برطانیہ کے عام انتخابات میں خواتین امیدواروں کی بڑی تعداد کامیاب

برطانیہ کے عام انتخابات میں خواتین امیدواروں نے بڑی تعداد میں کامیابی حاصل کرلی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق تقریباً 242 خواتین امیدواروں نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔

برطانوی عام انتخابات میں پاکستانی نژاد روزینہ ایلن خان لندن کے علاقے ٹوٹنگ سے ایک مرتبہ پھر کامیاب ہوئی ہیں۔

دوسری جانب کنزرویٹیو پارٹی کی رہنما و سابق وزیراعظم لز ٹرس اپنی نشست ہار گئیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق لز ٹرس کو لیبر پارٹی کے ٹیری جیرمی سے 600 ووٹ سے شکست ہوئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سابق وزیراعظم لز ٹرس نے تسلیم کرلیا کہ کنزرویٹیو نے ڈیلیور نہیں کیا۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس بند، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

  کراچی: پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پیٹرول پمپس پر ڈبل ٹیکسیشن کے نفاذ کے خلاف ہڑتال کے باعث آج کراچی کے مختلف پیڑول پمپس کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات سے ہی ہڑتال کی حمایت کرنے والے پمپ مالکان نے پیٹرول کی فراہمی بند کر دی تھی اور انتظامیہ نے شامیانے اور قناعتیں لگا کر پمپس بند کر دیے تھے۔

شہر قائد میں کچھ پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی کال پر ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس کے خلاف ملک بھر میں 5 جولائی سے 13 ہزار پیٹرول پمپس بطور احتجاج بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

چیونٹیاں بھی انفیکشن کا پھیلاؤ روکنے کیلئے متاثرہ عضو کاٹ دیتی ہیں

لوزان: چیونٹیاں ان چند جانداروں میں سے ایک ہیں جو اپنے ساتھیوں کے زخموں کو ٹھیک کرتے ہیں اور اب ایک حالیہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ کسی ساتھی کی زندگی بچانے کیلئے اس کے جسم کا متاثرہ حصہ بھی کاٹ دیتی ہیں جیسے انسان کرتے ہیں۔

کچھ چیونٹیاں زندہ رہنے کے امکانات کو بڑھانے کے لیے ساتھیوں کے متاثرہ اعضاء کو کاٹ دیتی ہیں۔ اس طرز عمل کی وجہ سے وہ واحد ریکارڈ شدہ جاندار ہیں جو کسی دوسرے کی جان بچانے کے لیے عضو کاٹتی ہیں۔

اگرچہ یہ بات ہمیں پہلے ہی معلوم تھی کہ میٹابیلی چیونٹیاں خصوصی غدود (glands) کے ذریعے پیدا ہونے والے جراثیم کش مادے کو خارج کر کے انفیکشن کا علاج کر سکتی ہیں۔ لیکن تمام چیونٹیوں میں یہ غدود نہیں ہوتے۔

سوئٹزرلینڈ کی لوزان یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ڈینی بفٹ لیبارٹری میں فلوریڈا کی کارپینٹر چیونٹیوں کی کالونیوں کا مشاہدہ کر رہے تھے کہ جبھی انہوں نے ایک چیونٹی کو اپنے ساتھی کی زخمی ٹانگ کو چباتے ہوئے دیکھا۔

ڈینی نے کہا کہ مجھے پہلے تو یقین نہیں آیا۔ میں نے سوچا کہ کوئی اور بات ہو گی، شاید کوئی خطرہ محسسوس ہوا ہو یا وہ اسے دشمن سمجھ بیٹھی ہو۔

برطانیہ عام انتخابات، ووٹنگ کے عمل کے بعد نتائج کا سلسلہ شروع، لیبر پارٹی آگے

  لندن: برطانیہ میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے لندن کے انٹرنینشنل کنونشن سینٹر میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، اور تازہ ترین نتائج کے مطابق لیبر پارٹی کو واضح برتری حاصل ہے۔

برطانوی پارلیمنٹ کی 650 نشستوں پر ہونے والے عام انتخابات میں اب تک 272 نشستوں کے نتائج آ گئے ہیں۔

نتائج کے مطابق کیئر اسٹارمر کی لیبر پارٹی 198 نشستوں کے ساتھ ٹاپ پر ہے، موجودہ حکمران جماعت کنزرویٹو کو ابھی تک 35 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔

لبرل ڈیموکریٹک پارٹی 23، اسکاٹش نیشنل پارٹی 4 اور ریفارم کو ایک نشست پر کامیابی ملی ہے۔

برطانیہ، عام انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشن میں تصویر یا ویڈیو بنانے پر مکمل پابندی عائد رہی

  لندن: برطانیہ میں قبل از وقت ہونے والے عام انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنز میں تصویر یا ویڈیو بنانے پر مکمل طور پر پابندی عائد رہی۔

انتخابات سے قبل نئے ووٹرز کے اندراج کے باعث ملک میں نئی حلقہ بندیاں کی گئی تھیں جس کے بعد کل نشستوں کی تعداد میں 10 مزید نشستوں کا اضافہ ہوا۔

نشستوں میں اضافے کے بعد اب انگلینڈ کے پارلیمانی حلقوں کی کل تعداد 543 ہو گئی جبکہ ناردرن آئرلینڈ کی 18 نشستیں ہیں، ویلز اور اسکاٹ لینڈ کی مجموعی

نشستوں میں کمی ہوئی جس کے مطابق ویلز کی نشستیں 32 اور اسکاٹ لینڈ کی 57 نشستیں ہو گئی ہیں۔

واضح رہے کہ کنزرویٹو پارٹی کی حکومت کی معیاد جنوری 2025 میں ختم ہونی تھی مگر وزیر اعظم رشی سوناک نے قبل از وقت انتخابات کا اعلان کر دیا تھا، 1945 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جب جولائی میں عام انتخابات ہوئے ہیں۔

ووٹ دیا یا نہیں، میں اپنے حلقے کے ہر فرد کی خدمت کروں گا، کیئر اسٹارمر

  لندن: برطانیہ کے عام انتخابات میں ممکنہ تاریخی کامیابی پر لیبر پارٹی کے سربراہ کیئر اسٹارمر نے کہا کہ لوگوں نے ووٹ دیا یا نہٰں میں اپنے حلقے کے ہر فرد کی خدمت کروں گا۔

اپنی سیٹ جیتنے کے بعد کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ تبدیلی یہیں سے شروع ہوتی ہے، میں آپ کے لیے بولوں گا، ہر روز آپ کے لیے لڑوں گا، لوگ تبدیلی کے لیے تیار ہیں، آپ نے ووٹ دیا اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے وعدے پورے کریں۔

سربراہ لیبر پارٹی کیئر اسٹارمر نے ووٹنگ میں شامل تمام افراد اور اپنے ساتھی امیدواروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہماری جمہوریت کا دل ویسٹ منسٹر یا وائٹ ہال میں نہیں بلکہ ٹاؤن ہالز، کمیونٹی سینٹرز اور ووٹ لینے والے لوگوں کے ہاتھوں میں دھڑکتا ہے۔

ایگزٹ پول کے مطابق برطانیہ کے عام انتخابات میں لیبر پارٹی کو 650 نشستوں میں سے 410 نشستوں پر برتری حاصل ہے، جبکہ موجودہ حکمراں جماعت کنزرویٹو پارٹی کو صرف 131 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔

210 ڈومیسٹک کرکٹرز کے کنٹریکٹس ختم کرنے پر غور ہونے لگا

  کراچی: ڈومیسٹک کرکٹ میں کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تعداد کم کرنے پر غور ہونے لگا۔

تینوں فارمیٹ کا چیمپئنز کپ کھیلنے والے کرکٹرزسے ہی معاہدوں کی تجویز سامنے آئی ہے،ایونٹ کی 5 ٹیمیں شامل ہوں گی ، ہر ٹیم میں 30 ٹاپ کرکٹرز ہوں گے، انہی 150 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹس ملیں گے۔ گذشتہ سال 360 کرکٹرز سے معاہدہ ہوا تھا۔

البتہ ذرائع کے مطابق اب پی سی بی 210 ڈومیسٹک پلیئرز کے کنٹریکٹس ختم کرنے پر غور کررہا ہے۔

چیمپئنز کپ میں ٹیموں کا مینٹور شاہد آفریدی، یونس خان، وقار یونس،مصباح الحق و دیگر سابق کرکٹرز کو بنایا جا سکتا ہے۔

کاؤنٹی کرکٹ، ٹیم 1 رن کی کمی سے 593 کا ریکارڈ ہدف نہ پاسکی

انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ کے میچ میں ڈرامائی اختتام پر دنیائے کرکٹ حیران رہ گئی۔

گلوسٹرشائر کے وکٹ کیپر جیمز بریسی نے بغیر گلوز کے ایک ہاتھ سے کیچ تھام کر گلیمورگن کو بڑے اعزاز سے محروم کردیا۔

حریف ٹیم ایک  رن کی کمی سے 593 رنز کا ریکارڈ ہدف حاصل نہیں کرپائی، مقابلہ ٹائی ہوگیا لیکن چوتھی اننگز کا سب سے بڑا مجموعہ ضرور بن گیا۔

“ٹیم میں سرجری پر مخالفت کی آوازیں بلند ہونے لگیں”

  کراچی: سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے قومی ٹیم میں سرجری کی مخالفت کر دی، ان کے مطابق بابراعظم کا کرکٹ کی دنیا میں ایک نام اور مقام ہے، بعض اوقات ہم ان کے بارے میں بہت سخت رویہ اپنا لیتے ہیں۔

مشتاق احمد نے کہا کہ کسی بھی طرح کے فیصلے کرتے وقت پی سی بی کو وقت لینا چاہیے، ریسرچ کرنا پڑے گی کہ کس کھلاڑی کی کتنی اہمیت ہے، کپتان، منیجر اور کوچ کا تقرر کرتے ہوئے ماضی کی کارکردگی کو ذہن میں ضرور رکھنا چاہیے، جب طریقہ کار سے ہٹ کر جذباتی فیصلے کیے جاتے ہیں تو نتائج اسی طرح کے ہی سامنے آتے ہیں۔

