کاغذات نامزدگی؛ فہمیدہ مرزا، ذوالفقار مرزا، ثروت قادری، اورنگزیب فاروقی کی اپیلیں مسترد

  کراچی /  اسلام آباد / لاہور: الیکشن ٹربیونلز میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف امیدواروں کی اپیلوں پر سماعت جاری ہے۔

کراچی میں الیکشن ٹربیونل نے پاکستان سنی تحریک کے صدر ثروت اعجاز قادری اور پاکستان راہ حق پارٹی کے امیدوار مولانا اورنگزیب فاروقی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی ریٹرننگ افسران کیخلاف اپلیں منظور کرلیں،

جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیئے بظاہر غیر ضروری معلومات کو بنیاد بناکر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیئے گئے۔

سندھ ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبیونل کے روبرو ریٹرننگ افسران کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے اپیلوں کی سماعت ہوئی۔

الیکشن ٹریبونل کے سربراہ جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریٹرننگ افسران کی کارکردگی پر اظہار برہمی کیا۔ جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیئے کہ آہستہ آہستہ معاملات ریٹرننگ افسران کے طرف بڑھ رہے ہیں۔ بلا جواز امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر ریٹرننگ افسران کیخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔

جسٹس عدنان الکریم میمن نے الیکشن کمیشن کے نمائندے سے مکالمے میں کہا کہ کیا ریٹرننگ افسران کو پہلے تربیت نہیں دی گئی تھی؟ کیا الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کیخلاف کوئی کارروائی کی؟ بظاہر غیر ضروری معلومات کو بنیاد بناکر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیئے گئے۔

ڈائریکٹر لا افسر نے موقف دیا کہ ریٹرننگ افسران کو 3 دن کی ٹریننگ دی ہے۔ اگر کوئی ریٹرننگ افسران غلط کام کرتا ہے تو الیکشن کمیشن اس کیخلاف کارروائی کا اختیار رکھتا ہے۔

الیکشن ٹریبونل نے پی ایس 85 سے آزاد امیدوار محسن نثار پنہور، پی ایس 91 سے آزاد امیدوار آفتاب بقائی ، پی ایس 98 سے آزاد امیدوار محمد عرفان ، این اے 242 سے آزاد امیدوار انور ترین ، این اے 240 سے ایم کیو ایم کے امیدوار ارشد وہرا ، پی ایس 116 سے تحریک انصاف کی حسنہ ندیم ، پی ایس 116 سے تحریک انصاف کے امیدوار امجد خان ، پی ایس 118 سے تحریک انصاف کے امیدوار حسن زیب ، پی ایس 63 حیدرآباد سے تحریک انصاف کی امیدوار آرزو فیصل ، پی ایس 116 سے تحریک انصاف کے امیدوار عمران کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

پی ایس 118 سے پی ٹی آئی کے امیدوار عبد القیوم ، پی ایس 113 سے تحریک لبیک کے شہزاد حسین شاہ ، پی ایس 75 ٹھٹھہ سے مصطفیٰ امیر کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے۔

الیکشن ٹریبیونل نے فہمیدہ مرزا، ذوالفقار مرزا، پی ایس 108 سے پاکستان سنی تحریک کے صدر ثروت اعجاز قادری ، پی ایس 88 سے پاکستان راہ حق پارٹی کے امیدوار مولانا اورنگزیب فاروقی کی اپیلیں بھی مسترد کردیں۔

لاہور

دوسری جانب لاہور میں اپیلیٹ ٹربیونل لاہور ہائیکورٹ نے آر او کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے امیدوار ارسلان حفیظ، سہیل افضل میر، حافظ حامد رضوان، تحریک انصاف کے عمار علی جان، سردار ہارون احمد علی ، این اے 129 لاہور سے میاں اظہر کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔

ٹریبونل نے عباد فاروق کی اپیل مسترد کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا آر اوز کا فیصلہ برقرار رکھا۔

محمد رضوان پاکستان کی ٹی20 ٹیم کے نائب کپتان مقرر

  کراچی: پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ٹی20 ٹیم کا نائب کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔

نیوزی لیںڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کھیلنے کے لیے قومی ٹیم کا اسکواڈ سڈنی سے براہ راست آکلینڈ پہنچ چکا ہے اور میچ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

