کنگنا رناوت نے ‘بجرنگی بھائی جان’ اور ‘سلطان’ کی آفر مسترد کرنے کی وجہ بتا دی

ممبئی: بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے انکشاف کیا ہے کہ دبنگ اسٹار سلمان خان نے اُنہیں سُپر ہٹ فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ اور ‘سلطان’ میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت اپنی نئی آنے والی فلم ’ایمرجنسی‘ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں، اس فلم میں اداکارہ نے نہ صرف مرکزی کردار ادا کیا ہے بلکہ انہوں نے اس فلم کی ہدایتکاری بھی کی ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو کے دوران کنگنا رناوت نے میگا اسٹار سلمان خان کے بارے میں بات کی، اداکارہ نے کہا کہ ماضی میں سلمان خان نے مجھے سُپر ہٹ فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ اور ‘سلطان’ میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی لیکن مجھے دونوں فلموں کے کردار پسند نہیں آئے تھے جس کی وجہ سے، میں نے پیشکش مسترد کردی تھی۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ جب سلمان خان نے مجھے ‘بجرنگی بھائی جان’ کی یشکش کی تو میں نے اُن سے کہا کہ یہ کیسا کردار ہے؟، میں یہ کردار نہیں کرسکتی، اس مسترد کے بعد اداکار نے مجھ سے فلم ‘سلطان’ میں کام کرنے کے لیے رابطہ کیا لیکن مجھے وہ کردار بھی پسند نہیں آیا جس پر سلمان خان نے کہا کہ میں آپ کو ایسا کونسا کردار دوں کہ آپ میری پیشکش کو قبول کرو؟

اداکارہ نے کہا کہ میں نے دونوں فلموں کی پیشکش مسترد کردی تھی لیکن اس کے باوجود سلمان خان کا میرے ساتھ رویہ بہت اچھا ہے، وہ مجھ سے رابطے میں رہتے ہیں، اُنہوں نے میری نئی آنے والی فلم ‘ایمرجنسی’ دیکھنے کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن مصروفیت کی وجہ سے وہ میرے اسٹوڈیو نہیں آسکے تو اُنہوں نے ہمارے ایک مشترکہ دوست کو میرے اسٹوڈیو بھیجا اور کہا کہ ریلیز سے پہلے ہی فلم ‘ایمرجنسی’ دیکھو اور مجھے بتاؤ کہ کنگنا نے کیسی فلم بنائی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمارے مشترکہ دوست نے ‘ایمرجنسی’ دیکھنے کے بعد سلمان خان کو فلم کے بارے میں بتایا، جس کے بعد دبنگ اسٹار نے میری فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھی فلم ہے۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ سلمان جی کی فین فالوونگ بہت زیادہ ہے اور مجھے لگتا ہے کہ وہ لوگوں کی محبت کے حقدار ہیں کیونکہ وہ نرم دل اور احساس کرنے والی شخصیت کے مالک ہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ہماری انڈسٹری میں وہی لوگ سلمان خان کے خلاف زہر اُگلتے ہیں جو چاہتے ہیں کہ وہ مقبولیت کی سیڑھی پر سلمان خان کی جگہ ہوں۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان

اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، بالائی خیبر پختونخوا، مشرقی بلوچستان، مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

25 اگست سے جنوب مشرقی زیریں سندھ میں کہیں کہیں طوفانی بارش کی پیشگوئی ہے، شدید طوفانی بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خطرہ ہے۔

شدید بارشوں، آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفرا اسٹرکچر ( کچے گھر، دیواریں ،بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینل وغیرہ) کو نقصان اور سڑکوں کی بندش کا اندیشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم مرطوب اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ دوپہر، شام میں تیز ہواؤں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، کوہاٹ، وزیرستان اور کرم میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بھارتی شائقین کے بعد امپائرز بھی محمد رضوان پر تنقید کرنے لگے

بھارتی امپائر انیل چودھری نے پاکستانی وکٹ کیپر بلےباز محمد رضوان کو غیر ضروری اپیلوں پر تنقید کا نشانہ بناڈالا۔

