بلاول بھٹو سے ملاقات، پی پی پنجاب کے عہدیداران مریم نواز حکومت کیخلاف پھٹ پڑے

لاہور: بلاول بھٹو کی پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنماؤں سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق چئیرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں پیپلزپارٹی پنجاب کے عہدیداران مریم نواز حکومت کے خلاف پھٹ پڑے اور شکایات کے انبار لگا دئیے۔ ارکان نے شکوہ کیا کہ پنجاب حکومت نہ ارکان اسمبلی کو اہمیت دیتی ہے اور نہ ہی بیوروکریسی سے تعاون کر رہی ہے۔ لگتا ہے پنجاب کی انتظامیہ کو پی پی کے بارے میں خصوصی ہدایات ملی ہیں۔پیپلز پارٹی ارکان پنجاب اسمبلی کے ترقیاتی کام نہیں کیے جا رہے ہیں۔

پی پی ارکان صوبائی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت تحریری معاہدے پر پیش رفت نہیں کر رہی۔ بلاول بھٹو پی پی پنجاب کے تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھیں۔ بلاول بھٹو پی پی پنجاب کے اراکین کے تحتظات نوٹ کرتے رہے۔ بلاول بھٹو نے پنجاب حکومت کے رویے پر حیرانگی اور پریشانی کا اظہار کیا اور پی پی پنجاب کو تحفظات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی۔

مذہبی جماعتوں کا احتجاج؛ جڑواں شہروں کے راستے بند، ریڈزون سیل؛ اسکولوں کی چھٹی

راولپنڈی، اسلام آباد: مبارک ثانی کیس کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کے سامنے آج مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے اپیل کی وجہ سے جڑواں شہروں کے راستے بند کرکے ریڈزون کو سیل کردیا گیا اور اسکولوں کی چھٹی کردی گئی۔
رات گئے سے موٹر وے سمیت جڑواں شہروں کے راستے بند کرکے آج اسکولوں کو بھی چھٹی دے دی گئی ہے، جب کہ پی ٹی آئی نے بھی جلسہ ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز تحریک انصاف کے ترنول جلسے کے حوالے سے اجازت نامہ اچانک منسوخ کردیا تھا، جس کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے ہر صورت جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
آج رات ہی سے موٹر وے سمیت اسلام آباد اور راولپنڈی کی جانب جانے والے تمام راستے کنٹینر اور دوسری رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیے گئے ہیں جب کہ اسکولوں کے لیے بھی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
راستے بند ہونے سے علی الصبح ہی سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ کئی مقامات پر راستہ نہ ملنے کے سبب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

سابق بھارتی کرکٹر افغان ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ مقرر

افغانستان کرکٹ بورڈ (اے ایف جی) نے بھارت کے سابق کھلاڑی رام کرشنن سریدھر کو نیوزی لینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ اور جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ون ڈے میچوں سے قبل ٹیم کا اسسٹنٹ کوچ مقرر کردیا۔
سریدھر نے سابق بھارتی کوچ روی شاستری کے معاون عملے کے طور پر 2014 سے 2021 تک 7 سال تک ہندوستان کے فیلڈنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں۔
افغانستان 9 ستمبر سے بھارت کے شہر نوئیڈا میں نیوزی لینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا۔ یہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ہوگا، اس کے بعد وہ 18 ستمبر سے شارجہ میں تین ون ڈے میچوں میں جنوبی افریقہ کی میزبانی کریں گے۔
سریدھر نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھارت کیلئے 35 فرسٹ کلاس اور 15 لسٹ-اے میچ کھیلے لیکن کبھی بھی بین الاقوامی کرکٹ میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کرسکے۔
300 سے زیادہ میچوں میں ہندوستان کے فیلڈنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دینے والے رام کرشنن سریدھر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں 2014 سے 2017 تک کنگز الیون پنجاب کے اسپن بولنگ کوچ کیلئے بھی ذمہ داریاں نبھائیں تھی۔

