تازہ تر ین

گورنمنٹ اسکول کے طالب علموں کا میٹرک کے امتحان میں پوزیشن لینا باعث مسرت ہے، میئر کراچی

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گورنمنٹ اسکول کے طالب علموں کا میٹرک کے امتحان میں پوزیشن لینا باعث مسرت ہے، ان بچوں کی میٹرک کے امتحان میں نمایاں پوزیشن آنے سے ان کے والدین کے سرفخر سے بلند ہوگئے ہیں۔

یہ بات انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ سے ملاقات کے موقع پر کہی، اس موقع پر ان بچوں کے والدین، میٹرک بورڈ کے افسران اور اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز بھی موجود تھے۔

 میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر ان طالب علموں کو شاباش بھی دی اور کہا کہ میری خواہش ہے کہ میٹرک کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم حافظ عبدالرافع، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ رومیسا عمران اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ رخسار اسی طرح مستقبل میں بھی کامیابیاں حاصل کریں، اس سلسلے میں ان طلبہ کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہوں۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے گفتگو کرتے ہوئے طلبہ نے کہا کہ وہ بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملک و قوم کی بہتر خدمت کرسکیں جس پر میئر کراچی نے کہا کہ بیرون ملک تعلیم کے لیے ہر طرح کی مدد کی جائے گی لیکن پاکستانی طالب علم جہاں بھی جائیں وہاں اپنے ملک کی عزت اور وقار کا ضرور خیال رکھیں۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ  اچھی اور معیاری تعلیم ہمیں ایک اچھا اور معاشرے کے لیے کارآمد انسان بنانے میں معاون ہوتی ہے، آج کے بچے اگر اپنے والدین، اساتذہ اور بزرگوں کا احترام کریں گے تو انہیں کل ضرور اس کا صلہ ملے گا اور وہ دنیا میں کامیابیاں اور کامرانیاں حاصل کریں گے، وسائل کی کمی کے باوجود جو والدین اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں وہ نہ صرف قابل ستائش ہیں بلکہ معاشرے کے لیے بہترین مثال بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر بچیوں کی تعلیم معاشرے کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے، خوشی کی بات یہ ہے کہ آج ہماری بچیاں پہلے سے زیادہ اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں اور امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کررہی ہیں، کسی بھی قوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے خواندگی کا بہترین معیار رکھنا پڑتا ہے اور اس حوالے سے ہماری قوم کے ہر فرد پر کچھ نہ کچھ ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اگر ہم میں سے ہر شخص اپنے حصے کا کردار نبھائے تو ہمارا معاشرہ بہت جلد ایک تعلیم یافتہ اور مہذب معاشرے میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

اس موقع پر میئر کراچی نے میٹرک کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم حافظ عبدالرافع کو آئی فون جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات رومیسا عمران اور رخسار کو اپنی طرف سے بطور انعام لیپ ٹاپ دینے کا اعلان  بھی کیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain