وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں سب سے بڑے ہائیر ایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سیکرٹری ہائیرایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید نے بریفنگ دی اور بتایا کہ پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے ہائیر ایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام کے تحت سرکاری کالجز میں 7354 ٹیچز کو 8 ماہ کیلیے ماہانہ 50 ہزار وظیفے پر بطور انٹرن بھرتی کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شفافیت اور میرٹ پر انٹرنیز بھرتی کرنے پر ہائیر ایجوکیشن ٹیم کو شاباش دی اور امید ظاہر کی کہ اس اقدام کے اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔
اعلامیے کے مطابق کالج ٹیچر انٹرنز 31مارچ تک سرکاری کالجز میں اکیڈمیک سیشن مکمل ہونے تک تدریسی خدمات سرانجام دیں گے۔ اس کے علاوہ ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت کالجز کے 962 اساتذہ کی ٹرانسفر پوسٹنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا۔
انٹرن بھرتی ہونے والے کالج کے ٹیچرزکو گھر بیٹھے پورٹل پر آن لائن اپلائی کرنے کے بعد آرڈر مل گئے ہیں۔