ووٹ دیا یا نہیں، میں اپنے حلقے کے ہر فرد کی خدمت کروں گا، کیئر اسٹارمر

  لندن: برطانیہ کے عام انتخابات میں ممکنہ تاریخی کامیابی پر لیبر پارٹی کے سربراہ کیئر اسٹارمر نے کہا کہ لوگوں نے ووٹ دیا یا نہٰں میں اپنے حلقے کے ہر فرد کی خدمت کروں گا۔

اپنی سیٹ جیتنے کے بعد کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ تبدیلی یہیں سے شروع ہوتی ہے، میں آپ کے لیے بولوں گا، ہر روز آپ کے لیے لڑوں گا، لوگ تبدیلی کے لیے تیار ہیں، آپ نے ووٹ دیا اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے وعدے پورے کریں۔

سربراہ لیبر پارٹی کیئر اسٹارمر نے ووٹنگ میں شامل تمام افراد اور اپنے ساتھی امیدواروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہماری جمہوریت کا دل ویسٹ منسٹر یا وائٹ ہال میں نہیں بلکہ ٹاؤن ہالز، کمیونٹی سینٹرز اور ووٹ لینے والے لوگوں کے ہاتھوں میں دھڑکتا ہے۔

ایگزٹ پول کے مطابق برطانیہ کے عام انتخابات میں لیبر پارٹی کو 650 نشستوں میں سے 410 نشستوں پر برتری حاصل ہے، جبکہ موجودہ حکمراں جماعت کنزرویٹو پارٹی کو صرف 131 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔

210 ڈومیسٹک کرکٹرز کے کنٹریکٹس ختم کرنے پر غور ہونے لگا

  کراچی: ڈومیسٹک کرکٹ میں کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تعداد کم کرنے پر غور ہونے لگا۔

تینوں فارمیٹ کا چیمپئنز کپ کھیلنے والے کرکٹرزسے ہی معاہدوں کی تجویز سامنے آئی ہے،ایونٹ کی 5 ٹیمیں شامل ہوں گی ، ہر ٹیم میں 30 ٹاپ کرکٹرز ہوں گے، انہی 150 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹس ملیں گے۔ گذشتہ سال 360 کرکٹرز سے معاہدہ ہوا تھا۔

البتہ ذرائع کے مطابق اب پی سی بی 210 ڈومیسٹک پلیئرز کے کنٹریکٹس ختم کرنے پر غور کررہا ہے۔

چیمپئنز کپ میں ٹیموں کا مینٹور شاہد آفریدی، یونس خان، وقار یونس،مصباح الحق و دیگر سابق کرکٹرز کو بنایا جا سکتا ہے۔

کاؤنٹی کرکٹ، ٹیم 1 رن کی کمی سے 593 کا ریکارڈ ہدف نہ پاسکی

انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ کے میچ میں ڈرامائی اختتام پر دنیائے کرکٹ حیران رہ گئی۔

گلوسٹرشائر کے وکٹ کیپر جیمز بریسی نے بغیر گلوز کے ایک ہاتھ سے کیچ تھام کر گلیمورگن کو بڑے اعزاز سے محروم کردیا۔

حریف ٹیم ایک  رن کی کمی سے 593 رنز کا ریکارڈ ہدف حاصل نہیں کرپائی، مقابلہ ٹائی ہوگیا لیکن چوتھی اننگز کا سب سے بڑا مجموعہ ضرور بن گیا۔

“ٹیم میں سرجری پر مخالفت کی آوازیں بلند ہونے لگیں”

  کراچی: سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے قومی ٹیم میں سرجری کی مخالفت کر دی، ان کے مطابق بابراعظم کا کرکٹ کی دنیا میں ایک نام اور مقام ہے، بعض اوقات ہم ان کے بارے میں بہت سخت رویہ اپنا لیتے ہیں۔

