پشاور: شمالی علاقہ جات میں شدید سردی، کالام میں پارہ منفی 5 تک گرگیا

خیبرپختونخوا میں بھی سردی کی شدید لہر جاری ہے جب کہ ضلع کلام میں پارہ منفی 5 تک گرگیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک ہے جب کہ بالائی اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں رہنے کا امکان ہے، میدانی علاقوں نوشہرہ، مردان ، چارسدہ ، صوابی ، ڈیرہ اسماعیل خان میں رات اور صبح کے دھند موٹرویز اور ہائی ویز میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات  نے بتایا کہ پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ کالام منفی 5، چترال  لوئر، دیر بالا اور پاراچنار منفی 4، تخت بھائی اور دروش لوئر چترال منفی 2 رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مالم جبہ ، سیدو شریف سوات ، کاکول اور تیمرگرہ منفی ایک رسالپور نوشہرہ صفر تک گر گیا۔

مریم نواز نے تعلیم کے شعبے میں بہتری کی بنیاد رکھ دی، 2024ء میں انقلابی اقدامات

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تعلیم کے شعبے میں بہتری کی بنیاد رکھ دی ہے، جس کے تحت  صوبائی حکومت  نے 2024ء میں انقلابی  اقدامات کیے ہیں۔

صوبائی حکومت نے تعلیم کے شعبے میں ہونہار اسکالر شپ،پہلا پبلک اسکول ری آرگنائزیشن، ہائر ایجوکیشن انٹرن شپ، چیف منسٹر اسکول نیوٹریشن، لاہور کنڈرگارٹن اسکول اورہر تحصیل میں گرلز کالجز کے لیے بسیں ،  داخلوں کے لیے بیک ٹو اسکول کمپین، سرکاری اسکولوں میں نئے کلاس رومز، سائنس اورآئی ٹی لیبارٹریز کے قیام سمیت کئی بڑے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔

مریم نواز نے چین کی طرز پر ابتدائی کلاسز میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ایجوکیشن کے لیے پلان طلب کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب میں پہلی مرتبہ ڈویژن، ڈسٹرکٹ اور تحصیل میں ایجوکیشن افسروں کی ٹیسٹ اورانٹرویو کے بعد میرٹ پر تعیناتی کے ساتھ ساتھ نصاب کی تشکیل، ٹیچرز ٹریننگ اوردیگر امور کے لیے ایک ہی اتھارٹی قائم کرنے کے اقدامات  کیے جا رہے ہیں۔

اسی طرح اسکول ایجوکیشن کونسل کی تشکیل نو، لیپ ٹاپ اسکیم، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سولرائزڈ چارجنگ اسٹیشن، نئی یونیورسٹیاں، گرین اسکول پروگرام کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے جب کہ ا سکول ہاکی لیگ اور پاکستان کا سب سے بڑا ’’اسکول اولمپکس‘‘ کروانے، سرکاری اسکولوں میں ”تھییم آف منتھ“متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

صوبے میں 76 گرلز کالجز کے لیے بسوں کے منصوبے میں  پہلے مرحلے میں 19گرلز کالجز کو بسیں مل گئی ہیں۔  پبلک اسکولز ری آرگنائزیشن پروگرام سے 40ارب روپے کی بچت اور  70 ہزار نوجوانوں کے لیے روزگار کا بندوبست کیا گیا ہے۔ پنجاب کے پی ایس آر پی اسکولوں میں 5 ہزار نئے کلاس رومز بنانے کا فیصلہ بھی اقدامات کا حصہ ہے۔

پنجاب  میں ا سکولوں کی آؤٹ سورسنگ سے طلبہ کی تعداد میں کئی سو فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ کا پائلٹ پراجیکٹ  بھی ان ہی اقدامات کا حصہ ہے جب کہ پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ہائر ایجوکیشن انٹرن شپ پروگرام بھی نمایاں ہے۔

