آفریدی، مصباح اور یونس کو دیکھ کر شائقین بابر، رضوان، شاہین کو بھول گئے

ورلڈ چیمپئین شپ آف لیجنڈز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تو شائقین بابر، رضوان اور شاہین کو بھول گئے۔

انگلینڈ کے ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے معرکے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا لیجنڈز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے جبکہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے دو گیندیں قبل 5 وکٹوں پر191 رنز بنا کر میچ 5 وکٹوں سے جیت لیا۔

اس میچ میں لیجنڈری بیٹسمین یونس خان 41 گیندوں پر 63، مصباح الحق نے 30 بالز پر 46 جبکہ میچ کے اختتامی لمحات میں شاہد آفریدی نے 5 گیندوں پر 11 رنز بناکر میچ جتوایا۔

شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا سائٹس کا رخ کرتے ہوئے لیجنڈری کرکٹرز کو دوبارہ ٹیم میں کھلانے کا مشورہ دیا جبکہ بابراعظم، محمد رضوان اور شاہین کو سابق کرکٹرز سے سیکھنے بھی کہا۔

فینز نے ٹی20 ورلڈکپ کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہونے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آج بھی ہمارے لیجنڈز کا اسٹرائیک ریٹ موجودہ کھلاڑیوں کے مقابلے کئی گُنا بہتر ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کیخلاف میچ میں جیت کے بعد لیجنڈز ٹیم کے کپتان یونس خان فتح کو پاکستانی شائقین کے نام کیا تھا۔

اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

 کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج جمعرات کے روز بھی زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، کاروبار کے دوران انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بازارِ حصص میں مثبت پیش رفت جاری ہے۔ اس دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 631 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس سے انڈیکس بڑھ کر 80865 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز بھی پی ایس ایکس میں ریکارڈ ساز تیزی دیکھی گئی جب انڈیکس نئی بلند ترین سطح کو چھوگیا تھا۔

کینسر کی شکار حنا خان نے اپنے لمبے بال کھو دیے، والدہ رو پڑیں

 ممبئی: بھارتی ٹیلی وژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا خان نے اپنے کیموتھراپی سیشن سے قبل بال کٹوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کردی جس میں اُن کی والدہ کو روتے ہوئے سُنا جاسکتا ہے۔

چھاتی کے کینسر کی شکار حنا خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی نئی ویڈیو جاری کی جس میں اُنہیں کینسر کے علاج کے لیے اپنے لمبے بال کٹواتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو کی شروعات میں اداکارہ کی والدہ کی آواز بھی سُنی جاسکتی ہے جوکہ بیٹی کے بال کٹنے پر رو رہی تھیں۔

حنا خان نے بال کٹواتے ہوئے ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور بسم اللہ پڑھ کر چہرے پر مُسکراہٹ لیے سکون سے اپنے بال کٹواتی رہیں لیکن آخر میں اداکارہ کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں، اُن کی والدہ نے اپنی بیٹی کو پیار کیا جبکہ ویڈیو دیکھ کر مداح اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکار بھی جذباتی ہوگئے۔

اداکارہ نے ویڈیو کے ساتھ ایک طویل نوٹ بھی جاری کیا، جس میں اُنہوں نے کہا کہ آپ ویڈیو کے پسِ منظر میں میری والدہ کے رونے کی آواز سُن سکتے ہیں کیونکہ اُنہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ اُن کی بیٹی ایسی تکلیف میں مبتلا ہوجائے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو، اُن تمام مرد و خواتین کے لیے ہے جو کینسر کی جنگ لڑ رہے ہیں، میں جانتی ہوں کہ بال کٹوانا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ بالوں سے ہی ہر انسان کی خوبصورتی ہوتی ہے لیکن اگر آپ کو اتنی مشکل ترین جنگ کا سامنا ہے تو آپ کو اپنے بال کھونے پڑیں گے، اگر آپ جیتنا چاہتے ہیں تو آپ کو کچھ سخت فیصلے لینے ہوں گے۔

