1999 کی ریلیز “بیوی نمبر 1” میں سشمتا سین اور سلمان خان نے پہلی بار ایک ساتھ کام کیا، اس پسندیدہ آن اسکرین جوڑی نے بعد میں “تم کو نہ بھول پائیں گے” اور “میں نے پیار کیوں کیا” جیسی فلموں میں بھی کام کیا، تاہم سشمتا کا کہنا ہے کہ سلمان خان ان کے خوابوں کےشہزادے رہے ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں انکشاف کیا کہ وہ سلمان خان کی فلم “میں نے پیار کیا” سے ہی ان کی مداح رہی ہیں۔
سشمتا سین نے ایک حالیہ ایونٹ میں اپنی سلمان خان سے انسیت پر بات کی، انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی جیب خرچ کا تمام پیسہ ان کے پوسٹرز خریدنے میں خرچ کر دیتی تھیں، جنہیں وہ بہت مقدس سمجھتی تھیں۔
سشمتا نے مزاحیہ انداز میں اعتراف کیا کہ میرے والدین نے ہمیشہ کہا کہ اگر ہوم ورک وقت پر مکمل نہ کیا تو ہم یہ پوسٹرز ہٹا دیں گے، اس لیے میں ہمیشہ اپنا ہوم ورک وقت پر مکمل کرتی تھی کیونکہ یہ پوسٹرز میرے لیے بہت خاص تھے، میں اس شخص سے محبت کرتی تھی۔
سشمتا سین نے ایک دلچسپ بات بتائی کہ فلم “میں نے پیار کیوں کیا” کے تصور کا آغاز کیسے ہوا، جس میں انہوں نے سلمان خان اور کترینہ کیف کے ساتھ کام کیا۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے سلمان کو اپنی نوجوانی کی جنونیت کے بارے میں بتایا تھا کہ کیسے وہ ان کے پوسٹرز کے ذریعے اپنے والدین کی مزاحیہ دھمکیوں سے متعلق کہانیاں سناتی تھیں۔
سلمان نے سشمتا سے پوچھا کہ ان کی پسندیدہ فلم کون سی تھی، اور انہوں نے جواب دیا “میں نے پیار کیا”، اس کے بعد سلمان نے ہدایتکار ڈیوڈ دھون سے کہا کہ وہ “میں نے پیار کیوں کیا” سشمتا سین کے ساتھ بنائیں۔
سشمتا سین نے ایک اور واقعے کا ذکر کیا جو ان کے سلمان خان کے بارے میں مثبت خیالات کو مزید بڑھا دیتا ہے، ہدایتکار ڈیوڈ دھون نے سشمتا کو ہدایت دی کہ وہ سیٹ پر ہیلز نہ پہنیں کیونکہ وہ سلمان سے لمبی نظر آئیں گی۔
جب سشمتا سین فلیٹ جوتے پہن کر آئیں تو سلمان نے ان کے لباس کی تعریف کی لیکن پوچھا کہ وہ “چپل” کیوں پہن کر آئیں ہیں، سشمتا نے فوراً سلمان کو بتایا کہ انہیں ہدایت دی گئی تھیں، یہ سن کر سلمان ہنس پڑے اور کہا کہ ‘تم اپنی ہائٹ سنبھالو، میں اپنی ہائٹ سنبھال لوں گا’۔
یہ واقعہ سشمتا کو بہت متاثر کر گیا جو پہلے ہی سلمان کی بڑی مداح تھیں، سشمتا نے کہا کہ وہ سلمان کو بہت ترقی پسند سوچ رکھنے والا انسان سمجھتی ہیں اور یہ بات انہیں ہمیشہ پسند رہی ہے۔