خیبر پختونخوا میں تحریکِ انصاف کے لاپتا مقامی رہنما کی لاش برآمد

خیبر پختونخوا: پی ٹی آئی کے لاپتا مقامی رہنما کی لاش برآمد ہو گئی، لواحقین نے میت سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی رہنما یعقوب خان کی لاش باب خیبر کےسامنے رکھ کر لواحقین کی جانب سے احتجاج کیا گیا ہے، جس میں پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہے۔ اس موقع پر مشتعل افراد نے جمرود بازار روڈ کو بندکردیاگیا،

مظاہرین کا کہنا ہے کہ یعقوب خان چند روز سے لاپتا تھے۔ گزشتہ روز پشاور کے علاقے متنی سے ان کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ یعقوب خان پی ٹی آئی کے ضلعی سینئر نائب صدر تھے۔

عاطف اسلم کو اپنا رویہ ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، گلوکار شانی ارشد

لاہور: پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف موسیقار و گلوکار شانی ارشد نے عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم پر طنز کرتے ہوئے اُنہیں مشورہ دے ڈالا۔

حال ہی میں شانی ارشد نے کامیڈین اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں بطورِ مہمان شرکت کی تھی جہاں اُنہوں نے اپنے میوزک کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر بات کی تھی۔

اسی پوڈکاسٹ کا ایک مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں شانی ارشد کو گلوکار عاطف اسلم پر طنز کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

پوڈکاسٹ کے ایک سیگمنٹ میں میزبان احمد علی بٹ نے گلوکار سے سوال کیا کہ عاطف اسلم کو کونسی ایک چیز لازمی کرنی چاہیے؟

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے شانی ارشد نے کہا کہ عاطف اسلم خود کو بڑی چیز سمجھنا چھوڑ دیں۔

شانی ارشد نے طنزیہ انداز میں کہا کہ عاطف اسلم کے ساتھ ایک مسئلہ ہے کہ وہ خود کو کوئی بڑی چیز سمجھتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ عاطف اسلم کو اپنا رویہ ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، اُنہیں چاہیے کہ وہ اپنے رویے پر توجہ دیں۔

واضح رہے کہ ماضی میں شانی ارشد اور عاطف اسلم متعدد منصوبوں میں شراکت کر چکے ہیں، یہ دونوں گلوکار ہی موسیقی کی دُنیا کے بڑے نام ہیں۔

لاپتا بھائیوں کے کیس میں حکومتی اداروں کی بے حسی افسوسناک ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

ہائی کورٹ نے لاپتا بھائیوں کے کیس میں حکومتی اداروں کی بے حسی کو افسوس ناک قرار دے دیا۔

اظہر مشوانی کے 2 لاپتا بھائیوں کی بازیابی کے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ 6 جون سے لاپتا اظہر مشوانی کے بھائیوں کا کچھ معلوم نا ہو سکا ۔ عدالت نے حکومتی اداروں کی بے حسی کو افسوسناک قرار دے دیا ۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ایک صفحے پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ توقع ہے اٹارنی جنرل اس معاملے پر وزیر اعظم سے ملیں گے۔ حکومت کی جانب سے عدالت کے سامنے کمزور جواب دیا گیا۔

حکم نامے میں مزید لکھا گیا ہےکہ عدالت کو امید نہیں یہاں تک اس ملک کا چیف ایگزیکٹو اس کیس کی طرف توجہ دے گا۔ فریقین کی طرف سے اس معاملے میں بے حسی افسوسناک ہے۔ درخواست گزار وکیل کے جزوی دلائل ہو چکے ہیں۔ آئندہ سماعت پر دستیاب بینچ کے سامنے کیس مقرر کریں۔

امریکی صدارتی انتخاب؛ کملا ہیرس کو ڈونلڈ ٹرمپ پر سبقت

واشنگٹن: امریکا کے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کملا ہیرس کو ریپبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ پر سبقت حاصل ہے۔

امریکا کے 22 اگست 2024 تک کیے گئے نیشنل سروے کے مطابق کملا ہیرس کی مقبولیت 48.4 فیصد اور ڈونلڈ ٹرمپ کی 45.3 فیصد ہے۔ اس سے قبل ڈیموکریٹ پارٹی کے نامزد صدارتی امیدوار اور امریکا کے موجودہ صدر جو بائیڈن اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ مختلف سروے میں ایک دوسرے پر معمولی سبقت سے آگے ہوتے رہے ہیں۔

کملا ہیرس کو جو بائیڈن کی دستبرداری کے بعد امریکی صدارت کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ کملا ہیرس نے گزشتہ روز پارٹی کی جانب سے باضابطہ طورپر صدارتی نامزدگی قبول کی ہے۔ پارٹی کنونشن سے خطاب میں کملا ہیرس نے غزہ کی صورتحال کو مکمل تباہی قرار دیا تھا۔

