سلمان خان نے سابقہ گرل فرینڈ کترینہ کے شوہر کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے

 ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے اپنی سابقہ گرل فرینڈ کترینہ کیف کے شوہر و اداکار وکی کوشل کے ڈانس کی تعریف کردی۔

حال ہی میں وکی کوشل کی نئی آنے والی فلم ‘بیڈ نیوز’ کا نیا گانا ‘توبہ توبہ’ ریلیز ہوا، یہ گانا ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر چھاگیا، مداحوں نے گانے کی آفیشل ویڈیو پر تبصرے کرتے ہوئے اداکار وکی کوشل کے ڈانس مووز کی تعریف کی۔

مداحوں کے ساتھ ساتھ سلمان خان نے بھی وکی کوشل کی تعریف کی، میگا اسٹار نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں اداکار کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔

سلمان خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں وکی کوشل سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وکی! آپ کے کمال کے ڈانس مووز کی وجہ سے یہ گانا بہت بہترین لگ رہا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ آپ کی فلم کی کامیابی کے لیے میری نیک تمنائیں اور دُعائیں، آپ کے ساتھ ہیں۔

دوسری جانب وکی کوشل نے سلمان خان کی اسٹوری کو ری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ سلمان سر! آپ بہت اچھے ہیں، اس تعریف کے لیے آپ کا بہت شکريہ۔

وکی کوشل نے مزید کہا کہ آپ کی حوصلہ افزائی، میرے اور پوری ٹیم کے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔

v1

واضح رہے کہ آنند تیواری کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ‘بیڈ نیوز’ 19 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

یاد رہے کہ ماضی میں سلمان خان اور کترینہ کیف نے چار سال تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا، اس عرصے کے دوران دونوں کی شادی سے متعلق بھی خبریں سامنے آئی تھیں لیکن دونوں نے سال 2009 میں اپنی راہیں جُدا کرلی تھیں۔

سلمان خان سے بریک اَپ کے بعد کترینہ کیف نے دسمبر 2021 میں اداکار وکی کوشل سے شادی کی۔

کراچی کے داخلی راستوں پر چیک پوسٹوں کا قیام شروع، نفری تعینات

 کراچی: شہر قائد کے داخلی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر کراچی کے داخلی راستوں پر چیک پوسٹیں بنانے کا کام شروع ہوگیا۔ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کی بھاری نفری آج ہی سے مختلف مقامات پر اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ شروع کرے گی ۔

شرجیل انعام میمن نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیک پوسٹوں کے قیام مقصد منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے نظام کو مؤثر بنانا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف اسٹریٹیجک مقامات پر نفری کی تعیناتی فوری طور پر مؤثر ہوگی۔

منشیات کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے لیے نارکوٹکس کنٹرول وِنگ کو مضبوط بنانا حکومت سندھ کا عزم ہے۔

سال 2024-25 سیزن میں پاکستانی ٹیم کب اور کس ٹیم کیخلاف سیریز کھیلے گی؟ جانیے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہوم اور اوے انٹرنیشنل سیزن کی تفیصلات کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 2024-25 کے سیزن کے دوران 3 ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے ساتھ ساتھ چیمپئنز ٹرافی سے قبل 21 سال بعد سہ فریقی سیریز ون ڈے سیریز میں بھی حصہ لے گی۔

ہوم انٹرنیشنل سیزن کا آغاز بنگلادیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے ہوگا جو راولپنڈی میں 21 سے25 اگست تک اور کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

انٹرنیشنل ہوم سیزن کا اختتام آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 پر ہوگا جس کا فائنل 9 مارچ کو تجویز کیا گیا ہے۔

اس کے درمیان پاکستان انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا، جو ملتان میں 7 تا 11 اکتوبر کراچی میں 15 تا 19 اکتوبر اور راولپنڈی میں 24 تا 28 اکتوبر کھیلے جائیں گے۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی میں 16 تا 20 جنوری اور ملتان میں 24 تا 28 جنوری ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

اسی طرح نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز ملتان میں 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی۔

ہوم انٹرنیشنل میچز کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا زمبابوے اور جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی جہاں وہ 4 نومبر سے 7 جنوری کے دوران 2 ٹیسٹ 9 ون ڈے اور 9 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