قومی ٹیم کے اسکواڈ میں کپتان شاہین آفریدی، عامر جمال، عباس آفریدی، وکٹ کیپر اعظم خان، بابراعظم، فخر زمان، حارث رؤف، وکٹ کیپر حسیب اللہ، افتخار احمد، محمد نواز، وکٹ کیپر محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، اسامہ میر اور زمان خان شامل ہیں۔

سیریز کا پہلا میچ 12 جنوری کو ایڈن پارک، آکلینڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا 14 جنوری کو ہملٹن اور تیسرا 17 جنوری کو ڈونیڈن جبکہ چوتھا 19 جنوری اور پانچواں 21 جنوری کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔

تحریک انصاف کی لیول پلیئنگ فیلڈ کیس پر سماعت پیر تک ملتوی، الیکشن کمیشن اور چیف سیکریٹری پنجاب کی رپورٹس پر پی ٹی آئی سے تحریری جواب طلب

اسلام آباد: لیول پلیئنگ فیلڈ کیس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ چاہتے ہیں ہم یہ کہہ دیں تحریک انصاف کے امیدواروں کے 100 فیصد کاغذات نامزدگی منظور کریں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے تحریک انصاف کی لیول پلیئنگ فیلڈ کیس پر سماعت کی۔

عدالت نے الیکشن کمیشن اور چیف سیکریٹری پنجاب کی رپورٹس پر پی ٹی آئی سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ پیر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ہدایت دی کہ الیکشن کمیشن اور چیف سیکریٹری پنجاب چاہیں تو جواب جمع کرا سکتے ہیں۔
دوران سماعت، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہمیں بتائیں رپورٹ میں غلط ہے؟ چیف سیکریٹری پنجاب کے تحریری جوابات میں اگر کوئی غلط بیانی کی گئی ہے تو ہمیں تحریری طور پر بتائیں، زبانی بات نہ کریں۔ جملے بازی نہ کریں، بتائیں آپ کے لیے کیا آرڈر جاری کریں، اگر ملک کے کسی ادارے پر اعتماد نہیں ہے تو بتائیں ہم حکم دے دیتے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں اپنے دکھڑے نہ سنائیں، جس پر وکیل پی ٹی آئی لطیف کھوسہ نے کہا کہ ساری دنیا کو علم ہے ہمارے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہم عدالتی کارروائی کو لائیو دکھا کر دنیا کو خود دکھا رہے ہیں۔

وکیہل پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ چاہیے لیکن دفعہ 144نافذ کی گئی ہے جبکہ ان کے امیدواروں کے لیے ایسا نہیں ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ان کے امیدواروں سے آپ کی کیا مراد ہے، دفعہ 144صرف ایک جماعت کے لیے نہیں ہے بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کے لیے ہے۔ کیا آپ یہ کہنا چاہتے ہیں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف کے خلاف سازش کر رہی ہیں۔

وکیل پی ٹی آئی حامد خان نے کہا کہ انتخابی نشان کیس پرسوں سماعت کے لیے مقرر کریں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ٹھیک ہے ہم پرسوں سماعت کے لیے مقرر کر رہے ہیں، سب سے زیادہ درخواستیں پی ٹی آئی کی آ رہی ہیں اور سنی بھی جا رہی ہیں، کیس بھی لگوانا ہے اور اٹھ کر عدالت بھی نہیں آنا۔

چیف جسٹس نے واضح کیا کہ انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے ہمارا نہیں، کسی سے کاغذات چھینے جا رہے یا جو بھی ہو رہا وہ الیکشن کمیشن نے دیکھنا ہے، ہم نے واضح کیا تھا کہ انتخابات کی تاریخ صدر اور الیکشن کمیشن کا کام ہے، الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار سے متعلق معاملات عدالت کیوں سنے، ہمارے سامنے کچھ دائر ہوگا تو ہم اسے دیکھیں گے، کوئی درخواست آئے گی یا شکایت آئے گی تو ہم سنیں گے۔

اسرائیل حماس جنگ خطے میں پھیل سکتی ہے، امریکی وزیر خارجہ کا انتباہ

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو غزہ میں شہریوں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کرنے ہوں گے اور جنگ کی وجہ سے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کو لازمی گھر واپس جانے کی اجازت ہونی چاہیے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن تین ماہ میں چوتھی بار مشرق وسطیٰ واپس آئے ہیں، کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ پورے خطے میں پھیل سکتی ہے۔

قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کے ہمراہ دوحہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انٹونی بلنکن نے کہا کہ جیسے ہی حالات اجازت دیں فلسطینی شہریوں جلد از جلد اپنے ملک واپس جانا چاہیے۔ انہیں غزہ چھوڑنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے ”اے ایف پی“ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ غزہ کی جنگ بہت بڑے پیمانے پر مشرق وسطیٰ میں پھیل سکتی اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ یہ خطے میں شدید کشیدگی کا وقت ہے۔ یہ ایک ایسا تنازع ہے جو آسانی سے پھیل سکتا ہے، جس سے مزید عدم تحفظ اور مزید مصائب کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اسرائیلی غزہ پر جارحیت اس وقت شروع ہوئی جب حماس نے سات اکتوبر کو اچانک اسرائیل پر ایک غیر معمولی حملہ کیا جس کے نتیجے میں تقریبا 1140 افراد ہلاک ہو گئے۔

اسرائیل کے مطابق فلسطینی گروپ حماس نے تقریباً 250 افراد کو قیدی بھی بنایا جن میں سے 132 اب بھی حماس کی قید میں ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ کم از کم 24 قیدی مارے جا چکے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جانب سے مسلسل بمباری اور زمینی حملے میں غزہ کے اندر کم از کم 22 ہزار 835 فلسطینی جان سے گئے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

بلنکن نے متنبہ کیا کہ ضروری ہے اسرائیل شہریوں کی حفاظت پر توجہ دے، اور اس بات کو یقینی بنائے کہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی شہریوں کی حفاظت اور امداد کے حصول کو مد نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

بلنکن نے غزہ میں الجزیرہ کے دو صحافیوں کی موت کو ناقابل تصور المیہ قرار دیا، جس کا الزام قطر میں قائم نیٹ ورک نے اسرائیل پر عائد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’یہی معاملہ ۔۔۔ بہت سے بے گناہ فلسطینی مرد، خواتین اور بچوں کا ہے۔‘

قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے کہا کہ منگل کو لبنان میں حماس کے نائب رہنما صالح العروری کی موت نے پیچیدہ عمل کو متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہا، ’پھر بھی ہم ہمت نہیں ہار رہے ہیں۔ ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔‘

سات اکتوبر کے بعد چوتھی بار مشرق وسطیٰ کے دورے پر موجود بلنکن اردن، ترکی اور یونان میں قیام کے بعد قطر پہنچے تھے۔ وہ اتوار کی رات ابوظہبی گئے اور پیر کو سعودی عرب جائیں گے۔

واشنگٹن کا مقصد بیروت میں ایک حملے میں حماس کے سینیئر رہنما صالح العروری کی ہلاکت کے بعد تنازعے کو خطے میں ایک وسیع جنگ کو جنم دینے سے روکنا ہے۔ اسرائیل نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ بلنکن سعودی عرب کے صحرائی شہر العلا میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔

قبل ازیں، بلنکن نے اردن کے لیے روانگی سے قبل کہا تھا کہ ’ہماری توجہ اس تنازعے کو پھیلنے سے روکنے پر ہے۔‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ گرانٹ بریڈبرن نے استعفیٰ دے دیا

گرانٹ بریڈبرن نے اپنے مستعفیٰ ہونے کا اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ میں کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ، ’ایک شاندار باب کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے، پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے 5 سال میں تین عہدوں پر کام کیا، اور اس دوران جو حاصل کیا اس پر فخر ہے۔‘

بریڈبرن نے اپنی پوسٹ میں بہترین کوچز، کھلاڑیوں اور اسٹاف سے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا پاکستانی کرکٹ کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔

ے پی سی بی کی سابقہ منیجمنٹ نے بریڈبرن کو مئی میں دو سال کے لیے ٹیم کا کوچ مقرر کیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں گرانٹ بریڈ برن نے اپنے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک شاندار باب جو اب ختم کرنے کا وقت آگیا ہے، پانچ سال کے دوران تین مختلف عہدوں پر کام کیا، جن کے ساتھ کام کیا اور جو کچھ حاصل کیا اس پر فخر ہے۔

 

 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سال ہی نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے گرانٹ بریڈ برن کو 2 سال کیلئے ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا، اس سے قبل وہ 2018سے 2020 تک فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔

پاکستانی ٹیم کے علاوہ بریڈبرن اسکاٹ لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے بھی ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔

تاحیات نااہلی کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا

آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی سے متعلق فیصلہ آج سنائے جانے کا امکان ہے۔

سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی کی مدت کے تعین سے متعلق کیس کی سپریم کورٹ میں چار سماعتیں ہوئیں جس کے بعد جمعہ کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں سات رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

