سولر پینلز کی قیمت میں 50 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ

اسلام آباد: پاکستان میں سولر پینلز کی قیمت میں 50 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 70 ہزار والے سولر پینل کی قیمت 30 ہزار روپے تک گرگئی۔

معاشی ماہرین کے مطابق طلب سے زیادہ رسد کے باعث ہمیشہ قیمتیں کم ہوتی ہیں لیکن سولر پینل سستے ہونے کا ایک اور سبب ان میں استعمال ہونے والا میٹریل بھی ہے۔

لاگت میں کمی کا سبب پینلز میں فوٹو وولٹک سیل کی بہتر پیکنگ، کم چاندی کا استعمال، پتلا شیشہ، پتلے فریم اوربڑے ماڈیول شامل ہیں۔

بنگلہ دیش انتخابات کے بائیکاٹ پر حکمران عوامی لیگ نے ڈمی امیدوار کھڑے کر دیئے

بنگلہ دیش میں عام انتخابات کیلئے پولنگ کل اتوار کو ہوگی، ملک کی حزب اختلاف کی بڑی جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بی این پی کے انتخابات میں حصہ نہ لینے کی وجہ سے اتوار کے روز ہونے والے انتخابات کا نتیجہ تقریبا طے شدہ ہے اور وزیر اعظم شیخ حسینہ کی عوامی لیگ کی مسلسل چوتھی مدت میں کامیابی کی توقع کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ الیکشن سے قبل دیکھا گیا کہ بنگلہ دیش کی حزب اختلاف کی جانب سے حکومتی ناانصافیوں کے خلاف وقتاً فوقتاً مظاہرے کیے گئے، جبکہ شیخ حسینہ کی حکومت نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، جس پر مغربی ممالک کو بھی خاصے تحفظات ہیں، شدید دباؤ کے باوجود بنگلہ دیش میں عام انتخابات ہورہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی دباؤ کے باوجود حکمراں جماعت عوامی لیگ نے انتخابات کو مسابقتی رنگ دینے کی کوشش کرتے ہوئے کئی ایسے امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے جنہیں وہ خود ’ڈمی امیدوار‘ کہتے ہیں اور انھوں نے بھرپور انتخابی مہم چلائی تھی، یہ انتخابی مہم جمعہ کی صبح ختم ہوئی۔

دوسری طرف بی این پی نے عوام سے ووٹ نہ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے ہفتہ سے 48 گھنٹے کی ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

بی این پی کے جوائنٹ سیکریٹری جنرل روح الکبیر رضوی نے جمعہ کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام، شہری آزادیوں اور عوام کی بنیادی آزادی کے مفاد میں انتخابات کا بائیکاٹ کریں۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ڈمی اور یکطرفہ انتخابات کے ذریعے ملک کو خطرے کی طرف نہ دھکیلے اور متنبہ کیا کہ اس طرح عوام کو دھوکا دے کر اقتدار برقرار نہیں رکھا جاسکتا۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں جس طرح سے انتخابات ہو رہے ہیں اس سے جنوبی ایشیائی ملک کے مغربی شراکت داروں بالخصوص امریکا کے ساتھ سفارتی اور اقتصادی تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔

امریکا نے انتخابات سے قبل حزب اختلاف سے سختی سے نمٹنے پر بنگلہ دیش کی حکومت کو بار بار تنقید کا نشانہ بنایا اور ستمبر میں منتخب افراد پر ویزا پابندیوں کا اعلان بھی کیا تھا۔

جو بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے جن افراد کیلئے ویزا پابندیوں کا اعلان کیا گیا ان پر جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کے پچھلے دو انتخابات بھی موجودہ انتخابات کی طرح (مبینہ دھاندلی زدہ) تھے، حزب اختلاف کی جماعت بی این پی نے 2014 میں انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا ، جبکہ 2018 کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات لگے تھے۔

الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز کی ابتدائی فہرستیں جاری کردیں

