بھارتی اداکارہ نے ایکٹنگ کو خیرباد کہنے کے بعد 13سو کروڑ مالیت کی کمپنی بنالی۔
بھارتی فلم نگری میں کئی اداکار ایسے ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اداکاری چھوڑ کر دوسرے شعبوں میں اپنی قسمت آزمائی جبکہ ان میں سے کچھ نے کاروبار کی دنیا میں قدم رکھا اور کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔
شوبز کو الوداع کہنے والے فنکاروں کی فہرست میں ایک سابقہ اداکارہ بھی شامل ہیں جنہوں نے اداکاری چھوڑ کر 1300 کروڑ روپے کا کامیاب کاروبار قائم کرلیا۔
جی ہاں یہاں ہم بات کر رہے ہیں38 سالہ آشکا گورادیا کی جنہوں نے 22 سال قبل ٹی وی شو ’اچانک 37 سال بعد‘ سے اپنے اداکاری کے سفر کی شروعات کی تھی لیکن انہیں شہرت ایکتا کپور کے ’کُسم‘ سے ملی۔
انہوں نے اس کے بعد کئی برس تک مشہور ٹی وی شوز میں پرفارمنس دی، ان کے نام اور پرفارمنس سے ہر ٹی وی ناظر واقف ہے، وہ اپنے وقت میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ رہی ہیں۔
انہوں نے سندور تیرے نام کا، ویرود، ناگن، کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی، پیا کا گھر جیسے ٹی وی سیریل بھی کیے، وہ بگ باس اور خطروں کے کھلاڑی جیسے رئیلٹی شوز کا بھی حصہ رہ چکی ہیں۔
بعدازاں انہوں نے 2019 میں اپنے کیرئیر کے عروج پر شو بز کو چھوڑ کر کارپوریٹ دنیا میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا اور اپنی کاسمیٹک کمپنی ’رینی کاسمیٹکس’ کی بنیاد رکھی۔
آشنا نے 2018 میں بیارڈو کے شریک بانی پریانک شاہ اور آشوتمش والیانی کے ساتھ مل کر اس کمپنی کا آغاز کیا۔ رینی کاسمیٹکس کی مصنوعات میں آئی میک اپ، لپ کلرز، اسکن سیریمز اور ہائی لائٹر شامل ہیں۔
کووڈ کی وبا کے دوران رینی کاسمیٹکس کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا اور 2022 میں اس کی آمدنی 100 ملین ڈالرز (تقریباً 750 کروڑ روپے) سے تجاوز کر گئی۔ 2024 تک، کمپنی کی مالیت تقریباً 155 ملین ڈالرز (1300 کروڑ روپے) تک پہنچ گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق رینی کاسمیٹکس اب بھارتی ویلز اینڈ کیئر کاروباری برانڈز جیسے نیکا اور شوگر کاسمیٹکس کے لیے ایک بڑا حریف سمجھا جا رہا ہے۔
ان کے برانڈ نے دیکھتے ہی دیکھتے شہرت کی بلندیاں حاصل کرلیں، صرف 5 سال کی مدت میں یہ 1300 کروڑ کی کمپنی بن گئی۔
یاد رہے کہ آشکا نے 2017ء میں امریکی بزنس مین برینٹ گوہل سے شادی کی اور انہوں نے اکتوبر 2023ء میں بیٹے کو جنم دیا۔