پنجاب کے بجلی ریلیف پر تنقید سمجھ سے بالاتر ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اگر ملک کے حالات چند سال قبل خراب نہ کیا جاتے تو ملک بہتر ہوتا۔

داتاؒ دربار پر حاضری کے بعد مزار کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ میں اپنی جانب سے، نواز شریف، شہباز شریف اور صدر زرداری کی جانب سے حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہاں مدینہ منورہ کی طرز پر آٹو میٹرک چھتریاں آئندہ عرس سے قبل لگ جائیں گی اور دربار کی توسیع کی جائے گی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ ملک کلمہ کے نام پر بنا، اللہ کریم روز قیامت تک اس کی حفاظت کرے، نواز شریف نے 1999ء میں اس ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، پاکستان ایک میزائلی قوت بھی بن چکا ہے اب اسے معاشی قوت بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملک کے حالات چند سال قبل خراب نہ کیا جاتے تو ملک بہتر ہوتا، 2017ء تک ملک تیزی سے ترقی کررہا تھا اس کے بعد جو ہوا وہ سب کے سامنے ہے، اب رونے دھونے کا وقت نہیں ہے، بدقسمتی ہے کہ جو ملک ترقی کررہا تھا وہ پیچھے چلا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی سرپرستی میں ملک ترقی کررہا ہے، 11 فیصد تک مہنگائی آچکی ہے، اس ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا، پاکستان کی سلامتی اور اداروں پر وار ہماری ریڈلائن ہے، ریڈلائن کراس کریں گےتو پھرکوئی گنجائش نہیں رہے گی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں وفد ملا، سیاست میں ایسا ہوتا رہتا ہے، ریلیف دینا ہر صوبے کا حق ہے پنجاب نے 14 روپے ریلیف دیا ہے تو ہم اسے دوسرے صوبوں پر زبردستی لاگو نہیں کرسکتے یہ ان کی صوابدید ہے، پنجاب کے ریلیف پر تنقید کرنا سمجھ میں نہ آنے والی بات ہے ہمارے پیپلز پارٹی سے اچھے تعلقات ہیں اس کے ساتھ ایسا کوئی معاملہ نہیں کہ جو حل طلب نہ ہو۔

معروف بھارتی اداکار ناگ ارجن کے کنوینشن سینٹر پر بلڈوزر چلا دیا گیا

حیدرآباد دکن: ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے سُپر اسٹار ناگ ارجن کے 10 ایکڑ پر بنائے گئے این کنوینشن سینٹر پر بلڈوزر چلا دیا گیا، کنوینشن سینٹر پر گزشتہ کئی سالوں سے تحقیقات جاری تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (HYDRAA) کے حکم پر تجربہ کار اداکار ناگ ارجن کے 10 ایکڑ پر محیط این کنوینشن سینٹر کو گِرانے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کنوینشن سینٹر کو تجاوزات کی وجہ سے بلڈوزر کے ذریعے گِرایا جا رہا ہے جبکہ یہ کارروائی مقامی حکام کی ہدایت پر کی جارہی ہے۔

اداکار ناگ ارجن پر الزام عائد ہے کہ اُنہوں نے غیر قانونی طور پر کنونشن سینٹر تعمیر کیا، شکایت میں کہا گیا کہ اداکار نے تھممڈی کنٹا جھیل کے حصے پر قبضہ کرکے اپنا این کنوینشن سینٹر تعمیر کیا، شکایت موصول ہونے پر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (HYDRAA) کے عہدیداروں نے اس کی جانچ شروع کی۔