پنجاب کے سرکاری کالجوں میں 7354 کالج ٹیچرز انٹرنز کی بھرتی مکمل کی جا چکی ہے، جنہیں 6ماہ تک 50ہزار روپے ماہانہ دیا جائے گا۔

علاوہ ازیں  ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور مظفر گڑھ کے3527 اسکولوں میں 4لاکھ سے زائد طلبہ کے لیے غذائیت سے بھر پور دودھ پیک کا منصوبہ بھی صوبائی حکومت کے اقدامات کا حصہ ہے۔  تعلیمی بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز کے لیے لاکھوں کے انعامات و  تعلیمی اخراجات بھی حکومت ادا کرے گی جب کہ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہونہار اسکالر شپ کو30ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے حکم پر طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیکس بھی دی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید اور پوری ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر بچے کو بہترین اورجدید علوم حاصل کرنے کا پورا حق ہے۔ بچوں کی تعلیم کے لیے وسائل کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ نظام تعلیم میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تبدیلیاں اوربہتری لائیں گے۔

کے پی میں امن کی ذمہ داری گنڈا پور اور ان کے جیل میں بیٹھے لیڈر کی ہے، عظمی بخاری

وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ کے پی میں امن کی ذمہ داری علی امین گنڈا پور اور جیل میں بیٹھے ان کے لیڈر کی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نے پورے خیبرپختونخوا میں احتجاج کیا ہوا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی حکومت 12 سال سے ہے وہ امن کروائیں۔ ہاتھ جوڑ کر کہتی ہوں ناصر عباس صاحب کے پی میں سیکورٹی کی ذمہ داری مریم نواز یا شہباز شریف کی نہیں ہے۔ کے پی میں امن کی ذمہ داری وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور ان کے جیل میں بیٹھے لیڈر کی ہے۔ ناصر عباس جیل جاتے ہیں بانی سے ملاقات کےلئے ان سے کہیں وہ کے پی میں امن کروائیں۔

عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ  ملٹری کورٹ میں کہا گیا ہمارے لوگ نہیں سزا نہ دیں اب کہتے ہمارے لوگ ہیں سزا کیوں دی۔ پہلے فیصلہ کر لیں آپ کے لوگ 9 مئی میں ملوث رہے یا نہیں۔ کیا جن کی ویڈیو آئی وہ جن تھے یا فرشتے۔ جن کی ویڈیوز ہیں ان کو تو سزا ملنی چاہئیے۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ  2024  پنجاب کے عوام کےلئے اچھا ثابت ہوا۔ اسٹاک ایکسچینج میں 1400 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔  پنجاب میں مریم نواز کا حکومتی معاملات چلانے کا سال مکمل ہونے والا ہے۔ 10 ماہ کی کارکردگی بہترین رہی۔  عہدے وسائل سب کے پاس ہیں۔ کے پی میں کرم و پارہ چنار سکیورٹی حالات ٹھیک نہیں ہو رہے۔ بیٹی، بہن اور ماں کی طرح صوبے کی خدمت کی۔ فتنہ سیاست احتجاجوں و حالات خراب کرنے کی سیاست پنجابی پسند نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رمضان پیکج اور رمضان بازار موجود رہے۔ اگلے رمضان کےلیے بھی پروگرام کی تیاری ہے۔ روٹی کی قیمت کم ہوئی 20 کلو آٹے کے تھیلے میں 12 روپے کمی ہوئی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بجلی کی بلوں میں 54 ارب روپے سے 14 روپے سستا یونٹ کردیا۔  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیلڈ اسپتال مفت ادویات ائیر ایمبولینس شروع کی سیاسی یتیموں نے اپنے دور میں ائیر ایمبولینس کی بات کی لیکن کوئی لایا نہیں۔ طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس اور50 ہزار طلبہ کو اسکالر شپس دی گئیں۔