اگست 2024 سے مارچ 2025 کے عرصے میں پاکستان کرکٹ ٹیم 9 ٹیسٹ 9 ٹی20 اور کم از کم 14 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔ ون ڈے میچوں کی تعداد چیمپئنز ٹرافی اور سہ فریقی ون ڈے سیریز میں ٹیم کی کارکردگی کی بنیاد پر بڑھ سکتی ہے۔

بنگلا دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 9 ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 کا حصہ ہوں گے۔

پاکستان نے اب تک سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف 2 سیریز میں 5 ٹیسٹ کھیلے ہیں جن میں سے 2 میں فتح اور 3 میں شکست ہوئی ہے اس طرح وہ 22 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔

غزہ میں جنگ بندی معاہدہ 3 ہفتوں میں ہونے کا امکان

مقبوضہ بیت المقدس: غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ 3 ہفتوں میں ہونے کا امکان ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے سے متعلق مذاکرات کے لیے اپنا وفد بھیجنے کی تصدیق کی ہے جس کے بعد 3 ہفتوں میں جنگ بندی معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر میں منعقد اجلاس میں حماس کی تجاویز پرغور کیا گیا۔ نیتن یاہو نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر تفصیلی بات چیت شروع کرنے کے لیے ایک وفد بھیجنے سے آگاہ کیا۔

نیتن یاہو کے دفتر نے قیدیوں کے حوالے سے وفد بھیجنے کے بارے میں امریکی صدر جو بائیڈن کو بھی مطلع کردیا ہے۔ مذاکرات کے لیے جانے والے اسرائیلی وفد کی قیادت موساد کے سربراہ کررہے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ تمام اہداف حاصل کرنے تک جنگ ختم نہیں کریں گے۔

دوسری جانب  وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جو بائیڈن نے نیتن یاہو کے اس بیان  کا خیرمقدم کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی مذاکرات کاروں کو جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے کی کوشش میں امریکی، قطری اور مصری ثالثوں سے مل کر معاملہ طے کرنے کی اجازت دی جائے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے لیے اسرائیلی وفد کے قطر جانے کا امکان ہے۔

کراچی؛ پولیس مقابلوں میں لیاری گینگ وار کارندے سمیت 3 ملزمان گرفتار

 کراچی: شہر قائد میں پولیس نے مقابلوں کے دوران لیاری گینگ وار کارندے سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق کلری پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار عذیر بلوچ گروپ سے ہے، جو بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے ۔

کلری پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ماڑی پور روڈ پرانا ٹرک اڈا کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت 31 سالہ محمد افضل شاہ ولد غلام مصطفیٰ کے نام سے کی گئی ۔

گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی ۔ گرفتار ملزم لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ گروپ کا کارندہ اور بھتہ خوری میں ملوث رہا ہے ۔ ملزم عذیر بلوچ کے نام پر بلڈرز ، تاجروں اور دیگر سرمایہ داروں سے بھتہ وصولی و دھمکیاں دیا کرتا تھا ۔ ملزم بھتے اور ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے ۔ گرفتار ملزم کے خلاف بغدادی ، کلری ، عید گاہ اور نپئیر تھانوں میں اسلحہ ایکٹ ، بھتہ خوری ، ڈکیتی اور منشیات فروشی سمیت دیگر دفعات کے تحت 8 مقدمات درج ہیں ۔

دریں اثنا پاپوش نگر پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پاپوش قبرستان امجد صابری قوال مزار کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ، جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت شبیر احمد ولد گلزار کے نام سے کی گئی ، دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام راشد اقبال ولد ظفر اقبال بتایا. گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے . گرفتار ملزمان سے ایک نائن ایم ایم اور ایک 30 بور پستول بمعہ گولیاں ، 3 موبائل فون ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گی ۔

وکٹری پریڈ؛ کھلاڑیوں کے استقبال کیلئے ممبئی کی سڑکوں پر ہجوم اُمڈ آیا

ٹی20 ورلڈکپ جیتنے کے بعد وطن واپس پہنچنے والی بھارتی ٹیم کے استقبال کیلئے ممبئی کی سڑکوں پر ہجوم آمڈ آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم نے جمعرات کو نریمان پوائنٹ میں نیشنل سینٹر فار پرفارمنگ آرٹس سے وانکھیڑے اسٹیڈیم تک 2 گھنٹے میں کیا، اس دوران شائقین کی بڑی تعداد کھلاڑیوں کے بس کے اردگرد جمع رہی اور پلئیرز نے مداحوں سے داد وصول کی۔

