اے این ایف کی 4 کارروائیوں میں 70 کروڑ مالیت کی منشیات برآمد

راولپنڈی: اے این ایف کی مختلف کارروائیوں میں 70 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق ملک بھر میں انسداد منشیات اسمگلنگ کی کارروائیاں جاری ہیں، اسی سلسلے میں 4 مختلف آپریشنز کے دوران 70 کروڑ روپے مالیت کی 129 کلو منشیات برآمد کرکے 6 ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

کراچی ائرپورٹ پر کوریئر آفس سے انڈونیشیا بھیجے جانے والے پارسل سے 14.5 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔ اسی طرح بس اسٹاپ حیدرآباد کے قریب گاڑی سے 105 کلو چرس برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اُدھر راولپنڈی میں پارک کے قریب 2 ملزمان سے 8.4 کلو چرس برآمد ہوئی۔ گڈاپ ٹاؤن کراچی میں ملزم سے 700 گرام چرس برآمد کی گئی۔

گرفتار کیے گئے تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کراچی؛ گھر میں گھس کر فائرنگ، 2 ماہ قبل شادی کرنیوالا بلوچستان کا رہائشی جاں بحق

کراچی: شہر قائد میں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے بلوچستان سے آئے ہوئے 2 ماہ قبل شادی کرنے والے شخص کو قتل کردیا۔

پولسی کے مطابق تھانہ موچکو کی حدود میں بلدیہ ٹاؤن رئیس یار محمد گوٹھ جامعہ فاروقیہ مسجد و مدرسے کے قریب گھرمیں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سےایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی جہاں اس کی شناخت 40 سالہ یحییٰ ولد علی دوست کےنام سے کی گئی ۔

مقتول یحییٰ بلوچستان کے شہروڈھ کا رہائشی اورڈرائیور تھا۔ مقتول نے2 شادیاں کی ہوئی تھیں اورپہلی بیوی سے اس کے 2 بچے ہیں جب کہ اس نے دوسری شادی 2 سے 3 ماہ قبل کی تھی اور دوسری بیوی کے ساتھ گھومنے کے لیے بلوچستان سے کراچی آیا ہوا تھا۔

مقتول رئیس یار محمد گوٹھ میں گزشتہ 7 روز سے رہائش پذیر تھا۔ مقتول کی بیوی کے مطابق2 نامعلوم مسلح ملزمان گھرمیں داخل ہوئے اورفائرنگ کرکےاس کے شوہر کوقتل کیا اورفرارہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کو ماتھے ، گلے اور پیٹ میں 3 گولیاں لگیں جو موت کا سببب بنیں۔ فائرنگ کا واقعہ ذاتی تنازع کا شاخشانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

بالاج ٹیپو قتل کیس کا مرکزی ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

 لاہور: امیر بالاج ٹیپوقتل کیس کا مرکزی ملزم احسن شاہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق سی آئی اے ملزم احسن شاہ کو برآمدگی اور ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقہ تھانہ شادباغ لے جارہی تھی۔

ملزم  احسن شاہ کے بھائی علی رضا اور اس کے نامعلوم ساتھیوں نے چھڑانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملزم احسن شاہ شدید زخمی ہو گیا جسے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل ہلاک ملزم نے معروف بزنس مین امیر بالاج ٹیپو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

فائرنگ کے دوران پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ ہلاک ہونے والے ملزم کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائده اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

غیر تربیت یافتہ عملے کیساتھ پرواز پر بھارتی فضائی کمپنی پر 90 لاکھ روپے جرمانہ

نئی دہلی: بھارت میں ڈی جی سی اے کی جانب سے فضائی کمپنی ایئر انڈیا اور ان کے دو اعلیٰ آفیشلز پر مجمومی طور پر 90 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سول ایوی ایشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئر انڈیا فضائی کمپنی ایک سنگین شیڈولنگ کے واقعے میں ملوث پائی گئی جس کے انتہائی خطرناک اثرات سامنے آسکتے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئر انڈیا نے ایک فلائٹ چلائی جس کی کمانڈ ایک غیرتربیت یافتہ لائن کیپٹن نے کی اور جس کے ساتھ ایک نان لائن ریلیز شدہ فرسٹ آفیسر تھا۔

اس واقعے کا نوٹس لینے کے بعد 10 جولائی کو ایئر لائن کی طرف سے پیش کی گئی رضاکارانہ رپورٹ کی جانچ کی گئی اور شیڈولنگ کی سہولت کی جگہ بھی دیکھی گئی جس میں ریگولیٹری دفعات کی متعدد کوتاہیاں اور خلاف ورزیاں کی گئیں۔

جس کے بعد مذکورہ فلائٹ کے کمانڈر اور ایئر لائن کے پوسٹ ہولڈرز کو 22 جولائی کو شوکاز نوٹس کے ذریعے اپنی پوزیشن کی وضاحت کرنے کا موقع فراہم کیا گیا تھا۔

تاہم جواب میں تسلی بخش جواز نہیں دیا گیا جس پر ڈی جی سول ایوی ایشن نے موجودہ قواعد و ضوابط کی دفعات کے تحت جرمانہ عائد کردیا۔

