رضوان نے بنگلادیش کے سیلاب متاثرین کیلئے مدد کی اپیل کردی

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بنگلادیش میں بارشوں کے باعث سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کردی۔

فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بنگلادیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میچ کھیلنے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ بنگلادیش کے عوام اس وقت تباہ کن سیلاب کا سامنا کر رہے ہیں، ان کی دعائیں عوام کیساتھ ہیں اور ہمت و جرات سے حالات کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

وکٹ کیپر بلے باز نے درخواست کی کہ اپنے بھائیوں اور بہنوں کیلئے اس چیلنج میں زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کریں۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں سیلاب سے 15 افراد ہلاک اور لاکھوں متاثر ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے 11 اضلاع کو شدید بارشوں کے بعد بدترین سیلابی صورتحال کا سامنا ہے جس سے 48 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ فوج کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ سے شدید زخمی نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا

کراچی: جشن یوم آزادی کے موقع پر 13 اگست کی رات کو خوشی میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا 27 سالہ حبیب الحق زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔

مقتول نادرا کا ملازم اور عزیز آباد کا رہائشی بتایا جاتا ہے جسے دستگیر سوسائٹی کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سر پر لگی تھی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا تھا اور اسے ابتدائی طور پر عباسی شہید اسپتال سے بعدازاں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او جوہر آباد راشد الرحمٰن نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ان کے علاقے میں 13 اگست کی شب فائرنگ سے کوئی زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی پولیس کو کوئی انٹری کرائی گئی۔

کراچی میں بارشوں سے متعلق محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی

کراچی: نئے مون سون سسٹم کے تحت شہر قائد میں 26 کی رات سے ہلکی بارش کا آغاز ہوگا جبکہ 27 تا 31 اگست شدید بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی بھارت پر موجود مون سون ہوا کا کم دباو طاقتور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا جو کہ آج رات تک راجستھان پہنچ جائے گا جس کے بعد اندورن سندھ طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔

سسٹم کے زیر اثر اندرون سندھ گزشتہ رات سے بارشوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ مٹھی میں 28.5، میر پورخاص میں 12 اور چھور میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ میٹرولوجسٹ کے انجم نذیر ضیغم کے مطابق ہم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ساہیوال؛ پولیس ہیڈ کانسٹیبل کی اہلیہ کے قتل کا ڈراپ سین

ہڑپہ: ساہیوال میں پولیس ہیڈ کانسٹیبل جاوید اقبال کے گھر میں فائرنگ کے واقعے کا ڈراپ سین ہوگیا ہے، جاوید اقبال نے خود فائرنگ کرواکے اہلیہ کو قتل کروایا۔

تفصیلات کے مطابق ساہیوال کے نواحی گاؤں 15 ڈبلیو ایم میں پولیس ہیڈ کانسٹیبل جاوید اقبال نے اپنے والد کے ساتھ ملکر نامعلوم افراد سے اپنے ہی گھر میں فائرنگ کروائی۔

فائرنگ کے نتیجے میں جاوید اقبال کی اہلیہ جاں بحق ہوگئیں جبکہ اُن کی 10 سالہ بیٹی گولی لگنے سے زخمی ہوئی۔

ڈی ایس پی صدر تقی عباس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل جاوید اقبال نے اپنے والد کے ساتھ ملکر گھریلو تنازعہ پر اہلیہ کو قتل کروایا۔

تقی عباس نے مزید کہا کہ مقتولہ خاتون کے خاوند اور سُسر کو حراست میں لیکر مزید تفتیش جاری ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاوید اقبال کی 31 سالہ اہلیہ سعدیہ اور اُن کی بیٹی عائشہ گھر میں سوئے ہوئے تھے کہ اچانک نامعلوم افراد دیوار پھلانگ کر گھر میں گُھس آئے اور فائرنگ کردی۔

ہڑپہ پولیس نے لاش اور زخمی بچی کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