عظمی بخاری نے کہا کہ نیوٹریشن پروگرام جنوبی پنجاب سے شروع کیا اور جھینگے کا منصوبہ شروع کیا گیا پہلے تو اعلانات ہوتے رہے لیکن کوئی کام نہ کر سکا۔ پنجاب میں بنجراراضی کو نوجوانوں کوجھیلنے کیلئے فراہم کریں گے۔ صوبائی حکومت روشن گھرانہ پروگرام ، ماڈل فش مارکیٹ اور اسٹیٹ آف دی آرٹ سبزی منڈی کالا شاہ کاکو کے قریب بنائی جا رہی ہے۔ وزیراعلیں دھی رانی پروگرام کا افتتاح کریں گی۔ دھی رانی پروگرام کے تحت لڑکیوں کو جہیز اور سلامی دیں گے۔ خواجہ سراؤں کےلیے تکنیکی پروگرام جلد شروع کریں گے۔ چھوٹے بچوں کی دل کی سرجریاں شروع ہوچکی ہیں۔ 500 بچوں کی ہارٹ سرجری مکمل ہوگئی ہے۔

خیبر پختونخوا کا قرض بھی وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بڑھا ہے، مشیر اطلاعات

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کے پی حکومت کا قرض بھی وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بڑھا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ عطا تارڑ ہر روز کوئی نہ کوئی ایسی بات کرجاتے ہیں جس سے ان کی نااہلی عیاں ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کل خیبر پختونخوا کی معیشت پر بات کرکے بڑے بڑے معیشت دانوں کی ہنسی نکال دی۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ عطا تارڑ نے وفاقی حکومت کا وائٹ پیپر کاپی کرکے خیبر پختونخوا کے کھاتے میں ڈال دیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے قرضے وفاق کے مقابلے میں اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر بھی نہیں ہیں۔ صوبے کا کل قرضہ 725 ارب روپے ہے جب کہ وفاق ہر مہینے اتنا ہی قرض لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے صرف 2سالہ اقتدار میں پاکستان کا قرضہ 27 ہزار ارب روپے بڑھا ہے۔ خیبر پختونخوا کا قرض بھی وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بڑھا ہے۔ جعلی حکومت کے دور حکومت میں روپے کی قدر کم اور فارن کرنسی کی بڑھی ہے۔

ترجمان کے پی حکومت نے مزید کہا کہ روپے کی قدر کم ہونے کی وجہ سے تقریباً ساڑھے 300 ارب روپے قرضہ بڑھا ہے ورنہ صوبے کا ٹوٹل قرضہ آج 400 ارب روپے ہوتا۔  عطا تارڑ بے چارہ بیک وقت دو نوکریاں کرتا ہے، شہباز اور مریم نواز دونوں کی نااہلیاں چھپاتا پھر رہا ہے۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں صحافیوں کے خلاف کارروائی کی بات بھی مضحکہ خیز ہے۔ صحافی تو اسلام آباد میں محفوظ نہیں  ہیں۔ جعلی حکومت کی فسطائیت کی وجہ سے صحافی باہر ممالک میں مقیم ہیں۔

انہوں نے بیان میں بتایا کہ گزشتہ 9مہینوں میں صحت کارڈ پر 7 لاکھ 80 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج ہوچکا ہے۔ یونیورسٹیوں کا چانسلر وزیر اعلیٰ کو اس لیے بنایا ہے کہ گورنر وائس چانسلرز کی تعیناتی میں روڑے اٹکا رہے تھے۔

صوبائی مشیر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اربوں روپے خرچ کرنے والی بات مریم نواز کی حد تک ٹھیک ہوسکتی ہے، خیبر پختونخوا میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ گزشتہ نگراں حکومت نے سوشل میڈیا کے حوالے سے بہت کوشش کی مگر کچھ ہاتھ نہیں آیا تھا۔

شلپا شیٹھی کی فٹنس اور سدابہار جوانی کا راز کیا ہے؟

بھارتی اداکارہ شلپا شیٹھی زندگی کی 49 بہاریں دیکھنے کے باوجود آج بھی جوان نظر آتی ہیں۔ اداکارہ نے ایک انٹرویو میں اپنی فٹنس کے راز سے پردہ اٹھایا ہے۔

