پاکستانی اداکار شہریار منور کے اداکارہ ماہین صدیقی کے ساتھ نکاح کی تصاویر نے فینز اور فیشن کے متوالوں سے تعریف کے ٹوکرے سمیٹ لیے۔
‘آسمانوں پر لکھا’ ، ‘پہلی سی محبت’ ، ‘کچھ ان کہی’ ، اے عشقِ جنون’ اور ‘کہی ان کہی’ جیسے ڈراموں میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار شہریار منور نے فلم ‘7 دن محبت اِن’ ، ‘ہو من جہاں’ اور ‘پرے ہٹ لو’ میں بھی اپنی بہترین اداکاری سے فینز کے دل جیتے۔
شہریار منور سال 2024 کا اختتام کنورے پن کے ساتھ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
شہریار منور اور ماہین صدیقی کی شادی کا سلسلہ ڈھولکی نائٹ سے شروع ہوا جس کے بعد قوالی نائٹ، ہلدی نائٹ اور سنگیت نائٹ ہوئیں جس کے بعد دونوں کی نکاح کی تقریب منعقد کی گئی۔
نکاح دن کے وقت ہوا جب شہریار منور اف وائٹ شیروانی کے ساتھ میچنگ کھسّے، سفید چوڑی دار ماجامہ اور بلوچی اسٹائل پگڑی باندھ کر اپنی زندگی کی محبت سے ایجاب و قبول کروانے آئے۔
ماہین صدیقی بھی آف وائٹ انار کلی فراک میں سر پر دوپٹہ سجائے سادگی کا پیکر بنی نظر آئیں جنہوں نے بے انتہا ہلکا میک اپ کر رکھا تھا اور سیدھی مانگ پر جوڑا بنا کر اس پر باریک بندیا لگانے کے ساتھ بائیں جانب جھومر لٹکایا ہوا تھا۔
دونوں کی نکاح کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی فینز کسی فلمی دنیا میں کھو گئے اور وہ دنیا بھی کوئی عام نہیں بلکہ شہزادہ اور شہزادی کی کہانیوں پر مبنی فلمی دنیا۔
دونوں نے پھولوں سے تیار کردہ پردے کی دو مختلف جانب بیٹھ کر ایجاب و قبول کیا جس کے عقب کا منظر بھی کوئی عام نہیں تھا بلکہ گہرے سمندر کی دلکشی خود میں سموئے ہوئے تھا۔
فینز کے سوشل میڈیا پر کیے گئے تبصروں میں شہریار منور کو ‘ریئل لائف پرنس’ قرار دیا جا رہا ہے جبکہ ماہین صدیقی کی سادگی اور انکے چہرے پر نکاح کا نور بھی تبصروں کا حصہ بنا ہوا ہے۔