لارجر بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل ہیں۔

تاحیات نااہلی: سمیع اللہ بلوچ کیس کیا ہے؟

دسمبر کے وسط میں سپریم کورٹ نے نااہلی کی مدت سے متعلق تمام مقدمات ایک ساتھ سننے کا فیصلہ کیا تھا۔

گزشتہ سماعتوں کے دوران 62 ون ایف سے متعلق تشریح کیلئے عدالتی معاونین اور اٹارنی جنرل نے دلائل دیے، جبکہ 62 ون ایف کا دوبارہ جائزہ لینے کیلئے تمام صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز نے اٹارنی جنرل کے مؤقف کی تائید کی تھی۔

سپریم کورٹ نے عدالتی معاونین اور اٹارنی جنرل کے دلائل سننے کے بعد جمعہ کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

ایمن خان نے جہاز میں روتے بچوں کو چُپ کروانے کا گُر بتا دیا

کم عُمری میں شوبز انڈسٹری میں مقبول ہونے والی پاکستان اداکارہ ایمن خان نے جہاز میں بچوں کے ساتھ سفر کرنے والی ماؤں کو اہم مشورہ دے دیا۔

ایمن خان اپنی دوسری بیٹی مِرل منیب کی پیدائش کے بعد ایک پوڈکاسٹ شو میں شریک ہوئی تھیں جہاں انہوں نے بچوں کی پرورش سے متعلق گفتگو کی تھی۔

ایمن خان اور منیب بٹ کو اکثر سیر و تفریح کرتے ہوئے دیکھا جاتا ہے جن کی تصاویر و ویڈیوز یہ جوڑا اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتا ہے۔

شو کے میزبان نے جب ایمن خان سے بچوں کے ساتھ جہاز میں سفر کرنے کے تجربے سے متعلق ہوچھا تو ایمن خان نے اسی حوالے سے ماؤں کی رہنمائی کیلئے چند ٹپس بھی دی۔

ایمن خان نے جہاز میں سفر کرنے سے متعلق کہا کہ ’امل چار مہینے کی تھی ہم جب سے ہی جہازوں میں سفر کر رہے ہیں۔ بچے جہاز میں بہت روتے ہیں جس سے مائیں کافی پریشان ہوجاتی ہیں اور ماؤں کو سمجھ ہی نہیں آرہا ہوتا کہ یہ کیوں رو رہے ہیں‘۔

انہوں نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’جہاز میں ہوا کے دباؤ کی وجہ سے بچوں کے کان بند ہوجاتے ہیں، اس لیے بچوں کے کانوں میں شدید تکلیف ہوتی ہے‘۔

اس مسئلے کا حل پیش کرتے ہوئے ایمن خان نے مزید کہا کہ ’ان بچوں کیلئے ماؤں کو چاہئے کہ وہ بچوں کیلئے فیڈر یا پیسیفائر لازمی رکھیں، کیونکہ چوسنے سے کانوں پر دباؤ کم ہوتا ہے‘۔

ایمن خان پاکستان کی مقبول اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ اداکاری نے پاکستانی اداکار منیب بٹ سے شادی کے بعد شوبز کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ اداکارہ ان دنوں اپنی دونوں بیٹیوں کی پرورش میں خاصا مصروف ہیں۔

راولپنڈی میں گاڑی پر فائرنگ، بچی سمیت 3 افراد جاں بحق

راولپنڈی کے تھانہ چونترہ کی حدود میں گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں آٹھ سالہ بچی سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کی گاڑی پر فائرنگ مخالف فریق کی جانب سے کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں شجاع یونس، عاطف اور انابیہ شامل ہیں جبکہ فلک شیر، ثاقب اور تابندہ زخمی ہیں۔

لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور زخمیوں کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ سی پی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔

باجوڑ؛ پولیو سیکیورٹی پر تعینات پولیس ٹرک پر بم حملے میں 5 اہلکار شہید، 22 زخمی

خیبرپختونخوا کے شمالی ضلع باجوڑ میں پولیس ٹرک پر بم حملے میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے۔

تحصیل ماموند کے علاقے بیلوٹ فرش میں پولیو سیکیورٹی کیلئے جانیوالی پولیس ٹرک کے نزدیک دھماکا ہوا۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں 5 اہلکار جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد، سیکیورٹی فورسز اور امدادی اہلکار جائے وقوعہ پہنچ گئے اور زخمیوں و لاشوں کو پرائیوٹ گاڑیوں میں اسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو1122 کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ خار اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں تمام شہید اور زخمی پولیس اہلکار ہیں، جو پولیو ڈیوٹی کیلئے جارہے تھے کہ ان پر حملہ ہوا۔