شلپا شیٹھی کی سدا بہار جوانی اور خوبصورتی کا راز یوگا، سخت ورزش کے معمولات اور صحت مند کھانوں میں پوشیدہ ہے، اور وہ ان معمولات پر برسوں سے عمل کررہی ہیں۔

49 سالہ بالی ووڈ اداکارہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ کیسے اپنی پسندیدہ ورزش سے لے کر روزانہ کی خوراک تک میں  اپنی صحت کو برقرار رکھنے کےلیے کیا کچھ کرتی ہیں۔

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ وہ کھانے کی شوقین ہیں لیکن ہمیشہ صحت مند کھانے کو ترجیح دیتی ہیں۔ اپنی بھرپور ڈائٹ کا خیال رکھتے ہوئے ہفتے میں ایک دن ایسا رکھتی ہیں جب وہ کوئی بھی چیز کھا سکتی ہیں جیسے کیک، قلفی، اور گلاب جامن وغیرہ، لیکن باقی دنوں میں وہ صحت مند اور متوازن غذا کے اصول پر عمل کرتی ہیں۔

شلپا نے بتایا ان کے دن کی ابتدا ایلوویرا کے جوس سے ہوتی ہے، جو مدافعتی نظام اور جلد کےلیے بھی بہترین ہے۔ اس کے بعد دلیا اور چائے کا استعمال کرتی ہیں۔ شلپا سفید چینی سے حتی الامکان بچتی ہیں اور صرف براؤن شوگر ہی استعمال کرتی ہیں۔ اداکارہ نے مشورہ دیا کہ ہر سفید چیز کو براؤن سے بدل دیں، چاہے وہ براؤن بریڈ ہو، براؤن رائس ہو یا براؤن شوگر۔

اداکارہ کی روزمرہ کی خوراک متوازن اور غذائیت سے بھرپور ہوتی ہے اور اس میں بہت سادہ کھانے شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وہ بھاپ میں بنا ہوا یا ابلا ہوا کھانا نہیں کھاتیں بلکہ عام کھانا ہی کھاتی ہیں لیکن اسے صحت مند سبزیوں کے تیل یا زیتون کے تیل میں پکاتی ہیں۔

شلپا نے اپنی متوازن غذا کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ دوپہر کے کھانے میں دال چاول چپاتی، چکن کری، اور کوئی ایک سبزی کھاتی ہین۔ اگر شام کو بھوک لگے تو براؤن ٹوسٹ کے ساتھ دو انڈے اور چائے اور رات کے کھانے میں کوشش کرتی ہیں کہ جلدی کھانا کھائیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میں سلاد، سوپ اور ایک چکن کی ڈش کھاتی ہوں۔ میری غذا بہت سادہ ہے اور اس پر عمل کرنا آسان ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ نے بوس و کنار کا سین دانستہ 37 بار ری ٹیک کروایا

بالی ووڈ اداکار کارتک آریان نے ایک انٹرویو میں اس بات کا الزام عائد کیا ہے کہ ساتھی اداکارہ نے ان کے ساتھ بوس و کنار کے سین جان بوجھ کر غلطیاں کیں تاکہ سین ری ٹیک کیا جائے۔

کارتک آریان کا شمار اب بالی ووڈ کے نامور اداکاروں میں ہونے لگا ہے جو کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہونے کے ساتھ ساتھ فلم سازوں کا بھی ’ ہاٹ فیورٹ‘ ہے، مگر اس کے کیریئر کی ابتدا عام سے انداز میں ہوئی تھی۔

انہی ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے ہندی فلموں کے اسٹار نے انکشاف کیا ہے کہ ایک فلم میں ان کی ساتھی اداکارہ نے ان کے ساتھ بوس و کنار کا سین شوٹ کرانے کےلیے 37 بار ری ٹیک کروایا، تب کہیں جاکر سین فائنل ہوا۔

