وزیر اعلیٰ سندھ اور عذرا پیچوہو کی نیویارک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے ساتھ ملاقات

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر صحت و آبادی بہبود سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے نیویارک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر فلپ راموس اور نیویارک اسمبلی کے ریپبلکن اسمبلی مین مسٹر ایلک بروک کراسنی سے ملاقات کی۔

ملاقات کا مقصد نرسوں کو امریکا میں کام کرنے کی اجازت دینے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال تھا۔امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی (APPAC) بھی ملاقات کا حصہ تھی۔وفد میں ایپک کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد، ایپک کے صدر امتیاز راہی اور ڈائریکٹر ایپک ڈاکٹر پرویز اقبال شامل تھے۔

ڈائریکٹر ہیلتھ ڈویلپمنٹ مسٹر دبیر اے خان، سی ای او ایس آئی ای ایچ ایس بریگیڈیئر (ر) طارق لکھیر، اے کے یو میں نرسنگ کے سربراہ ڈاکٹر رفعت جان، ڈاؤ یونیورسٹی کی پرنسپل نرسنگ محترمہ روبینہ قاسم، پرنسپل نرسنگ لمس محترمہ پروین اور پرنسپل کورنگی نرسنگ کالج مسٹر شبیر جھٹیال نے شرکت کی۔

اجلاس میں نرسوں کو امریکا بھیجنے کے عمل میں درپیش رکاوٹوں کی نشاندہی کی گئی۔ دونوں فریقوں نے امریکا میں کام کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں امریکا اور پاکستان دونوں میں اسٹاف لیول کمیٹی کو مطلع کیا جائے گا۔

پاکستان چھوڑنے والے غیرقانونی افغان باشندوں کی تعداد ساڑھے 6لاکھ تک پہنچ گئی

 اسلام آباد: پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی تعداد تقریباً ساڑھے 6لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 03 جولائی 2024 تک پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی کل تعداد 6لاکھ 37ہزار 427 تک پہنچ چکی ہے اور واپسی کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

اکیس جون سے 03 جولائی تک 16 ہزار 446 افغان باشندوں میں 7345 مرد، 4732 خواتین اور 4369 بچے اپنے ملک چلے گئے۔

افغانستان روانگی کے لیے 496 گاڑیوں میں 432 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔

سندھ حکومت کا عوام کو گھر پر نمبر پلیٹس فراہم کرنے کا فیصلہ

  کراچی: محکمہ ایکسائز سندھ نے عوام کو گھر پر گاڑیوں کی نمبر پلیٹس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں پریمیم نمبر پلیٹس کے اجرا کے لیے مخصوص دفاتر قائم کرنے کا  فیصلہ کیا گیا۔ کراچی کے ضلع جنوبی میں موٹر رجسٹریشن کے دفتر کے قیام اور شام کے اوقات میں بھی کام کرنے کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ پریمیم  نمبر پلیٹس کے اجرا کا پہلا مرحلہ کامیاب رہا۔ عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ پریمیم نمبر پلیٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ بھی جلد شروع کیا جائے گا۔  رجسٹریشن کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ہمارا اولین فرض اور ذمہ داری ہے۔  محکمہ ایکسائز کو کارپوریٹ طریقے سے چلانے کے خواہاں ہیں ۔

شریف خاندان میں وزارتِ عظمیٰ کی جنگ جاری ہے، بیرسٹر سیف

پشاور: مشیر اطلاعات پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ شریف خاندان میں وزارتِ عظمیٰ کی جنگ جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ راجکماری کہتی ہیں کہ انہیں کام نہیں کرنے دیا جا رہا، وہ کون ہے جو آپ کو کام نہیں کرنے دے رہا۔ آپ کے چچا اور ابا جی کی حکومت میں آخر یہ فریاد کیوں؟۔

انہوں نے کہا کہ راجکماری کے بہتے آنسو خاندان شریفیہ میں اختلافات کا ثبوت ہیں۔ خاندان شریفیہ میں وزارت عظمیٰ کی جنگ جاری ہے۔نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بننے کے لیے سر توڑ کوشش کر رہے ہیں۔ نواز شریف گروپ بمقابلہ شہباز شریف گروپ آپس میں دست و گریباں ہیں۔ شہباز شریف کی گردن اسحاق ڈار اور رانا ثنااللہ کے ذریعے دبائی ہوئی ہے جب کہ مریم نواز کا ہدف بھی شہباز شریف اور اس کی حکومت ہے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کرسی کی اس اندرونی لڑائی میں عوام رل رہے ہیں۔ عوام کے مسائل کی خاندان شریفیہ کو بالکل پروا نہیں۔ مریم کی تمام توجہ پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان اور عمران خان کے خلاف انتقامی کارراوئیوں پر مرکوز ہے۔ عنقریب مریم نواز اڈیالہ جیل میں قیدِ بامشقت کاٹ رہی ہوں گی۔ پنجاب جیسا اہم صوبہ غیر سنجیدہ ٹک ٹاکر سہیلیوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ مریم نواز کی ٹک ٹاک اور اداکاری شریف خاندان کی آخری کارکردگی ثابت ہوگی۔

