ملک بھر میں 26 سے 29 اگست تک شدید بارشوں کا امکان

لاہور: ملک کے مختلف علاقوں میں 26 سے 29 اگست تک بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا بارش برسانے والا سسٹم 26 سے 29 اگست تک پاکستان میں دوبارہ داخل ہوگا۔بارشوں کا سسٹم داخل ہونے سے شدید بارشوں کا امکان ہے۔

لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری رہنے کی توقع ہے۔ بارشوں کے حوالے سے پی ڈی ایم اے نے بھی الرٹ جاری کردیا ہے۔ اس وقت مون سون بارشوں کا سسٹم لاہور سمیت پنجاب بھر میں کمزور ہے۔

پشین؛ پولیس لائن کے قریب دھماکا، 2 بچے جاں بحق، اہلکاروں سمیت 12 زخمی

کوئٹہ: پشین میں پولیس لائن کے قریب دھماکا ہوا ہے، جس میں 2 بچے جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشین میں پولیس لائن کے قریب ہونے والے دھماکے میں گاڑی اور موٹر سائیکل تباہ ہوئی ہے جب کہ 2 بچے جاں بحق ہونے کے علاوہ 5 پولیس اہل کاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

دریں اثنا ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند نے پشین اور نوشکی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا افسوس ہے۔ سماج دشمن اور ریاست مخالف عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم کے مقاصد کے حصول کے لیے معصوم اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ پشین بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا آئندہ ہفتے کا ججز ڈیوٹی روسٹر جاری

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئندہ ہفتے کا ججز ڈیوٹی روسٹر جاری کردیا۔

ججز ڈیوٹی روسٹر کے مطابق آئندہ ہفتے 26 سے 30 اگست تک صرف 3 ججز دستیاب ہوں گے۔ آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کے لیے 3 سنگل اور ایک ڈویژن بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس بابر ستار کیسز کی سماعت کے لیے دستیاب ہوں گے۔ دیگر 5 ججز آئندہ ہفتے تعطیلات کے باعث دستیاب نہیں ہوں گے۔ آئندہ ہفتے ضرورت کے تحت خصوصی ڈویژن بینچ اور لارجر بینچ دستیاب ہوگا۔

چیف جسٹس کی ہدایت پر ڈپٹی رجسٹرار نے ججز ڈیوٹی روسٹر جاری کیا۔ ہائی کورٹ میں موسم گرما کی تعطیلات 10 جولائی سے 10 ستمبر تک ہیں۔

پولیس اہلکارسے ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے3 سالہ راہ گیر بچی زخمی

کراچی: بھینس کالونی میں پولیس اہلکارسے ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پرمسلح مسلح ملزمان کی فائرنگ سے3 سالہ راہ گیر بچی زخمی ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق سکھن تھانے کے علاقے بھینس کالونی میں پولیس اہلکارسے ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پرمسلح ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں3 سالہ راہ گیر بچی کلثوم زخمی ہوگئی جسے فوری طورپرجناح اسپتال منتقل کردیا گیا.

پولیس حکام کے مطابق ہیڈکانسٹیبل ساجدبلوچ سے ڈاکوؤں نےموٹرسائیکل چھیننےکی کوشش کی توپولیس اہلکار نے مزاحمت کی جس پرمسلح ملزمان نے فرارہوتے ہوئے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک راہ گیربچی زخمی ہوگئی۔

مسلح ملزمان پولیس اہلکارنے اس کی موٹرسائیکل چھیننے میں ناکام رہے تاہم اہلکارسےرقم چھین کرفرارہونے میں کامیاب ہوگئے،پولیس نےواقعاتی شواہد کی روشنی میں ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

کراچی میں 10 روزسے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف شدیداحتجاج

کراچی: کورنگی ناصرجمپ کے قریب پانی کی عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکینوں کی جانب سے شدیداحتجاج کیا گیا احتجاج کے دوران علاقہ مکینوں کی جانب سے سڑک پرٹائرجلا کراور رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک کے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا ناصرکالونی اوراطراف کے علاقوں میں گزشتہ 10 روزسے پانی کی سپلائی بند ہے جس کے باعث علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کوترس گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعے اورہفتے کی درمیانی شب کورنگی ناصرجمپ کے قریب پانی کی عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکینوں کی جانب سے شدیداحتجاج کیا گیا، جس کے دوران علاقہ مکینوں کی جانب سے سڑک پرٹائرجلا کراور رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک کے دونوں ٹریکس کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا جس کے باعث کورنگی سےلانڈھی اورلانڈھی سے کورنگی کراسنگ جانے والے شہریوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اطراف کی گلیوں ٹریفک جام ہوگیا۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے ناصرکالونی اوراطراف کے علاقوں میں گزشتہ 10روزسے پانی کی سپلائی بند ہے جس کے باعث علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کوترس گے ہیں لیکن ان کے علاقے میں پانی کی سپلائی بحال نہیں کی جا رہی ہے۔ بڑھتی مہنگائی میں پانی خریدنا بھی ممکن نہیں ہےاورپانی خرید نے بھی جائیں توواٹرہائیڈرنٹ انتظامیہ کی جانب سے پانی فروخت کرنے سےانکارکردیا جاتا ہے۔

احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ وہ کئی بارواٹربورڈ حکام کواپنی شکایات درج کراچکے ہیں لیکن ان کی شکایات کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے جس کی وجہ سے وہ احتجاج پرمجبورہوئے ہیں،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگرپانی کی سپلائی بحال نہ کی گئی تو وہ دوبارہ بھی اپنا احتجاج ریکارڈ درج کرائیں گے احتجاج کی اطلاع پر پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے اورپولیس نے احتجاجی مظاہرین سے مزاکرات کئے اورانہیں یقین دہانی کرائی کی پانی کی سپلائی کی بحال کے لیے واٹربورڈ حکام سے بات چیت کی جائے گی جس پر احتجاجی مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کردیا اوراحتجاجی مظاہرین پرامن طورپرمنشترہوگئے بعد ازاں پولیس نے ٹریفک بھی بحال کرادی ۔۔

کچے کے ڈاکوؤں کے سر کی قیمت 10 لاکھ سے بڑھا کر 1 کروڑ روپے مقرر

لاہور: حکومت پنجاب نے کچے کے ڈاکوؤں کی قیمت 10 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے مقرر کردی۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے کچے کے 20 خطرناک ڈاکوؤں کے نام، تصاویر اور سر کی قیمت جاری کر دی۔ کچے کے ڈاکوؤں کے سرکی قیمت 10 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کردی گئی ہے۔

مطلوب ڈاکوؤں میں شاہد ولد کمال، مجیب ولد امان اللہ، وہاب ولد امان اللہ، غنی ولد علی بخش، احمر عرف شوبی ولد رسول، احمد ولد رسول، عطاء اللہ ولد اللہ دتہ، سبز علی ولد اللہ دتہ، قبول ولد میوہ، میرا ولد حضوری، دریجن عرف دادو، گورا ولد حسین، ثناء اللہ ولد جھانگل، تنویر عرف دودھر اور راہب شر، عمر شر ولد ساون، ظہور ولد اکبر، مورزادہ ولد عبداللہ، گل حسن ولد عالم اور صداری ولد مراد مطلوب شامل ہیں۔

ڈاکوؤں کے بارے خفیہ اطلاع دینے کیلئے محکمہ داخلہ کے واٹس ایپ نمبر 03334002653 پر رابطہ کریں۔ اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

راولپنڈی ٹیسٹ کا چوتھا روز؛ پاکستان کیخلاف بنگلادیش کی بیٹنگ جاری

راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان کیخلاف بنگلادیش کی بیٹنگ جاری ہے۔

مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 370 رنز بنا لیے ہیں اور اسے خسارہ پورا کرنے کیلیے مزید 78 رنز درکار ہیں۔

راولپنڈی میں ہیونے والے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بنگال ٹائیگرز نے 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 316 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو مشفق الرحیم اور لٹن داس کریز پر موجود تھے۔

لٹن داس 56 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے پہلی اننگز میں شادمان اسلام نے 93، ذاکر حسن 12، کپتان نجم الحسن شانتو 16، مومن الحق 50، شکیب الحسن 15 اور لٹن داس نے 56 رنز بنائے۔

پاکستان کے نسیم شاہ نے 2، خرم شہزاد 2، محمد علی 1 اور صائم ایوب نے 1 وکٹ لی۔

پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 448 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی۔ گرین شرٹس کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 2، صائم ایوب 56، کپتان شان مسعود 6، بابراعظم 0، نائب کپتان سعود شکیل 141، محمد رضوان 171، آغا سلمان 19 اور شاہین شاہ آفریدی نے 29 رنز اسکور کیے۔

بنگلادیش کے شریف الاسلام اور حسن محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن مرزا اور شکیب الحسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ون ویلنگ ریس لگانے والے 2 نوجوان جاں بحق