کارتک آریان کے مطابق یہ سبھاش گھئی کی فلم ’’کانچی‘‘ تھی جو 2014 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم میں رشی کپور اور متھن چکرورتی جیسے سینئراداکار بھی شامل تھے۔ اس رومانوی فلم میں کارتک آریان کے مقابل مرکزی اداکارہ مشٹی چکرورتی کے ساتھ بوس و کنار کا ایک سین تھا۔

کارتک آریان نے انکشاف کیا یہ سین 37 مرتبہ ری ٹیک کروانے کے بعد ’اوکے‘ ہوا تھا۔ بالی ووڈ اسٹار نے دعویٰ کیا کہ مشٹی چکرورتی اس سین کے شوٹ کے دوران جان بوجھ کر غلطیاں کررہی تھیں، تاکہ سین ری شوٹ ہو۔ یوں تین درجن ری ٹیک کے بعد بوس و کنار کا یہ سین اوکے ہوسکا۔

کسٹمز نے ای ایف ایس اسکیم کا 2 ارب 40 کروڑ روپے کا جعلی اسکینڈل پکڑلیا

کسٹمز پوسٹ کلئیرنس آڈٹ نے ای ایف ایس اسکیم کا 2 ارب 40 کروڑ روپے کا جعلی اسکینڈل پکڑ لیا۔

ڈائریکٹر کسٹمز پی سی اے شیراز احمد کے مطابق جعلساز کمپنی نے 36 کروڑ90 لاکھ، 22 کروڑ 20 لاکھ اور 9 کروڑ 10 لاکھ روپے  کے کلنکر امپورٹ کیے۔

کمپنی کے گودام میں 3ارب 30 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا 3 لاکھ 95 ہزار ٹن مالیت کا کلنکر غائب ہے، جعلساز کمپنی کے تافتان اور گوادرڈرائی پورٹس پر امپورٹ اسٹاک کے شواہد نہیں ملے۔

کسٹم حکام کے مطابق کوئٹہ کی قاضی سنجرانی انٹرپرائزز لمیٹڈ کیخلاف 32 اے کے تحت ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کا آغاز کردیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں۔

اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کیساتھ کاروبار کا آغاز، انڈیکس کی 2 سطحیں بحال

اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری دن کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں انڈیکس کی 2 سطحیں بحال ہو گئیں۔

پیر کے روز بازارِ حصص میں مارکیٹ کا آغاز 894 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے ساتھ ہی کے ایس ای 100 انڈیکس کی ایک لاکھ 12 ہزار پوائنٹس کی سطح  بحال ہو گئی اور انڈیکس 112245 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

بعد ازاں مارکیٹ میں تیزی کا رجحان جاری رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 1613 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 112964 پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا، جس کے کچھ ہی دیر بعد 1929 پوائنٹس کی تیزی  ریکارڈ ہوئی اور انڈیکس کی ایک لاکھ 13 ہزار پوائنٹس کی سطح بھی بحال ہو گئی، جس سے 100 انڈیکس بڑھ کر 113280 پوائنٹس کی سطح کو چھو گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان تھا اور 100 انڈیکس ایک لاکھ 11 ہزار پوائنٹس کی سطح بحال ہونے کے بعد بند ہوا تھا۔

میلبرن ٹیسٹ: آسٹریلیا نے بھارت کو 184 رنز سے شکست دیکر سیریز میں2-1 کی برتری حاصل کرلی

آسٹریلیا نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے 5ویں روز بھارت کو 184 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔

5 ٹیسٹ میچوں کی بارڈر گواسکر ٹرافی سریز کے چوتھے ٹیسٹ کے پانچویں روز بھارت کی ٹیم 340 رنز کے ہدف کے جواب میں 155 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بھارت کے 9 کھلاڑی ڈبل فگرز میں ہی نہ جا سکے۔

