بھارت کے 10 بڑے شہروں میں 7 فیصد اموات فضائی آلودگی سے ہوتی ہیں؛ رپورٹ

نئی دہلی: ایک تحقیقی مطالعے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی، احمد آباد، بنگلور، چنئی، حیدرآباد، کلکتہ، ممبئی، پونے، شملہ اور وارانسی میں اموات کی وجہ فضائی آلودگی ہے۔

لینسیٹ پلانیٹری ہیلتھ جریدے میں شائع ہونے والے تحقیقی مقالے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت میں اسموگ اپنی مکمل ہلاکت خیزیوں کے ساتھ تباہی مچا رہا ہے اور 10 بڑے شہروں میں ہونے والی تمام اموات میں سے 7 فیصد سے زیادہ کا تعلق فضائی آلودگی سے ہے۔

تحقیقی مطالعے کے نتائج کے مطابق احمد آباد، بنگلور، چنئی، دہلی، حیدرآباد، کلکتہ، ممبئی، پونے، شملہ اور وارانسی میں اسموگ سے شہریوں کے پھیپھڑے سکڑ رہے ہیں اور کینسر پیدا کرنے والے مائیکرو پارٹیکلز کی سطح کو دیکھا جو PM2.5 آلودگی کے طور پر جانا جاتا ہے۔

تحقیق میں کہا گیا ہے کہ 2008 سے 2019 تک اوسطاً 33 ہزار اموات فی برس ہوئیں۔ جس کی وجہ PM2.5 کی مقدار کا عالمی ادارہ صحت کی مقرر کردہ سطح سے زیادہ ہونا ہے۔

بھارتی دارالحکومت دہلی بدترین فضائی آلودگی کا شکار ہے جہاں اس سے سالانہ 12 ہزار اموات ہوتی ہیں۔

غزہ میں 10 میں سے 9 فلسطینی بے گھر ہیں؛ اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی اپیل

جنیوا: اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کاموں کی نگران ایجنسی (OCHA) کے سربراہ آندریا ڈی ڈومینیکو نے بتایا کہ 23 لاکھ آبادی والے غزہ میں جنگ کے آغاز سے اب تک 19 لاکھ فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانہ ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کاموں کے ادارے کے سربراہ نے بتایا کہ گو کہ ان میں سے بڑی تعداد اپنے ٹوٹے پھوٹے گھروں کو واپس آئے لیکن دوبارہ بمباری کی وجہ سے واپس جانے پر مجبور ہوگئے۔

آندریا ڈی ڈومینیکو نے صحافیوں سے گفتگو میں مزید کہا کہ غزہ سے فلسطینیوں کی اکثریت نے قدرے محفوظ علاقے رفح ہجرت کی لیکن اب اسرائیلی فوجیں وہاں بھی پہنچ چکی ہیں اس لیے رفح سے بھی نقل مکانی کرنا پڑی۔

اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی (OCHA) کے سربراہ آندریا ڈی ڈومینیکو نے کہا کہ ہر بار جب فلسطینی خاندان کو نقل مکانی کرنا پڑتی ہے تو نئے سرے سے زندگی کا آغاز کرنا پڑتا ہے اور ایسا بار بار ہو رہا ہے۔

آندریا ڈی ڈومینیکو نے عالمی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی خواتین، بچے، بزرگ اور جوان خوف زدہ بھی ہیں اور دکھی بھی۔ ان کے بھی کچھ خواب تھے اور امیدیں تھیں۔ لیکن مجھے بڑے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ان بے گھر انسانوں کے خواب اور امیدیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔

انھوں نے فریقین سے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی قیادت پر غزہ کے مستقل حل کے تلاش پر زور دیا۔

واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 38 ہزار کے قریب پہنچ گئی جب کہ 80 ہزار سے زائد زخمی ہیں جن میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہیں۔

عمران عباس نے انسٹاگرام پر تمام پاکستانی اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا

 لاہور: پاکستان کے نامور اداکار عمران عباس نے انسٹاگرام پر تمام پاکستانی اداکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

انسٹاگرام پر 9 ملین فالوورز کے ساتھ عمران عباس سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے پاکستانی اداکار بن گئے ہیں۔

41 سالہ عمران عباس سوشل میڈیا پر بہت سرگرم رہتے ہیں اور مداحوں سے رابطہ رکھتے ہیں۔

اداکار نے 260 اکاؤنٹس کو فالو کیا ہوا ہے جبکہ ان کی مجموعی پوسٹوں کی تعداد تین ہزار سے زائد ہے۔

یاد رہے کہ انسٹاگرام پر پاکستانی اداکاراؤں میں سب سے زیادہ فالو کیے جانے کا اعزاز ہانیہ عامر رکھتی ہیں۔

برازیل؛ ’فیسٹول آف دی نیشنز‘ کی تقریب میں پاکستانی ثقافت کی بہاریں

برازیلیا: برازیل میں منعقد کردہ “فیسٹول آف دی نیشنز” میں پاکستانی سفارتخانے نے شرکت کی اور ایک اسٹال بھی لگایا۔ 