آفریدی، مصباح اور یونس کو دیکھ کر شائقین بابر، رضوان، شاہین کو بھول گئے

ورلڈ چیمپئین شپ آف لیجنڈز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تو شائقین بابر، رضوان اور شاہین کو بھول گئے۔

انگلینڈ کے ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے معرکے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا لیجنڈز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے جبکہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے دو گیندیں قبل 5 وکٹوں پر191 رنز بنا کر میچ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔

اس میچ میں لیجنڈری بیٹسمین یونس خان 41 گیندوں پر 63، مصباح الحق نے 30 بالز پر 46 جبکہ میچ کے اختتامی لمحات میں شاہد آفریدی نے 5 گیندوں پر 11 رنز بناکر میچ جتوایا۔

شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا سائٹس کا رخ کرتے ہوئے لیجنڈری کرکٹرز کو دوبارہ ٹیم میں کھلانے کا مشورہ دیا جبکہ بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین کو سابق کرکٹرز سے سیکھنے بھی کہا۔

فینز نے ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آج بھی ہمارے لیجنڈز کا اسٹرائیک ریٹ موجودہ کھلاڑیوں کے مقابلے کئی گُنا بہتر ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کیخلاف میچ میں جیت کے بعد لیجنڈز ٹیم کے کپتان یونس خان فتح کو پاکستانی شائقین کے نام کیا تھا۔

اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

 کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج جمعرات کے روز بھی زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، کاروبار کے دوران انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بازارِ حصص میں مثبت پیش رفت جاری ہے۔ اس دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 631 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس سے انڈیکس بڑھ کر 80865 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز بھی پی ایس ایکس میں ریکارڈ ساز تیزی دیکھی گئی جب انڈیکس نئی بلند ترین سطح کو چھوگیا تھا۔

کینسر کی شکار حنا خان نے اپنے لمبے بال کھو دیے، والدہ رو پڑیں

 ممبئی: بھارتی ٹیلی وژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا خان نے اپنے کیموتھراپی سیشن سے قبل بال کٹوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کردی جس میں اُن کی والدہ کو روتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے۔

چھاتی کے کینسر کی شکار حنا خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی نئی ویڈیو جاری کی جس میں اُنہیں کینسر کے علاج کے لیے اپنے لمبے بال کٹواتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو کی شروعات میں اداکارہ کی والدہ کی آواز بھی سُنی جاسکتی ہے جوکہ بیٹی کے بال کٹنے پر رو رہی تھیں۔

حنا خان نے بال کٹواتے ہوئے ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور بسم اللہ پڑھ کر چہرے پر مُسکراہٹ لیے سکون سے اپنے بال کٹواتی رہیں لیکن آخر میں اداکارہ کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں، اُن کی والدہ نے اپنی بیٹی کو پیار کیا جبکہ ویڈیو دیکھ کر مداح اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکار بھی جذباتی ہوگئے۔

اداکارہ نے ویڈیو کے ساتھ ایک طویل نوٹ بھی جاری کیا، جس میں اُنہوں نے کہا کہ آپ ویڈیو کے پسِ منظر میں میری والدہ کے رونے کی آواز سُن سکتے ہیں کیونکہ اُنہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ اُن کی بیٹی ایسی تکلیف میں مبتلا ہوجائے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو، اُن تمام مرد و خواتین کے لیے ہے جو کینسر کی جنگ لڑ رہے ہیں، میں جانتی ہوں کہ بال کٹوانا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ بالوں سے ہی ہر انسان کی خوبصورتی ہوتی ہے لیکن اگر آپ کو اتنی مشکل ترین جنگ کا سامنا ہے تو آپ کو اپنے بال کھونے پڑیں گے، اگر آپ جیتنا چاہتے ہیں تو آپ کو کچھ سخت فیصلے لینے ہوں گے۔

حنا خان نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اس جنگ کو جیتنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گی، میں نے اس جنگ کے پہلے مرحلے میں اپنے خوبصورت بالوں کو کٹوانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ میں نے محسوس کیا ہے کہ میرا اصل تاج میرے بال نہیں بلکہ میری ہمت، میری طاقت اور میری اپنے لیے محبت ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ میں اپنے بالوں کو اچھی وِگ بنانے کے لیے استعمال کروں گی، مجھے معلوم ہے کہ مکمل صحتیابی کے بعد، میرے بال واپس اُگ جائیں گے، بھنویں واپس آجائیں گی اور زخم کے نشانات بھی مٹ جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں اپنی کہانی اور کینسر کے علاج کے اپنے سفر کو ریکارڈ کررہی ہوں تاکہ میری وجہ سے ہر مریض کو ہمت اور حوصلہ مل سکے۔

حنا خان نے مزید کہا کہ خدا ہمارے درد کو آسان کرے اور ہمیں فتح حاصل کرنے کی طاقت دے، براہِ کرم! میرے لیے دعا کریں۔