حنا خان نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اس جنگ کو جیتنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گی، میں نے اس جنگ کے پہلے مرحلے میں اپنے خوبصورت بالوں کو کٹوانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ میں نے محسوس کیا ہے کہ میرا اصل تاج میرے بال نہیں بلکہ میری ہمت، میری طاقت اور میری اپنے لیے محبت ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ میں اپنے بالوں کو اچھی وِگ بنانے کے لیے استعمال کروں گی، مجھے معلوم ہے کہ مکمل صحتیابی کے بعد، میرے بال واپس اُگ جائیں گے، بھنویں واپس آجائیں گی اور زخم کے نشانات بھی مٹ جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں اپنی کہانی اور کینسر کے علاج کے اپنے سفر کو ریکارڈ کررہی ہوں تاکہ میری وجہ سے ہر مریض کو ہمت اور حوصلہ مل سکے۔

حنا خان نے مزید کہا کہ خدا ہمارے درد کو آسان کرے اور ہمیں فتح حاصل کرنے کی طاقت دے، براہِ کرم! میرے لیے دعا کریں۔

لاہور ہائیکورٹ؛ پولیس کو شہباز گل کے بھائی کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے پولیس کو ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 18 جولائی تک ملتوی کر دی۔

جسٹس امجد رفیق نے ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کے لیے محمد یاسین کی درخواست پر سماعت کی۔ سیکریٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران سمیت دیگر افسران عدالت میں پیش ہوئے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ پیر والے دن عدالتی حکم پر جیو فینسنگ کا ڈیٹا حاصل کیا گیا، جیو فینسنگ کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ ایجنسیوں کے نمبر سامنے آتے ہی نہیں یا آ جاتے ہیں؟ سیکریٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ اگر کال واٹس ایپ پر کی جائے تو نمبر آ جاتا ہے، ریگولر نمبر پر کی جائے تو انہیں آتے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ہمیں ڈاکٹر شہباز گل کے بھائی کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا۔ جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیے کہ آپ کے چہروں سے پتا چلتا ہے کہ آپ بے بس ہیں، ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ مغوی خیر و عافیت سے گھر واپس آئے۔

درخواست گزار کے مطابق شہباز گل کے بھائی غلام شبیر کو اسلام آباد جاتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ استدعا کی گئی کہ شہباز گل کے بھائی کی جان کو خطرہ ہے، عدالت بازیاب کروانے کا حکم دے۔

چوہدری اسلم کی فیملی کی سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکار فائرنگ سے زخمی

  کراچی: بہادرآباد اور اتحاد ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے واقعے میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

بہادر آباد کے علاقے کارساز روڈ اسنوپی کٹ کے قریب فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا ۔

زخمی ہونے والے اہلکار کو طبی امداد کے لیے نجی اسپتال لے جایا گیا ، ترجمان کراچی پولیس کے زخمی ہونے والے اہلکار کی شناخت پولیس کانسٹیبل شہزاد حسین عرف شجاع ولد منظور حسین کے نام سے کی گئی زخمی اہلکار سیکیورٹی زون 2 میں تعینات ہے۔

زخمی اہلکار نے بتایا کہ وہ سابقہ ایس ایس پی سی ٹی ڈی چوہدری محمد اسلم کا گارڈ رہ چکا ہے جبکہ اب وہ چوہدری محمد اسلم ( مرحوم ) کی فیملی کا سیکیورٹی پر تعینات ہے۔

زخمی اہلکار کے مطابق وہ ہاؤسنگ سوسائٹی سے دوائی لینے نکلا تھا ، موٹرسائیکل سوار ملزمان نے روکنے کی کوشش کی نہیں رکا تو ملزمان نے فائرنگ کردی ، ملزمان اہلکار سے کچھ لوٹ کر نہیں لے گئے۔

اتحاد ٹاؤن کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن ہفتہ بازار کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ، زخمی ہونے والے شخص کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا ، پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 33 سالہ نیک زادہ ولد وزیر زادہ کے نام سے کی گئی فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر پیش آیا ، پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔

نام نہاد آزادی کے نام پر بلوچ نوجوانوں کو ورغلایا جا رہا ہے، وزیر داخلہ بلوچستان

کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا ہے کہ نام نہاد آزادی کے نام پر بلوچ نوجوانوں کو ورغلایا جا رہا ہے۔