مشتاق احمد نے کہا کہ کسی بھی طرح کے فیصلے کرتے وقت پی سی بی کو وقت لینا چاہیے، ریسرچ کرنا پڑے گی کہ کس کھلاڑی کی کتنی اہمیت ہے، کپتان، منیجر اور کوچ کا تقرر کرتے ہوئے ماضی کی کارکردگی کو ذہن میں ضرور رکھنا چاہیے، جب طریقہ کار سے ہٹ کر جذباتی فیصلے کیے جاتے ہیں تو نتائج اسی طرح کے ہی سامنے آتے ہیں۔

سابق لیگ اسپنر نے کہا کہ ٹیم میں کسی سرجری کی ضرورت نہیں ہے،رائٹ مین فار دی رائٹ جاب کے فارمولا کو اپنانا چاہیے، یہی پلیئرز مستقبل میں پاکستانی ٹیم کو جتوائیں گے،ہمیں ان کو وقت دینا چاہیے۔ورلڈ کپ کے حوالے سے مشتاق احمد نے کہا کہ پاکستان کی جس طرح کی ٹیم تھی کھلاڑی ویسی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے ، امریکا اور ویسٹ انڈیز کی کنڈیشنز و پچز کھلاڑیوں کے لئے بہت موزوں تھیں۔

ایک پاکستانی ہونے کے ناطے گرین شرٹس کی اس طرح کی مایوس کن کارکردگی پر مجھے بھی بہت زیادہ افسوس ہوا،ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹس دیکھ کر ہم کہہ سکیں گے کہ ہار کی اصل وجوہات کیا ہیں،کاغذ پر اگر جائزہ لیا جائے تو یہ ٹاپ 4 یا 6 میں آنے والی ٹیم تھی۔

بابر اعظم کی کپتانی کے حوالے سے سوال پر مشتاق احمد نے کہا کہ بعض اوقات ہم حقیقت پسندی کے بجائے بہت جذباتی فیصلے کر لیتے ہیں،ہمیں اس بات کو بھی دیکھنا چاہیے کہ ماضی کے آئی سی سی اور ایشیائی سطح کے ایونٹس میں پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس کیا رہی، کیا گرین شرٹس سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہے.

یہ بھی دیکھیں کہ بھارتی ٹیم نے کتنے عرصے بعد ورلڈ کپ جیتا ہے، وہ بھی سیمی فائنل یا فائنل تک پہنچ کر ہارجاتء تھے،اگر ایک کھلاڑی ٹیم کیلیے رنز بنائے جبکہ  نیچے کی پوزیشن پر دیگر پلیئرزاسکور نہیں بناتے تو اس میں کیلے بابر کا کیا قصور ہے، ان کا کرکٹ کی دنیا میں ایک نام اور مقام ہے، بعض اوقات ہم بابر کے بارے میں بہت سخت رویہ اپنا لیتے ہیں،وہ اپنی بیٹنگ میں جارحانہ پن لے آئے ہیں جس کا اظہار بھی کیا ہے۔مشتاق احمد نے کہا کہ شاداب خان کو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنا چاہیے، ورلڈ کپ میں اسامہ میر کو کھلانا مناسب رہتا۔

برطانوی عام انتخابات، لیبر پارٹی کے کیئر اسٹارمر نئے وزیر اعظم ہوں گے، برطانوی میڈیا

لندن: برطانیہ میں ہونے والے قبل از وقت عام انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہو چکا ہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے، ایگزٹ کے سروے کے مطابق لیبر پارٹی کو واضح برتری حاصل ہے، برطانوی میڈیا نے لیبر پارٹی کے کیئر اسٹارمر کے وزیر اعظم بننے کی امید ظاہر کر دی۔

انتخابات میں متوقع کامیابی کے حوالے سے لیبر پارٹی کے کیر اسٹارمر نے سوشل میڈیا پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جنہوں نے ہمیں ووٹ دیا اور ہماری تبدیل شدہ لیبر پارٹی پر اعتماد کیا، میں ان سب کا شکر گزار ہوں۔

لیبر پارٹی کی نائب رہنما انجیلا رینر کہتی ہیں کہ اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں لیکن ایگزٹ پول ایک سروے ہے اس لیے ہمیں ابھی تک کوئی نتیجہ نہیں ملا ہے۔

