پاراچنار میں مسافر گاڑی پر فائرنگ، خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کی تحصیل لوئر کرم کے علاقے پارا چنار میں نامعلوم افراد نے مسافر گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر گاڑی پارا چنار سے کوہاٹ جارہی تھی۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پاراچنار میں مسافر بس پر فائرنگ کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔

گزشتہ ہفتے 30 دسمبر 2023 کو بھی پاراچنار کے قریب صدہ بازار میں پشاور جانے والی وین پر ملزمان نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک مسافر زخمی ہوا تھا۔

وین میں موجود مسافر کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے تھے۔

اس واقعے سے 3 روز قبل بھی ہنگو کے قریب پاراچنار جانے والی بس پر فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔

غزہ میں اسرائیلی فوج کا اعلیٰ عہدیدار ہلاک، حماس کے دو کمانڈروں کی شہادت کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے حماس کے دو اہم کمانڈروں کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے، اور کہا ہے کہ کمانڈر اسماعیل سراج اور احد وہبی شمالی غزہ پر فضائی حملے میں مارے گئے۔ اسرائیل کو دعویٰ ہے کہ حماس کے دونوں کمانڈر سات اکتوبر کو اسرائیل پر حملے میں ملوث تھے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حماس کی سرنگوں کو آہستہ آہستہ ختم کر رہے ہیں، شمالی غزہ میں حماس کے نیٹ ورک کو کمزور کردیا ہے، غزہ میں مشکل اور پیچیدہ جنگ لڑ رہے ہیں۔

دوسری جانب حماس کی اسرائیلی فوج کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں، اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ غزہ میں اس کا ایک اور فوجی مارا گیا ہے، مارا گیا فوجی لیفٹیننٹ کرنل تھا، جس کے بعد اب تک مارے گئے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 510 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ غزہ پر اسرائیل کی بمباری جاری ہے اور چوبیس گھنٹے میں مزید ایک سو بائیس فلسطینی شہید اور دو سو چھپن زخمی ہوئے ہیں۔

خان یونس پر تازہ حملے میں سات افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔

تین ماہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد بائیس ہزار سات سو بائیس ہوچکی ہے، جن میں دس ہزار سے زائد بچے بھی شامل ہیں، جبکہ اٹھاون ہزار ایک سو چھیاسٹھ زخمی ہیں۔

سات ہزار فلسطینی تاحال لاپتہ ہیں، انیس لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں، اسرائیلی فوج نے ایک سو بائیس مساجد کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے غزہ سے متعلق سفارتی دورے میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی اور غزہ کی صورتحال پر گفتگو کی۔

انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہماری توجہ غزہ تنازعہ پھیلنے سے روکنے پر ہے، ہم شہریوں کے تحفظ کے اقدامات کو دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک تنازعے کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تعلقات استعمال کریں۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا اسرائیل کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا لیکن اسے اپنا دفاع کرنا ہے۔

امریکی کانگریس کے وفد نے بھی قطری وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی ہے اور غزہ کی تازہ ترین صورتحال سمیت امریکا اور قطر کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس دوران غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہزاروں افراد نے لندن کے ویسٹ منسڑ برج پر دھرنا دیا اور غزہ جنگ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

پاک بحریہ نے اپنے جنگی جہاز بحیرہ عرب میں تعینات کردیے

پاک بحریہ نے میری ٹائم سیکیورٹی کے بحری جنگی جہازوں کو بحیرہ عرب میں تعینات کردیا ہے، پاکستان کے تجارتی راستوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل پٹرولنگ جاری ہے۔

پاک بحریہ کی جانب سے ان تجارتی گزرگاہوں کی مسلسل فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ اس پٹرولنگ کا مقصد پاکستان اور بین الاقوامی تجارتی بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے ۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاک بحریہ کے جنگی جہاز بحیرہ عرب میں مستقل موجودگی یقینی بنانے کیلئے پٹرولنگ کرتے ہیں۔

سڈنی ٹیسٹ؛ رضوان کی خاتون سے ہاتھ نہ ملانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

سڈنی ٹیسٹ میچ کے اختتام پر قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ایک مرتبہ پر سوشل میڈیا کی زینت بن گئے۔

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی پنک ٹیسٹ میچ کے اختتام پر سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر گلین میک گرا فاؤنڈیشن کی خاتون ممبر سے ہاتھ نہ ملانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی، سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ کینسر کی آگاہی سے متعلق تھا جسے پنک ٹیسٹ کا نام دیا گیا تھا۔

