مارشل لا لگانے پر جنوبی کوریا کے سابق صدر کی گرفتاری کا امکان

جنوبی کوریا کے سابق  صدریون سک یول کے خلاف تحقیقات کرنے والی ٹیم نے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست کردی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کے معزول صدر یون سک یون کے خلاف تحقیقات کرنے والے ادارے جوائنٹ انویسٹیگیشن ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں مختصر مدت کے لیے مارشل لا لگانے پر سابق صدر یون سک کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔

کرپشن انویسٹیگیشن افسروں، پولیس ارو وزارت دفاع کے اعلی افسران پر مشتمل جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم کا کہنا ہے کہ سابق صدر نے تحقیقات کے لیے ٹیم کے سامنے پیش ہونے کے لیے جاری کیے نوٹسز کو نظر انداز کیا اور پیش نہیں ہوئے۔

سابق صدریون سک یون کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ عدالت کرے گی۔ اگر یون سک یون کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تو وہ جنوبی کوریا کے گرفتار ہونے والے پہلے صدر بن جائیں گے۔ صدریون نے ملک میں مختصر مدت کے لیے مارشل لان نافذ کیا تھا جس کے خلاف لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے تھے اورمجبورا صدر کو مارشل لا لگانے کا فیصلہ واپس لینا پڑا تھا۔ صدر یون کو مواخذے کی تحریک کے ذریعے منصب سے ہٹایا گیا تھا۔

پنجاب میں دُھند کا راج، موٹر وے اور قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا

پنجاب میں گزشتہ کئی روز سے جاری دُھند آج بھی برقرار رہی جس کی وجہ سے موٹر وے کے مختلف سیکشنز اور قومی شاہراہ کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔

موٹر وے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق پنجاب کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث لاہور، اسلام آباد، ملتان اور دیگر شہروں کو جانے والی اہم موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

لاہور اسلام آباد موٹروے (ایم 2)، لاہور عبدالحکیم موٹروے (ایم 3)، پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک موٹروے (ایم 4)، اور ملتان سے روہڑی تک موٹروے (ایم 5) کو دھند کی شدت کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔

دھند کی وجہ سے لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی بند کر دی گئی ہے۔ قومی شاہراہوں پر ٹھوکر، موہلنوال، مانگامنڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، میاں چنوں، چیچہ وطنی، خانیوال اور ملتان میں بھی شدید دھند کے باعث ٹریفک کی صورتحال مشکلات کا شکار ہے۔

اس کے علاوہ، لودہراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی دھند کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے دھند کے موسم میں موٹرویز کو بند کیا جاتا ہے۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں، کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کم ہوتی ہے اور یہ بہترین سفری اوقات ہیں۔

ڈرائیورز کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دھند کے دوران اپنی گاڑیوں میں آگے اور پیچھے دھند والی فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

ترجمان موٹروے پولیس نے مزید کہا کہ غیر ضروری سفر سے گریز کرنا چاہیے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اختتامی لمحات میں جنوبی افریقی کپتان باووما ٹوائلٹ میں چھپ گئے

پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے اختتامی لمحات میں جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما ٹوائلٹ میں چھپ کر بیٹھ گئے۔

میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں باووما نے کہا کہ لنچ بریک کے دوران زیادہ بات چیت نہیں ہوئی تھی، ہم سب صورتحال کی وجہ سے کافی پریشان تھے، پوری ٹیم نروس تھی، اس صورتحال میں، میں ٹوائلٹ میں چھپ کر بیٹھ گیا تھا۔

یاد رہے کہ اتوار کو لنچ بریک سے قبل یکے بعد دیگر وکٹیں گرنے سے جنوبی افریقی ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی تھی تاہم وقفے نے وکٹ پر موجود بیٹرز کو سنبھلنے کا موقع دیا اور انھوں نے باقی رنز بناکر ٹیم کو 2 وکٹ سے فتح دلادی۔

شان مسعود کو ٹیم کی متواتر غلطیاں کھٹکنے لگیں

شان مسعود پھر ٹیم کی غلطیوں کا رونا رونے لگے، جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد کپتان کہتے ہیں کہ ہم بدستور ایک ہی جیسی غلطیاں دہرا رہے ہیں، ہمیں تھوڑی اور محنت سے میچ کو اپنے حق میں فنش کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم کو بھرپور فائٹ کے باوجود 2 وکٹ سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، جس کے بعد کپتان شان مسعود نے ایک بار پھر ٹیم کی غلطیوں کا رونا رونا شروع کردیا ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ہم بدستور ایک ہی جیسی غلطیاں دہرا رہے ہیں، ہمیں ان پر قابو پانے کی ضرورت ہے، میچ کے دوران ایسے لمحات آئے جس میں اضافی کوشش کی ضرورت تھی۔