جلسہ ملتوی کرنے کو میری کمزوری نہ سمجھیں، عمران خان

اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ جلسہ ملتوی کرنے کو میری کمزوری نہ سمجھیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں بابر اعظم سواتی اور بیرسٹرگوہر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان نے ملاقات کے لیے بلایا تھا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ رپورٹ ملی ہے کہ مذہبی جماعتیں ختم نبوت کے بچاؤ کے لیے اسلام آباد ریڈ زون میں اکٹھی ہو رہی ہیں۔ ہماری جماعت کو ختم نبوت کا انتہائی احترام ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عمران خان کے حکم کے مطابق ترنول کا جلسہ ملتوی کیا ہے تاہم بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ازادی کے چاہنے والے میرے اس حکم کو کمزوری نہیں سمجھیں۔ہماری جماعت پرامن سیاسی اور قانونی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ انتشار سے بچنے کے لیے جلسہ ملتوی کیا ہے۔ 9مئی کے واقعہ میں ہم کسی طرح ملوث ہیں تو سی سی ٹی وی سامنے لائی جائے۔ ساری جدوجہد انصاف اور قانون کی علمبرداری کے لیے ہے۔لاہور میں 27 اگست کو اور اسلام آباد میں 8 ستمبر کو جلسہ ضرور ہونا چاہیے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم پی ڈی ایم کی حکومت کو نہیں بلکہ ملک کے فیصلہ سازوں کو کہتے ہیں کہ اگر ملک کو تباہی سے بچانا ہے تو عوامی مینڈیٹ کا احترام کریں۔ قاضی فائز عیسیٰ ، عامر فاروق جس طرح فیصلوں سے ملک کے قانون اور آئین کی تباہی کررہے ہیں اس پر نظر رکھیں۔ اس امر کو فیصلہ سازوں نے باور کروانا یے کہ ملک کو صرف آئین اور قانون کہ پاسداری اگے لے جاسکتی ہے۔بانی چیئرمین کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت کے خلاف جو اپنے لوگ سازش کر رہے ہیں یہ برداشت نہیں کر سکتا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ انشاءاللہ کل سپریم کورٹ جائیں گے اورعامر فاروق،قاضی فائز عیسی کے فیصلوں سے جتنا پاکستاں کو نقصان ہوا ہے اس پر بات کریں گے۔ الیکشن کمیشن و چیف الیکن کمشنر کے خلاف جو ریفرنس فائل کیا ہے اس پر میڈیا کے سامنے بات کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کبھی بھی ملک میں انتشار نہیں چاہتے۔ انتشار کو دور کرنے کے لئے مشکل فیصلہ کیا اور جلسہ ملتوی کیا۔

بھارت میں دوا ساز فیکٹری میں دھماکا؛ 15 ہلاک اور 40 زخمی

نئی دہلی: بھارتی ریاست آندھرا پردیش کی دوا ساز فیکٹری میں ہونے والے دھماکے میں 17 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آندھرا پردیش کے ضلع کلکٹر میں 40 ایکڑ پر محیط دوا ساز فیکٹری ایسینشیا ایڈوانسڈ سائنسز کے مینوفیکچرنگ پلانٹ میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔ دھماکا اس وقت ہوا جب ملازمین لنچ کر رہے تھے۔

یہ فیکٹری 2019 میں قائم کی گئی تھی۔

خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں آگ شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔ فیکٹری میں افراتفری مچ گئی۔ امدادی کاموں کے دوران 50 سے زائد زخمی ملازمین کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ نے میڈیا کو بتایا کہ 15 ملازمین کو مردہ حالت میں لایا گیا جب کہ 2 نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ اب بھی 40 کے قریب زخمی زیر علاج ہیں جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا لیکن ایسا لگتا ہے کہ کیمیکل ری ایکٹر میں دھماکا ہوا ہوگا۔

رائٹرز نے دوا ساز کمپنی سے حادثے کی معلومات جاننے کے لیے رابطہ کیا تاہم فوری تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اناکاپلی ضلع میں ساہتی فارما کے ایک یونٹ میں سالوینٹ ری ایکٹر میں پھٹنے سے لگنے والی آگ میں 2 ملازمین جھلس کر ہلاک اور 5 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

جنید خان کا ڈائریکٹر کے کہنے پر صنم سعید کو تھپڑ مارنے کا انکشاف

لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و گلوکار جنید خان نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے ماضی میں ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکارہ صنم سعید کو اصلی تھپڑ دے مارا تھا۔

حال ہی میں جنید خان نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر سمیت شوبز فنکاروں کے بارے میں بھی بات کی۔

جنید خان نے اپنے کیریئر کا سب سے بُرا لمحہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ سال 2012 کی بات ہے، میں صنم سعید کے ساتھ ڈرامہ سیریل ‘متاع جان ہے تو’ کی شوٹنگ کررہا تھا۔