اپنے بیان میں صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان آج ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ بھارتی ایما پر پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں دہشت گردانہ کاروائیاں کی جارہی ہیں۔ دہشت گرد تنظیمیں عام غریب بلوچ کو مخبر کا الزام عائد کر کے قتل عام کر رہی ہیں تاکہ اپنے آقاؤں کی خوشنودی حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں ان دہشت گردوں کی انساینت سوز کارروائیوں کا نوٹس لے کر ان کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں۔ دہشت گرد تنظیمیں اپنے مذموم مقاصد کے لیے کوئٹہ شہر،دیہاتوں میں نہتے اور معصوم بلوچوں، سکیورٹی فورسز اور قومی تنصیبات پر حملے کررہی ہیں۔ کیا ریاست اور حکومت نہتے اور معصوم بلوچوں کے قتل عام کرنے والوں کے خلاف خاموش رہ سکتی ہے؟۔

صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں نہتے اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا کونسی آزادی کی جنگ ہے۔ نام نہاد آزادی کے نام پر غریب بلوچ نوجوانوں کو ورغلایاجارہا ہے۔ حکومت بات چیت پریقین رکھتی ہے۔ روزِ اول سے مذاکرات کرنے کے لیے دعوت دے رہے ہیں۔ جو لوگ مذاکرات کرنا ہی نہیں چاہتے اور دہشت گردی کو ہوا دے رہے ہیں، ان سے کیسے مذاکرت کیے جائیں۔

میر ضیا لانگو نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں مذاکرت پر یقین نہیں رکھتیں، وہ صرف کشت وخون اور دہشت گردی سے اپنا نظریہ مسلط کرنا چاہتی ہیں جو دشمن ملک ہندوستان کا نظریہ ہے۔ ریاست پاکستان دشمن ملک ہندوستان کے آلہ کاروں کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دے گی۔ پاکستان کے فریم ورک میں مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ دہشت گرد تنظیم طالبان نے 70ہزار سے زائد معصوم اور بے گناہوں کو خون بہایا ہے۔

محسن نقوی نے ٹی20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم ناقص پرفارمنس پر سخت فیصلے کرنے کا عندیہ دے دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم ناقص پرفارمنس پر سخت فیصلے کرنے کا عندیہ دے دیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی میں جس نے غلط فیصلے کیے انکا احتساب ہوگا، جو انٹرنیشنل کھلاڑی ڈومیسٹک نہیں کھیلے گا دوبارہ قومی ٹیم میں نہیں آسکے گا، جو ڈومیسٹک میں پرفارمنس دیگا وہی ٹیم میں جگہ کا حقدار ہوگا۔

انہوں نے کپتان بابراعظم کو تبدیل کرنے سے متعلق کہا کہ ابھی ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا البتہ سابق کرکٹر سے مشاورت کے بعد کوئی نتیجہ نکلے گا، دونوں ہیڈ کوچز اور 4 سے 5 کمیٹیاں کپتان سے متعلق بھی بحث کرینگے۔ میگا ایونٹ کے بعد سے بابراعظم اور وہاب ریاض سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔

محسن نقوی نے لیگز، سینٹرل کنٹریکٹ اور ڈومیسٹک سے متعلق تفصِلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پلئیر سن لیں کہ پہلے پاکستان ہے اور بعد میں کوئی اور چیز، ٹیسٹ سیریز سے پہلے جن کرکٹرز نے لیگ کیلئے این او سی کی درخواست کی انکو این او سی نہیں ملے گا۔

بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی اور محمد رضوان نے جی ٹی 20 کے لئے این او سی مانگنے کی درخواست کررکھی ہے۔

اسی طرح سینٹرل کنٹریکٹ سے متعلق چیئرمین پی سی بی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جو فٹنس کے معیار پر پورا اترے گا اسے کنٹریکٹ دیا جائے گا،

ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹرز کیلئے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا لازم ہوگا جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

حارث رؤف سے امریکا میں بدتمیزی کرنے والے شائق سے متعلق محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ ملک میں یا بیرون ملک ناروا سلوک کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، بدتمیزی کرنے والوں کو دعوت دیتا ہوں جلدی پاکستان آئیں ایف آئی اے انکا استقبال کرے گی۔

اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ کومنگ آپریشن

 اسلام آباد: اسلام آباد کے تھانہ سہالہ کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اینڈ کومنگ آپریشن کیا گیا۔

