حال ہی میں ماں بننے والی بالی وڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اپنی بیٹی دعا کی پیدائش کے بعد سے عوام کی نظروں سے اوجھل تھیں، تاہم گزشتہ روز دپیکا نے اپنے آبائی شہر بنگلورو میں معروف گلوکار دلجیت دوسانجھ کے ‘دل لومیناتی کنسرٹ’ میں سپرائز انٹری دیکر مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔
یہ تقریب اس وقت اور بھی یادگار بن گئی جب دلجیت نے دیپیکا کو اسٹیج پر بلا لیا اور ہجوم خوشی سے جھوم اٹھا۔
دنیا بھر میں اپنے بلاک بسٹر کانسرٹ ‘دلومیناتی ٹوور’ کی شاندار کامیابی کے ذریعے دھوم مچانے والے گلوبل سپر اسٹار ‘دلجیت دوسانجھ‘ نے اِن دلچسپ لمحات کی ویڈیو اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دپیکا کو اسٹیج پر بلانے سے قبل دلجیت دوسانجھ اداکارہ کی آمد سے بےخبر ہجوم کو دلچسپ انداز میں دپیکا کی آمد کا اشارہ دے رہے ہیں۔
دلجیت دوسانجھ نے ہاتھ میں ایک صابن کا پیکٹ اٹھا رکھا تھا، انہوں نے کنسرٹ کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ کو معلوم ہے یہ کس کا برانڈ ہے؟ دپیکا پڈوکون جی کا، میری خوبصورتی کا راز یہی ہے کہ میں اسی سے نہاتا ہوں، اسی سے منہ دھوتا ہوں’۔