برطانوی مسند اقتدار پر 14 سال برسراقتدار رہنے والی کنزرویٹو پارٹی کے میل سٹرائیڈ نے انتخابی نتائج کے ایگزٹ پول کو پارٹی کے لیے بہت مشکل لمحہ قرار دیا ہے۔

ایگزٹ پول کے مطابق لیبر پارٹی کو 650 نشستوں میں سے 410 نشستوں پر برتری حاصل ہے، جبکہ موجودہ حکمراں جماعت کنزرویٹو پارٹی کو صرف 131 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔

موصول ہونے والے نتائج کے مطابق لیبر ڈیموکریٹک پارٹی کو 61، ریفارمز کو 13 اور اسکاٹس نیشنل پارٹی کو 10 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔

برطانوی پارلیمنٹ کی 650 نشستوں کے لیے ہونے والے عام انتخابات میں 4500 سے زائد امیدواروں نے حصہ لیا، جبکہ امیدواروں کے انتخاب کے لیے 5 کروڑ سے زائد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

عام انتخابات کے لیے انگلینڈ، آئرلینڈ، ویلز اور اسکاٹ لینڈ میں 40 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔

حکمراں کنزرویٹو پارٹی، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی، لیبر پارٹی، اسکاٹش نیشنل پارٹی اور ریفارمز سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے علاوہ آزاد امیدوار انتخابی معرکے میں شامل ہیں۔

غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں، وزیراعظم

آستانہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، عالمی عدالت انصاف نے بھی اسرائیلی مظالم کا نوٹس لیا ہے ہم غزہ میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ایس سی او سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قازق صدر کو ایس سی او پلس سمٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، آج ہمارے درمیان اہم دستاویزات پر اتفاق رائے ہوا، اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی قبضے کی وجہ سے تنازعات سر اٹھا رہے ہیں اور تنازعات کے سبب انسانیت کو مسائل کا سامنا ہے اس لیے پرُامن بقائے باہمی کے لیے تنازعات کا پرامن حل ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ اجلاس ایسے موقع پر ہورہا ہے جب فلسطینیوں کو انسانیت سوز مظالم کا سامنا ہے، ہزاروں فلسطینی بچے شہید ہوچکے ہیں، اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے عالمی عدالت انصاف نے بھی اسرائیلی مظالم کا نوٹس لیا ہے ہم غزہ میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ اسلامو فوبیا ایک بڑا مسئلہ ہے ہمیں اس مسئلے کے حل کے لیے بھی مل کر کام کرنا چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے سبب دنیا کو چیلنجز کا سامنا ہے، کورونا کے سبب دنیا کو معاشی اور سماجی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنے بچوں کا بچا ہوا کھانا کھاتی ہوں، کرینہ کپور کا انکشاف

 ممبئی: بھارتی اداکارہ کرینہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کا بچا ہوا کھانا کھاتی ہیں۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ان کے بچوں کے کھانے کی بچی ہوئی پلیٹوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔

کرینہ کپور نے انسٹاگرام اسٹوری کے کیپشن میں لکھا کہ وہ ایسی ماں ہیں جو اپنے بچوں کا بچا ہوا کھانا کھاتی ہیں۔

fasdfsddf

سوشل میڈیا پر مداح اداکارہ کی پوسٹ کو انجوائے کررہے ہیں اور بہت سے صارفین کا کہنا ہے کہ ایسا ہر ماں کو کرنا پڑتا ہے۔

یاد رہے کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور کی دوسری شادی 2012 میں ہوئی اور ان کے دو بیٹے تیمور اور جہانگیر ہیں۔