سابق لیگ اسپنر نے کہا کہ ٹیم میں کسی سرجری کی ضرورت نہیں ہے،رائٹ مین فار دی رائٹ جاب کے فارمولا کو اپنانا چاہیے، یہی پلیئرز مستقبل میں پاکستانی ٹیم کو جتوائیں گے،ہمیں ان کو وقت دینا چاہیے۔ورلڈ کپ کے حوالے سے مشتاق احمد نے کہا کہ پاکستان کی جس طرح کی ٹیم تھی کھلاڑی ویسی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے ، امریکا اور ویسٹ انڈیز کی کنڈیشنز و پچز کھلاڑیوں کے لئے بہت موزوں تھیں۔

ایک پاکستانی ہونے کے ناطے گرین شرٹس کی اس طرح کی مایوس کن کارکردگی پر مجھے بھی بہت زیادہ افسوس ہوا،ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹس دیکھ کر ہم کہہ سکیں گے کہ ہار کی اصل وجوہات کیا ہیں،کاغذ پر اگر جائزہ لیا جائے تو یہ ٹاپ 4 یا 6 میں آنے والی ٹیم تھی۔

بابر اعظم کی کپتانی کے حوالے سے سوال پر مشتاق احمد نے کہا کہ بعض اوقات ہم حقیقت پسندی کے بجائے بہت جذباتی فیصلے کر لیتے ہیں،ہمیں اس بات کو بھی دیکھنا چاہیے کہ ماضی کے آئی سی سی اور ایشیائی سطح کے ایونٹس میں پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس کیا رہی، کیا گرین شرٹس سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہے.

یہ بھی دیکھیں کہ بھارتی ٹیم نے کتنے عرصے بعد ورلڈ کپ جیتا ہے، وہ بھی سیمی فائنل یا فائنل تک پہنچ کر ہارجاتء تھے،اگر ایک کھلاڑی ٹیم کیلیے رنز بنائے جبکہ  نیچے کی پوزیشن پر دیگر پلیئرزاسکور نہیں بناتے تو اس میں کیلے بابر کا کیا قصور ہے، ان کا کرکٹ کی دنیا میں ایک نام اور مقام ہے، بعض اوقات ہم بابر کے بارے میں بہت سخت رویہ اپنا لیتے ہیں،وہ اپنی بیٹنگ میں جارحانہ پن لے آئے ہیں جس کا اظہار بھی کیا ہے۔مشتاق احمد نے کہا کہ شاداب خان کو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنا چاہیے، ورلڈ کپ میں اسامہ میر کو کھلانا مناسب رہتا۔

برطانوی عام انتخابات، لیبر پارٹی کے کیئر اسٹارمر نئے وزیر اعظم ہوں گے، برطانوی میڈیا

لندن: برطانیہ میں ہونے والے قبل از وقت عام انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہو چکا ہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے، ایگزٹ کے سروے کے مطابق لیبر پارٹی کو واضح برتری حاصل ہے، برطانوی میڈیا نے لیبر پارٹی کے کیئر اسٹارمر کے وزیر اعظم بننے کی امید ظاہر کر دی۔

انتخابات میں متوقع کامیابی کے حوالے سے لیبر پارٹی کے کیر اسٹارمر نے سوشل میڈیا پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جنہوں نے ہمیں ووٹ دیا اور ہماری تبدیل شدہ لیبر پارٹی پر اعتماد کیا، میں ان سب کا شکر گزار ہوں۔

لیبر پارٹی کی نائب رہنما انجیلا رینر کہتی ہیں کہ اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں لیکن ایگزٹ پول ایک سروے ہے اس لیے ہمیں ابھی تک کوئی نتیجہ نہیں ملا ہے۔

برطانوی مسند اقتدار پر 14 سال برسراقتدار رہنے والی کنزرویٹو پارٹی کے میل سٹرائیڈ نے انتخابی نتائج کے ایگزٹ پول کو پارٹی کے لیے بہت مشکل لمحہ قرار دیا ہے۔

ایگزٹ پول کے مطابق لیبر پارٹی کو 650 نشستوں میں سے 410 نشستوں پر برتری حاصل ہے، جبکہ موجودہ حکمراں جماعت کنزرویٹو پارٹی کو صرف 131 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔

موصول ہونے والے نتائج کے مطابق لیبر ڈیموکریٹک پارٹی کو 61، ریفارمز کو 13 اور اسکاٹس نیشنل پارٹی کو 10 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔

برطانوی پارلیمنٹ کی 650 نشستوں کے لیے ہونے والے عام انتخابات میں 4500 سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا، جبکہ امیدواروں کے انتخاب کے لیے 5 کروڑ سے زائد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

عام انتخابات کے لیے انگلینڈ، آئرلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں 40 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

حکمراں کنزرویٹو پارٹی، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی، لیبر پارٹی، اسکاٹش نیشنل پارٹی اور ریفارمز سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدوار انتخابی معرکے میں شامل ہیں۔