سابق کنٹسٹنٹ انوراگ نے سلمان خان اور بگ باس کو بےنقاب کردیا

ممبئی: بھارت کے مقبول ترین ریئلیٹی شو بگ باس سیزن 17 سے بےگھر ہونے والے کنٹسٹنٹ انوراگ ڈوبھل نے شو کے میزبان سلمان خان اور شو میکرز کو بےنقاب کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریئلیٹی شو بگ باس کے سیزن 17 سے حال ہی میں بےگھر میں ہونے والے کنٹسٹنٹ انوراگ ڈوبھل نے شو سے نکلنے کے بعد اپنے یوٹیوب چینل پر اپنا ایک وی لاگ اپلوڈ کیا ہے جس میں اُنہوں نے شو کے میزبان سلمان خان اور شو میکرز پر الزامات عائد کیے ہیں۔

انوراگ ڈوبھل نے کہا کہ “بگ باس کے بارے میں کہا گیا تھا کہ یہ ایک ریئلیٹی شو ہے لیکن ایسا کچھ نہیں ہے، یہ سب جھوٹ ہے، بگ باس اپنے پسندیدہ کنٹسٹنٹ کو ہی ٹی وی پر اچھا دِکھاتا ہے اور ہم جیسے کنٹسٹنٹ کو ٹی وی پر بُرا دکھایا جاتا ہے”۔

اُنہوں نے کہا کہ “میں نے بگ باس کے گھر میں تین مہینے اذیت میں گزارے، سب میرے خلاف تھے، میں اُس گھر میں اکیلا ہوچکا تھا، ہر بات میں مجھے بگ باس کی طرف سے ٹوکا جاتا تھا جبکہ سلمان خان تک نے مجھ سے بات کرنے سے انکار کردیا تھا”۔

انوراگ ڈوبھل نے کہا کہ “اس شو میں بگ باس اور سلمان خان نے میرے ساتھ ناانصافی کی، مجھے سب کے سامنے بےعزت کیا گیا، مجھ سے جھوٹ بولا کہ تمہارے ماں باپ تم سے ملنا نہیں چاہتے اور میں اس بات پر بہت زیادہ دُکھی ہوا کہ میں نے ایسا کیا کردیا ہے کہ میرے ماں باپ بھی میرے خلاف ہوگئے جبکہ سچ تو یہ ہے کہ بگ باس اور سلمان خان نے کبھی میرے گھروالوں سے کوئی رابطہ کیا ہی نہیں تھا، مجھے دھوکے میں رکھا گیا”۔

اُنہوں نے کہا کہ “دیوالی کے موقع پر شو کے تمام کنٹسٹنٹ کو اُن کے گھر والوں کی ویڈیوز دکھائی گئیں اور میں اپنے ماں باپ کی جھلک دیکھنے کے لیے ترس گیا تھا، میرے لیے شرط رکھی گئی کہ پہلے ڈانس کرو، اُس کے بعد ہی تم اپنے ماں باپ کی ویڈیو دیکھ سکو گے، مجھے ڈانس نہیں آتا تھا لیکن میں نے ویڈیو کی خاطر ڈانس کیا اور سب نے میرے ڈانس کا مذاق بنایا”۔

انوراگ ڈوبھل نے کہا کہ “میں بگ باس کے گھر میں ذہنی اذیت کا شکار ہوچکا تھا، میں گھنٹوں باتھ روم میں جاکر روتا تھا اور باہر آکر یہی محسوس کرواتا تھا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں”۔

اُنہوں نے کہا کہ “جب مجھے بگ باس کے گھر سے بےدخل کیا گیا تو اُس کے بعد شو کے میکرز نے مجھے دو دن تک ایک ہوٹل میں رکھا، اس دوران بھی شو کے میکرز نے مجھے ذہنی اذیت دی، مجھے میرا فون نہیں دیا، مجھے میری فیملی سے رابطہ نہیں کرنے دیا اور اس دوران میں نے خودکشی کرنے کا سوچ لیا تھا”۔

انوراگ ڈوبھل نے مزید کہا کہ “میں وہ تین مہینے کبھی نہیں بھول سکوں گا جو میں نے بگ باس کے گھر میں گُزارے کیونکہ وہ بہت مشکل وقت تھا”۔