راولپنڈی مری روڈ پر ون ویلنگ کرنے والے 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق دونوں نوجوان مقابلہ لگا کر ون ویلنگ کررہے تھے۔ ایک نوجوان فٹ پاتھ سے ٹکرا کر جبکہ دوسرا ڈمپر کے نیچے آ کر جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 15 سالہ زین اور20 سالہ عثمان کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق لڑکے راولپنڈی کے علاقے خیابان سر سید کے رہائشی تھے۔

نتاشا اور ہاردک پانڈیا کی طلاق کی چونکا دینے والی وجہ سامنے آگئی

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ نتاشا اسٹینکوویچ اور بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا کے درمیان طلاق کی وجہ سامنے آگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نتاشا اور ہاردک پانڈیا کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ اس سابق جوڑے کے درمیان طلاق کی وجہ نتاشا نہیں بلکہ ہاردک ہیں۔

سابق جوڑے کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ہاردک پانڈیا غصے والے اور خود پسند انسان ہیں، اُن کے رویے اور شخصیت نے نتاشا کو بہت پریشان کیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ نتاشا نے ہاردک کی خود پسندی کو تبدیل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہوسکیں، پھر اُنہوں نے سمجھوتہ کرتے ہوئے ہاردک کی اسی شخصیت کے ساتھ رہنے کی کوشش کی لیکن اُن کا رشتہ ٹھیک ہونے کے بجائے اختلافات کی نذر ہوتا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نتاشا نے یہ بات تسلیم کرلی تھی کہ وہ اور ہاردک مختلف شخصیت کے مالک ہیں اور دونوں کا ایک ساتھ گزارا کرنا بہت مشکل ہے لہٰذا اداکارہ نے ایک قدم پیچھے ہٹتے ہوئے شوہر سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔

ذرائع نے مزید کہا کہ نتاشا نے پانڈیا کو بدلنے کی بہت کوشش کی لیکن جب وہ نہیں بدلے تو اُنہوں نے طلاق کا فیصلہ کیا، یہ فیصلہ نتاشا کے لیے تکلیف دہ تھا۔

واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا نے رواں سال جولائی میں اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اہلیہ و اداکارہ نتاشا اسٹینکووچ سے طلاق کی تصدیق کی تھی، یہ خبر سُن کر اس جوڑی کے مداح مایوس ہوگئے تھے۔

ہاردک پانڈیا سے طلاق کے بعد، اُن کی سابقہ اہلیہ و اداکارہ نتاشا اسٹینکووچ بیٹے اگستیا کو لیکر اپنے آبائی ملک سربیا چلی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ ہاردک پانڈیا نے مئی 2020 میں ممبئی کی ایک عدالت میں اداکارہ نتاشا سے شادی کی تھی اور گزشتہ سال فروری میں پانڈیا نے دوبارہ نتاشا سے شادی کی تھی، اس جوڑی کا ایک بیٹا بھی ہے۔

پشاور کے اسپتالوں اور طبی مراکز میں کتے کے کاٹے کی ویکسین ناپید

پشاور: پختونخوا کے دارالحکومت میں اسپتالوں اور طبی مراکز میں کتے کے کاٹے کی ویکسین ناپید ہو گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے تمام سیکنڈری کیئر اسپتالوں وطبی مراکز میں 2 ماہ سے کتے کے کاٹے کی ویکسین اینٹی ریبیز اور ٹائیفائیڈ ناپید ہو گئی۔ فنڈز کی عدم دستیابی پر ضلعی صحت آفس اینٹی ریبیز اور ٹائیفائیڈ کی ویکسین نہیں خرید سکا۔

کتے کے کاٹے کی ویکسین کی عدم دستیابی پر دُور دراز سے آنے والے متاثرہ افراد شدید مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔ بڑے اسپتالوں میں بھی کتے کے کاٹے پر صرف ایک ڈوز لگائی جاتی ہے ۔ مریض ویکسین کی 7 ڈوزز کے لیے دربدر پھرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

محکمہ صحت حکام کے مطابق رواں سال 28 فروری کو ضلعی صحت آفس کو 1485اینٹی ریبیز کی ویکسین ملی تھیں۔ اینٹی ریبیز ویکسین کا تمام سٹاک 2 جون کو ختم ہوچکا ہے۔ محکمہ صحت کی ایم سی سی لسٹ کی کلیئرنس نہ ہونے سے مسئلہ آرہا ہے۔ ایک ماہ میں 50 سے زائد کتے کے کاٹے کے متاثرہ کیسز رجسٹرڈ ہورہے ہیں۔