لگتا ہے ریٹرننگ افسر نے شوقیہ دھڑا دھڑ کاغذات مسترد کیے، الیکشن ٹریبونل

کراچی: ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف پی ٹی آئی اور دیگر کو ریلیف ملنے لگا، الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی کے مزید امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں منظور کرلی۔

جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیئے کہ محض مقدمات کی بنیاد پر کسی کو انتخابات لڑنے سے نہیں روکا جاسکتا، جان بوجھ کر امیدواروں کو انتخابات لڑنے سے روکا جارہا ہے، ایسا لگ رہا ہے ریٹرننگ افسر نے شوقیہ دھڑا دھڑ کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔

سندھ ہائیکورٹ میں سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔
الیکشن ٹریبونل نے حلقہ این اے 243 سے پی ٹی آئی کے سبحان ساحل، حلقہ این اے 242 سے امجد آفریدی، پی ایس 113 کے حسنین چوہان، ہالہ سے مخدوم فضل کی اپیلیں منطور کرلیں۔

ٹریبونل نے پیپلزپارٹی کے امیدوار رؤف احمد اور آزاد امیدوار حلقہ پی ایس 126 سے رفیعہ حسن، آزاد امیدوار جمال الدین اور دیدار علی، این اے 237 سے فضا ذیشان کی ریٹرننگ افسران کے فیصلے کیخلاف اپیلیں منظور کرلیں۔

امیدواروں کو انتخابات لڑنے کی اجازت نہ دینے پر الیکشن ٹریبونل کے جج عدنان الکریم میمن کی ریٹرننگ افسران کے اہلیت پر سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیا جان بوجھ کر امیدواروں کو انتخابات لڑنے سے روکا جارہا ہے۔ ایسا لگ رہا ہے ریٹرننگ افسر نے شوقیہ دھڑا دھڑ کاغذات نامزدگی مسترد کیئے۔ محض مقدمات کی بنیاد پر کسی کو انتخابات لڑنے سے نہیں روکا جاسکتا۔

ٹریبونل نے سربراہ کی الیکشن کمیشن کی بھی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جب ریٹرننگ دور بین لگا کر حقائق کی ٹھیک نشاندہی نہیں کرسکے تو ہم کیسے کریں؟

جسٹس عدنان الکریم میمن نے امیدواروں اور وکلا سے دلچسپ مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ جاؤ بابا، جاکر الیکشن لڑنے کی تیاری کرو۔

شاہ محمود قریشی کےاین اے 150، 151 اور پی پی 218 اور 219 سے کاغذات نامزدگی مسترد،نااہل قرار

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔

ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس محمد سرفراز ڈوگر نے فیصلہ سنایا جس میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی بیان حلفی پر اصل دستخط نہ ہونے کے باعث مسترد کردیے گئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے این اے 150، 151 اور پی پی 218 اور 219 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

خیال رہے کہ شاہ محمود قریشی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 214 عمر کوٹ سے کاغذات نامزدگی منظور کیے جاچکے ہیں۔

پرویز الٰہی کی دوبارہ طبیعت ناساز، جیل سے اسپتال منتقل

راولپنڈی: تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جیل ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی کو سینے میں انفیکشن کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ گزشتہ ہفتے آر آئی سی میں ان کا تھیلیم ٹیسٹ کرایا گیا تھا جو کلیئر آیا تھا۔

جیل ذرائع کے مطابق پرویزالٰہی کاطبی معائنہ جیل اسپتال میں بھی معمول کے مطابق کیا گیا ہے تاہم ان کا آر آئی سی میں مکمل طبی معائنہ کیاجائےگا جہاں ان کے اب مزید کچھ ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔

فواد چوہدری کے کاغذات دوبارہ مسترد، نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی، اہلیہ بھی نااہل قرار

راولپنڈی: فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی منظوری کا حکم نامہ واپس لیے جانے کے ساتھ ان کی اہلیہ کو بھی انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔

الیکشن ٹریبونل نے فواد چوہدری کی اہلیہ کے 3 غیر ملکی دورے اور 9 بینک اکاؤنٹس سامنے آنے کے بعد حبا چوہدری کے خلاف اعتراضات کو درست قرار دیتے ہوئے انہیں جہلم کے صوبائی حلقے سے انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے حبا چوہدری کے غیر ملکی دوروں اور اسٹیٹ بینک نے بینک اکاؤنٹس کا ریکارڈ پیش کر دیا۔ حبا چوہدری نے بینک اکاؤنٹس اور غیر ملکی دورے چھپائے تھے۔ اس سلسلے میں حبا چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد اور انہیں نااہل کیے جانے پر فواد چوہدری کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

ساتھ ہی فواد چوہدری کے این اے 60 اور 61 سے منظور کاغذات منظوری کا حکم نامہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔ فواد چوہدری نے کاغذات میں اپنی بیوی کے بینک اکاؤنٹس اثاثے غیر ملکی دورے چھپائے۔الیکشن ٹریبونل نے فواد چوہدری کو 9 جنوری کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیوں نہ آپ کو بھی حقائق چھپانے پر نااہل قرار دیا جائے۔

کاغذات نامزدگی کی منظوری واپس لیے جانے کے ساتھ ہی فواد چوہدری پر بھی نااہلی کی تلوار لٹک گئی۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر، تیمور جھگڑا سمیت متعدد پی ٹی آئی امیدواروں کے کاغذات منظور

 اسلام آباد: الیکشن ٹربیونلز نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور تیمور جھگڑا سمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات منظور کرلیے۔

ہائی کورٹس کے الیکشن ٹربیونلز میں ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف امیدواروں کی اپیلوں کی سماعتیں جاری ہیں۔ اپیلوں کے فیصلوں میں 4 روز باقی ہیں۔ 10 جنوری تک تمام فیصلے سنادیے جائیں گے۔

راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل نے حلقہ پی پی 23 چکوال سے فوزیہ بہرام کے کاغذات منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کے اعتراضات مسترد کردیے اور انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

پشاور میں الیکشن ٹربیونلز نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، سابق ایم این اے شیر علی ارباب کی اپیلیں منظور کرلیں۔

الیکشن ٹربیونل نے این اے 36 ہنگو سے پی ٹی آئی ہنگو کے صدر یوسف خان کی اپیل بھی منظور کرلی۔

راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل سربراہ جسٹس مرزا وقاص رؤف نے تحریک انصاف کے تمام امیدواروں سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی، میجر طاہر صادق، ان کی اہلیہ ناز صادق ، پی پی 15 سے سابق وزیر قانون بشارت راجہ،  کرنل اجمل صابر، مرتضیٰ ستی، طارق مرتضی، سیمابیہ طاہر، سابق وزیر راجہ راشد حفیظ کے کاغذات منظور کرکے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

سی ٹی ڈی کی پنجاب بھر میں کارروائیاں، 7 دہشتگرد گرفتار

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے مختلف شہروں سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سات دہشت گرد گرفتار کر لیے، گرفتار دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مذکورہ انٹیلی جنش بیسڈ کارروائیاں لاہور، قصور، سرگودھا، بہاولپور اور بہاول نگر میں کی گئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ لاہور سے ٹی ٹی پی کے تین اہم کارکن گرفتار کیے گئے، جن سے بارودی مواد، ایک آئی ای ڈی بم،دو حفاظتی فیوز، پرائمہ کارڈ اور نقدی برآمد کی گئی۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت خان زمان، شاہ محمد اور عابد کے نام سے ہوئی ہے۔

 

اس کے علاوہ دہشت گرد خالد محمود، عظیم، احمد شاہ اور نور کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر9مئی سانحہ سےمتعلق کابینہ کمیٹی قائم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی ہدایت پر سانحہ نو مئی متعلق کابینہ کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