پاکستانی سفارت خانے کے اسٹال پر ملکی تہذیب اور ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔ مہمانوں کی روایتی اور لذیذ کھانوں سے تواضع کی گئی۔  لوک گیتوں اور ثقافتی رقص  بھی پیش کیے گئے۔

اس موقع پر مختلف ممالک کے شُرکاء نے بھی پاکستانی اسٹال کا دورہ کیا اور پاکستانی کھانوں، موسیقی اور ثقافتی رنگوں سے لطف اندوز ہوئے۔

برازیل میں فیسٹول آف دی نیشنز کی تقریب کے انعقاد کے دوران پاکستانی ثقافت کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔

اسٹال کا دورہ کرنے والے غیر ملکیوں نے پاکستانی سفارت خانے کے اقدام کو سراہا اور ایسے پروگرام کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔

پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کے خلاف جمعے کو ملک بھر میں 13 ہزار پمپس بند رہیں گے

  کراچی: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی کال پر ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس کے خلاف ملک بھر میں جمعے (5جولائی) کو 13ہزار پیٹرول پمپس بطور احتجاج بند کردیے جائیں گے، جس کے لیے بینرز آویزاں کردیے گئے ہیں۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ یہ ہڑتال صفر اشاریہ 5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس کے نفاذ کے خلاف کی جا رہی ہے، جس کے لیےبدھ کو حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان منعقدہ مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔

چئیرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ ہمارا جمعہ 5جولائی کو ہڑتال کا پیغام واضح ہے لہٰذا جمعے کو صبح 6 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس بند کردیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ ہڑتال کا دورانیہ ایک دن سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔

عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ جب تک حکومت ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس واپس نہیں لیتی کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

ایشین 15 ریڈ ٹیم اسنوکرچیمپئن شپ، پاکستان نے بھارت کو 0-3 سےشکست دے دی

کراچی: پاکستان نے ایشین 15 ریڈ ٹیم اسنوکرچیمپئن شپ میں روایتی حریف بھارت کو 0-3 سے شکست دے کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قومی کیوئسٹ اسجد اقبال اوراویس منیر پر مشتمل پاکستان ٹیم نے  کوارٹر فائنل میں بھارت کو آسان مقابلے میں ناکامی سے دوچار کیا۔

فاتح ٹیم نے پہلا فریم 35-63 سے جیتنے کے بعد اگلے فریم میں 22-75 سے کامیابی پائی اور تیسرے فریم میں بھارت کو بے بس کرکے 06-70 سے  فتح اپنے نام کرلی۔

سیمی فائنل کے لیے پاکستان کا مقابلہ ہانگ کانگ سے ہوگا۔

مصری فنکارہ کے ’تھیٹر سے جنازہ نکالنے‘ کی وصیت نے نیا تنازع کھڑا کردیا

قاہرہ: نامور مصری فنکارہ سلویٰ محمد علی نے کہا ہے کہ وہ خواہش رکھتی ہیں کہ ان کے جنازے کو تھیٹر سے نکالا جائے اور پھر نماز جنازہ کیلئے مسجد لے جایا جائے۔

ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فنکارہ کا کہنا تھا کہ وہ نیشنل تھیٹر سے بہت زیادہ منسلک ہیں اور انہوں نے اپنے خوابوں کو اسی تھیٹر میں حاصل کیا اور اس کے ساتھ ان کی بہت سی کامیابیاں جڑی ہوئی ہیں۔

سلویٰ محمد علی کا کہنا تھا کہ وہ موت سے نہیں ڈرتیں لیکن انہیں بیماری سے ڈر لگتا ہے اور وہ اللہ سے دعاگو ہیں کہ انہیں کوئی مہلک بیماری نہ لگے۔

مصری اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ پہلی فنکارہ نہیں جنہوں نے یہ وصیت کی ہے بلکہ اس سے قبل شفیق نورالدین اور توفیق الدقن کے جنازے بھی تھیٹر سے نکالے گئے تھے۔

ویانا انٹرنیشنل روئنگ ریگاٹا 2024، پاکستان کی ٹیم نے دو برانز میڈلز اپنے نام کرلیے

کراچی: 120 ویں ویانا انٹرنیشنل روئنگ ریگاٹا 2024 میں کراچی بوٹ کلب نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دو برانز میڈلز اپنے نام کرلیے۔

آسٹریا کے شہر ویانا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پریزہ ہاورون، مرضیہ امیر شاہ میراں شاہ اور کاظمہ اعجاز پر مشتمل کراچی بوٹ کلب کی ٹیم نے انڈر17 گرلز کاسکس لیس فور ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے ساتھ برانز میڈل جیت لیا۔