غیر تربیت یافتہ عملہ کے ساتھ پرواز چلانے پر ایئر انڈیا پر بحیثیت کمپنی 90 لاکھ اس کے علاوہ ایئر انڈیا کے ڈائریکٹر آف آپریشنز اور ڈائریکٹر آف ٹریننگ پر بالترتیب 6 لاکھ اور 3 لاکھ کا انفرادی جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

سب سے زیادہ ٹیٹوز اور جسمانی تبدیلیوں کا عالمی ریکارڈ

امریکی ریاست کنیکٹی کٹ کی ایک خاتون نے اپنے جسم کا 99.98 فیصد حصہ ٹیٹو میں ڈھانپ کر اور 89 جسمانی تبدیلیاں کر کے دو گنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کرلیے۔

برج پورٹ کی 36 سالہ ایسپرینس لومینیسکا فورزینا کو سب سے زیادہ ٹیٹو کروانے والی انسان (خاتون) اور سب سے زیادہ جسم میں ترمیم کرنے والی (خاتون) کے ریکارڈ سے نوازا گیا ۔

فورزینا پچھلے ریکارڈ رکھنے والی ماریا ہوزے کرسٹینا کے مقابلے میں 40 زیادہ جسمانی تبدیلیوں کی حامل ہیں جنہوں نے 2012 میں 49 جسمانی تبدیلیوں کے ساتھ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

فورزینا نے کہا کہ انہوں نے اپنا پہلا ٹیٹو اور پہلی جسمانی تبدیلی جس میں زبان میں تغیر شامل تھا، 10 سال پہلے کروایا تھا۔

ذیابیطس میں مبتلا امریکیوں کی تعداد قلیل عرصے میں 20 فیصد تک بڑھ گئی

جارجیا: حال ہی میں پایا گیا ہے کہ 10 سالوں کے دوران صرف امریکا میں ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد 20 فیصد بڑھ گئی ہے۔

ایک نئی تحقیق کی رپورٹ کے مطابق 2012 سے 2022 کے درمیان امریکا میں ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں کی شرح میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا ہے جس میں عمر، نسل، آمدنی کی سطح، موٹاپا، ورزش کی کمی اور میٹابولک بیماریاں اس مرض کے پھیلاؤ میں کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں۔

یونیورسٹی آف جارجیا کے کالج آف ایگریکلچرل اینڈ انوائرمنٹل سائنسز میں ڈاکٹریٹ کے طالب علم اور سرکردہ محقق سلکشن نیوپین نے کہا کہ امریکا میں ذیابیطس کا مرض روز بروز بڑھ رہا ہے اور آنے والے سالوں میں اس میں مزید اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ذیابیطس پر تقریباً 412 بلین ڈالر لاگت آتی ہے جس میں طبی اخراجات شامل ہیں۔ نیوپین نے یونیورسٹی کی ایک نیوز ریلیز میں مزید کہا۔ یہ ایک بہت بڑی رقم ہے اور یہ بڑھنے والی ہے کیونکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں میں ذیابیطس کی تشخیص ہوررہی ہے۔

محققین نے رپورٹ میں یہ بھی پایا کہ عمر ایک اہم عنصر ہے جس میں درمیانی عمر کے لوگوں اور بزرگوں کو ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

طبی شعبے میں اے آئی کے استعمال سے متعلق امریکی سروے کیا کہتا ہے؟

واشنگٹن: امریکا میں ایک نئے سروے کی رپورٹ کے مطابق زیادہ تر امریکیوں کا خیال ہے کہ صحت کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جانا چاہیے۔

تاہم سروے میں یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ایک وسیع طبقہ اب بھی بڑے پیمانے پر AI کے استعمال کے کچھ مضمرات پر تھوڑا سا تشویش کا شکار ہے۔

اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کے سروے سے پتا چلا ہے کہ زیادہ تر امریکیوں کا خیال ہے کہ اے آئی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ 75% کا خیال ہے کہ AI انسانی غلطیوں کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔

ان میں سے بھی71% کا خیال ہے اے آئی اپوائنٹمنٹ کے وقت انتظار کے اوقات کو کم کرے۔

تاہم 56 فیصد نے کہا کہ وہ صحت کی دیکھ بھال میں AI سے تھوڑا خوفناک محسوس کرتے ہیں جبکہ 70 فیصد کو ڈیٹا کی رازداری کے بارے میں خدشات لاحق ہیں۔

عمران خان نے کہا ہے انکا جیل سے باہر آنا صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے، علی محمد خان

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا ایک سال جیل میں ضائع کیا گیا اسے 25 کروڑ عوام کا بھی وقت ضائع ہوا، بانی پی ٹی آئی نے کہا جلسہ صرف موخر کیا گیا منسوخ نہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ختم نبوت کا اہم مسئلہ تھا، مذہبی جماعتیں ساری اسلام آباد میں تھیں، ختم نبوت کے اہم مسئلے کی وجہ سے جلسہ مؤخر کیا گیا۔

بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے بھی ہمارا این او سی منسوخ کیا تھا، پورے ملک سے موبلائزیشن تھی لوگ تیار تھے، عمران خان صرف سیاست دان نہیں ایک لیڈر بھی ہے، انہوں نے کل حکومت اور ریاست کو ایک موقع اور دیا ہے۔

علی محمد خان نے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ 8 ستمبر کا جلسہ کسی صورت موخر نہیں ہوگا، انہوں ںے گزشتہ ایک سال میں چار مرتبہ قرآن پاک کو تفسیر کے ساتھ پڑھا ہے، میرا جیل سے باہر آنا صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

علی محمد خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ اچھے دن آئیں گے، انتشاری ہم نہیں انتشاری کوئی اور لوگ ہیں، نو مئی ہمارا پر امن احتجاج تھا، ہمارے احتجاج کو تشدد میں تبدیل پلاننگ سے کیا گیا، بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں پاکستان ترقی کرے۔

راولپنڈی ٹیسٹ؛ پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی

پاکستان کی بنگلادیش کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز چائے کے وقفے تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنالیے۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز 4 وکٹیں گنواکر 158 رنز کیا، سعود شکیل اور محمد رضوان نے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کیلئے دوسری سب سے بڑی پارنٹرشپ قائم کی۔

سعود شکیل 141 رنز بناکر مہدی حسن میراز کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے، محمد رضوان 128 اور سلمان علی آغا 7 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

پہلا روز

ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پہلی اننگز میں پاکستان کو ابتدا میں شدید مشکلات پیش آئیں جب محض 16 مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گنوادی تھیں، اوپنر صائم ایوب اور سعود شکیل نے نصف سنچریاں اسکور کیں تھی۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اوپنرز بنگلادیشی بالرز کو کھیلنے میں ناکام رہے، اوپنر عبداللہ شفیق 2، کپتان شان مسعود 6 اور بابراعظم صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔ 3 وکٹیں جلد گنوانے کے بعد اوپنر صائم ایوب اور نائب کپتان سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور 81 رنز تک پہنچا دیا تھا۔

تجربہ کار بلے باز بابراعظم ہوم گراؤنڈ میں پہلی مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ 114 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 56 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 41 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائےتھے۔

بنگلادیش کی جانب سے شورف الاسلام اور حسن محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ٹاس

قبل ازیں بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شانتو نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں اوور کاسٹ کنڈیشنز کا فائدہ اٹھاکر گرین شرٹس کی جلد وکٹیں حاصل کریں۔

اس موقع پر کپتان شان مسعود نے کہا کہ ٹاس جیتے تو فیلڈنگ ہی کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی بورڈ پر بڑا اسکور کھڑا کرکے بنگال ٹائیگرز کے بالرز کو پریشر میں لائیں۔

پاک بنگلہ دیش کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بارش کے باعث آؤٹ فلیڈ گیلی ہونے کے باعث ساڑھے پانچ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا اور 41 اوورز کا کھیل ڈیرھ گھنٹے تک وقت بڑھا کر مکمل کروایا گیا۔

پاکستان کا اسکواڈ:

کپتان شان مسعود، نائب کپتان سعود شکیل، عبداللہ شفیق، بابراعظم ، خرم شہزاد ، محمد علی، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا اور شاہین شاہ آفریدی

آئندہ جلسہ منسوخی کی اطلاع پر کارکن کیا کریں؟ علیمہ خان نے عمران خان کا پیغام بتا دیا

راولپنڈی: آئندہ پی ٹی آئی کا جلسہ منسوخ ہونے کی اطلاع ملنے پر کارکنوں کے لیے عمران خان نے کیا پیغام دیا، علیمہ خان نے بتا دیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ جیل میں اسٹیبلشمنٹ کے بغیر کچھ ممکن نہیں۔ صبح سات بجے جیل میں ملاقات ہونا ہمارے لیے بھی عجیب بات تھی۔ بانی پی ٹی آئی کو اعظم سواتی نے آکر مذہبی جماعتوں کے احتجاج سے متعلق بتایا یا ان کو پہلے پتا تھا، دونوں چیزیں ممکن ہیں۔ ہم سب حیران تھے اچانک کیسے جلسہ ملتوی ہوگیا۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے جلسہ اس لیے مؤخر کیا گیا کہ مجھے بتایا گیا انتشار کا خدشہ ہے۔ مجھے بتایا گیا کہ مذہبی جماعتیں اسلام آباد میں اکٹھی ہورہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اعظم سواتی اور بیرسٹر گوہر کو کہا ہے کہ 8 ستمبر والا جلسہ ملتوی نہیں ہوگا۔ 8 ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا، کارکنوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ اگر اب جلسہ منسوخ کرنے کی اطلاع آئے تو آپ نے نہیں ماننا۔ 8 ستمبر کو عوام ہر صورت اسلام آباد پہنچیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی کے لیے گھروں سے ضرور نکلیں۔ کس کو سمجھ نہیں آرہی کہ 7 بجے ملاقات کیسے ہوئی ہوگی۔