اکتوبر تک وفاقی حکومت کے قرضوں میں 3919 ارب روپے اضافہ

رواں سال اکتوبر تک وفاقی حکومت کے قرضوں میں 3919ارب روپے کا مجموعی اضافہ ہوا، اس دوران بیرونی قرضوں میں کمی دیکھی گئی۔

اسٹیٹ بینک کی دستاویز کے مطابق اکتوبر تک وفاقی حکومت کے مقامی قرضوں میں 4632 ارب روپے کا اضافہ جبکہ بیرونی قرضوں میں 710 ارب روپے کمی ہوئی۔

اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر تک وفاقی حکومت کے قرضہ جات کا حجم 69114 ارب روپے رہا، اس میں47231 ارب روپے کا مقامی، 21884ارب روپے کا بیرونی قرضہ شامل ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر 2023 میں وفاقی حکومت کے قرضوں کاحجم 65195 ارب روپے تھا جس میں42595 ارب کے مقامی، 22600 ارب روپے کے بیرونی قرضے شامل تھے۔

توشہ خانہ 2؛ عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے 100 سے زائد تحائف کی فہرست عدالت میں پیش

توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت کے لیے عمران  خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل پہنچ گئیں۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ خان ارجمند کے روبرو اڈیالہ جیل میں ہوگی، جس میں پراسیکیوشن کی جانب سے مزید گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرائے جائیں گے۔

دورانِ سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھی عدالت میں پیش کیا جائے گا جب کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی عدالت میں حاضری کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ چکی ہیں۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ 2 کیس ٹرائل میں اب تک 2گواہوں کے بیانات قلمبند ہوچکے ہیں جب کہ گزشتہ سماعت پر وکلائے  صفائی کی عدم حاضری کے باعث بغیر کارروائی سماعت ملتوی ہوگئی تھی۔

آج کی سماعت میں بشریٰ بی بی، بیرسٹر سلمان اکرم راجا اور پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اڈیالہ جیل پہنچ چکے ہیں۔

گداگری کیلیے سعودی عرب جانے کی کوشش کرنے والی خواتین گرفتار

ایف آئی اے امیگریشن نے گداگری کے لیے سعودی عرب جانے کی کوشش کرنے والی 2 خواتین کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر گرفتار خواتین کی شناخت عیشا دیوی اور نیشو دیوی کے نام سے ہوئی۔ گرفتار خواتین وزٹ ویزے پر سعودی عرب جا رہی تھیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق خواتین بھیک مانگنے سعودی عرب جا رہی تھیں۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملزمہ عیشا دیوی کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا۔ ملزمہ اس سے قبل بھی سعودی عرب میں بھیک مانگنے میں ملوث رہی ہے۔ سعودی پولیس نے بھیک مانگنے پر ملزمہ کو گرفتارکر کے ڈیپورٹ کیا تھا۔ ملزمہ نیشو کماری سعودی عرب جانے کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کرسکی۔

ملزمہ کے پاس سفری اخراجات کے حوالے سے بھی رقوم موجود نہ تھی۔ گرفتار ملزمان کا تعلق کراچی سے ہے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔مزید تفتیش جاری ہے۔

پاکستان اور کینیا کے درمیان دواسازی سمیت کئی شعبوں میں تجارت بڑھانے پر بات چیت

پاکستان اور کینیا کے درمیان دواسازی سمیت کئی شعبوں میں تجارت  بڑھانے  کے امکانات پر بات چیت ہوئی ہے۔

دونوں ملکوں کی تجارتی شراکت داری کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے بین الاوقوامی تجارتی تعلقات مستحکم کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اسی سلسلے میں پاکستان اور کینیا کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے باہمی تعاون پر بات چیت کی جا رہی ہے۔