ہمیں میچز کو اپنے حق میں فنش کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں زیادہ محنت کی ضرورت ہے، محمد عباس نے دوسری اننگز میں جس طرح کی بولنگ کی اسی کی ہمیں ضرورت ہے، سعود شکیل نے عمدہ پرفارم کیا، اگر وہ مزید بیٹرز کے ساتھ بیٹنگ کرتے تو اپنی سنچری بھی مکمل کرلیتے۔

اس طرح کی پرفارمنسز آپ کو میچز جتواتی ہیں مگر بدقسمتی سے ہم یہ لائن عبور نہیں کرپائے۔ شان مسعود کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ سے پہلے ٹیسٹ میں بہرحال ہمیں اپنی کوشش پر فخر ہے لیکن ہمیں مزید بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا۔

ہم ان کنڈیشنز میں اچھا پرفارم کررہے ہیں، ہمیں پہلی اننگز میں اپنا اسکور بہتر بنانا چاہیے تھا، پہلا گھنٹہ بہت چیلنجنگ تھا، میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھا اور پھر 3 وکٹیں جلد ہی گرگئیں، کامران غلام اور رضوان یکے بعد دیگر آؤٹ ہوئے اور پھر اسی طرح عامر جمال اور سلمان آغا بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔

ہم نے 2 مرتبہ ان کی 8 وکٹیں اڑائیں مگر جو دباؤ بڑھایا اس کو برقرار رکھنا چاہیے تھا، ہمیں اپنی ان غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے انتہائی جذباتی لمحہ ہے، یہ میچ ٹیسٹ کرکٹ کی بہترین تشہیر اور پوری ٹیم اس کامیابی پر خوش ہے۔

2024 نے گرم ترین سال ہونے کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری اضافہ

سال 2024 نے گرم ترین سال ہونے کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔

اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ میٹرولو جیکل آرگنائزیشن کی موسم ،آب وہوا اور آبی وسائل سے متعلق رپورٹ کے مطابق سال 2024 نے گرم ترین سال ہونے کے ریکارڈ توڑ دیے، اس سال درجہ حرارت میں ایک اعشاریہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ہوا۔

دی کلائمٹ ایکشن مانیٹر 2024 کی رپورٹ کے مطابق 2024 نے دنیا بھر میں درجہ حرارت کے لحاظ سے 15 ریکارڈ توڑے جس کے پوری دنیا میں اثرات مرتب ہوئے، جنوبی افریقہ میں فروری کو صدی کا خشک ترین ماہ قرار دیا گیا۔

برطانیہ میں نمی کے تناسب نے گزشتہ دو صدیوں کا ریکارڈ توڑ دیا، وسطی یورپ میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے ہونے والے نقصان نے 300 برس میں ہونے والے نقصان کی حد پار کی۔

کینیڈا میں 2024 جنگل کی آگ تباہ کن رہی، چین میں رواں سال جولائی کا ماہ 1961 کے بعد گرم ترین رہا۔

موسمیاتی تبدیلی نے انسانی بنیادی ڈھانچے کو 2024 میں تشویشناک حد تک متاثر کیا۔

امریکا میں بے گھر افراد میں ڈرامائی اضافہ، وجوہات کیا ہیں؟

امریکا میں بے گھر افراد میں ڈرامائی اضافہ، وجوہات کیا ہیں؟ امریکا میں اس سال بے گھر افراد کی شرح میں 18.1 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جس کی کئی وجوہات میں مناسب قیمت پر رہائش کی عدم دستیابی بھی شامل ہے۔

وفاقی حکام کے مطابق بے گھر افراد میں رواں سال ڈرامائی اضافے کے پیچھے تباہ کن قدرتی آفات اور ملک کے کئی حصوں میں بہت سے تارکین وطن کی آمد بھی ہے۔

یو ایس ڈپارٹمنٹ آف ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ نے گزشتہ روز کہا کہ جنوری میں ملک بھر میں وفاقی طور پر لیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق 7 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر تھے۔

اس تعداد میں وہ لوگ شامل نہیں ہیں جو دوستوں یا خاندان کے ساتھ اس لیے رہتے ہیں کیونکہ ان کے پاس سر چھپانے کی اپنی کوئی جگہ نہیں ہے۔

 قبل ازیں سال 2023 میں بے گھر افراد کی تعداد میں 12 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

ادارہ برائے رہائش اور شہری ترقی نے اس اضافے کا سبب کرایوں اور وبائی بیماری کے لیے دی جانے والی امداد کے خاتمے کو قرار دیا تھا۔

پچھلے سال اس اضافے کا سبب پہلی بار بے گھر ہونے والے افراد بھی تھے۔ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو بے گھر لوگوں کی تعداد کا مطلب یہ ہے کہ امریکا میں ہر 10,000 میں سے 23 لوگ بے گھر ہیں۔

بے گھر افراد میں سیاہ فاموں کا تناسب زیادہ ہے۔  ادارے کی سربراہ ایڈریان ٹوڈمین نے ایک بیان میں کہا کہ کسی بھی امریکی کو بے گھر نہیں ہونا چاہیے۔