یوٹیوب پر “2 سلوگرز” پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل بھارتی امپائر انیل چودھری نے حال ہی میں پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو میچ کے دوران ضرورت سے زیادہ اور غیر ضروری اپیلیں کرتے ہیں، اس موقع پر فیلڈ میں موجود دوسرے امپائر کو بھی رضوان کے رویے کی شکایت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایک لمحہ ایسا بھی آیا جب دوسرا امپائر اس کی اپیل ماننے کے قریب تھا لیکن اس نے اچانک میرے الفاظ یاد کر کے اسے ٹھکرا دیا۔

دوسرے امپائر نے الفاظ تک استعمال کیے کہ کیا وہ وہی ہے جو لپ اسٹک جیسی چیز لگاتا ہے؟ وہ کبوتر کی طرح کودتا رہتا ہے۔

انیل چودھری نے کہا کہ محمد رضوان اکثر ہر گیند پر اپیلیں کرتے تھے جس سے امپائرز کے لیے ایک چیلنجنگ ماحول پیدا ہوتا ہے اور غلط فیصلے بھی ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی سے چلنے والا دور ہے جہاں آپ اسکرین پر سب کچھ دیکھ سکتے ہیں، اس طرح کی حرکتوں سے اپنا مذاق کیوں اڑایا جائے؟۔

مکران کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی بس کھائی میں گرگئی، 12 افراد جاں بحق

کوئٹہ: مکران کوسٹل ہائی وے بزی لک کے مقام پر ایران سے آنے والے زائرین کی بس کھائی میں گرنے سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایدھی ذرائع کے مطابق حادثے میں 35 افراد زخمی بھی جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

زائرین کی بس ایران سے آرہی تھی کہ بزی لک کے مقام پر بریک فیل ہونے کے باعث کھائی میں جا گری، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمیوں کو بس سے نکالا۔

جاں بحق ہونے والوں کا تعلق لاہور اور گجرانوالا سے بتایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی پاکستانی زائرین کی بس کو ایران میں حادثہ پیش آیا تھا جس میں 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے تھے۔ زائرین کا تعلق سندھ کے شہر لاڑکانہ سے تھا۔

وزیر اعلٰیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مکران کوسٹل ہائی وے پر زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے زخمی ہونے والے افراد کے فوری اور بہتر علاج معالجے کی ہدایت جاری کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لسبیلہ کے قریب بس کھائی میں گرنے سے زائرین کے جاں بحق پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

ازگر سانپ دل کے مریضوں کیلئے مفید ثابت ہوسکتا ہے، ماہرین

کولوراڈو: ایک عجیب و غریب تحقیق میں سائنسدانوں نے مشاہدہ کیا ہے کہ ازگر (سانپ کی ایک نسل) دل کی بیماریوں جیسے کارڈیاک فبروسس کے علاج میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

سائنسدانوں نے مشاہدہ کیا ہے کہ اپنے شکار کو کھا جانے کے بعد ازگر کا دل پہلے 24 گھنٹوں میں 25 فیصد بڑھ جاتا ہے اور آخر کار دل کے ٹشوز نرم ہو جاتے ہیں اور جس سے نبض کا حجم دوگنا ہوجاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ اس عمل میں بہت سے خصوصی جین حرکت میں آتے ہیں اور سانپ کے میٹابولزم کو بڑھاتے ہیں۔ کھانا ہضم ہونے کے دو ہفتے بعد تمام نظام معمول پر آجاتے ہیں اور دل قدرے بڑا اور مضبوط رہتا ہے۔

سی یو بولڈر کے محققین کے مطابق یہ عمل کسی ایسے شخص کے لیے نئے علاج کی تخلیق کا باعث بن سکتا ہے جو انسانی دل کے امراض جیسے کارڈیاک فبروسس میں مبتلا ہو، جس میں دل کے ٹشو اکڑے ہوئے ہوں۔

سینئر مصنف لیسلی لین وانڈ نے کہا ازگر جنگل میں مہینوں یا ایک سال تک بغیر کھائے پی رہ سکتے ہیں اور اپنے جسمانی وزن سے زیادہ کھا سکتے ہیں لیکن پھر بھی ان کے دل ہر کچھ برا اثر نہیں پڑتا۔

ریما خان کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش؟ مداحوں کیجانب سے مبارکباد