10 ایکڑ کے اراضی پر بنائے گئے این کنونشن سینٹر پر گزشتہ کئی سالوں سے تحقیقات جاری تھیں، سرکاری ریکارڈ کے مطابق تھممڈی کنٹا جھیل کا رقبہ تقریباً 29.24 ایکڑ ہے جبکہ اداکار نے اپنا کنوینشن سینٹر تعمیر کرنے کے لیے جھیل کے تقریباً 1.12 ایکڑ اور بفر کے اندر اضافی 2 ایکڑ اراضی پر قبضہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق شکایت کنندہ بھاسکر ریڈی نے HYDRAA حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اداکار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جھیل کو بحال کریں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی نفری تعینات کرکے ناگ ارجن کے کنوینشن سینٹر کو مسمار کیا جا رہا ہے جبکہ کنوینشن سینٹر کی طرف جانے والی تمام سڑکیں فی الحال بند ہیں۔

دوسری جانب اس حوالے سے ابھی تک اداکار ناگ ارجن کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت میں بڑا اضافہ

کراچی: سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں قیمت میں اضافہ ہوگیا۔

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 20ڈالر کے اضافے سے 2512ڈالر کی سطح پر آ گئی۔

اسی طرح مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی ہفتے کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 1700 روپے کے اضافے سے 263700روپے کی سطح پر آگئی اور فی 10 گرام سونے کی قیمت 1457روپے کے اضافے سے 226080روپے کی سطح پر آگئی۔

ملک میں سونے کی قیمت میں اضافے کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2950روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2529.14روپے کی سطح پر مستحکم ہے۔

آسٹریلیا؛ دفتری اوقات کے بعد ملازمین کو باسز کا فون منقطع کرنے کی اجازت

کینبرا: آسٹریلیا میں دفتری اوقات کے بعد باسز کی جانب سے ملازمین سے رابطہ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

کئی دفاتر میں اوقات کار کے بعد حکام کی جانب سے ملازمین سے رابطہ کیا جانا اور ان کا گھر کے لیے مختص وقت برباد کرنا معمول کی بات ہے۔

اس نئے قانون کو ’رائٹ ٹو ڈس کنیکٹ‘ کا نام دیا گیا ہے جو فروری میں منظور کیا گیا تھا جو پیر سے نافذ العمل ہوجائے گا۔ قانون کے تحت ملازمین اوقات کار کے بعد اپنے افسران کے احکامات کی تعمیل اور ان کی کالز و پیغامات کا جواب دینے کے پابند نہیں ہوں گے اور ان کی کال کاٹنے کے حقدار ہوں گے، جس پر ان کے خلاف کوئی ضابطے کی کارروائی بھی نہیں کی جاسکے گی۔۔

نئے قانون کے تحت ملازمین کو اپنے موبائل فونز بند کرنے کا حق بھی حاصل ہوگیا ہے۔ آسٹریلیا اس طرح کا قانون منظور کرنے والا پہلا ملک نہیں بلکہ فرانس، جرمنی اور یورپی یونین کے دیگر ممالک میں بھی ان کا نفاذ ہوچکا ہے۔

دوسری جانب کمپنیز اور اداروں کے مالکان نے اس قانون کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ناقص اور جلد بازی میں منظور کردہ قرار دیا۔

قانون کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ملازمین جسمانی طور پر دفتر سے باہر لیکن ذہنی طور پر دفتر میں ہی ہوتے ہیں، کیونکہ وہ ہر وقت فون کالز، ای میلز اور میسیجز کا جواب دیتے رہتے ہیں اور انتظامیہ کے رویے کے باعث شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں۔ دفتر سے واپس آنے کے باوجود گھر میں اہلِ خانہ کے ساتھ یا آرام کرنے کے دوران اس طرح کی کالز ان کے سکون میں خلل بھی ڈالتی ہیں جس سے وہ مختلف بیماریوں کا شکار بھی ہوسکتے ہیں۔

اس قانون کے تحت خصوصی حالات میں ملازمین کو فون اٹھانا چاہیے جس کا انحصار ان کے عہدے اور رابطے کی نوعیت پر ہے، اور جب ان کے پاس فون نہ اٹھانے کی کوئی معقول وجہ نہ ہو۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں ملازمین کی بھرتیوں کیخلاف درخواست دائر

اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس میں ملازمین کی بھرتیوں کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)کی رہنما نادیہ خٹک کی جانب سے بھرتیوں کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائرمیں سیکرٹری داخلہ ، وزارت قانون ،چئیرمین سینٹ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں عدالت سے پارلیمنٹ میں خلاف قانون کی گئی تعیناتیوں کو غیرقانونی اور کالعدم قرار دینے، پارلیمنٹ میں تعیناتیوں کے انتخاب کے عمل کو شفاف اور سخت بنانے اور ایک جیسی مہارت رکھنے والے تمام عہدیداروں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

کور کمانڈر کوئٹہ کا پانچ افراد کو بچانے والے ڈرائیور کیلیے پانچ لاکھ روپے انعام

کوئٹہ: کور کمانڈر کوئٹہ نے بلوچستان میں سیلابی ریلے میں پھنسے ایک خاندان کے پانچ افراد کو بچانے والے ایکسکیویٹر ڈرائیور کو پانچ روپے انعام سے نواز دیا۔

بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں ایکسکویٹر ڈرائیور محب اللہ کو سیلاب کے پانی میں پھنسے ایک خاندان کے پانچ افراد کو بچانے کے بعد ہیرو کے طور پر سراہا گیا ہے۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک کار، جس میں ایک خاندان کے پانچ افراد سوار تھے، ارمبی کے علاقے ٹوبہ اچکزئی کے بڑھتے ہوئے پانی میں پھنس گئی۔

مقامی باشندوں نے ایکسکویٹر ڈرائیور محب اللہ کو مدد کے لیے پکارا اور انہوں نے پھنسے ہوئے خاندان تک پہنچنے کے لیے اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے سے دریغ نہیں کیا۔

اپنے ایکسکیویٹر کا استعمال کرتے ہوئے، انہوں نے ان افراد کو بچانے کے لیے خطرناک حالات سے کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا، اس دوران ان کی حفاظت کو یقینی بنایا۔

ریسکیو آپریشن کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے، جو بحران کے وقت بے لوث اور قربانی کے جذبے کو اجاگر کرتا ہے۔

اس بہادری کے اعتراف میں کور کمانڈر کوئٹہ نے انہیں 5 لاکھ بطور انعام سے نوازا جب کہ ان کے بیٹے کو بلوچستان ایجوکیشن پروگرام کے تحت اسکالر شپ بھی دے دی گئی۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی محب اللہ کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کرچکے ہیں۔

پشین؛ پولیس لائن کے قریب دھماکا، 2 بچے جاں بحق، اہلکاروں سمیت 14 زخمی

کوئٹہ: پشین میں پولیس لائن کے قریب دھماکا ہوا ہے، جس میں 2 بچے جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہو گئے۔

پشین میں پولیس لائن کے قریب ہونے والے دھماکے میں گاڑی اور موٹر سائیکل تباہ ہوئی ہے جب کہ 2 بچے جاں بحق ہونے کے علاوہ 5 پولیس اہل کاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

دریں اثنا ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند نے پشین اور نوشکی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا افسوس ہے۔ سماج دشمن اور ریاست مخالف عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

میں نے روحانیت کے طور پر گردن پر ٹیٹو بنوایا ہے، احسن خان

کراچی: پاکستان کے معروف اداکار و ٹی وی میزبان احسن خان نے اپنی گردن پر بنوائے گئے ٹیٹو کا راز کھول دیا۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران احسن خان نے پاکستانی اداکاراؤں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تمام اداکاراؤں کا تعلق اچھے گھرانوں سے ہے، سب نے شوبز انڈسٹری میں اپنا مقام بنانے کے لیے سخت محنت کی ہے۔

احسن خان نے کہا کہ ہماری اداکارائیں اپنی بےمثال اداکاری سے دُنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کررہی ہیں، ہمیں تمام اداکاراؤں کی قدر اور عزت کرنی چاہیے۔