فری ٹریڈ ایگریمنٹ دونوں ممالک کے لیے معاشی استحکام، ترقی اور عالمی منڈیوں میں بہتر مقام حاصل کرنے کا ذریعہ ہے، جس کا مقصد عالمی تجارتی تعلقات کا فروغ، قیمتوں میں کمی، صنعتوں کی ترقی اور کاروباری مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔

 پاکستان کی جانب سے کینیا کو پنک سالٹ، ماربل اور سیمنٹ کی برآمد  کرنے کے امکانات سرفہرست ہیں۔ اس کے ساتھ ہی دوا سازی کے شعبے میں بھی  دوطرفہ تجارت بڑھانے کے امکانات پر بات چیت کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے پاکستان کو وسطی ایشیا اور مشرقی افریقا کے درمیان تجارتی روابط کا اہم مرکز قرار دیا ہے۔ ایس آئی ایف سی کی کارگر پالیسیوں اور حکومتی کاوشوں کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے لیے راہیں ہموار  کی جا رہی ہیں۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک موسم کا سلسلہ جاری، سردی کی شدت میں اضافہ

لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک موسم کا سلسلہ جاری ہے جب کہ صوبے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ خشک موسم کے باعث  سردی کی شدت بڑھ گئی، پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند کا راج بھی برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات  کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 5 اور زیادہ سے زیادہ 15 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں جب کہ ائندہ 2 سے 3 روز تک موسم خشک اور سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہراورگردونواح کے علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں،
شہراورمضافات میں حدنگاہ 50 میٹرتک رہ گئی جب کہ سردی کی شدت میں بھی مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 5.5 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا
ملتان اورگردونواح میں فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں۔

امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان کے ساتھ شرمناک واقعات پیش آنے کا انکشاف

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے اپنے اور شاہ رخ خان کے ساتھ تضحیک آمیز سلوک کا انکشاف کیا ہے۔

امیتابھ بچن نے کون بنے گا کروڑ پتی 16 کی نئی قسط میں مزاحیہ انداز سے اپنی تضحیک کا شرمناک واقعہ بیان کیا اور بتایا کہ ایک بار سیکیورٹی نے اُن کے ساتھ برا سلوک کیا تھا۔

اداکار نے بتایا کہ’’میں 80 کی دہائی کی بات کر رہا ہوں جب ہم نے پہلی بار اسٹیج شو کرنا شروع کیا تھا، میرا سفر امریکا میں ایک شو سے شروع ہوا، اور یہ اتنا ہٹ ہوا کہ اس نے سامعین میں بہت جوش پیدا کیا‘‘۔

انہوں نے بتایا کہ بعد میں جب میں شکاگو میں پرفارم کرنے والا تھا تو منتظمین نے مشورہ دیا کہ چونکہ یہ شو بہت مقبول ہو چکا ہے اس لیے مجھے اسٹیج سے نہیں آنا چاہیے۔ اس کے بجائے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ میں سامعین کے درمیان سے گزروں، اور وہ وہاں سے میرے اندر داخل ہونے کے لیے ایک گیٹ لگائیں گے۔ چنانچہ جب میں پرفارمنس کے لیے گیٹ تک پہنچا تو پولیس نے روک دیا۔

امیتابھ کے مطابق سیکیورٹی گارڈ نے کاہ کہ ’’تم اندر نہیں جاسکتے، جس پر میں نے اپنا تعارف کرایا اور بتایا کہ میں ہی وہ اداکار ہوں جس کی وجہ سے یہ سب انتظام کیا گیا ہے‘‘۔

امیتابھ نے مزید کہا کہ ’’شاہ رخ خان نے بھی ایک بار میرے ساتھ ایسا ہی تجربہ شیئر کیا تھا۔ دہلی میں ایک شو کے دوران جب ان کی مقبولیت اپنے عروج پر تھی‘‘۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے بگ بی نے کہا کہ یہ پروگرام خاص طور پر شاہ رخ کے لیے منعقد کیا جا رہا تھا۔ اسے پہنچنے میں دیر ہو گئی تھی اور جب اس نے اندر جانے کی کوشش کی تو پولیس نے اسے روک دیا۔

