چارسدہ میں پولیس وین کے قریب خودکش دھماکا ہوا، تاہم اس میں پولیس اہل کار محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق چارسدہ میں پولیس اسٹیشن عمرزئی کی حدود اخون ڈھیری کے قریب پولیس وین کے قریب خودکش دھماکا ہوا، تاہم دھماکے سے پولیس اہل کاروں سمیت پولیس وین محفوظ رہی۔
جائے وقوع پر رش نہ ہونے کے باعث دھماکے سے بمبار کے سوا کوئی دوسرا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش بمبار نے پولیس وین گزرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اُڑایا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد علاقے کی ناکابندی کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