کھیل کے اختتام پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے میک گرا کے خاندان سے ملاقات کی مصافحہ بھی کیا تاہم وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے خاتوان سے ہاتھ نہ ملایا تاہم احتراماً اشارے سے انکا جواب دیا۔

میک گرا فاؤنڈیشن چھاتی کے کینسر سے آگاہی سے متعلق کام کرتی ہے، کرکٹر نے 2008 میں اہلیہ کے انتقال کے بعد انکی بنیاد رکھی تھی۔

ایف بی آر کی تنظیم نو حکومت کے ایجنڈے میں شامل، وزارت خزانہ

اسلام آباد: وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی گورننس، کارکردگی اور تاثیر کو بہتر بنانے کیلیے ایف بی آر کی تنظیم نو حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ریاست اور گاہکوں کے درمیان میکانزم پر غور کیا جا رہا ہے جس میں صحیح مہارت اور تجزیاتی صلاحیت کے ساتھ ٹیکس پالیسی گروپ تشکیل دیا جائے تاکہ ٹیکس نظام کو معقول بنایا جا سکے۔

دوسری جانب صباح نیوز کے مطابق ایف بی آر اور ائی ایم ایف کے درمیان پرچون فروشوں پر ریٹیل ٹیکس لاگو کرنے کیلیے ٹا ٹئم فریم پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔

مغربی کنارے میں اسرائیلی ڈرون حملہ، 6 فلسطینی شہید

غزہ: اسرائیل نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں غیر معمولی ڈرون حملے کیے جس کے نتیجے میں چھ فلسطینی شہید ہوگئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنی سفاکیت اور جارحیت جاری رکھتے ہوئے مغربی کنارے کے شہر جنین میں فلسطینیوں کے ایک گروپ پر ڈرون حملہ کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی ڈرون حملے کا نشانہ بننے والے تمام فلسطینی عام شہری تھے، اُن کا تعلق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس سے نہیں تھا جبکہ فلسطین کے سرکاری اسپتال نے اسرائیلی ڈرون حملے میں 6 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔
اسرائیلی فوج نے رات 1 بجے کے قریب جنین شہر اور پناہ گزینوں کے کیمپ پر چھاپہ مارا، اس دوران کیمپ میں موجود فلسطینیوں کی طرف سے شدید مزاحمت بھی کی گئی جبکہ دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے اسرائیلی فوج کی ایک گاڑی بھی تباہ ہوئی جس میں اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے سے کم از کم 5 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ 7 اکتوبر سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں شہید ہونے والی فلسطینیوں کی تعداد 332 ہوگئی ہے۔

رابی پیرزادہ نے خاموشی سے شادی کرلی؟ تصاویر وائرل

لاہور: پاکستان میوزک انڈسٹری کی سابقہ گلوکارہ اور سماجی کارکن رابی پیرزادہ کی دلہن بنے ہوئے تصاویر سوشل میڈیا پر ہوگئیں۔

اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی رابی پیرزادہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنی کچھ تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں وہ دلہن بنی ہوئی ہیں۔

ایکس پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں رابی پیرزادہ سلور رنگ کے خوبصورت عروسی لباس میں ملبوس ہیں جس کے ساتھ اُنہوں نے دلکش زیور بھی پہنا ہوا ہے۔

تصویر میں رابی پیرزادہ اپنا دوپٹہ تھامے پوز دیتے ہوئے مُسکرا رہی ہیں جبکہ تصویر کسی شادی ہال میں لی گئی ہے۔

اس تصویر کے ساتھ رابی پیرزادہ نے لکھا کہ “جب ٹوٹا ہوا دل جُڑ جاتا ہے تو وہ کسی بھی چیز سے زیادہ مضبوط ہو جاتا ہے”۔

رابی پیرزادہ نے ایک تصویر میں گلاب کے پھولوں کا ہار پکڑا ہوا ہے جبکہ اس تصویر کے کیپشن میں اُنہوں نے “الحمدللہ” لکھا۔

سابقہ گلوکارہ کی پوسٹ پر صارفین کی جانب سے تبصروں کا رش لگ گیا کسی نے رابی پیرزادہ سے پوچھا کہ کیا آپ نے شادی کرلی ہے؟ تو کسی نے اُنہیں شادی کی مبارکباد پیش کی اور کچھ صارفین نے اُن کے اچھے نصیب کے لیے دُعا بھی کی۔