امریکا؛ جنگی ہتھیار اور گولہ بارود بنانے والی فیکٹری دھماکوں سے لرز اُٹھی

 واشنگٹن: امریکی ریاست آرکنساس میں ہتھیار، گولہ بارود، میزائل اور بائیو ٹیکنیکل بنانے والی کمپنی جنرل ڈائنامکس کی فیکٹری میں ہونے والے زور دار دھماکوں سے پورا علاقہ گونج اُٹھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ فیکٹری 8 لاکھ 80 ہزار مربع فٹ پر پھیلی ہوئی ہے جس میں ہتھیاروں کی تیز ترین تیاری کا جدید ترین پلانٹ نصب ہے۔ جس میں 2.75 انچ ہائیڈرا 70 میزائل، ہیل فائر اور جیولن میزائل، ماڈیولر آرٹلری چارج سسٹم اور مارٹر گولہ بارود تیار کیا جاتا ہے۔

اس فیکٹری میں دھماکے کے بعد آگ کے شعلے آسمان تک بلند ہوگئے۔ پُراسرار دھماکوں کے نتیجے میں کم سے کم 2 افراد زخمی ہوگئے جب کہ ایک شخص لاپتا ہے۔

آگ کے شعلے اتنے بلند تھے کہ فائر ٹینڈرز کی ناکامی کے بعد  ہیلی کاپٹروں کے ذریعے آگ بجھانے کی کوشش کی گئی۔ تاحال فیکٹری میں ہونے والے دھماکوں کی وجوہات اور نوعیت کا پتا نہیں چلایا جا سکا۔

واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

ٹیکسوں کی بھرمار سے تنگ احمد علی بٹ حکومت پر برس پڑے

 لاہور: پاکستان کے نامور کامیڈین اداکار احمد علی بٹ نت نئے ٹیکسوں کی بھرمار سے تنگ آکر حکومت پر برس پڑے۔

احمد علی بٹ نے انسٹاگرام پر لکھا کہ حکومت کے 100 دن، فضائی سفر پر ٹیکس، پراپرٹی خرید و فروخت پر ٹیکس، کھانے پینے کی بنیادی اشیا پر ٹیکس، بجلی پر ٹیکس، اشیاء اور مصنوعات پر ٹیکس، ٹیکس ادا کرنے پر ٹیکس۔

کامیڈین اداکار نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا ’ویلکم تو پاک ٹیکس تان‘۔

اداکارہ دنانیر مبین نے بھی احمد علی بٹ کی پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سچ ہی کہا ہے ’پاک ٹیکس تان‘ اور وہ اس سے متفق ہیں۔

بھارت کے 10 بڑے شہروں میں 7 فیصد اموات فضائی آلودگی سے ہوتی ہیں؛ رپورٹ

نئی دہلی: ایک تحقیقی مطالعے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی، احمد آباد، بنگلور، چنئی، حیدرآباد، کلکتہ، ممبئی، پونے، شملہ اور وارانسی میں اموات کی وجہ فضائی آلودگی ہے۔

لینسیٹ پلانیٹری ہیلتھ جریدے میں شائع ہونے والے تحقیقی مقالے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت میں اسموگ اپنی مکمل ہلاکت خیزیوں کے ساتھ تباہی مچا رہا ہے اور 10 بڑے شہروں میں ہونے والی تمام اموات میں سے 7 فیصد سے زیادہ کا تعلق فضائی آلودگی سے ہے۔

تحقیقی مطالعے کے نتائج کے مطابق احمد آباد، بنگلور، چنئی، دہلی، حیدرآباد، کلکتہ، ممبئی، پونے، شملہ اور وارانسی میں اسموگ سے شہریوں کے پھیپھڑے سکڑ رہے ہیں اور کینسر پیدا کرنے والے مائیکرو پارٹیکلز کی سطح کو دیکھا جو PM2.5 آلودگی کے طور پر جانا جاتا ہے۔

تحقیق میں کہا گیا ہے کہ 2008 سے 2019 تک اوسطاً 33 ہزار اموات فی برس ہوئیں۔ جس کی وجہ PM2.5 کی مقدار کا عالمی ادارہ صحت کی مقرر کردہ سطح سے زیادہ ہونا ہے۔

بھارتی دارالحکومت دہلی بدترین فضائی آلودگی کا شکار ہے جہاں اس سے سالانہ 12 ہزار اموات ہوتی ہیں۔