الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے262 کوئٹہ سے عادل بازئی کی ۔رکنیت بحال کردی۔
الیکشن کمیشن نے عادل بازئی کی رکنیت بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں 21 نومبر کا نوٹیفکیشن ختم کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ عادل بازئی مسلم لیگ (ن) لیگ کے بجائے آزاد رکن قومی اسمبلی ہوں گے۔
اس فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے 262 میں ضمنی الیکشن بھی روک دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ الیکشن کمیشن نے اپوزیشن رکن قومی اسمبلی عادل بازئی کے خلاف نااہلی ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا۔
ایم این اے عادل خان بازئی کی نااہلی کے لیے صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فلور کراسنگ کے جرم میں عادل بازئی کو نااہل قرار دے دیا تھا اور انہیں ڈی سیٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے این اے 262 ون کی نشست کو خالی قرار دے دیا تھا۔
عادل بازئی کوئٹہ سے آزاد حیثیت میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، عادل بازئی نے الیکشن میں کامیابی کے بعد پہلے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروایا تھا ، پھر چند روز بعد سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا بیان حلفی جمع کروایا۔
دوران سماعت عادل بازئی کے وکیل نے ن لیگ میں شمولیت کے بیان حلفی کو جعلی قرار دیا تھا۔
نواز شریف نے فنانس بل اور آئینی ترمیم میں ووٹ نہ ڈالنے پر عادل کے خلاف نااہلی کا ریفرنس جمع کروایا تھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا گیا جس میں کہا گیا کہ عادل نے آئینی ترمیم کے موقع پر پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی۔