۔
فوربز نے اگست میں اندازہ لگایا کہ ان کی مالیت 1.7 بلین ڈالر ہے، جس میں سے تقریباً 1.4 بلین ڈالر ان کی کاسمیٹکس کمپنی فینٹی بیوٹی کی مالیت سے آتے ہیں، جو کہ فرانسیسی فیشن کمپنی LVMH کے ساتھ شراکت داری ہے۔