کملا ہیرس کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے دوبارہ وائٹ ہاؤس میں آنے کے نتائج سنگین ہونگے، وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کا دور افراتفری سے بھرپور تھا، ٹرمپ نے گزشتہ الیکشن کے بعد جو کچھ کیا اس سے بھی بدتر ہو سکتا ہے، ٹرمپ نے مسلح ہجوم کو کیپیٹل ہل بھیجا تھا۔

اسسٹنٹ کوچ نے پنڈی کی پچ پر سوال اٹھا دیے

راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے راولپنڈی کی پچ پر سوال اٹھا دیے،ان کا کہنا ہے کہ ٹیم سلیکشن کے بعد ہم توقع کرتے تھے کہ پچ فاسٹ بولرزکے لیے سازگار ہوگی مگر ایسا نہ ہوسکا، دوسرے ٹیسٹ میں سیمنگ اور باؤنسی ٹریک بنانا چاہیے۔

تیسرے دن کے اختتام پرپریس کانفرنس میں اظہر محمود نے کہا کہ پہلے دن تین گھنٹے دھوپ نہیں نکلی اس وجہ سے پچ تبدیل ہوگئی، اگر ہم کسی اسپنر کو کھلاتے تو ایک بیٹر کو ٹیم سے کم کرنا پڑتا،بنگلہ دیش نے اسپنر کو کھلایا لیکن انھیں بھی خاطر خواہ نتائج نہ مل سکے، قومی کوچ نے مزید کہا کہ ہفتے کو اگر ہم جلدی وکٹیں لیتے ہیں تو اس کے بعد میچ میں گرفت مضبوط ہو سکتی ہے،تمام بولرز میچ جیتنے کے لیے اپنا کردارادا کر رہے ہیں-

اظہر محمود نے کہا کہ جو کمبی نیشن ہم نے بنایا اس طرح کی پچ نہیں بن سکی، دوسرے ٹیسٹ میں جس طرح کی پلاننگ ہم کر رہے ہیں ہمیں بہتر پچ درکار ہو گی۔ایک سوال پر سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے ابھی ردھم نہیں پکڑا،وہ مزید بہتری کی کوشش کر رہے ہیں، شاہین ہمارے بہترین بولر ہیں،ان کا ردھم میں آنا بہت ضروری ہے، 20 وکٹیں لے کر ہی ہم میچ جیت سکتے ہیں۔

اسسٹنٹ کوچ نے کہا کہ خرم شہزاد نے بہترین بولنگ کی،میں محمد علی کی کارکردگی سے بھی مطمئن ہوں ،عامر جمال فٹنس حاصل کرنے کے آخری مراحل میں ہیں۔ اظہر محمود نے کہا کہ نسیم شاہ انجری کے بعد واپس آئے ہیں، ٹی ٹوئنٹی کے بعد یہ ان کا یہ پہلا ٹیسٹ ہے،عامر جمال کی شکل میں ہمارے پاس بہترین آل راؤنڈر موجود ہے، عامر اور سلمان علی آغا پاکستان کا مستقبل ہیں، ہمیں آل راؤنڈر تیار کرنا پڑیں گے، اس کے لیے وقت درکار ہو گا،انھوں نے کہا کہ میر حمزہ بھی بہت اچھا بولر ہے، اگلے میچ میں بھی یہی ٹیم کھیلے گی۔

بھارتی اوپنر شیکھر دھون کا انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

بھارتی اوپنر شیکھر دھون کی جانب سے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا گیا۔

سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم پر اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے کہا کہ کرکٹ چھوڑتے وقت یہ سکون ہے کہ ملک کے لیے کھیلنے کی خواہش پوری ہوئی ۔ انہوں نے اپنے پیغام میں بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) کا بھی شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ 38 سالہ شیکھر دھون نے 34 ٹیسٹ، 167 ون ڈے اور 68 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل رکھے ہیں۔

اپنے سوشل میڈیا پیغام میں شیکھر دھون کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا افسوس نہیں ہے کہ میں اب بھارت کے لیے مزید نہیں کھیل سکوں گا، میرے لیے زیادہ خوشی کا سبب یہ ہے کہ میں نے اپنے ملک کے لیے کھیلا ہے، یہی میرے لیے بہت بڑی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج میں جہاں موجود ہوں، یہاں سے ماضی میں جھانکنے پر صرف یادیں ہیں اور مستقبل میں دیکھنے پر پوری دنیا ہے۔ میرا ہمیشہ سے ایک ہی جنون تھا کہ میں بھارت کے لیے کھیلتا اور میری یہ خواہش پوری ہوئی۔ انہوں نے اپنے کوچز، اہل خاندان، ٹیم اور بھارتی بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔

ٹیسٹ کی بقا، 15 ملین ڈالرز کا فنڈ قائم ہوگا

کراچی: آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کو بچانے کے لیے ملٹی ملین ڈالرز کا فنڈ قائم کرنے کی منصوبہ تیار کیا ہے۔