2024 پاک امریکا تعلقات کے لیے نتیجہ خیز سال قرار

امریکی سفارت خانے نے 2024 کو پاک- امریکا تعلقات کے لیے نتیجہ خیز سال قرار دیا ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ 2024  میں امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت میں وسعت آئی۔

رواں برس کے 10 ماہ میں دوطرفہ تجارت 6.3 ارب ڈالر رہی۔ پاکستان میں غذائی تحفظ کے لیے تجارتی تعاون جاری رہے گا۔

2024 میں 80 امریکی کمپنیوں نے 120 ہزار پاکستانیوں کر براہ راست ملازمتیں دیں۔

امریکی سفارتخانے کے بیان کے مطابق منگلا، تربیلا اور دیگر ڈیمز کے امریکی فنڈز سے اپ گریڈ ہونے سے پاکستان کی توانائی کی صلاحیت بھی بڑھی۔

اڑان پاکستان پروگرام، 2029 تک 60 ارب ڈالر برآمدات کا ہدف

وزیراعظم شہباز شریف کل31 دسمبر کو اْڑان پاکستان پروگرام کا اعلان کرینگے۔ وزارت منصوبہ بندی کے مطابق اڑان پاکستان 5 سال کا قومی اقتصادی پلان ہے جو 2024 سے 2029 تک محیط ہو گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت اس پروگرام کے تحت 2029 تک برآمدات کو سالانہ 60 ارب ڈالرز تک بڑھائے گی اور پروگرام کے تحت سالانہ آئی ٹی گریجوایٹس کی تعداد میں ہزاروں کا اضافہ کیا جائے گا۔

اْڑان پاکستان کا مقصد پاکستان کو 2035 تک 1000 ارب ڈالر معیشت کی بنیاد فراہم کرنا ہے اور اس پروگرام کے تحت شرح خواندگی کو فروغ دیا جائے گا، غربت میں کمی لائی جائے گی۔

آئی ٹی برآمدات کو اڑان پاکستان پروگرام میں خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔

سال 2024، ترسیلات میں 31 فیصد اضافہ، 21.05 ارب ڈالر ہو گئیں

رواں سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران اوورسیز پاکستانیوں نے 21.05 ارب ڈالر ارسال کیے جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں موصول ترسیلات زر سے31 فیصد زائد ہے۔

 اعدادوشمار کے مطابق سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ 7.29 ارب ڈالر ارسال کئے جوکہ گزشتہ سال کی اسی مدت سے38.7 فیصد زیادہ ہے۔

متحدہ عرب امارات سے 6.15 ارب ڈالر ملے جوکہ گزشتہ کی اسی مدت سے 55 فیصد زائد ہیں، برطانیہ سے4.71 ارب ڈالر، یورپی یونین کے ممالک سے3.61 ارب ڈالر،امریکا سے 3.44 ارب ڈالر ارسال کیے گئے۔

سعودیہ اور یو اے ای کے علاوہ دیگر خلیجی ملکوں سے 3.17 ارب ڈالر موصول ہوئے۔

مسجد نبوی، زائرین کی آمد کا ڈیٹا جاری، کتنے پاکستانیوں نے روضہ رسولﷺ پر حاضری دی؟

مسجد نبویؐ کی انتظامیہ نے روضہ رسول ﷺ کی حاضری دینے والے دنیا بھر کے زائرین کی آمد کا حالیہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں،

اعداد و شمار کے مطابق اسلامی سال کے پہلے تین ماہ میں دنیا بھر سے 14 لاکھ 86 ہزار 880 سے زائد زائرین نے مسجد نبویؐ اور روضہ رسولؐ پر حاضری دی۔

ان میں سب سے زیادہ تعداد انڈونیشیا سے آئی، جہاں سے 4 لاکھ 49 ہزار 696 زائرین نے عمرہ کی ادائیگی کے لیے مسجد نبویؐ کا سفر کیا۔

پاکستان سے 2 لاکھ 87 ہزار 793 زائرین نے مسجد نبویؐ میں حاضری دی، جبکہ بھارت سے ایک لاکھ 79 ہزار 52، عراق سے ایک لاکھ 22 ہزار 557 اور بنگلہ دیش سے 76 ہزار 940 زائرین بھی مسجد نبویؐ پہنچے۔

اس سال کے عمرہ سیزن کے دوران ان زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

مسجد نبویؐ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین کی صحت اور سلامتی کے انتظامات کو مکمل طور پر یقینی بنایا گیا ہے تاکہ وہ آرام دہ اور محفوظ ماحول میں اپنی عبادات ادا کر سکیں۔

انتظامیہ نے اس بات پر زور دیا کہ ان انتظامات میں مسجد نبویؐ کی طرف آنے والے زائرین کی بہتر رہنمائی اور سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔

یہ اقدام اسلامی دنیا کے مختلف خطوں سے آنے والے لاکھوں زائرین کے لیے اہمیت رکھتا ہے، تاکہ وہ اپنے روحانی سفر کو بہتر انداز میں مکمل کر سکیں اور مسجد نبویؐ کی برکتوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