لاہور ہائیکورٹ؛ پولیس کو شہباز گل کے بھائی کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 18 جولائی تک ملتوی کر دی۔

جسٹس امجد رفیق نے ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کے لیے محمد یاسین کی درخواست پر سماعت کی۔ سیکریٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ پیر والے دن عدالتی حکم پر جیو فینسنگ کا ڈیٹا حاصل کیا گیا، جیو فینسنگ کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ ایجنسیوں کے نمبر سامنے آتے ہی نہیں یا آ جاتے ہیں؟ سیکریٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ اگر کال واٹس ایپ پر کی جائے تو نمبر آ جاتا ہے، ریگولر نمبر پر کی جائے تو انہیں آتے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ہمیں ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔ جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیے کہ آپ کے چہروں سے پتا چلتا ہے کہ آپ بے بس ہیں، ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ مغوی خیر و عافیت سے گھر واپس آئے۔

درخواست گزار کے مطابق شہباز گل کے بھائی غلام شبیر کو اسلام آباد جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ استدعا کی گئی کہ شہباز گل کے بھائی کی جان کو خطرہ ہے، عدالت بازیاب کروانے کا حکم دے۔

چوہدری اسلم کی فیملی کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکار فائرنگ سے زخمی

  کراچی: بہادرآباد اور اتحاد ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے واقعے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

بہادر آباد کے علاقے کارساز روڈ اسنوپی کٹ کے قریب فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ۔

زخمی ہونے والے اہلکار کو طبی امداد کے لیے نجی اسپتال لے جایا گیا ، ترجمان کراچی پولیس کے زخمی ہونے والے اہلکار کی شناخت پولیس کانسٹیبل شہزاد حسین عرف شجاع ولد منظور حسین کے نام سے کی گئی زخمی اہلکار سیکیورٹی زون 2 میں تعینات ہے۔

زخمی اہلکار نے بتایا کہ وہ سابقہ ایس ایس پی سی ٹی ڈی چوہدری محمد اسلم کا گارڈ رہ چکا ہے جبکہ اب وہ چوہدری محمد اسلم ( مرحوم ) کی فیملی کا سیکیورٹی پر تعینات ہے۔

زخمی اہلکار کے مطابق وہ ہاؤسنگ سوسائٹی سے دوائی لینے نکلا تھا ، موٹرسائیکل سوار ملزمان نے روکنے کی کوشش کی نہیں رکا تو ملزمان نے فائرنگ کردی ، ملزمان اہلکار سے کچھ لوٹ کر نہیں لے گئے۔

اتحاد ٹاؤن کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن ہفتہ بازار کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، زخمی ہونے والے شخص کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا ، پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 33 سالہ نیک زادہ ولد وزیر زادہ کے نام سے کی گئی فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر پیش آیا ، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔

نام نہاد آزادی کے نام پر بلوچ نوجوانوں کو ورغلایا جا رہا ہے، وزیر داخلہ بلوچستان

کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا ہے کہ نام نہاد آزادی کے نام پر بلوچ نوجوانوں کو ورغلایا جا رہا ہے۔

اپنے بیان میں صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان آج ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ بھارتی ایما پر پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردانہ کاروائیاں کی جارہی ہیں۔ دہشت گرد تنظیمیں عام غریب بلوچ کو مخبر کا الزام عائد کر کے قتل عام کر رہی ہیں تاکہ اپنے آقاؤں کی خوشنودی حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں ان دہشت گردوں کی انساینت سوز کارروائیوں کا نوٹس لے کر ان کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں۔ دہشت گرد تنظیمیں اپنے مذموم مقاصد کے لیے کوئٹہ شہر،دیہاتوں میں نہتے اور معصوم بلوچوں، سکیورٹی فورسز اور قومی تنصیبات پر حملے کررہی ہیں۔ کیا ریاست اور حکومت نہتے اور معصوم بلوچوں کے قتل عام کرنے والوں کے خلاف خاموش رہ سکتی ہے؟۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں نہتے اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا کونسی آزادی کی جنگ ہے۔ نام نہاد آزادی کے نام پر غریب بلوچ نوجوانوں کو ورغلایاجارہا ہے۔ حکومت بات چیت پریقین رکھتی ہے۔ روزِ اول سے مذاکرات کرنے کے لیے دعوت دے رہے ہیں۔ جو لوگ مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتے اور دہشت گردی کو ہوا دے رہے ہیں، ان سے کیسے مذاکرت کیے جائیں۔

میر ضیا لانگو نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں مذاکرت پر یقین نہیں رکھتیں، وہ صرف کشت وخون اور دہشت گردی سے اپنا نظریہ مسلط کرنا چاہتی ہیں جو دشمن ملک ہندوستان کا نظریہ ہے۔ ریاست پاکستان دشمن ملک ہندوستان کے آلہ کاروں کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دے گی۔ پاکستان کے فریم ورک میں مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ دہشت گرد تنظیم طالبان نے 70ہزار سے زائد معصوم اور بے گناہوں کو خون بہایا ہے۔