عالمی جی ڈی پی سکڑنے سے پاکستان کے مسائل بڑھ سکتے ہیں، میاں زاہد

کراچی: نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ عالمی جی ڈی پی سکڑنے سے پاکستان کے مسائل بڑھ سکتے ہیں۔

نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ سال رواں میں عالمی جی ڈی پی سکڑ جائے گی جبکہ پاکستان کی جی ڈی پی میں معمولی بہتری آئے گی۔ اس سال کے دوران مہنگائی، روپے کی قدر اور بڑھتے ہوئے قرضے پرخصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے متعدد عالمی اداروں کا خیال ہے کہ سال رواں میں پاکستان میں شرح نمو دو فیصد رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی جی ڈی پی میں کمی کی وجوہات میں شرح سود کا زیادہ ہونا، سیاسی تنازعات، تجارت میں کمی اور قدرتی آفات کے امکان شامل ہیں۔ عالمی جی ڈی پی میں کمی سے پاکستان کے لیے بھی مسائل اٹھ کھڑے ہونگے۔

عثمان ڈارکی والدہ ریحانہ ڈار سمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور

اسلام آباد / کراچی / لاہور: عام انتخابات 2024 میں ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف امیدواروں کی اپیلوں پر الیکشن ٹریبیونلز میں سماعتیں جاری ہیں۔

ایپلیٹ ٹریبیونل لاہور ہائیکورٹ میں عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ ایپلیٹ ٹریبونل نے ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ریحانہ ڈار کی اپیل منظور کرلی۔

پی ٹی آئی امیدوار رانا جمیل حسن (گڈ خان )، قصور کے صوبائی حلقے سے پی ٹی آئی کی ناصرہ میو، این اے 131 سے مقصود احمد کی اپیلیں بھی منظور کرلی گئیں۔
راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل نے فواد چوہدری کی اپیل پر سماعت کی۔ ٹربیونل نے فواد چوہدری کو پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالتی احکامات پر پولیس فواد کو الیکشن ٹربیونل کے گیٹ تک لائی لیکن پیش کیے بغیر واپس اسلام آباد لے گئی۔

جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کہا کہ یہ کیا ڈرامہ ہے فواد کو ہائی کورٹ گیٹ سے کیوں واپس لے گئے۔ عدلت نے فواد چوہدری اپیلوں کی سماعت مکمل کرکے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

پشاور

الیکشن ٹریبیونل نے پی ٹی آئی کے عبدالسلام آفریدی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔

کراچی

سندھ ہائیکورٹ نے الیکشن ٹریبونل سے این اے 236 سے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کے کاغذات نامزدگی منظوری کیخلاف ایم کیو ایم کے رہنما حسان صابر کی درخواست مسترد کردی۔

درخواستگزار کی وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا ہے۔

جسٹس عدنان اقبال چوہدری نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں وہ قانون بتایا جائے جس میں کاغذاتِ نامزدگی کا تعلق انتخابی نشان سے ہو۔

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسزکا آپریشن، 1دہشتگرد گرفتار،1جوان شہید

 راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ایک جوان  نے جام شہادت نوش کیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔

فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا تاہم اس دوران حوالدار محمد ظاہر (عمر: 41 سال، ساکن ضلع مردان) نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔

فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آرمی چیف کا دورہِ بحرین؛ اہم شخصیات سے سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

 راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر بحرین پہنچے ہیں جہاں انہوں نے بحرین کےبادشاہ، ولی عہد اور بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈر سے ملاقاتیں کی ہیں۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف نے بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد شہزادہ سلمان بن حماد الخلیفہ، بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈر فیلڈ مارشل خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر ایچ ایچ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ فوجی اور سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، معززین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بحرین نیشنل گارڈ کے 27ویں یوم تاسیس کے مہمان خصوصی بھی تھے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ آرمی چیف کو گارڈ آف آنر دیا گیا اور انسداد دہشت گردی کی تربیتی مشق سے متعلق ایک مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے بحرین نیشنل گارڈ کو ملٹری اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا جبکہ بحرین کے بادشاہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے میں اہم کوششوں اور تعاون کے اعتراف میں آرمی چیف کو ملٹری میڈل آرڈر آف بحرین فرسٹ کلاس سے بھی نوازا۔

