تازہ تر ین

آریان خان نے والد شاہ رخ خان کو ‘ٹرینڈ سیٹر‘ قرار دے دیا

بالی وڈ کنگ خان شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے  اپنے والد شاہ رخ خان کی اُس بڑی خوبی کا ذکر کیا جس نے ان کے خاندان کو مشکل حالات میں سہارا دیا۔

آریان خان نے بتایا کہ ان کے والد نے انہیں سکھایا کہ زندگی کے مشکل اور چیلنجنگ حالات کو کس طرح دیکھنا چاہیے۔

حال ہی میں شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے آریان خان کو دبئی میں آریان کے برانڈ کی ایک ہائی پروفائل ایونٹ میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔ جہاں کنگ خان نے نہ صرف اس پارٹی میں بھرپور انداز میں شرکت کی بلکہ ان کے مداحوں نے انہیں موسیقی پر جھومتے ہوئے بھی دیکھا۔

بعدازاں آریان خان نے  اپنے والد کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کے بارے میں بات کی، جسے وہ ایک بہترین مارکیٹنگ ماسٹر مائنڈ کے طور پر دیکھتے ہیں۔

حالیہ انٹرویو میں نوجوان کاروباری اور ابھرتے ہوئے ڈائریکٹر نے اپنے لگژری اسٹریٹ ویئر برانڈ D’YAVOL کی کامیابی پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ ان کے والد اور بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اس برانڈ کی کامیابی میں ایک خفیہ ہتھیار ہیں۔

واضح رہے کہ آریان خان صرف ایک اسٹار کِڈ نہیں ہیں بلکہ ایک کاروباری شخصیت ہیں جنہوں نے لگژری فیشن اپیرل برانڈ D’YAVOL کی بنیاد رکھی ہے۔

ان کے برانڈ کو حال ہی میں میگزین ل’اوفیشل عربیہ کے سرورق پر نمایاں کیا گیا، جہاں وہ اپنے والد کے ساتھ D’YAVOL کے نئے کلیکشن میں نظر آئے۔ دونوں نے بیگی جینز اور ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں۔

بعدازاں اسی میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں، آریان خان نے اپنے والد کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک عالمی فیشن آئیکون قرار دیا اور ان کی مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ،’میرے والد شاید سب سے ذہین مارکیٹنگ ذہن رکھنے والوں میں سے ہیں،  اور وہ خود ایک عالمی فیشن ٹرینڈ سیٹر ہیں. زندگی میں چاہے چھوٹا ہو یا بڑا، ہر کام کو سو فیصد دینا میرے والد نے مجھے سکھایا ہے۔’

آریان خان کا مزید کہنا تھا کہ،’میں کافی خوش قسمت رہا ہوں کہ مجھے دنیا کا وسیع تجربہ حاصل ہوا، یوکے میں اسکول اور امریکا میں کالج میں تعلیم حاصل کی۔ یہاں زیادہ ثقافتی رکاوٹیں نہیں ہیں، جس سے مجھے اپنے کام میں عالمی نقطہ نظر اپنانے کا موقع ملتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ ہر اس کام میں جھلکتا ہے جو میں کرتا ہوں.

واضح رہے کہ آریان کا فیشن برانڈ D’YAVOL X اپریل 2023 میں اپنی آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے لانچ کیا گیاتھا  اور اس کے ملبوسات کی بہت زیادہ مہنگی قیمتیں دیکھ کر لوگوں کو حیرانی ہوئی لیکن جلد ہی یہ بات واضح ہوگئی کہ ان کا برانڈ مخصوص صارفین کو ہدف بنا رہا ہے۔

اس بارے میں بات کرتے ہوئے آریان کا مزید کہنا تھا کہ،’ہمارا مثالی صارف وہ ہے جو عیش و آرام کو سمجھتا ہے اور جدید، اعلیٰ معیار کی مگر آرام دہ پروڈکٹ کی تلاش میں ہے۔ میں نہیں سمجھتا کہ اسٹریٹ ویئر عیش و آرام کے خلاف ہے’۔

آریان کے مطابق ،’ ہم اپنے پروڈکٹس کو بڑے پیمانے پر تیار نہیں کرتے، اور ہر پروڈکٹ جو برانڈ سے باہر جاتی ہے، وہ ایسی چیز ہوتی ہے جسے میں خود پہننا چاہوں گا… لہذا یہ ہر ہفتے نیا ڈیزائن بھیجنے یا محض نام کے لیے خصوصی ہونے کے بارے میں نہیں ہے، بلکہ واقعی میں اپنے صارفین سے جڑنے والی بہترین پروڈکٹس تیار کرنے کے چیلنج کو قبول کرنے کے بارے میں ہے۔’


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain