بھارت میں گرل فرینڈ کی نازیبا ویڈیو بنا کر بلیک میلنگ کے ذریعے ڈھائی کروڑ (بھارتی روپے) ہتھیانے والے نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلورو سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ نوجوان موہن کمار کو اپنی گرل فرینڈ کی نازیبا ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرنے اور 8 کروڑ 20 لاکھ روپے ( ڈھائی کروڑ بھارتی روپے) ہتھیانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی نے بلیک میلر کو ویڈیوز سوشل میڈیا پر ڈالنے سے روکنے کے لیے جیولری، قیمتی گھڑیاں حتی کہ لگژری گاڑی بھی دی۔ پولیس کے مطابق لڑکے اور 20 سالہ لڑکی کی آپس میں اسکول کے زمانے سے دوستی تھی۔ دونوں ایک ساتھ پڑھتے تھے لیکن گریجویشن کے بعد دونوں کے رابطے منقطع ہو گئے تھے تاہم دونوں کئی سالوں بعد ایک دوسرے سے ملے اور ان کا میل جول دوبارہ شروع ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم موہن کمار نے لڑکی کو جھانسا دیا اور ٹرپ پر لے گیا جہاں اس نے لڑکی کی غیر اخلاقی ویڈیوز اور تصاویر بنائیں اور انہیں پرائیویٹ رکھنے کا وعدہ کیا۔ ٹرپ سے واپسی کے بعد موہن کمار نے لڑکی کو بلیک میل کرنا شروع کر دیا اور اس سے رقم کا مطالبہ کیا۔ لڑکی نے اپنی نجی تصاویر اور ویڈیوز لیک ہونے کے خوف سے چند ماہ کے دوران لڑکے کو 2 کروڑ 57 لاکھ بھارتی روپے دیے۔
پولیس کے مطابق لڑکی نے پہلے اپنی دادی کے اکاؤنٹ سے موہن کمار کے اکاؤنٹ میں ایک کروڑ 25 لاکھ روپے منتقل کیے اور مختلف مواقع پر ایک کروڑ 32 لاکھ روپے کیش بھی دئیے۔ ملزم موہن کمار لڑکی سے قیمتی گھڑیوں، جیولری اور لگژری کار کا مطالبہ کرتا رہا۔
لڑکی نے موہن کمار کے مطالبات سے تنگ آ کر بنگلورو پولیس میں مقدمہ درج کرا دیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزم موہن کمار کو گرفتار کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایک بہترین منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جرم ہے جس میں ملزم نے لڑکی سے بلیک میلنگ کے ذریعے ڈھائی کروڑ سے زائد رقم بٹوری جس میں سے 80 لاکھ روپے وصول کر لیے گئے ہیں۔