سائفر کیس میں عمران خان کی رہائی کا روبکار جاری

 اسلام آباد: آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کی روبکار جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے روبکار جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت منظور ہوچکی ہے، عمران خان کسی دوسرے مقدمے میں نامزد نہیں تو ریا کیا جائے۔

روبکار میں عمران خان کے دس دس لاکھ کے ضمانتی مچلکے اور دو شخصی ضمانتیں عدالت میں جمع کرانے کا کہا گیا۔ جس کے جواب میں عمران خان کے وکیل خالد یوسف ایڈووکیٹ نے ضمانتی مچلکے عدالتی میں جمع کروا دیے۔

سائفر کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور ہوگئی ہے تاہم توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں گرفتاری کے باعث بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں گے۔

پاکستانی خاتون شوٹر کشمالہ طلعت نے پیرس اولمپکس کیلیے کوالیفائی کرلیا

 اسلام آباد: پاکستانی خاتون شوٹر کشمالہ طلعت نے پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

کشمالہ طلعت اولمپک گیمز کے لیے کوالیفاٸی کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون شوٹر ہے، انہوں نے خواتین کی 10 میٹر آئرپستل میں پیرس اولمپکس کے لیے جگہ بنائی۔

ایشین شوٹنگ چیمپیئن شپ میں کشمالہ طلعت نے سلور میڈل جیتا اور ایشین سلور میڈل کے ساتھ کشمالہ نے پیرس اولمپکس کوٹہ حاصل کرلیا۔

پیرس اولمپکس کے لیے دو مرد شوٹرز پہلے ہی کوالیفاٸی کر چکے ہیں۔

امریکا کی جانب سے پاکستان کو ’’مخصوص تشویش کا ملک‘‘ قرار دینے کا بیان مسترد

 اسلام آباد: پاکستان نے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ’’مخصوص تشویش کا ملک‘‘ قرار دیئے جانے کو دو ٹوک الفاظ میں مسترد کردیا اور بھارت کو اقلیتوں کے ساتھ ظلم کرنے اور ناانصافی کے باوجود مذہبی آزادی کےخلاف ممالک کی فہرست سے نکانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات پر شدید مایوسی ہوئی ہے کہ یہ متعصبانہ اور من مانی پر مبنی بیان ہے جو زمینی حقائق کے برعکس ہے، پاکستان ایک مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والا ملک ہے جس میں بین المذاہب ہم آہنگی کی بھرپور روایت ہے، پاکستان کے تحفظات سے امریکا کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق، پاکستان نے مذہبی آزادی کو فروغ دینے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کیے ہیں، ہمیں گہری تشویش ہے کہ مذہبی آزادی کے سب سے بڑے اور مسلسل خلاف ورزی کرنے والے ہندوستان کو ایک بار پھر امریکی محکمہ خارجہ کی نامزد فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) کی واضح سفارشات کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی انسانی حقوق کے علم برداروں کی جانب سے مذہبی اقلیتوں کے ساتھ بھارت کے ناروا سلوک کے بارے میں اٹھائے گئے عوامی خدشات کے مترادف ہے، ہمیں یقین ہے کہ اس طرح کی امتیازی، یک طرفہ کوششیں نقصان دہ ہیں۔

دفترخارجہ نے کہا ہے کہ یہ عوامل عالمی سطح پر مذہبی آزادی کو آگے بڑھانے کے ہمارے مشترکہ مقصد کو نقصان پہنچاتے ہیں،  پاکستان اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ مذہبی عدم برداشت اسلامو فوبیا کے عصری چیلنج کا مقابلہ باہمی افہام و تفہیم اور احترام کی بنیاد پر تعمیری اجتماعی کوششوں کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔

مصر میں ساڑھے 4 ہزار سال پرانا مقبرہ دریافت

مصر میں ایک قدیم مقبرہ دریافت کیا گیا ہے جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ ساڑھے 4 ہزار سال پرانا ہے۔

مصر اور جاپان کے ماہرین آثار قدیمہ نے سقارہ کے علاقے میں اس مقبرے کو دریافت کیا جس میں متعدد نوادرات بھی موجود تھے۔

مصری وزارت سیاحت کی جانب سے مقبرے کی دریافت کی تصدیق کی گئی ہے۔

مصری وزارت سیاحت کے مطابق مصری اور جاپانی ماہرین کی ٹیم نے مصر کی دوسری بادشاہت کے عہد کا ایک چٹانی مقبرہ دریافت کیا ہے، جس میں متعدد تاریخی نوادرات اور قبریں موجود ہیں۔

اس مقام سے ایک قبر سے ایک انسانی باقیات کے ساتھ رنگین ماسک بھی ملا ہے جبکہ ایک قبر کسی چھوٹے بچے کی ہے۔

ماہرین کا اندازہ ہے کہ یہ مقبرہ 2649 سے 2150 قبل میسح کے درمیان تعمیر ہوا ہوگا۔

وہاں ملنے والے نوادرات میں ایک تابوت بھی شامل ہے جو مصر کی 18 ویں بادشاہت (1550-1295 قبل مسیح) سے تعلق رکھتا ہے۔

وہاں قدیم مصری دیوتاؤں کے 2 مجسمے اور دیگر نوادرات بھی ملے ہیں۔

جاپانی ماہرین نے کہا کہ اس دریافت سے خطے کی تاریخ کے بارے میں اہم تفصیلات جاننے کا موقع ملے گا۔

یوٹیوب پر اب گیمز کھیلنا بھی ممکن

اگر آپ یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھنے کی بجائے گیمز کھیلنا چاہتے ہیں تو ایسا ممکن ہے۔

جی ہاں واقعی کم از کم یوٹیوب پریمیئم کے صارفین مختلف آن لائن گیمز اس ویڈیو شیئرنگ سروس پر کھیل سکتے ہیں۔

پلے ایبلز نامی یہ تجرباتی فیچر سب سے پہلے ستمبر میں محدود افراد کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔

مگر گزشتہ چند ہفتوں سے یہ فیچر تمام پریمیئم صارفین کو دستیاب ہے۔

مجموعی طور پر یوٹیوب صارفین کے لیے 37 گیمز دستیاب ہیں اور انہیں ڈاؤن لوڈ یا انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ موبائل ایپ یا ڈیسک ٹاپ پر انہیں کھیلنا ممکن ہے۔

صارفین ان گیمز کی لائبریری کو ایکسپلور ٹیب کے پلے ایبلز سیکشن میں دیکھ سکتے ہیں۔

یوٹیوب میں اکثر اس طرح کے تجربات کیے جاتے ہیں اور آغاز میں اس طرح کے فیچرز ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کے لیے متعارف کرائے جاتے ہیں، جس کے بعد انہیں مستقل رکھنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے اور پھر دیگر افراد کے لیے بھی پیش کر دیا جاتا ہے۔

ویسے تو صارفین گیمز کے لیے یوٹیوب کی سبسکرپشن سروس کا حصہ بننے کے لیے تیار نہیں ہوں گے مگر کمپنی کو توقع ہے کہ اس سروس کو استعمال کرنے والے گیمز کھیل کر اپنی ممبر شپ برقرار رکھنے کا فیصلہ ضرور کر سکتے ہیں۔