 لاہور: ماضی کی مقبول فلم اسٹار ریما خان نے اپنے ساتھ نومولود بچے کی تصاویر شیئر کیں جو کہ معمہ بن گئی ہیں۔

ریما خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی نئی تصویر پوسٹ کی جن میں اداکارہ کے ہمراہ اُن کے شوہر موجود ہیں جبکہ اسی تصویر میں اس جوڑے نے نومولود بچے کو بھی گود میں اُٹھایا ہوا ہے۔

اداکارہ نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ماں بننا زندگی کے بارے میں کسی کے بھی نقطہ نظر کو بدل سکتا ہے، ماں بننے کے بعد زندگی صبر اور غیر مشروط محبت کا گہرا احساس پیش کرتی ہے۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ یہ میں واضح نہیں کیا کہ تصویر میں نظر آنے والا بچہ اُن کا ہے یا پھر کسی اور کا ہے لیکن اس تصویر نے ریما خان کے مداحوں کو اُلجھن میں ڈال دیا ہے۔

ریما خان کی تصویر پر تبصرے کرتے ہوئے جہاں کچھ مداحوں نے اُن سے پوچھا کہ کیا یہ آپ کا بچہ ہے؟، تو وہیں کئی مداح ایسے بھی تھے جنہوں نے اپنی طرف سے اندازے لگاتے ہوئے اداکارہ کو دوبارہ بننے کی مبارکباد پیش کی۔

سوشل میڈیا صارفین نے ریما خان سے یہ سوال بھی کیا کہ اداکارہ کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے یا پھر تیسرے بچے کی؟

ریما خان اور مذکورہ بچے کی تصویر سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جہاں اداکارہ کے ہاں ممکنہ طور پر دوسرے بچے کی پیدائش کی چہ مگوئیاں کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ ریما خان نے سال 2011 میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2015 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

ریما خان شادی کے بعد سے شوبز انڈسٹری سے دور ہیں لیکن وہ سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں۔

مائیکروچپ نے بلے کو اپنی مالکن سے 11 سال بعد ملا دیا

جنوبی کیرولائنا: امریکا میں ایک شہری خاتون کو تقریباً 11 سال بعد اپنا پالتو بِلا ایک مائیکروچپ کی مدد سے مل گیا۔

جینیفر ریوینل کے پالتو بلے سیم کو لاپتہ ہوئے ایک دہائی سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا تھا تاہم 11 سال بعد حیرت انگیز طور پر دونوں مِل گئے۔

جینیفر نے 2011 میں جنوبی کیرولائنا میں سیم کو گود لیا تھا لیکن دو سال بعد وہ غائب ہو گیا جب پالتو کتے نے اسے ڈرایا۔

جینیفر نے بتایا کہ میں نے سیم کو جنگلوں کو تلاش کیا، جگہ جگہ سب سے پوچھا لیکن کسی نے اسے نہیں دیکھا۔

تاہم سیم کو جولائی کے آخر میں ایک شہری نے بلے کو لاوارث دیکھ کر اینیمل کنٹرول ادارے چارلسٹن اینیمل سوسائٹی کے حوالے کر دیا تھا۔ اینیمل شیلٹر نے بلے میں مائیکروچپ دیکھی جس کی مدد سے ادارے نے جینیفر کو فون کرکے بلے کا پتہ دیا۔

جینیفر جب شیلٹر پہنچیں تو وہ اپنے بلے کو 11 سال بعد دیکھ کر رو پڑیں اور بلے کو پکارا سیم، اوہ سیم! میں نے تمہیں بہت یاد کیا۔

چینی سائنسدانوں نے چاند کی مٹی کو پانی میں تبدیل کردیا

بیجنگ: چینی سائنسدانوں نے 2020 کی مہم سے لائی گئی چاند کی مٹی کا استعمال کرتے ہوئے بڑی مقدار میں پانی پیدا کرنے کا ایک نیا طریقہ دریافت کیا ہے۔

ریاستی نشریاتی ادارے CCTV نے رپورٹ کیا 2020 میں چین کے Chang’e-5 مشن کے ذریعے 44 سالوں میں پہلی بار انسانوں نے چاند کے نمونے حاصل کیے تھے۔

