آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان آج بھی مشکل دکھائی دینے لگا، ایونٹ کے مجوزہ شیڈول کے لاجسٹک معاملات کو فائنل کرنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔
ایکسپریس نیوز ذرائع کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی کے حل طلب امور طے پانے اور ضرورت پڑنے پر ہی معاملہ بورڈ میٹنگ میں ڈسکس کیا جائے گا۔
براڈ کاسٹرز کی طرف سے بھی حتمی جواب کا انتظار ہے جبکہ بھارتی ٹیم کے پاکستان آمد سےانکار کے بعد انڈین بورڈ پول میچز کے ساتھ، سیمی فائنل اور فائنل بھی نیوٹرل مقام پر کھیلنے کا خواہش مند ہے اور دبئی پاکستان اور بھارت کے میچ کا مجوزہ وینیو ہوسکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا اصرار ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان میں نہیں کھیلتی تو پھر ان کے میچز بھی نیوٹرل مقام پر ہی ہونے چاہئیں، پاکستانی ٹیم بھی آئی سی سی کے ایونٹس بھارت جاکر نہیں کھیلے گی۔ براڈ کاسٹرز کی اپنی شرائط ہیں جن کو سامنے رکھ کر چیزوں کو فائنل کیا جانا ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کے میچز بھی نیوٹرل وینیوز پر رکھنے کا پاکستانی موقف تسلیم کرلیا ہے، اس حوالے سے پی سی بی اور آئی سی سی حکام رابطے میں ضرور ہیں اور مثبت انداز میں معاملات آگے بڑھ رہے ہیں تاہم دونوں بورڈز اور آئی سی سی کے درمیان تاحال کوئی باقاعدہ ایگریمنٹ پر دستخط ابھی تک نہیں ہوئے۔
پاکستان نے 19 فروری سے 9 مارچ تک آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے جس کے حتمی شیڈول کے اعلان میں مسلسل تاخیر ہورہی ہے۔