اس پر شاہ رخ نے اپنا تعارف کرایا تو پولیس افسر نے جواب دیا کہ اگر شاہ رخ خان ہو تو اندر جاسکتے ہو مگر ابھی اندر نہیں جانے دوں گا۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں شائقین کی آمد کا 87 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری چوتھے ٹیسٹ میچ میں حاضری کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا جس کے دوران 5 روز میں  میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں 3 لاکھ 50 ہزار 700 سے زیادہ شائقین میدان میں آئے۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان جاری چوتھے ٹیسٹ میچ میں حاضری کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہو گیا جس کے دوران 5 روز میں  میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں 3 لاکھ 50 ہزار 700 سے زیادہ شائقین میدان میں آئے۔

معروف اسپورٹس ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل 1937 میں  3 لاکھ 50 ہزار 534 کرکٹ شائقین نے میدان کا رخ کیا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا نے اس بات کی تصدیق کی کہ میچ کے 5ویں دن پہلے سیشن کو دیکھنے کے لیے 51 ہزار 371 میدان میں آچکے ہیں  جب کہ مزید شائقین کی آمد متوقع ہے۔

اتنی بڑی تعداد میں شائقین کی آمد کا مطلب یہ ہے کہ 2024 کے ایم سی جی باکسنگ ڈے ٹیسٹ کو اس میچ سے زیادہ لوگوں نے دیکھا جو سر ڈونلڈ بریڈمین کی قیادت میں آسٹریلیا نے اس گراؤنڈ جنوری 1937 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا جو 6 دنوں تک کھیلا گیا تھا۔

اس ٹیسٹ میچ کے لیے شائقین کی آمد بالکل غیر معمولی رہی ہے جس کی روزانہ کی تعداد بالترتیب87 ہزار، 85 ہزار، 83 ہزار، 43 ہزار اور 51 ہزار  سے زیادہ رہی۔

ایم سی جی میں شائقین کی ریکارڈ تعداد 2022 کے ٹی 20  ورلڈ کپ میں بھارت اور پاکستان کا میچ دیکھنے آئی تھی، اس میچ کو 90 ہزار 293 شائقین نے دیکھا تھا جب کہ اس کے علاوہ بھارت اور زمبابوے کے میچ کو دیکھنے کے لیے 82 ہزار 507 لوگوں نے گراؤنڈ کا رخ کیا تھا۔

انسداد اسمگلنگ کارروائیوں میں ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد

ملک میں انسداد اسمگلنگ کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق مختلف شہروں میں منشیات کی خرید و فروخت اور اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران 8  مختلف کارروائیوں میں 5 ملزمان  کو گرفتار کرکے ایک کروڑ 61 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی  1478.494 کلوگرام منشیات برآمد کرلی گئی۔

فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے بیگ سے 498 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی۔ اُدھر بلوچستان میں پشین کے پہاڑی علاقے سرانان سے 1452 کلو گرام چرس برآمد ہوئی جب کہ مغربی بائی پاس کوئٹہ میں خیزی چوک کے قریب  گاڑی سے 20 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

رِنگ روڈ پشاور کے قریب ملزم کے بیگ سے سولر پمپس  میں چھپائی گئی 4.8 کلو گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ اُدھر لاہور میں واقع کارگو آفس میں اسلام آباد سے کراچی بھیجے جانے والے پارسل سے 61 گرام کوکین برآمد ہوئی جب کہ ایک اور کوریئر آفس میں 2 کارروائیوں میں پارسلز سے 525 گرام وزنی 620 عدد نشہ آور ایکسٹیسی گولیاں برآمد کی گئیں۔ یہ پارسلز  لکی مروت سے بہاولپور اور لاہور بھیجے جانے تھے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں  ٹیپو سلطان روڈ کے قریب 2موٹرسائیکل سواروں کے قبضے سے 610 گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔

اے این ایف حکام نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

کرم تنازع پر عمومی اتفاق رائے، ایک فریق نے دو روز کا وقت مانگ لیا

حکومت خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم تنازع کے حل کے لیے جرگہ رات گئے تک جاری رہا جس میں دونوں فریقین کے درمیان عمومی طور پر اتفاقِ رائے ہو چکا تاہم صرف چند نکات پر مشاورت کے لیے ایک فریق نے 2 دن کا وقفہ مانگا ہے۔

پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کوہاٹ میں کرم تنازعے کے حل کے لیے جرگہ رات گئے تک جاری رہا، دونوں فریقین کے درمیان عمومی طور پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، صرف چند نکات پر ایک فریق نے مشاورت کے لیے دو دن کا وقفہ مانگا ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اہلسنت نے اپنے عمائدین اور عوام سے مشاورت کے لیے دو دن کا وقت مانگا ہے، جرگے نے باہمی مشاورت کے بعد دو دن کا وقت دے دیا ہے، دو دن کے وقفے کے بعد جرگہ منگل کو دوبارہ شروع ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جرگے میں تمام بڑے نکات پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، مشاورت مکمل ہونے کے بعد معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق بنکرز اور اسلحہ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

مشیر اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت ایک صدی سے زائد پرانے تنازعے کے مستقل اور پائیدار حل کے لئے پرعزم ہے، وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور گرینڈ جرگے کی کوششوں سے تنازعہ حل ہونے کے قریب ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ کمشنر کوہاٹ سمیت پوری انتظامیہ خلوصِ نیت کے ساتھ تنازعے کے خاتمے اور مستقل امن کے لیے کوششیں کر رہی ہے، وزیرِ اعلیٰ نے امدادی کارروائیوں کے لیے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کر دیا ہے، ادویات پہنچانے سمیت عوام کو فضائی سروس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

مودی سرکار کی ظالمانہ پالیسیوں کیخلاف کسان سراپا احتجاج، دہلی چلو، ریل روکو کے بعد پنجاب بند

بھارت میں مودی سرکار کی کسان دشمن پالیسیوں کے کے خلاف کسانوں کا ملک گیر احتجاج جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاستوں ہریانہ اور پنجاب کے کسانوں کی حقوق کے لئے جدوجہد جاری ہے۔ کسان یونینز اور حکومت کے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد دہلی چلو تحریک ریل روکو تحریک میں تبدیل ہوئی  اورآج پنجاب بند کی کال دی گئی ہے۔ پنجاب بند کی کال کسان مزدور مورجہ اور کسان سنگٹھن مورچہ کی جانب سے  جگجیت سنگھ ڈالےوال کے حق میں دی گئی ہے جو ایک ماہ سے زائد عرصے سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔

پنجاب میں آج تمام صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک مکمل ہڑتال ہے۔تمام سڑکیں بلاک ہیں۔ بازار اور کاروباری مراکز بند ہیں اور سڑکوں سے ٹریفک غائب ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے سیکورٹی سخت کردی گئی ہے اور اہم جگہوں پر فورسز کے اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ کسانوں نے ٹول پلازہ پر دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی اور گرونانک یونیورسٹی نے ہڑتال کی کال کے باعث امتحانات ملتوی کردئیے ہیں۔

پنجاب بند کی کال حمایت میں منڈیوں میں پھل اور سبزیوں کی فراہمی بند ہوگی، دودھ فروش بھی سڑکوں پر نہیں آئیں گے۔ نجی اور عوامی بسیں سڑکوں پر نہیں چلیں گی کیونکہ کسان یونینوں نے 200 مقامات پرپہیہ جام اور 50 مقامات پر ریلوے پٹریاں بلاک کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کسان تنظیموں کی جانب سے 13 زرعی اصلاحات کے نفاذ کا مطالبہ کیا جارہا ہے جن میں تمام فصلوں کے لیے قانونی ضمانت بھی شامل ہے۔