آپ کے بچوں کی ماں کون ہے؟ صارف کے سوال پر کرن جوہر کا کرارا جواب

 ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلمساز کرن جوہر نے اُن کے بچوں کی والدہ سے متعلق سوال پوچھنے پر سوشل میڈیا صارف کو کرارا جواب دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرن جوہر نے حال ہی میں اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی بیٹی روحی کی ویڈیو پوسٹ کی تھی جس پر ایک صارف نے اُن کے دونوں بچوں کی والدہ سے متعلق سوال پوچھ لیا تھا۔

سوشل میڈیا صارف نے ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے پوچھا کہ روحی کی ماں کون ہے؟ کوئی بتا سکتا ہے؟ میں کنفیوز ہوں (اُلجھن کا شکار ہوں)۔

صارف کے سوال کا کرارا جواب دیتے ہوئے فلمساز کرن جوہر نے کہا کہ میں ہی اپنی بیٹی روحی اور بیٹے یش کی ماں ہوں۔

کرن جوہر نے صارف سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی کنفیوزڈ حالت سے بہت پریشان ہوگیا تھا اس لیے مجھے آپ کے سوال کا جواب دینا پڑا۔

7

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق کرن جوہر سال 2017 میں سروگریسی کے ذریعے جڑواں بچوں یش اور روحی کے والد بنے تھے۔

کرن جوہر اکثر انٹرویوز میں سنگل پیرنٹ کے طور پر بچوں کی پرورش کرنے اور دیکھ بھال کے بارے میں بات کرتے ہیں۔

تعلیمی ادارے کے طلبا میں منشیات فروخت کرنیوالی خاتون اسمگلر گرفتار

اینٹی نارکوٹکس فورس نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے معروف تعلیمی ادارے کے طلباء میں منشیات کا زہر پھیلا کر انھیں منشیات کا عادی بنانے میں ملوث خاتون منشیات اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اے این ایف کی جانب سے کارروائی میں ملوث خاتون سے ایک کلو گرام سے زائد افیون اور ساڑے 4 کلو گرام سے زائد چرس برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ گینگ کے دیگر اراکین کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمہ کا تعلق پشاور سے ہے جو منشیات اسمگل کرکے تعلیمی ادارے تک پہچاتی تھی، ملزمہ نے یونیورسٹی کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا انکشاف بھی کیا۔

قبل ازیں گزشتہ روز اے این ایف کی مختلف کارروائیوں میں 70 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کرتے ہوئے 6 ملزمان کو حراست میں لیا تھا۔

کراچی میں کچرا کنڈی سے 12سالہ بچی کی بوری بند تشدد زدہ لاش برآمد

کراچی: صدر لکی اسٹار کے قریب کچرا کنڈی سے 12 سالہ بچی کی بوری بند تشدد زدہ لاش ملی، جاں بحق ہونے والی بچی کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی۔

تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے پیر کریم تالپور روڈ لکی اسٹار اقبال آٹوز کے قریب کچرا کنڈی سے ایک بچی کی بوری بند لاش ملی، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور بوری کھول کر دیکھی تو اس میں 11 سے 12 سالہ بچی کی تشدد زدہ لاش تھی۔ پولیس نے جاں بحق ہونے والی بچی کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی، جائے وقوعہ سے فارنزک کی ٹیم نے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں، شبہ ہے کہ نامعلوم افراد نے بچی کو نامعلوم مقام سے اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے جا کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا اور لاش کو بوری میں بند کر کے کسی گاڑی میں ڈال کر ہفتہ اور اتوار کی درمیان کسی پہر کچرا کنڈی میں پھینک گئے۔

راولپنڈی سے پلندری جانے والی کوسٹر گہری کھائی میں گرگئی، 25افراد جاں بحق

راولپنڈی سے پلندری جانے والی کوسٹر تھانہ کہوٹہ کے علاقے گراری پل کے قریب گہری کھائی میں جا گری جس کے باعث 25 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے جائے حادثہ پہنچ کر کوسٹر سے لاشیں اور زخمیوں کو باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا کی کوشش کی جا رہی ہیں۔ میتوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کہوٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