عمران خان بے گناہ ہیں تو ان کو جیل میں نہیں ہونا چاہیے، بلاول بھٹو

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسٹیبشلمنٹ کا کردار سیاست میں پہلے سے زیادہ نہیں بڑھا، ایسا نہیں ہے کہ اب برا ہورہا ہے ماضی میں اس بھی برا ہوچکا ہے، خان صاحب اگر بے گناہ ہیں تو انہیں جیل میں نہیں ہونا چاہئے، اگر گناہ گارہیں تو جیل میں ہونا چاہیے۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم ذوالفقار علی بھٹو پھانسی کیس انتخابات کے بعد نہیں بلکہ انتخابات سے قبل سنے جانے کے حامی ہیں، چاہتے ہیں فیصلہ انتخابات سے قبل آجائے، ہمیں فائز عیسیٰ سے امید تھی کہ کیس مسلسل سنا جائے خیر اب امید ہے کہ انتخابات کے فوری بعد اس کیس کا فیصلہ آجائے گا امید ہے ہمیں اس کیس میں انصاف ملے گا اور تاریخ درست ہوسکے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ الیکشن 8 فروری کو ہر صورت ہوں گے چاہے اقوام متحدہ قرارداد پاس کردے، اگر تین چار سینیٹر اٹھ کر کچھ کہہ دیں تو ان کی بات زیادہ وزنی ہے یا چیف جسٹس کا آئینی و قانونی فیصلہ زیادہ وزنی ہے؟

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی پی نے بہت ترقی کی ہے، یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کراچی اور بلدیاتی الیکشن دونوں ایک ساتھ جیتے ہیں، ہم ملتان میں جیتے کئی جگہ ن لیگ کو شکست دی، ہم پرامید ہیں کہ کراچی کے عوام اس بار پی پی کو ضرور موقع دیں گے یہ پہلی بار ہوگا کہ کراچی کا بلدیاتی، سندھ کا صوبائی اور پاکستان کا وفاقی نظام پیپلز پارٹی کے پاس ہوگا۔

انہوں ںے کہا کہ الیکشن کمیشن میں اثرو رسوخ کے ذریعے پی ٹی آئی کو زبردستی بلا دلوایا گیا تھا کیوں کہ پاکستان کے عوام کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں ںے کہا کہ جب ہم پر جعلی کیسز بنائے جارہے تھے تو خان صاحب کہتے تھے ادارے آزاد ہیں وہاں صفائی پیش کریں تو آج خان صاحب کو بھی چاہیے کہ اداروں سے رجوع کریں، جو خان صاحب نے کیا وہی بھگت رہے ہیں، جیلوں میں ڈالے جانے کی اور مقدمات بنانے کی روایت صحیح نہیں ہے مگر یہ روایت خود خان صاحب نے قائم کی سب سے پہلے انہیں توبہ کرنی چاہیے اور آئندہ ایسی روایات کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ہمارے نظام میں اتنی شفافیت نہیں کہ پھانسی کی حمایت کی جائے، خان صاحب کا موقف تھا کہ سارے چوروں کو چوک پر پھانسی دی جائے دوسو بندے مروادیے جائیں تو نظام ٹھیک ہوجائے گا اب میری رائے پوچھنے کے بجائے خان صاحب سے پوچھا کہ آج ان کا موقف کیا ہے؟ سیاست دانوں اور سیاست کارکنوں کو ایسی سزا ملنی چاہیے؟ انہیں اپنا موقف تبدیل کرنا چاہیے۔

اسٹیبشلمنٹ کا کردار سیاست میں بہت بڑھ چکا ہے اس سوال میں انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ اب برا ہورہا ہے ماضی میں اس بھی برا ہوچکا ہے، ہم دشمنی کے بجائے اختلاف رکھتے ہیں لیکن خان صاحب اسے جمہوریت نہیں اسے مک مکا کہتے ہیں، شور کیا جارہا ہے کہ کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے اگر گزشتہ انتخابات دیکھے جائیں تو یہ کوئی نئی بات نہیں۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا آج بھی مقصد یہی ہے کہ میں کھیلوں گا کوئی اور نہیں، ان کا مقصد آج بھی جمہوریت نہیں۔