کابینہ ڈویژن نے کابینہ کمیٹی کے قیام کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق کمیٹی کی سربراہی نگراں وفاقی وزیرِ قانون احمد عرفان کریں گے۔

نوٹیفکیسن کے مطابق کمیٹی ممبران میں داخلہ، اطلاعات اور انسانی حقوق کے وزراء بھی شامل ہیں۔

کمیٹی 9 مئی 2023 کے واقعات کا جائزہ لے گی اور ایسے واقعات کی آئندہ روک تھام سمیت اس حوالے سے سفارشات تیار کرے گی۔

رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی بیٹی کی نئی ویڈیو وائرل

 ممبئی: بالی ووڈ کی اسٹار جوڑی رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی بیٹی راحہ کی نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نئے سال کی چھٹیاں گزارنے کے بعد گزشتہ روز ممبئی پہنچے جہاں ایئرپورٹ پر میڈیا کے فوٹوگرافرز نے اس جوڑی کی ویڈیوز اور تصاویر لیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں رنبیر کپور اپنی بیٹی راحہ کو گود میں اُٹھائے گاڑی میں بیٹھتے ہوئے اپنے مداحوں اور میڈیا کا ہاتھ کے اشارے سے شکریہ ادا کررہے ہیں۔

عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی بیٹی گلابی رنگ کے لباس میں میڈیا کی توجہ کا مرکز بنیں جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی راحہ کی معصومیت اور خوبصورتی کی تعریف کی۔


 

View this post on Instagram

A post shared by Viral Bhayani (@viralbhayani)

واضح رہے کہ رنبیر کپور نے 14 اپریل 2022 کو عالیہ بھٹ کے ساتھ شادی کی تھی اور سال 2022 میں 6 نومبر کو جوڑی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام راحہ رکھا۔

رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ ایک سال تک اپنی بیٹی راحہ کا چہرہ عوامی سطح پر سامنے نہیں لائے تھے اور میڈیا کو بھی راحہ کی کوئی تصویر لینے کی اجازت نہیں تھی۔

لاہور میں گھر بیٹھے ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید شروع

لاہور: پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن سروسز میں ایک اور اضافہ کرتے ہوئے لائسنس کی آن لائن تجدید کا آغاز کردیا۔

نہ قطار نہ انتظار ۔ شہری اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید گھر بیٹھے کریں۔

ٹریفک پولیس پنجاب اور پی ٹی اے کے اشتراک سے ڈرائیونگ لائسنس سسٹم میں جدت لائی گئی ہے۔ شہری پہلے لرنر لائسنس اور لرنر لائسنس کی تجدید آن لائن حاصل کر رہے تھے۔
آج سے شہری اپنے ریگولر لائسنس اور انٹرنیشنل لائسنس کی خود تجدید آن لائن کر رہے ہیں ۔ آج شروع کی گئی سروسز میں اب تک 842 شہریوں نے ریگولر آن لائن لائسنس کی تجدید کیلئے اپلائی کر دیا۔

10 شہریوں نے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کیلئے اپلائی کر دیا۔ 17566 نے نیو لرنر جبکہ 3295 شہریوں نے لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کیلئے اپلائی کردیا ۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہری اب گھر بیٹھے ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کروا رہے ہیں، آن لائن لائسنس سروسز سے خدمت مراکز اور دیگر ٹریفک دفاتر کے رش میں کمی آئے گی ۔

شمالی وزیرستان: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسکول ٹیچر جاں بحق

شمالی وزیرستان میں تھانہ میرعلی کی حدود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سرکاری اسکول ٹیچر یوسف خان جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ رات نامعلوم افراد نے گاؤں حیدرخیل کے علاقے بابر خیل اسکول ٹیچر پر فائرنگ کی۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو آج ٹی ایچ کیو اسپتال میرعلی منتقل کیا جائے گا۔