ایف آئی اے نے عدالت سے مسلسل غیر حاضری پر بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منسوخی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
جمع کرائی گئی درخواست میں ایف آئی اے نے موقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی ضمانت ملنے کے بعد اکثر سماعتوں میں پیش نہیں ہو رہیں جبکہ عدالت نے بھی آرڈر میں لکھا تھا کہ بشری بی بی ضمانت کا غلط استعمال نہیں کریں گی۔ استدعا ہے کہ عدالت سے مسلسل عدم پیشی پر بشریٰ بی بی نی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منسوخ کی جائے۔
اسپیشل جج سینٹرل کی جانب سے ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منظور کی تھی جس کے بعد ان کی جیل سے رہائی ممکن ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں مسلسل عدم حاضری پر احتساب عدالت نے بھی آج بشریٰ بی بی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