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ اسٹیشنز کی ابتدائی فہرستیں جاری کردیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے لیے ملک بھر میں ریٹرننگ افسران کی جانب سے انتخابی حلقے کے حساب سے ابتدائی پولنگ اسٹیشنز کی لسٹیں شائع کی جاچکی ہے، اس حوالے سے 11 جنوری تک ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) کے پاس اعتراضات جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی پولنگ لسٹ پر حلقے کا کوئی بھی امیدوار یا ووٹر اعتراض یا تجاویز جمع کرواسکتا ہے، 12 سے 17 جنوری کے دوران ڈی آر اوز ان اعتراضات یا تجویز پر اپنا فیصلہ دیں گے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشن کی حتمی فہرست عام انتخابات سے 15 روز قبل آویزاں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے 8 فروری 2024 کو پولنگ ڈے مقرر کیا گیا ہے۔

عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان نے پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں الیکشن کمیشن اور اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔

سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 6 دسمبر 2023 کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، اگر فیصلہ کالعدم نہیں ہوتا تو مقدمہ لاہور ہائیکورٹ منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ اسمبلی رکنیت اور پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا اور کیس لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہونے کے باوجود اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی درخواست دائر ہوئی۔

عمران خان کی جانب سے درخواست میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست واپس لینے کی استدعا کی لیکن عدالت نے کیس واپس لینے کی استدعا مسترد کردی، کوئی بھی عدالت مقدمہ واپس نہ کرنے پر اصرار نہیں کر سکتی۔

خیال رہے کہ 6 دسمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین عمران خان کی نااہلی کو برقرار رکھتے ہوئے کیس میں ان کی سزا معطلی کی درخواست نمٹا دی تھی۔

عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کو چیلنج کرنے والی درخواست واپس لینے کی درخواست بھی مسترد کردی تھی۔

21 اکتوبر 2022 کو انتخابی نگراں ادارے نے متفقہ فیصلے میں سابق وزیراعظم کو آرٹیکل 63 پی ون کے تحت نااہل قرار دیا تھا اور فیصلہ دیا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی اب رکن قومی اسمبلی نہیں رہے، انہیں جھوٹے بیانات اور غلط ڈیکلیریشن جمع کرنے پر نااہل قرار دیا گیا تھا۔

ای سی پی نے کہا تھا کہ عمران نے جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا اور وہ آرٹیکل 63 پی ون کے تحت بدعنوانی میں ملوث پائے گئے ہیں، یہ فیصلہ الیکشن اتھارٹی کے پانچ رکنی بینچ نے متفقہ طور پر کیا تھا۔

سابق وزیر اعظم نے اپنی نااہلی کو اسلام اآباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، عدالت سے استدعا کی تھی کہ فیصلے کو ایک طرف رکھا جائے کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا اس معاملے پر کوئی دائرہ اختیار نہیں ہے۔

دریں اثنا، عمران کی نااہلی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی تھی، درخواست میں ای سی پی کے متعلقہ سیکشن کو چیلنج کیا گیا تھا جس کے تحت عمران کو نااہل قرار دیا گیا۔

ابتدائی طور پر درخواست گزار نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو اسی معاملے پر لاہور ہائیکورٹ میں اپنی دوسری درخواست فائل کرنے کے بارے میں آگاہ نہیں کیا تھا، بعد میں پی ٹی آئی کے بانی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواست کی کہ وہ اسے اپنی درخواست واپس لینے کی اجازت دیں کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ لاہور ہائیکورٹ ہی کیس کو آگے بڑھائے۔

ساہیوال میں نایاب نسل کا 65 کلو وزنی کچھوا نکل آیا

 لاہور: ساہیوال میں مقامی لوگوں نے نایاب نسل کے 65 کلو وزنی کچھوے کو واپس اس کے مسکن میں چھوڑ دیا۔

مقامی لوگوں نے نایاب نسل کا یہ کچھوا ساہیوال کے نواحی علاقے میں نہر سے پکڑا تھا جو نہر میں پانی کم ہونے کی وجہ سے خشکی پر آگیا تھا۔

مقامی نوجوانوں کے مطابق اس کچھوے کا وزن 65 کلو گرام تھا جو کوئی خوراک نہیں کھا رہا تھا۔ فیس بک پر ماہرین سے اس کچھوے کی نسل اور خوراک کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔

اس حوالے سے مشن اویرنس فاؤنڈیشن کے سربراہ فہد ملک نے ان نوجوانوں سے رابطہ کیا اور انہیں اس بات پر مائل کیا کہ وہ اس کچھوے کو واپس نہر میں ہی چھوڑ دیں جس پر کچھوے کو آج واپس نہر میں چھوڑ دیا گیا۔

مشن اویرنس فاونڈیشن کے سربراہ فہد ملک نے بتایا کہ یہ نرم خول والا صاف پانی کا کچھوا ہے جسے مقامی زبان میں پریتر کہا جاتا ہے۔ یہ انتہائی نایاب نسل کے کچھوے ہیں جو آب گاہوں میں آلودگی کی وجہ سے ناپید ہوچکے ہیں۔

مقامی نوجوان اعظم ڈوگر نے بتایا کہ وہ چار دن تک کچھوے کو خوراک دینے کی کوشش کرتے رہے، اب اسے واپس پانی میں چھوڑ دیا ہے، اب بھی گاہے بگاہے چیک کرتے رہیں گے کہ کچھوے کو کوئی دوبارہ پکڑنے کی کوشش نہ کرے۔

مکہ میں ہریالی پر سعودی حکومت نے اہم ڈیٹا جاری کردیا، غیرمعمولی اضافہ

سعودی عرب کے قومی مرکز برائے نباتات (نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن کور ڈیولپمنٹ اینڈ کمبیٹنگ ڈیزرٹیفکیشن) نے بتایا ہے کہ مکہ مکرمہ میں گزشتہ پانچ ماہ (اگست تا دسمبر 2023) کے دوران ہریالی میں حیرت انگیز طور پر 600 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

مکہ مکرمہ میں چار سو پھیلی ہریالی کی وجہ برسات کا زیادہ ہونا ہے، کچھ علاقوں میں تو 200 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔

ریموٹ سینسنگ ڈیٹا کے جامع تجزیے کے ذریعے یہ طے کیا گیا کہ اگست میں مکہ مکرمہ میں ابتدائی نباتات کا رقبہ 3,529.4 مربع کلومیٹر تھا، جو اس خطے کے کل رقبے کا 2.3 فیصد بنتا ہے، جبکہ برسات کے بعد اس میں اضافہ ہوا اور بالآخر سال کے آخر تک نباتات کا رقبہ 26،256 مربع کلومیٹر تک پہنچ گیا۔

دسمبر 2023 تک، نباتات کا احاطہ مکہ خطے کے کل رقبے کے 17.1 فیصد تک پھیل گیا، خاص طور پر بحیرہ احمر کے ساحل کے ساتھ پہاڑی علاقے سرسبز و شاداب ہوگئے۔

500 سے 2600 میٹر کی اونچائی والے ان علاقوں میں مکہ، طائف، اللیث، الجوم، الکامل اور خلع کے گورنریٹس شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کا نیشنل سینٹر پودوں کے احاطہ والے علاقوں پر گہرائی سے مطالعہ کرتا ہے اور درخت لگانے کے منصوبے کے مقامات پر تبدیلیوں کی مسلسل نگرانی کرتا ہے۔

یہ زمین کے احاطہ میں تبدیلیوں کو ٹریک کرنے ، بارش کی سطح کی پیمائش کرنے اور پودوں کی صحت کا اندازہ کرنے کے لئے جدید ریموٹ سینسنگ اور مصنوعی ذہانت کی ٹکنالوجیوں کا استعمال کرتا ہے۔

یہ تمام کوششیں شجرکاری کے اقدامات اور سعودی گرین انیشی ایٹو کے اہداف کے حصول کے لئے ہیں۔

ہیکرز بغیر پاسورڈ جی میل اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں، ماہرین

کیلیفورنیا: سیکیورٹی محققین نے جی میل میں ایک ایسا سقم دریافت کیا ہے جس کے ذریعے ہیکرز پاسورڈ کے بغیر لوگوں کے جی میل اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