انڈر 17 بوائز کوارڈرپل اسکل ایونٹ میں سوئم رہ کر کانسی کا تمغہ پانے والی ٹیم میں عبداللہ فیصل شیخ، دانیال سلمان، محمد ابیان اور محمد علی قریشی شامل تھے۔

چیمپئن شپ میں 30 ممالک اور کلبز کی ٹیمیں شریک ہیں جبکہ پاکستان بوٹ کلب کے اسکواڈ میں 38 بوائز اور گرلز کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

جنت مرزا ’ٹائٹینک‘ کی ’روز‘ بن گئیں

پاکستانی ٹک ٹاکر جنت مرزا نے ہالی وڈ کی سپر ہٹ رومانوی فلم ’ٹائیٹینک‘ کے کردار ’روز‘ کے مشہورِ زمانہ لُک کو اپنا کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔

جسطرح فلم بینوں کے دلوں میں ’ٹائیٹینک‘ راج کرتی ہے اسی طرح جنت مرزا پاکستان میں ٹک ٹاک کی دنیا میں راج کر رہی ہیں اور 25 ملین فالوورز کے ساتھ ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی شخصیت کا اعزاز اپنے نام کیے بیٹھی ہیں۔

جنت مرزا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی چند تصاویر اور ویڈیو جاری کی جس میں وہ سیاہ گاؤن پہنی نظر آئیں جبکہ انہوں نے گلے میں سبز و سفید نگوں کا ہار پہنا اور اپنی زلفوں کو اونچے جوڑے میں باندھا۔

اس لُک کو جہاں متعدد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا وہیں متعدد اسے فلم ’ٹائیٹینک‘ کی ’روز‘ کی سستی نقل قرار دیتے دکھے۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ’ یہ خود کو ٹائیٹینک کی روز سمجھ رہی ہے‘ ، جس پر جنت مرزا نے لکھا کہ ’ نہیں لڑکی میں ایسا نہیں سمجھ رہی، پُرسکون ہوجاؤ‘۔

واضح رہے کہ فلم ‘ٹائی ٹینک’ جیمز کیمرون کی ہدایتکاری میں بنی اور 1997 میں ریلیز ہوئی، فلم میں لینارڈو ڈی کیپریو نے ’جیک ڈاؤسن‘ نامی لڑکے کا کردار ادا کیا تھا جو ایک غریب نوجوان تھا اور پوکر گیم میں ٹائی ٹینک کا ٹکٹ جیت جاتا ہے اوربوٹ میں سوار ہو جاتا ہے جہاں وہ خوبرو اداکارہ کیٹ ونسلیٹ بطور ’روز‘ نامی حسین ترین و امیر نوجوان لڑکی سے جاملتا ہے اور یہ ایک ملاقات ان کے درمیان محبت کا بیج بو دیتی ہے جو آگے چل کر شدت اختیار کرجاتا ہے۔

آغا علی نے یک طرفہ محبت کو ’بھونڈی‘ حرکت قرار دے دیا

پاکستانی اداکار آغا علی نے  یک طرفہ محبت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس نظریے کو بھونڈا قرار دے دیا۔

آغا علی نے مئی 2020 ء میں ساتھی اداکارہ حنا الطاف سے خاموشی سے شادی کی تھی لیکن اب دونوں کی طلاق کی غیرتصدیق شدہ خبریں عام ہوچکی ہیں۔

آغا علی حنا الطاف سے قبل سارہ خان کے ساتھ محبت کے رشتے میں بندھے ہوئے تھے اور شادی بھی کرنے والے تھے لیکن نامعلوم وجوہات کی وجہ سے دونوں ک پریک اپ ہوگیا اور سارہ نے گلوکار فلک شبیر سے شادی کرلی۔

ان دنوں سوشل میڈیا پر آغا علی کے عمران اشرف کے ٹاک شو ’مذاق رات‘ میں دیے گئے انٹرویو کی ویڈیوز زیرِ گردش ہیں جن میں وہ مختلف موضوعات پر گہری باتیں کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ایک ویڈیو میں آغا علی نے کہا کہ ’یک طرفہ محبت اسی حالت میں ہوسکتی جب جس شخص سے آپ محبت کرو وہ اس دنیا میں ہی نہ ہو کیونکہ وہ شخص دنیا میں ہے جس سے آپ یک طرفہ محبت کرتے ہیں تو اس سے زیادہ بھونڈا کام کوئی اور ہونہیں سکتا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’وہ ساری باتیں کہ یک طرفہ محبت پر صرف میرا حق ہوتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ ایک بندہ اپنی زندگی میں خوش ہے اور آپ ایسے شخص کیلئے کسی کونے میں بیٹھ کر رو رہے ہیں اور اس شخص کو آپ کی پرواہ نہیں ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ ہاں اگر کوئی ایسا شخص ہے جو بدلے میں تمہیں پیار دے سکتا ہے تو اس کے لیے مر جاؤ، مٹ جاؤ سب کر جاؤں تب یہ بات سمجھ آتی بھی ہے‘۔