قبل ازیں بھارتی بورڈ نے اپنے ٹیسٹ کرکٹرز کو مالی فائدہ پہنچانے کے لیے مراعاتی اسکیم متعارف کرائی تھی، برطانوی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹیسٹ کرکٹ کے لیے کم از کم 15 ملین امریکی ڈالر کے فنڈ وقف کرنے پر غور کر رہی ہے، جس سے اس طرز کی کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی فرنچائز لیگز میں ٹیلنٹ کی منتقلی سے نمٹنے میں مدد ملے گی، آسٹریلیوی کرکٹ بورڈ کے تجویز کردہ اقدام کو اگلا چیئرمین بننے کی دوڑ میں سب سے آگے موجود سیکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ کی حمایت حاصل ہے ، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ بھی اس کا حمایتی ہے۔

یہ فنڈ ٹیسٹ کھلاڑیوں کے لیے میچ کی کم از کم فیس میں اضافہ کرے گا ، ٹیموں کو بیرون ملک دوروں پر بھیجنے کے اخراجات کو بھی پورا کیا جا سکے گا، یہ فنڈ ویسٹ انڈیز جیسے کرکٹ بورڈز کی مدد کرے گا جو فی الحال عالمی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں دیے جانے والے معاوضوں کا مقابلہ کرنے کے لیے برسر پیکار ہیں، رپورٹ کے مطابق مذکورہ فنڈ سے ٹیسٹ کھلاڑی کو 10 ہزار ڈالرز کی ادائیگی ممکن ہوسکے گی، جدوجہد کرنے والے ممالک کے لیے بیرون ملک دوروں کے اخراجات ادا ہو پائیں گے۔

دریں اثنا آسٹریلیوی کرکٹ بورڈ کے سربراہ مائیک برڈ نے اس تصور کی تا ئید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں رکاوٹوں کو دور کرنے اور ٹیسٹ کرکٹ کو بہتر سے بہترین بنانے کی ترغیب دینے کی ضرورت ہے، یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس فنڈ سے تین امیر ترین کرکٹ ممالک بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو فائدہ پہنچنے کا امکان نہیں ہے ، وہ پہلے ہی اپنے کھلاڑیوں کو کافی بہتر معاوضوں کی ادائیگی کر رہے ہیں، البتہ اس منصوبے کا انحصار آئی سی سی کے براڈ کاسٹر سے مالی تنازع کے سازگار حل پر ہوگا۔

رضوان کا وکٹوں کے عقب میں شاندارکیچ، شائقین کی بھرپور داد

کراچی: راولپنڈی ٹیسٹ میں عمدہ بیٹنگ کے بعد محمد رضوان نے وکٹوں کے عقب میں شاندار کیچ تھام کر شائقین کو دم بخود کردیا۔

رضوان نے بنگلہ دیشی اوپنر ذاکر حسن کی مزاحمت کا خاتمہ شاندار کیچ تھام کر کیا۔

نوجوان پیسر نسیم شاہ کی بیک آف لینتھ گیند ذاکر کے بیٹ کو چھوڑ کر وکٹوں کے عقب میں گئی جہاں رضوان نے پہلی سلپ کی جانب ڈائیو لگاکر گیند کوتھام لیا۔

رضوان کے شاندار کیچ پر شائقین نے دل کھول کر داد دی۔

بھارتی اداکار دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے

کیرالہ: بھارت کی ملیالم فلم انڈسٹری کے 37 سالہ اداکار نرمل بینی کی اچانک موت ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نرمل بینی کو گزشتہ روز کیرالہ کے شہر تھرواننت پور میں اُن کی رہائش گاہ پر دل کا دورہ پڑا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اچانک دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے 37 سال اداکار اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دُنیا سے کوچ کرگئے، اُنہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ہی اپنی زندگی کی آخری سانسیں لیں۔

پروڈیوسر سنجے نے اپنے بیان میں گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نرمل بینی کی موت کی تصدیق کی۔

نرمل بینی کی اچانک موت کی خبر سے مداحوں اور ملیالم فلم انڈسٹری کو گہرا صدمہ پہنچا ہے، ساتھی فنکاروں کی جانب سے اداکار کی موت پر افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ نرمل بینی نے سال 2012 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے کئی ملیالم فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

اس کے علاوہ نرمل بینی کو اپنی یوٹیوب ویڈیوز سے بھی خوب شہرت ملی۔

جرمنی میں فیسٹول میں چاقو حملہ، 3 افراد ہلاک

برلن: جرمنی کے مغربی علاقے میں چاقو حملے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق سولنگن شہر میں ایک شخص نے فیسٹول کے دوران راہگیروں پر چاقو سے حملہ کیا اور فرار ہوگیا۔ چاقو حملے میں 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔ پولیس نے حملہ آور کی تلاش شروع کردی ہے۔

ہیلی کاپٹر بھی شہر کی فضائوں میں گشت کررہے ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں کوعلاقہ چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے ناکہ بندی کردی ہے۔

فیسٹول شہر کے قیام کے 650 برس مکمل ہونے کی خوشی میں منایا جا رہا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے چند کی حالت تشویشناک ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