بھارت کے یشسوی جیسوال84اور رشبھ پنت 30 رنز بنا کر آوٹ ہوئے،  کینگروز کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ نے 3،3، وکٹیں سمیٹیں جب کہ اسپنر نیتھن لوئن نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

ان کے علاوہ مچل اسٹارک اور ٹریوس ہیڈ کو ایک ایک وکٹ ملی، آسٹریلوی بولرز نے بھارت کی آخری سات وکٹیں محض 34 رنز کےاضافے سے گرا دیں،  انڈیا کے 121 رنز پر 3 کھلاڑی آوٹ تھے۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو دونوں اننگز میں 3، 3، وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

فتح کے ساتھ کینگروز نے 5 ٹیسٹ میچوں کی بارڈر گواسکر ٹرافی سریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی۔

اس شکست کا مطلب ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی بھارت کی امیدیں تقریبا دم توڑ گئیں، لیکن سڈنی میں فتح کے ساتھ  سیریزکو برابر کرکے وہ بارڈر-گاوسکر ٹرافی کو اپنے پاس  برقرار رکھ سکتا ہے۔

آسٹریلیا کو فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے سڈنی ٹیسٹ جیتنا یا ڈرا کرناہوگا، بھارت کے پاس ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں صرف ایک جب کہ آسٹریلیا کے پاس 3 میچ باقی ہیں،
آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

آسٹریلیا آخری ٹیسٹ میں جیت کے ساتھ 3-1 کے مارجن سے سیریز جیت کر ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے ساتھ اپنی جگہ  پکی کرلے گا جب کہ پروٹیز پہلے ہی پاکستان کو شکست دے کر فانئل کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری چوتھے ٹیسٹ میچ میں حاضری کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا جس کے دوران 5 روز میں  میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں 3 لاکھ 50 ہزار 700 سے زیادہ شائقین میدان میں آئے۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل 1937 میں  3 لاکھ 50 ہزار 534 کرکٹ شائقین نے میدان کا رخ کیا تھا۔

میلبرن ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے دی

میلبرن ٹیسٹ میچ  میں آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے دی۔

اس شکست کے بعد بھارت کے ٹیسٹ چیمپئن شپ کھیلنے کے خواب بھی چکنا چور ہوگئے۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری چوتھے ٹیسٹ میچ میں حاضری کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا جس کے دوران 5 روز میں  میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں 3 لاکھ 50 ہزار 700 سے زیادہ شائقین میدان میں آئے۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل 1937 میں  3 لاکھ 50 ہزار 534 کرکٹ شائقین نے میدان کا رخ کیا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے اس بات کی تصدیق کی کہ میچ کے 5ویں دن پہلے سیشن کو دیکھنے کے لیے 51 ہزار 371 میدان میں آچکے ہیں جب کہ مزید شائقین کی آمد متوقع ہے۔

اتنی بڑی تعداد میں شائقین کی آمد کا مطلب یہ ہے کہ 2024 کے ایم سی جی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کو اس میچ سے زیادہ لوگوں نے دیکھا جو سر ڈونلڈ بریڈمین کی قیادت میں آسٹریلیا نے اس گراؤنڈ پر جنوری 1937 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا جو 6 دنوں تک جاری رہا تھا۔

اس ٹیسٹ میچ کے لیے شائقین کی آمد بالکل غیر معمولی رہی ہے جس کی روزانہ کی تعداد بالترتیب87 ہزار، 85 ہزار، 83 ہزار، 43 ہزار اور 51 ہزار  سے زیادہ رہی۔

ایم سی جی میں شائقین کی ریکارڈ تعداد 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان کا میچ دیکھنے آئی تھی، اس میچ کو 90 ہزار 293 شائقین نے دیکھا تھا جب کہ اس کے علاوہ بھارت اور زمبابوے کے میچ کو دیکھنے کے لیے 82 ہزار 507 لوگوں نے گراؤنڈ کا رخ کیا تھا۔