اس دوران عینی شاہد نے بتایا کہ غیر منظم اور ناقص انتظام کی وجہ سے ہجوم اپنے سپر اسٹارز کی ایک جھلک دیکھنے کو بیتاب تھا اور کوشش کررہا تھا کہ بس کے قریب جاکر مل سکے تاہم بھیڑ بڑھنے اور دھکم پیل کی وجہ سے متعدد افراد کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا تھا جبکہ پولیس سیکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام رہی۔

ایک اور عینی شاہد نے کہا کہ انتظامیہ، اعلیٰ حکام اور پولیس اتنی بھیڑ کی توقع نہیں کررہی تھی جس کی وجہ سے وکٹری پریڈ میں بدنظمی ہوئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ممبئی کی سڑکوں پر اپنی ٹیم کے استقبال کیلئے مداحوں کی بڑی تعداد 3 بجے سے ہی جمع ہونا شروع ہوگئی تھی تاہم 5 سے 6 بجے کے درمیان روڈ پر پاؤں رکھنے تک کی جگہ نہیں تھی۔

Image

Image

پریڈ میں مشکلات کے باوجود شائقین نے بھارت کی ورلڈکپ کی جیت کا جشن منایا، رقص اور ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔

Image

نشان حیدر کیپٹن کرنل شیر خان کا 25واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے

 اسلام آباد: کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کا 25واں یومِ شہادت آج عقیدت اور احترام سے منایا جا رہا ہے۔

یومِ شہادت پر مساجد میں قرآن خوانی اور دعائیں کی گئیں جبکہ علماء نے شہید کے درجات کی سربلندی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔

علماء کرام نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی حفاظت کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوان عزت و احترام کے مستحق ہیں، پاکستان کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج ہمارا ملک قائم و دائم ہے۔

علماء کرام کا کہنا تھا کہ جو قومیں اپنے شہداء کی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں، شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں، کیپٹن کرنل شیر خان شہید قوم کا بہادر بیٹا تھا جو ہمیشہ ہر دل میں زندہ رہے گا۔

کارگل جنگ کے دوران کیپٹن کرنل شیر خان نے متعدد چھاپہ مار کارروائیوں کی قیادت کی اور دُشمن کے بہت سے حملوں کو پسپا کر کے انہیں بھاری نقصان پہنچایا۔

کیپٹن کرنل شیر اور اُن کے 14ساتھیوں کو 5جولائی 1999 کو کاشف اور وکیل پوسٹ کے درمیان موجود مزاحمتی ناکہ بندی کو ختم کرنے کا مشن سو نپا گیا۔ اِس دوران کیپٹن کرنل شیر خان کو دشمن کی ایک اور مزاحمتی پوزیشن اور کاشف پوسٹ کی جانب بڑے حملے کی غرض سے آگے بڑھتی دُشمنوں کے سپاہیوں کی کثیر تعداد نظر آئی۔

اِن سخت کٹھن حالات کے باوجود آپ نے اپنے باقی ماندہ ساتھیوں کے ہمراہ دُشمن پر بھرپور حملہ کر کے اُسے ورطہ حیرت میں مبتلا کر دیا۔ کیپٹن کرنل شیر خان کی اِس دلیرانہ کارروائی نے دشمن کے قدم اکھاڑ دیے اور اُسے بھاری نقصان اُٹھانا پڑا۔

اِس جرأت مندانہ معرکے میں آپ دشمن کے اسنائپر فائر کی زد میں آگئے اور باقی ماندہ سات ساتھیوں کے ہمراہ جامِ شہادت نوش کیا۔

ہندوستانی بریگیڈ کمانڈر نے کیپٹن کرنل شیر خان کی بے خوفی اور دلیری کا اعتراف اِن الفاظ میں کیا کہ ’’کیپٹن کرنل شیر خان کی قیادت میں بھرپور جوابی حملوں نے ہمارے قدموں کو تقریباً اکھاڑ دیا تھا‘‘۔

لاہور؛ بھائی کے قاتل کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

لاہور ہائیکورٹ نے بھائی کے قتل کے مجرم کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا۔

جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے مجرم گلریز کی اپیل پر تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ مجرم گلریز نے اپنے بھائی محمد وقاص کو قتل کیا۔

