برقع پہننے پر والدین اور دوستوں نے بہت مذاق اُڑایا، ماہِ نور حیدر

  کراچی: مقبول ترین ڈرامہ سیریل ‘خئی’ میں ‘آپانا’ کے کردار سے شہرت پانے والی پاکستانی اداکارہ و ماڈل ماہِ نور حیدر نے کہا ہے کہ اُنہوں نے اپنے والدین کی وجہ سے برقع پہننا چھوڑ دیا تھا۔

حال ہی میں ماہِ نور حیدر نے اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے بتایا کہ برقع پہننے پر اُنہیں کونسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ماہِ نور حیدر نے کہا کہ میرے گھر میں سب نمازی پرہیزگار ہیں لیکن میرے گھر میں پردہ کرنے کا کوئی رواج نہیں، میرے گھر کی خواتین برقع نہیں پہنتیں اور نہ ہی سر پر دوپٹہ اور چادر لیتی ہیں لیکن میں نے سال 2009 میں برقع پہننا شروع کیا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ میں اُس وقت نویں جماعت میں زیرِ تعلیم تھی تو میں پہلی بار برقع پہن کر اپنے والد صاحب کے سامنے گئی، میرا خیال تھا کہ والد صاحب مجھے برقع میں دیکھ کر فخر محسوس کریں گے لیکن اُنہوں نے مجھے دیکھ کر قہقہے لگائے اور پھر کہا کہ یہ کیا منافقت ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے اپنے والد صاحب کے ردعمل کا مطلب اب سمجھ آیا ہے، وہ یہ چاہتے تھے کہ میں پہلے اندرونی طور پر خود کو بہتر کروں اور اُس کے بعد ظاہری طور پر خود کو تبدیل کروں۔

ماہِ نور حیدر نے کہا کہ اُس کے بعد، میں نے برقع پہننا چھوڑ دیا تھا کیونکہ میرے دوستوں نے بھی میرا بہت مذاق اُڑایا تھا اور میری والدہ کو میرا برقع پہننا پسند نہیں تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ میری والدہ کہتی تھیں کہ ماہِ نور، تُم ہمارے ساتھ بالکل عجیب لگتی ہو، جب ہم کہیں باہر جاتے ہیں تو تُم ہمارے خاندان کی نہیں لگتی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اب میں آزاد ہوں، مجھے اب کسی کا خوف نہیں، میرا جب دل کرتا ہے تو میں برقع پہن لیتی ہوں لیکن سر پر دوپٹہ نہیں لیتی کیونکہ میں نہیں چاہتی کہ لوگ میرے خلاف بولیں کہ بِل بورڈز پر دوپٹے کے بغیر ہوتی ہے اور ویسے برقع پہنتی ہے۔

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ‘خئی’ میں زمدہ کا کردار در فشاں سلیم جبکہ چنار خان کا کردار اداکار فیصل قریشی نے ادا کیا تھا۔

ورلڈ چیمپئین شپ آف لیجنڈ؛ پاکستان کی مسلسل دوسری فتح

ورلڈ چیمپئین شپ آف لیجنڈز کے دوسرے میچ میں پاکستان چیمپیئنز نے ویسٹ انڈیز کو 29 رنز سے شکست دیکر مسلسل دوسرا میچ جیت لیا۔

انگلینڈ کے ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے معرکے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان لیجنڈز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔

گرین شرٹس کی جانب سے آل راؤنڈر شعیب ملک نے 54، شرجیل خان 35، صہیب مقصود 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ اننگز کے اختتامی لمحات میں عامر یامین نے 11 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز لیجنڈز کی مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 بناسکی، ڈوین اسمتھ 64 رنز بناکر نمایاں رہے تاہم انکے علاوہ کوئی بیٹر پاکستان بالرز کے سامنے مزاحمت نہ کرسکا۔

دیگر کھلاڑیوں میں جوناتھن کارٹر 34، چیڈوک والٹن 16 اور جروم ٹیلر 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے کوٹے کے 4 اوورز میں 14 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ شاہد آفریدی نے 3 اور وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔واضح رہے کہ پاکستان لیجنڈز نے اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

بارش اور پھسلن کے باعث موٹروے ایم2 پر بس کو حادثہ، ڈرائیور جاں بحق

 اسلام آباد: موٹروے ایم2 بلکسر انٹر چینج کے قریب بس کو حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر جاں بحق جبکہ خاتون زخمی ہوگئی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق بارش اور پھسلن کی وجہ بس آگے جانے والے ٹرالر میں ٹکرا گئی۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیوں کا اغاز کر دیا گیا ہے، مسافر بس میں 47 افراد سوار تھے جو کہ محفوظ رہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کے افسران موقع پر پہنچے، موٹروے پولیس نے فوری رسپانس کرتے ہوئے زخمیوں کو شفٹ کرنے کے لیے ایمبولینسز منگوائیں۔

پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال، لاہور میں اکثر پمپس پر کاروبار جاری

 لاہور: ملک بھر میں آج پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال ہے جب کہ پنجاب کے دارالحکومت میں اکثر پمپس پر کاروبار جاری ہے۔

وفاقی بجٹ میں ٹیکسز کے خلاف پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی کال پر آج ملک گیر ہڑتال ہے، اس دوران چھوٹے بڑے شہروں سمیت اہم شاہراہوں پر کئی پیٹرول پمپ بند ہیں تاہم لاہور میں اکثر پیٹرول پمپس پر کاروبار کا سلسلہ جاری ہے۔

سیکرٹری جنرل پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن خواجہ عاطف کا کہنا ہے کہ ہم سے ہڑتال کے حوالے سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی، ہم اس سیاسی ایجنڈے کو آگے نہیں بڑھائیں گے۔ ہم نے مشروط حمایت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی شرح زیادہ ہے، جس کی وجہ سے کاروبار کرنا مشکل ہو چکا ہے۔

لاہور میں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن دو دھڑوں میں تقسم ہو گئی ہے۔ ہڑتال کے دوران شہر میں ساڑھے 3 سو پیٹرول پمپس میں سے تقریباً ڈیڑھ سو بند ہیں اور دیگر کھلے ہوئے ہیں، تاہم پیٹرول پمپس بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسوسی ایشن کے سمیع گروپ نے ہڑتال کررکھی ہے جب کہ خواجہ عاطف گروپ نے پیٹرول پمپ کھول رکھے ہیں۔

واضح رہے کہ آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان ٹیکسز کے معاملے پر مذاکرات ایک بار پھر ناکام ہوگئے اور ڈیڈ لاک برقرار ہے، جس پر ایسوسی ایشن نے اسلام آباد کے سوا ملک بھر میں پمپ بند رکھنے کا اعلان کیا تھا اور رات بارہ بجتے ہی ایسوسی ایشن کی کال پر کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں مالکان نے پمپ بند کر کے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی روک دی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا نے مالکان کو پیٹرول پمپ کھلے رکھنے کی ہدایت جاری کردی۔ ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے مطابق اوگرا اور پٹرولیم ڈویژن نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات ملک بھر میں دستیاب رہیں گی۔ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار موجود ہے۔

9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس؛ شاہ محمود قریشی انسداد دہشتگردی عدالت میں طلب

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو طلب کرلیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج خالد ارشد نے تفتیشی افسر کی استدعا پر شاہ محمود قریشی کو طلب کیا۔ عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپریٹینڈنٹ کو نوٹس جاری کردیا۔

عدالت نے شاہ محمود قریشی کو 8 جولائی کو طلب کیا ہے۔

لاہور؛ سرعام اسلحہ لہرانے والے 2 ملزم گرفتار، رائفل سمیت دیگر ہتھیار برآمد

 لاہور: پولیس نے سرعام اسلحہ لہرانے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے رائفل سمیت دیگر ہتھیار برآمد کرلیے۔

ترجمان کے مطابق چوکی ہلوکی پولیس نے دوران گشت ولینشیا ٹاؤن میں شاہراہ عام پر ڈالہ پر سرعام اسلحہ کی نمائش کرتے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار کیے گئے ملزمان احمد اور آصف سے رائفل، 2 پستول، میگزینز اور درجنوں گولیاں برآمد کرکے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال گاڑی بھی تحویل میں لے لی ہے۔

ایس پی اخلاق احمد تارڑ کا کہنا ہے کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی ہے، جس کی ملزمان خلاف ورزی کررہے تھے۔

پاک بنگلادیش ٹیسٹ سیریز؛ ممکنہ شیڈول منظر عام پر

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ہونیوالی ٹیسٹ سیریز کا ممکنہ شیڈول منظر عام پر آگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیشی کرکٹ ٹیم 17 اگست کو پاکستان پہنچے گی، سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 21 اگست، دوسرا ٹیسٹ 30 اگست جبکہ آخری ٹیسٹ میچ 3 ستمبر کو ہونے کا امکان ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-2025 کا حصہ ہے۔

قبل ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں میڈیا بریفنگ میں تصدیق کی تھی کہ قذافی اسٹیڈیم جاری اپ گریڈ کی وجہ سے قذافی اسیٹیڈیم پاک بنگلادیش سیریز کے میچز کی میزبای سے محروم رہے گا۔

تین میچز پر مشتمل سیریز کے میچز کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں شیڈول رکھے جاسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں 2001 سے ابتک ہوم گراؤنڈ پر 13 بار ٹیسٹ میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس میں پاکستان ناقابلِ شکست ہے جبکہ ایک ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔

ٹیٹوز کی سیاہی میں انفیکشن کا سبب بننے والے بیکٹیریا ہوتے ہیں

  واشنگٹن: محققین نے کمرشل طور پر استعمال ہونے والی ٹیٹوز اور مستقل میک اپ کی سیاہی میں بیکٹیریا سے خبردار کیا ہے جو انسانی انفیکشن کا سبب بن سکتا ہے۔

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے ایک مائکرو بایولوجسٹ سیونگ جا کم نے کہا کہ ہمارے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ ٹیٹو کی سیاہی بیکٹیریا کی آماجگاہ بن سکتی ہے جو جلد کی پرت جیسے کم آکسیجن والے ماحول میں پنپ سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ آلودہ زدہ ٹیٹو کی سیاہی ایروبک یا اینیروبک دونوں قسم کے بیکٹیریا سے انفیکشن کے پھیلاؤ کا ذریعہ ہوسکتی ہے۔

مذکورہ بالا رپورٹ جریدے ’اپلائیڈ اینڈ انوائرمینٹل مائیکرو بائیولوجی‘ میں شائع ہوئی ہے۔

محققین کا مطالعے کا مقصد امریکی مارکیٹ میں ٹیٹو کی سیاہی میں بیکٹیریا کی موجودگی اور اسکے نقصانات کا اندازہ لگانا تھا۔ نتائج بیکٹیریا کی نشاندہی کیلئے ٹیٹوز کی سیاہی کی نگرانی پر بھی زور دیتے ہیں۔

سو سالہ افراد کی سب سے بڑی تقریب کا ریکارڈ

پیڈیوا: ایک اطالوی ریٹائرمنٹ ہوم چین میں منعقد ہونے والی سالانہ سو سالہ افراد کی بیٹھک میں 70 افراد نے جمع ہو کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔

فونڈازائیون اوپرا اِماکولاٹا نامی ادارہ جو وینیٹو اور گوریزیا میں 11 ریٹائرمنٹ ہوم چلاتا ہے، گزشتہ 15 برسوں سے سو سالہ افراد کی سالانہ بیٹھک کا انعقاد کرتا آ رہا ہے اور یہ ایونٹ وقت کے ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔

اس سال اٹلی کے شہر پیڈیوا میں منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں گینیز ورلڈ ریکارڈز کے اہلکار کو مدعو کیا گیا جنہوں نے شرکاء میں 70 سو سالہ افراد کی موجودگی کا مشاہدہ کیا۔

اس تقریب نے 2016 میں آسٹریلیا میں منعقد ہونے والی 45 سو سالہ افراد کی تقریب کا ریکارڈ توڑا۔

امبانی کے بیٹے کی شادی میں پرفارمنس کیلئے جسٹن بیبر کتنا معاوضہ لیں گے؟

 ممبئی: ایشیا کے امیر ترین شخص بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کی تقریبات میں پرفارم کرنے کے لیے کینیڈین پاپ اسٹار جسٹن بیبر کے معاوضے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کے سنگیت کی تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے جسٹن بیبر کو 83 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 2 ارب 76 کروڑ 88 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) معاوضہ دیا جائے گا۔

آج یعنی 5 جولائی کو امبانی خاندان کی رہائش گاہ اینٹیلیا میں اننت اور رادھیکا کے سنگیت کی تقریب منعقد ہوگی جس میں جسٹن بیبر اپنی شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے۔

گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ جسٹن بیبر، امبانی کے بیٹے کی شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت کے شہر ممبئی پہنچ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں مکیش امبانی نے اپنے بیٹے اننت امبانی اور اُن کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ کے لیے تین روزہ  پری ویڈنگ تقریبات کا انعقاد کیا تھا، یہ تمام تقریبات بھارتی ریاست گجرات کے شہر جام نگر میں منعقد ہوئی تھیں۔

پری ویڈنگ تقریبات میں دنیا بھر کی چند بااثر شخصیات اور نامور بالی ووڈ ستاروں نے شرکت کی تھی جن میں سماجی، سیاست، کاروباری، شوبز اور کھیلوں کی دنیا کی معروف شخصیات شامل تھیں۔

ان تقریبات میں امریکی گلوکارہ ریانا نے بھی پرفارم کیا تھا، اُنہوں نے اپنی پرفارمنس کے لیے 74 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لیا تھا۔

اس کے علاوہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کا دوسرا جشن 29 مئی سے یکم جون تک اٹلی اور جنوبی فرانس میں کروز پر منایا گیا تھا جبکہ امبانی خاندان نے اننت اور رادھیکا کی شادی سے قبل 50 غریب جوڑوں کی شادی بھی کروائی۔