ایس پی سوان زون کی نگرانی میں پولیس کی بھاری نفری نے سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن میں سی ٹی ڈی اور  لیڈی پولیس فورس نے بھی حصہ لیا۔

سرچ آپریشن کے دوران, 43گھروں، 47مشکوک افراد،11 دکانوں، سرائے، ہوٹلز، موٹلز  کو چیک کیا گیا۔  سرچ آپریشن کے دوران 17موٹر سائیکلوں اور پانچ گاڑیوں کو بھی چیک کیا گیا۔ سرچ آپریشن کا مقصد علاقہ میں جرائم کا سدباب کرنا ہے۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع متعلقہ پولیس کو دیں اور چیکنگ کے دوران تعاون کریں۔

بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز؛ شان ہی کپتان ہوں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹیسٹ ٹیم کیلئے شان مسعود کو کپتان برقرار رکھنے کا اشارہ دیدیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ شان مسعود سے ویڈیو کال پر بات ہوئی ہے کہ کیسے بہتری لائی جاسکتی ہے،وہ لندن میں کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں، اس لیے ان سے ملاقات نہیں ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ شان مسعود کو کپتان ہٹانے کے حوالے سےکوئی فیصلہ نہیں ہوا، بہت سے لوگوں انکے بارے میں مثبت رپورٹ دی ہے، کسی نے بھی غلط فیڈ بیک نہیں دیا۔

مزید پڑھیں: “ناقص پرفارمنس؛ ٹیسٹ سیریز سے پہلے کسی لیگز کیلئے کوئی این او سی نہیں”

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بنگلادیش کے خلاف وینیوز میں ملتان ،کراچی اور راولپنڈی شامل ہیں، وینیوز اور تاریخیں فاینل ہوچکی ہیں، جلد شیڈول کا باقاعدہ اعلان ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں: بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز؛ کپتان کون ہوگا؟

چیمپئینز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے حوالے سے انکا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم سمیت تمام ٹیموں کے میچز پاکستان میں ہی ہوں گے، ایونٹ کیلئے مجوزہ شیڈول پہلے ہی آئی سی سی کو بحھوادیا تھا تاہم اب اس ایونٹ کی کامیابی کیلئے تمام وسائل بروے کار لارہے ہیں۔

مزید پڑھیں: گلوبل ٹی20 لیگ؛ پاکستانی کرکٹرز کو پی سی بی کی اجازت کا انتظار

انہوں نے کہا کہ اس وقت اسٹیڈیمز کی اپگریڈیشن بھی بہت بڑا چیلنج ہے،لاہور میں قذافی اسٹیڈیم کی دفاتر والی مین بلڈنگ گرانے کا کام مکمل ہوچکا ہے، اس کی جگہ نئے اور دیدہ زیب ڈیزائن والی بلڈنگ بنانے جارہے ہیں، اس کے ملحقہ انکلوژر کی بھی اپ گریڈیشن کررہے ہیں اور یہاں سے بہت قریبی ویو ہوگا۔ کراچی اور پنڈی میں بھی اسٹیڈیمز کی حالت زار بہتر کریں گے۔

پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد: اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔

پی ٹی آئی کو ترنول چوک کے پاس 6 جولائی کو جلسے کی اجازت دی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے این او سی جاری ہونے پر عامر مسعود مغل کی درخواست نمٹا دی۔ ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کردیا۔ جسٹس بابر ستار نے پی ٹی آئی کی جلسے سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 26 جون کو عدالتی حکم پر درخواست گزار کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات ہوئی جس میں این او سی جاری کرنے کو کہا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سے 26 جون سے کل تک 20 بار رابطہ کیا گیا۔ ہمیں این او سی نہیں دیا گیا بلکہ آج ایک دن پہلے عدالت کو آگاہ کیا گیا۔ہمیں جلسے کی تیاری کے لیے وقت نہیں دیا گیا۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے آپ کو جلسے کی اجازت تو دے دی ہے۔ ہر بات پر جھگڑا تو نہیں کر سکتے۔ آپ تو بڑی پارٹی ہیں کچھ گھنٹوں میں ہی لوگوں کو نکال لیں گے۔ آپ کیا کہتے ہیں ڈپٹی کمشنر اب لوگوں کو بھی نکال کر لائے۔