کمشنر پونچھ ڈویژن سردارعبدالوحید کے مطابق حادثہ آزاد پتن اور کہوٹہ کے درمیان پانہ پل کے پاس پیش آیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں راولاکوٹ اور سدہنوتی سے موقع پر روانہ کر دی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سدھنوتی عمر فاروق نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں بچے خواتین اور مرد شامل ہیں، جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق ضلع سدہنوتی سے ہے۔

بنگلادیش کیخلاف ون ڈے سیریز؛ پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلادیش اے کے خلاف 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کیلئے 14 رکنی پاکستان شاہینز کا اعلان کردیا۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو پاکستان شاہینز کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے، انہوں نے حال ہی میں پاکستان شاہینز کے ڈارون ٹور میں بھی ٹیم کی قیادت کی تھی جس نے پچاس اوورز کے دو ون ڈے اور ٹاپ اینڈ ٹی20 سیریز کھیلی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ پیر 26 اگست کو کھیلا جائے گا جبکہ بقیہ دو میچز 28 اور 30 اگست کو ہوں گے۔ پچاس اوورز پر مشتمل یہ تینوں میچز اسلام آباد کلب میں کھیلے جائیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے درمیان 2 چار روزہ میچ کھیلے جاچکے ہیں جو ڈرا ہوئے تھے۔

کپتان محمد حارث کے علاوہ جن دیگر کھلاڑیوں کو ڈارون کا دورہ کرنے والی ٹیم سے برقرار رکھا گیا ہے ان میں عبدالفصیح، عرفات منہاس، فیصل اکرم، حسیب اللہ، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد عرفان خان، محمد عمران جونیئر، مبصر خان، عمیر بن یوسف اور عثمان خان شامل ہیں۔

اسکواڈ میں شامل کیے جانے والے دیگر دو کھلاڑی بائیں ہاتھ کے اسپنر مہران ممتاز اور بائیں ہاتھ کے بیٹر اذان اویس ہیں۔ مہران ممتاز بنگلہ دیش اے کے خلاف دوسرا چار روزہ میچ کھیلے تھے جبکہ اذان اویس نے اس سال آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔بنگلادیش اے کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان شاہینز اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

محمد حارث (کپتان / وکٹ کیپر) عبدالفصیح، عرفات منہاس، اذان اویس، فیصل اکرم، حسیب اللہ، جہانداد خان، مہران ممتاز اور محمد عباس آفریدی، محمد عرفان خان، محمد عمران جونیئر، مبصر خان، عمیر بن یوسف اور عثمان خان۔

سندھ؛ 7ماہ کے دوران 2023 کی بہ نسبت ڈینگی کیسز میں 135 فیصد اضافہ

کراچی: سندھ میں رواں سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران 2023 کی نسبت ڈینگی کیسز میں 135 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں گزشتہ سال جنوری سے جولائی کے درمیان ڈینگی کے 440 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ رواں سال کے ابتدائی 7 مہینوں میں سندھ میں ڈینگی کے 1034 کیسز رپورٹ کیے جا چکے ہیں۔

سندھ میں رواں سال اب تک ڈینگی بخار کے 1167 کیسز رپورٹ کیے جا چکے ہیں جن میں سے 1022 کا تعلق کراچی سے ہے۔

رواں سال 83 ڈینگی کیسز حیدرآباد، 34 میرپور خاص، 12 کیسز سکھر جبکہ لاڑکانہ اور شہید بینظیرآباد میں ڈینگی کے 8 ،8 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

اس سال کراچی میں سب سے زیادہ 329 ڈینگی کیسز ضلع شرقی سے رپورٹ کیے گئے۔ رواں سال اب تک سندھ میں ڈینگی کے سبب ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی، جس کا تعلق کراچی سے ہے۔