سیکیورٹی کمپنی کلاؤڈ ایس ای کے کی جانب سے کیے گئے تجزیے میں معلوم ہوا ہے کہ ایک خطرناک قسم کا میلویئر ثالث فریق کوکیز کا استعمال کرتے ہوئے لوگوں کے نجی ڈیٹا تک غیر قانونی رسائی حاصل کر سکتا ہے، اور اس کو ہیکنگ گروپ پہلے ہی آزما چکے ہیں۔

اس سقم کے متعلق انکشاف سب سے پہلے ایک ہیکر نے اکتوبر 2023 میں پیغام رسانی کے پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر کیا تھا۔

پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح کوکیز (جن کو ویب سائٹ اور براؤزر اپنی کارکردگی بہتر کرنے کے مقصد سے صارفین کا پیچھا کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں) سے جڑی کمزوریوں کو ذریعہ بنا کر اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

گوگل تصدیقی کوکیز صارفین کو بار بار ان کی لاگ ان تفصیلات درج کیے بغیر ان کے اکاؤنٹ تک رسائی دیتے ہیں۔ تاہم، ہیکرز نے ایسا راستہ تلاش کر لیا ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے وہ ان کوکیز کو حاصل کر لیتے ہیں تاکہ دو جہتی تصدیقی مرحلے سے بچا جا سکے۔

واضح رہے دنیا کا سب سے مشہور ویب براؤزر گوگل کروم اس وقت تھرڈ پارٹی کوکیز کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہا ہے۔

ایک بیان میں گوگل نے بتایا کہ کہ کمپنی معمول کے مطابق اس طرح تکنیک کے خلاف اپنا دفاع اپ گریڈ کرتی ہے تاکہ صارفین کو میلویئر کا ہدف بننے سے بچایا جاسکے۔ گوگل نے نشان دہی کیے گئے کسی بھی مشتبہ اکاؤنٹ کو بچانے کے لیے اقدام کیے ہیں۔

میرے سوا کسی کی بات کو عمران خان کا بیانیہ نہ سمجھا جائے، بیرسٹر گوہر

 راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ گزشتہ روز سینیٹ میں انتخابات کے التوا کے لیے منظور ہونے والی قراداد کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اور انتخابات وقت پر ہوں گے۔

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے مشاورت کے حوالے سے تیسری ملاقات ہوئی اور ٹکٹوں کا سلسلہ پیر کو مکمل ہو جائے گا اور اسی روز شام کو اعلان کردیا جائے گا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم ہر صورت انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں، سینٹ کی قراداد کی کوئی آئینی اور قانونی حیثیت نہیں ہے، امید ہے انتخابات وقت پر ہوں گے۔

انتخابی اتحاد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایک جماعت سے بات چیت چل رہی تھی لیکن وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئی، فی الحال کسی جماعت سے اتحاد نہیں، اگر ایک ادھ سیٹ پر ایڈجسٹمنٹ ہوئی تووہ ہمارے نشان پر ہی الیکشن لڑیں گے۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ بانی چیئرمین اس وقت جیل میں ہیں انھوں نے جا کر مضمون شائع نہیں کروایا، پی ٹی آئی کا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں، تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، اس میں کوئی دوسری رائے نہیں ہے۔

دریں اثنا انہوں شعیب شاہین اور انتظار پنجوتھہ کے ہمراہ پریس کانفرنس بھی کی اور کہا کہ یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ عمران خان نے کوئی ایسا بیان دیا ہے کہ ان کا چیف جسٹس قاضی فائز عیسی پر اعتماد نہیں ہے، آج عمران خان سے میری ملاقات ہوئی ہے جس میں  شعیب شاہین اور عمیر نیازی بھی میرے ساتھ موجود تھے،عمران خان نے کوئی ایسا بیان نہیں دیا وہ عدلیہ اور چیف جسٹس پر پورا اعتماد رکھتے ہیں۔

شیر افضل مروت بھی پریس کانفرنس کے دوران پہنچ گئے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ  میرے سوا کوئی بھی بات عمران خان کا بیانیہ نہ سمجھا جائے، ہم نے عدلیہ پر اعتماد کیا ہے ہم پہلے سے وقت پر الیکشن چاہتے ہیں ہم میدان خالی نہیں چھوڑیں، بلے کا نشان بھی ہمیں ملے گا قانونی طور پر ہم کیمپین 13 تاریخ سے ہی شروع کریں گے۔