اداکار نے اُشنا شاہ، مہوش حیات، کبریٰ خان، صبا قمر اور نیلم منیر کی شخصیت اور کام کی تعریف بھی کی۔

اُنہوں نے صبا قمر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ صبا موجودہ دور کی بہترین اداکارہ ہیں، پاکستانی لڑکیوں اور نئی اداکاراؤں کو آگے بڑھنے کے لیے صبا قمر کی زندگی اور اُن کے کام سے بہت کچھ سیکھنا چاہیے۔

اسی پروگرام میں احسن خان سے اُن کے ٹیٹو سے متعلق بھی سوال پوچھا گیا جس پر اداکار نے کہا کہ میں نے روحانیت کے طور پر اپنی گردن پر ٹیٹو بنوایا ہے۔

احسن خان نے مزید کہا کہ میں اس ٹیٹو کا مطلب نہیں بتانا چاہتا لیکن صرف یہ کہوں گا کہ اس ٹیٹو کا تعلق روحانیت سے ہے۔

شاہین آفریدی کے ہاں بیٹے کی پیدائش

کراچی: قومی کرکٹرشاہین شاہ آفریدی کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی شاہد آفریدی نانا بن گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہین آفریدی بیٹے کے باپ اور شاہد آفریدی نانا بن گئے، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے بیٹے کا نام علی یار رکھا ہے۔

واضح رہے کہ شاہین آفریدی کی شادی شاہد آفریدی کی بیٹی انشاء آفریدی سے گزشتہ برس ہوئی تھی۔

“شوہر کی دوسری شادی نہ کروانے والی بیوی کو جیل میں ڈال دیا جائے”

کراچی: پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکارہ، ہدایتکار و پروڈیوسر یاسر نواز نے حکومت پاکستان سے نئے اور انوکھے قانون کا مطالبہ کردیا۔

حال ہی میں یاسر نواز، اُن کی اہلیہ ندا یاسر اور بھائی دانش تیمور کے پوڈکاسٹ کی نئی قسط جاری ہوئی جس میں اداکار مانی نے بطورِ مہمان شرکت کی۔

پوڈکاسٹ میں مانی نے اپنے کیریئر سمیت مختلف مسائل اور ملک میں بڑھتی مہنگائی پر بات کی اور ساتھ ہی اُنہوں نے دوسری شادی کرنے سے بھی انکار کیا۔

مانی نے کہا کہ پاکستان سمیت دُنیا بھر میں مہنگائی بڑھتی جارہی ہے، بڑھتی مہنگائی کے اس دور میں کوئی بھی مرد دوسری شادی کرنے کا نہیں سوچ سکتا۔

مانی کی بات پر ردعمل دیتے ہوئے یاسر نواز نے کہا کہ میری تو خواہش ہے کہ ہماری حکومت ایسا قانون لائے جس کے تحت بیوی ہر پندرہ سال کے بعد اپنے شوہر کی نئی شادی کروائے۔

یاسر نواز نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ قانون میں یہ بھی شامل ہو کہ اگر کوئی بیوی اپنے شوہر کی نئی شادی نہیں کروائے گی تو اُسے جیل میں ڈال دیا جائے گا۔

شوہر کی بات سُن کر ندا یاسر نے کہا کہ آپ اسی طرح ہر انٹرویو میں دوسری شادی کا ذکر کرکے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہیں، آپ صرف باتیں ہی کرسکتے ہیں۔

یاسر نواز نے کہا کہ میں اپنی دوسری شادی کی بات نہیں کررہا بلکہ حکومت کو مشورہ دے رہا ہوں جس پر مانی نے کہا کہ حکومت کے جو کام ہیں، وہ تو کر نہیں پا رہی، یہ کام کیسے کرے گی؟ اس پر یاسر نواز نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ حکومت یہ کام کرلے گی۔