رپورٹ کے مطابق سرکاری زیر انتظام چینی اکیڈمی آف سائنسز کے محققین نے دریافت کیا کہ اس ‘چاند کی مٹی’ میں موجود معدنیات میں ہائیڈروجن کی بڑی مقدار موجود ہے جو بہت زیادہ درجہ حرارت پر گرم ہونے پر دیگر عناصر کے ساتھ رد عمل ظاہر کرتی ہے جس سے پانی کے بخارات پیدا ہوتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ تین سال کی گہری تحقیق اور بار بار تصدیق کے بعد بڑی مقدار میں پانی پیدا کرنے کے لیے قمری مٹی کو استعمال کرنے کا ایک بالکل نیا طریقہ دریافت کیا گیا ہے جس سے خلا میں مستقبل میں قمری سائنسی تحقیقی مراکز اور اسٹیشنز کی تعمیر کے لیے اہم ڈیزائن کی بنیاد فراہم کی جاسکتی ہے۔

کینسر کی دوا الزائمر کے مرض میں بھی موثر

واشنگٹن: چوہوں پر کیے گئے مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ کینسر کی ایک نئی دوا دماغی بیماریوں جیسے الزائمر کے علاج میں مدد کر سکتی ہے۔

محققین نے رپورٹ کیا کہ دوا انڈولیمین-2,3-ڈائی آکسیجن 1 (آئی ڈی او 1) نامی انزائم کو روکتی ہیں۔

محققین نے کہا کہ IDO1 inhibitors ادویات کو کینسر جیسے میلانوما، لیوکیمیا اور چھاتی کے کینسر کے علاج کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ ادویات کینسر کے خلیات کی مدافعتی نظام سے بچنے کی صلاحیت کو روک کر کینسر سے لڑتی ہیں۔

لیکن محققین نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ دوائیں الزائمر جیسی دماغی بیماریوں کے ابتدائی مراحل کا بھی علاج کرنے کے قابل ہو سکتی ہیں کیونکہ یہی انزائم دماغ کے خلیوں کو متاثر کرنے میں بھی ملوث کیا گیا ہے۔

سینئر محقق ڈاکٹر کیٹرین اینڈریسن نے کہا کہ اس آئی ڈی او 1 انزائم کو روکنا خاص طور پر ایسے مرکبات کے ساتھ جن کی پہلے انسانی طبی آزمائشوں میں کینسر کے لیے تحقیقات کی جا چکی ہیں، ہمارے دماغ کو بڑھاپے اور نیوروڈیجنریشن سے ہونے والے نقصان سے بچانے میں ایک بڑا قدم ہو سکتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹیلی گرام‘ کے سی ای او گرفتار

پیرس: فرانسیسی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیلی گرام کے چیف ایگزیکٹیو پاویل دوروف کو پیرس کے شمال میں واقع ایک ہوائی اڈے سے گرفتار کر لیا ہے۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق صدر دوروف کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب ان کا نجی طیارہ لی بورگیٹ ہوائی اڈے پر اترا تھا۔

حکام کے مطابق 39 سالہ چیف ایگزیکٹیو پاویل دوروف کو مقبول میسجنگ ایپ سے متعلق جرائم کے الزام میں وارنٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس میں روس کا سفارت خانہ صورت حال کی وضاحت کے لیے ‘فوری اقدامات’ کر رہا ہے۔

فرانسیسی ٹی وی چینل نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ دوروف اپنے نجی طیارے میں سفر کر رہے تھے۔

ٹیلی گرام خاص طور پر روس، یوکرین اور سابق سوویت یونین کی ریاستوں میں مقبول ہے۔

اس سے قبل 2018 میں روس میں اس ایپ پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جب دوروف نے صارفین کا ڈیٹا حوالے کرنے سے انکار کر دیا تھا، لیکن 2021 میں اس پابندی کو واپس لے لیا گیا۔

فیس بک، یوٹیوب، واٹس ایپ، انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے بعد ٹیلی گرام کو بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔

دوروف نے 2013 میں ٹیلی گرام کی بنیاد رکھی تھی اور انہوں نے 2014 میں اپنے وی کونٹاکٹ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر حزب اختلاف کی کمیونٹیز کو بند کرنے کے حکومتی مطالبات کو ماننے سے انکار کرنے کے بعد روس چھوڑ دیا تھا۔