تحریری فیصلے کے مطابق  مجرم کو ٹرائل کورٹ نے 2020 میں سزائے موت کا حکم سنایا۔ ایف آئی آر کے مطابق مجرم گلریز نے بھائی محمد وقاص کو چھری مار کر قتل کیا۔ مقتول کی اہلیہ نے مجرم گلریز کے خلاف شیخوپورہ میں مقدمہ درج کروایا تھا۔ تفتشی افسر نے تسلیم کیا کہ چھری کو فرانزک لیب نہیں بھیجا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ مقتول کی والدہ اور والد کے بیانات سے محسوس ہوا کہ وہ اپنے مجرم بیٹے کو بچانا چاہتے ہیں۔ یہ درست ہے کہ مقتول کی بیوی سدرہ کے سسرال والوں نے اس کا ساتھ نہیں دیا۔

مدعیہ سدرہ نے اپنے  شوہر محمد وقاص کو زخمی حالت میں شاہدرہ اسپتال منتقل کیا تاہم محمد وقاص جاںبر نہ ہو سکا۔

جمہوریت کا گلا گھونٹا، لوگوں کی آواز بند کی جارہی ہے، یاسمین راشد

 لاہور: پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کا گلا گھونٹا اور لوگوں کی آواز بند کی جا رہی ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی رہنما اور سابق صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے صحافیوں کو مراسلہ تھما دیا، جس میں انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

یاسمین راشد نے مراسلے میں کہا ہے کہ جمہوریت کا گلا گھونٹا جارہا ہے، لوگوں کی آواز بند کی جارہی ہے، اس پر نظر ثانی کریں، اس ظلم کو روکیں۔ یہ ظلم پاکستان کو تباہ کر دے گا۔ ظلم اور جبر سے آپ کسی کے دل سے عمران خان کی محبت نہیں نکال سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ جو ظلم تحریک انصاف کے کارکنوں نے برداشت کیا اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں۔ 8 فروری کو لوگوں نے نکل کر دنیا کو بتا کہ ہمارا لیڈر عمران خان ہے۔ تحریک انصاف عمران خان کی حقیقی آزادی کے نعرے کے ساتھ کھڑی تھی کھڑی ہے اور کھڑی رہے گئی۔

سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ فارم 47 کی حکومت جس طرح جمہوریت کا گلا گھونٹ رہی ہے اس کا نقصان تحریک انصاف کو نہیں ہر سیاسی جماعت کو ہو گا۔ تاریخ گواہ ہے جو کسی کے ساتھ زیادتی کرے گا وہ واپس اس کے آگے بھی آئے گا۔ پرامن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے، آپ یہ احتجاج نہیں روک سکتے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئی ایم ایف کا بنایا ہوا بجٹ آپ زبردستی لوگوں سے کہہ رہے ہیں کہ قبول کریں۔ فارم 47 کی حکومت پاکستان کے لوگوں کو قبول نہیں ہے ۔ چوری کیا ہو مینڈیٹ واپس کریں تاکہ جو اصل حکومت ہے وہ ملک کی باگ ڈور سنبھالے۔

کورونا وبا کے دوران وہیل مچھلیاں بہت پرسکون تھیں، تحقیق

برسبین: ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مشرقی آسٹریلوی ہمپ بیک وہیلز کورونا وبا کے پہلے سال کے دوران صحت مند اور کم تناؤ کا شکار تھیں جب سمندر پر انسانی سرگرمیاں محدود تھیں۔

تحقیق کے سرکردہ مصنف ڈاکٹر جیک لِنسکی اور یونیورسٹی آف کوئنز لینڈ کے محققین کی ایک ٹیم نے برسبین کے قریب نارتھ اسٹریڈ بروک جزیرے کے پانیوں میں وہیل مچھلیوں کے نمونوں کا استعمال کرتے ہوئے تحقیق کی۔

انہوں نے 2020 اور 2021 میں وہیل مچھلیوں کا ہجرت کے دوران مطالعہ کیا جس میں مچھلیوں کے قدوقامت، صحت اور توانائی کے ذخائر کا پتہ لگایا۔

انہوں نے 2020 کے مقابلے 2021 میں وہیل مچھلیوں میں اسٹریس ہارمون کورٹیسول کی نمایاں طور پر کم سطح پائی جب سمندر پر انسانوں کی آمدورفت  محدود تھی۔

ڈاکٹر جیک نے کہا کہ یہ کئی وجوہات کی وجہ سے ہو سکتا ہے جیسے کورونا وبا کے دوران کمرشل جہازوں کے ذریعے پانی کے اندر شور کی کم مقدار۔

انہوں نے کہا کہ وہیل کیلئے آواز انتہائی حساس معاملہ ہے کیونکہ وہ اسے پانی کے وسیع حصوں پر ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ اور بات چیت کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