اس سے قبل دسمبر 2023 میں رابی پیرزادہ نے ایک شخص کا ہاتھ تھامے ہوئے تصویر اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھی، تصویر میں رابی پیرزادہ اور اُس شخص کا چہرہ نظر نہیں آرہا تھا لیکن دونوں گاڑی میں بیٹھے تھے۔

خیال رہے کہ رابی پیرازادہ ماضی میں گلوکارہ، اداکارہ، ماڈل اور بطورِ آرٹسٹ شوبز انڈسٹری میں کام کر چکی ہیں تاہم مذہب کے خاطر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے بعد اب وہ فلاحی ادارہ چلا رہی ہیں۔

ٹیم ڈائریکٹر ابھی سے ہی کپتان کے فیصلوں پر اعتراض کرنے لگے

لاہور: ٹیم ڈائریکٹر ابھی سے ہی کپتان کے فیصلوں پر اعتراض کرنے لگے۔

سڈنی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں عامر جمال کو تاخیر سے بولنگ دینے کا فیصلہ ڈائریکٹر محمد حفیظ کی سمجھ میں نہ آیا، پیسر 18وکٹوں کے ساتھ سیریز کے دوسرے کامیاب ترین بولر رہے، کینگروز نے 130رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو شان نے عامر جمال کو اس وقت بولنگ دی جب فتح کیلیے 33رنز کی ضرورت تھی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس حوالے سے سوال پر محمد حفیظ نے کہا کہ عامر جمال کو پہلے بولنگ دینا چاہیے تھی،بہرحال یہ کپتان کی صوابدید ہوتی ہے، انھوں نے آف اسپنر کو ترجیح دی، میدان کے اندر کی صورتحال کپتان ہی بہتر جانتا اور اس کو فیصلوں کا حق حاصل ہے، مجموعی طور پر شان مسعودنے سیریز میں وقت پر درست فیصلے کیے۔

پی ٹی آئی کی صنم جاوید اور حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی مسترد

لاہور: پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر اور سوشل میڈیا کی سرگرم کارکن صنم جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے۔

ایپلیٹ ٹریبیونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے کیس کا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ بحال رکھتے ہوئے این اے 129 سے حماد اظہر کی اپیل خارج کر دی۔

اسی طرح، لاہور ہائیکورٹ کے ایپلیٹ ٹریبیونل نے صنم جاوید کے حلقہ این اے 119 اور 120 سے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں خارج کیں۔

واضح رہے کہ صنم جاوید نے جیل سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے این اے 119 اور 120 سے کاغذات جمع کروائے تھے۔ انہوں نے مریم نواز کے مقابلے میں بھی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔

حکومت کا 12 جنوری سے آئی فون قسطوں پر دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: نگران حکومت نے 12 جنوری سے آئی فون قسطوں پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ حکومت نے فری لانسرز کی دیرینہ مانگ کو حل کر دیا اور انہیں بین الاقوامی گیٹ وے پے پال کے ذریعے ترسیلات زر کو چینلائز کرنے کے قابل بنایا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ فائیو جی اگلے سال جولائی میں شروع کیا جائے گا، اور 300 میگا ہرٹز سپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔

نگراں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کابینہ نے نجی شعبے کی کمپنیوں کو خلا میں کم مدار میں سیٹلائٹ استعمال کرنے کی اجازت دینے کے لیے قومی خلائی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر سیف نے مزید بتایا کہ ان کی وزارت ٹیلی کام کمپنیوں کے دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے 12 جنوری 2024 سے ایک اور اقدام شروع کرے گی جس کے تحت صارفین کو جدید ترین ماڈل فون آسان قسطوں پر ملیں گے۔ قسطوں پر آئی فون پیش کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ قسط ادا کرنے میں ناکامی کی صورت میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )ڈیوائس کی شناخت، رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹمز (ڈی آئی آر بی ایس )کی طرز پر ہینڈ سیٹ کو بلاک کر دے گی۔

ایک سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر برائے آئی ٹی نے کہا کہ اس کا مقصد ذمہ دارانہ مالیاتی رویے کی ترغیب دینا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اسمارٹ فون کی رسائی میں توسیع ہوتی رہے۔ اس پالیسی کے تحت ٹیلی کام کمپنیوں کو قسطوں کے منصوبوں کے ذریعے صارفین کو براہ راست اسمارٹ فونز پیش کرنے کا موقع ملے گا، اس طرح پاکستان میں خاص طور پر کم آمدنی والے طبقوں میں موبائل براڈ بینڈ کے فوائد کو وسعت ملے گی۔