شیر افضل مروت نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے ہمارے بیانیے میں کوئی تضاد نہیں چئیرمین صاحب میرے لیڈر ہیں ہمارا کوئی اختلاف نہیں ہے، چئیرمین صاحب کا بیان ہی پالیسی ہے۔

قرارداد توہین آئین ہے، سپریم کورٹ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، لطیف کھوسہ

پی ٹی آئی کے رہنما اور سینئر وکیل لطیف کھوسہ نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ کی قرار داد 14 اراکین کی جانب سے الیکشن مؤخر کرنے کے حوالے سے منظور کروائی گئی ہے حالانکہ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ 8 فروری کو الیکشن پتھر پر لکیر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سینٹ میں کورم بھی پورا نہیں تھا اس کے باوجود قرار داد کثرت رائے سے منظورکروائی گئی، یہ قرارداد توہین آئین ہے، سپریم کورٹ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے، کسی بھی قیمت پر الیکشن مؤخر نہیں ہونے چاہئیں، لیول پلیئنگ فیلڈ سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی کے امیدواروں کے بڑے پیمانے پر کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ہیں لیکن ٹریبونلز نے ان میں سے بیشتر کاغذات منظور کر لیے ہیں۔

لطیف کھوسہ نے مطالبہ کیا کہ آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری کو معطل کرکے پنجاب سے نکالا جائے، پنجاب میں تجویز کنندہ تک کو ہراساں کیا گیا اور وکلا کو گرفتار کیا گیا۔

رہنما پی ٹی آئی نے بتایا کہ نواز شریف کے وکیل گزشتہ تاریخ میں نیب کے پراسیکیوٹر بن کر آ گئے، نیب کے پاس پہلے ہی پراسیکیوٹرز کی فوج ظفر موج موجود ہے، پرائیویٹ وکیل بھی نہیں رکھا جاسکتا، یہ سرکاری خزانے پر بوجھ ہے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ توشہ خانہ کیس کو اب عدالت نے پیر تک ملتوی کردیا ہے، کیا توشہ خانہ سے صرف بانی پی ٹی آئی نے تحائف لیے ہیں، ایک شخص کے خلاف کارروائی کرکے آئین کی خلاف ورزی نہیں کی جاسکتی، 5 ماہ سے بانی پی ٹی آئی کو بیٹوں سے بات کروانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان

  کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کردی۔

ہفتے کو دن بھر بلوچستان کی شمال مشرقی یخ بستہ ہوائیں چلیں اور کم سے کم پارہ 13.5 ڈگری ریکارڈ ہوا، محکمہ موسمیات کے مطابق ہوائوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 25 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔

زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25.5 ڈگری ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، صبح ہلکی دھند چھانے کے سبب حد نگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر 3 کلومیٹر ریکارڈ ہوئی۔

اتوار کو پارہ ایک سے دو ڈگری تک گر سکتا ہے۔ 9 اور 10 جنوری کے دوران بلوچستان میں داخل ہونے والے حالیہ مغربی سسٹم کے تحت زیریں سندھ بشمول کراچی میں موسم سرد ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی سسٹم کے نتیجے میں شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں، رواں ماہ کے دوران ایک اور مغربی سلسلہ بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگا۔

توشہ خانہ سے تحائف وصول: احسن اقبال کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات عائد

لاہور: عام انتخابات 2024 کے لیے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات عائد کر دیئے گئے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ احسن اقبال نے توشہ خانہ سے تحائف حاصل کیے، احسن اقبال نے توشہ خانہ کے تحائف کی قیمت اثاثوں میں ظاہر کی۔

احسن اقبال کے این اے 76 سے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے تھے، ریٹرننگ آفیسر نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی منظور کیے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ٹربیونل احسن اقبال کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا حکم دے، اپیلٹ ٹربیونل کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے 9 جنوری کے لیے نوٹس جاری کر دیئے۔