اداکارہ امریتا راؤ نے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز 2002 میں فلم “اب کے برس” سے کیا، جس نے باکس آفس پر ملا جلا ردعمل حاصل کیالیکن ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔
انہیں بڑی کامیابی 2003 میں فلم “عشق وشق” میں شاہد کپور کے ساتھ ملی، انہوں نے تیلگو فلم “اتھیدی” میں مہیش بابو کے ساتھ بھی کام کیا لیکن تیلگو انڈسٹری میں مزید کردار نہیں کیے
امریتاراؤ نے شاہد کپور کے ساتھ “ویواہ” اور شاہ رخ خان کے ساتھ “میں ہوں نا” جیسی ہٹ فلمیں دیں، ان کی اداکاری نے فلم سازوں کی توجہ حاصل کی جس کے نتیجے میں انہیں سنی دیول کے ساتھ “سنگھ صاحب دی گریٹ” اور اجے دیوگن کے ساتھ “دی لیجنڈ آف بھگت سنگھ” جیسے کردار ملے۔
فلموں اور اداکاری کے علاوہ امریتا کئی بار مختلف وجوہات کی بنا پر خبروں کی زینت بنی، ایسا ہی ایک واقعہ 2005 میں ہوا جب ان کی اور ان کی ساتھی اداکارہ ایشا دیول کے درمیان تنازعہ ہوا، فلم “پیارے موہن” کے سیٹ پر ایشا دیول نے امریتا راؤ کو تھپڑ مار دیا، ایشا نے بعد میں کہا کہ انہیں اپنے عمل پر کوئی افسوس نہیں ہے۔
ایشادیول نے وضاحت کی کہ امریتا نے ڈائریکٹر اور کیمرہ مین کے سامنے ان کی بے عزتی کی، جسے وہ ناقابل قبول سمجھتی تھیں، ایشا نے بتایا کہ امریتا نے بعد میں اپنی غلطی تسلیم کی اور معافی مانگی جسے ایشا دیول نے قبول کر لیا اور ان کے درمیان معاملات ٹھیک ہو گئے۔
ایشادیول نے کہا کہ وہ ایک مہذب پس منظر سے آتی ہیں اور ایسا عمل ان کے لیے عام نہیں ہے جب تک کہ انہیں اشتعال نہ دلایا جائے۔
امریتا نے 2014 میں اپنے بوائے فرینڈ آر جے انمول سے شادی کرلی، نومبر 2020 میں، ان کے ہاں ایک بیٹا پیدا ہوا، جس کا نام ویر رکھا گیا، یہ جوڑا ایک یوٹیوب چینل “کپل آف تھنگز” چلاتا ہے اور اسی نام کی ایک کتاب بھی فروری 2023 میں شائع کی۔
امریتا اب ایک زیادہ نجی زندگی گزار رہی ہیں اور شوبز کی دنیا سے دور ہیں، ان کی آخری فلم “ٹھاکرے” (2019) تھی، جس میں انہوں نے ایک اہم کردار ادا کیا، جو پانچ سال کے وقفے کے بعد ان کی واپسی کی علامت تھی۔ یہ فلم بالاصاحب ٹھاکرے کی زندگی پر مبنی تھی۔