اداکار نے کہا کہ ڈرامے کے ایک سین میں مجھے صنم سعید کے منہ پر تھپڑ مارنا تھا، تو ڈائریکٹر مہرین جبار نے مجھ سے کہا کہ مذکورہ سین حقیقی لگنا چاہیے لہٰذا تم صنم سعید کو اصلی تھپڑ مارنا۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے صنم کو اصلی تھپڑ مارنے سے انکار کردیا تھا لیکن اداکارہ نے ضد کی کہ میں اُنہیں اصلی تھپڑ ماروں تاکہ سین حقیقی لگے۔

محکمہ آرکیالوجی کا ملتان اور ہڑپہ میں نئے عجائب گھر بنانے کا فیصلہ

لاہور: محکمہ آرکیالوجی پنجاب نے ملتان اور ہڑپہ میں دو نئے عجائب گھر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی ظہیر عباس ملک کی زیر صدارت ایک اجلاس ہوا جس میں نئے عجائب گھروں کے منصوبے میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کنسلٹنٹ فرم نے تفصیلی پریذنٹیشن پیش کی۔ ڈائریکٹر کنزرویشن اینڈ ڈویلپمنٹ انجم قریشی اور ڈپٹی ڈائریکٹر ساؤتھ سلمان تنویر نے عجائب گھروں کی تعمیر اور نمائش کے عمل پر روشنی ڈالی اور منصوبے کی مختلف پہلوؤں کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آرکیالوجی ظہیر عباس ملک نے کہا کہ پنجاب کے آثار قدیمہ کی حفاظت اور عوام میں اپنے تاریخی ورثے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے عجائب گھروں کا وجود نہایت اہم ہے۔ اسی حکمت عملی کے تحت پنجاب کے تاریخی مقامات کے تحفظ اور بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ڈی جی آرکیالوجی نے جاری منصوبوں میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایات جاری کیں کہ زیر التوا کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عجائب گھر بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوں۔

اجلاس کے دوران آئندہ مراحل کے لیے واضح روڈ میپ مرتب کیا گیا جس میں تعمیر کے کام کی تکمیل، نمائشوں کے انعقاد اور عجائب گھروں کے باضابطہ افتتاح کے لیے ٹائم لائنز شامل ہیں۔ ظہیر عباس ملک نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف خطے کے عظیم تاریخی ورثے کو محفوظ کرنے میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ ان عجائب گھروں کو ثقافتی تعلیم اور سیاحت کے مراکز بنانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اقدامات ملکی ثقافتی ورثے کی بقا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔

پاکستانیوں کی ترسیلات زر کیلئے بونا-راست منصوبے کا اجراء

اسلام آباد: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے تاریخی قدم اٹھالیا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں بونا-راست (Buna-Raast) کنیکٹیوٹی منصوبے کا نفاذ کردیا۔ منصوبے کے تحت پاکستان کے ادائیگیوں کے ڈیجیٹل نظام راست کو عرب مانیٹری فنڈ کے تحت قائم بونا سے جوڑا جا رہا ہے.

وزیرِاعظم شہباز شریف کے ویژن کے تحت سمندر پار پاکستانیوں کو رقوم بھجوانے کے تیز، مؤثر اور کم لاگت منصوبے کا نفاذ شروع ہوگیا۔ راست اقدام کو بونا سے جوڑنے سے عرب ممالک میں مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو تیز، مؤثر اور کم لاگت میں رقوم بھجوانے کی سہولت میسر ہوگی۔

منصوبے سے نہ صرف سمندر پار مقیم پاکستانیوں کیلئے رقوم کی منتقلی میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ اس سے ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہوگا۔ بونا-راست کنیکٹیوٹی کے تحت عرب ممالک میں مقیم پاکستانی با آسانی ڈیجیٹل طریقے سے رقوم کو اپنے پیاروں کے پاس بھیج سکیں گے.

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اہم اقدام جدید ڈیجیٹل انداز میں عرب دنیا کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس تاریخی اقدام کا مقصد عرب دنیا میں ہمارے ساتھی پاکستانیوں کو اپنی رقم جلد وطن واپس بھیجنے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

شہباز شریف نے نشاندہی کی کہ یہ پاکستان کا پہلا کراس بارڈر فوری ادائیگی کا نظام ہے جو ترسیلات زر کو مزید سستی اور قابل رسائی بنائے گا۔

اقتصادی چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ جلد ہی پانچ سالہ گھریلو اقتصادی پروگرام کا اعلان کریں گے۔ پچھلے کئی مہینوں سے اس پر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام معیشت اور زراعت اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں کی بہتری کے لیے اقدامات کا تصور کرے گا۔

میو اسپتال سے جعلی ڈاکٹر گرفتار

لاہور: گوالمنڈی چوکی میو اسپتال پولیس نے کارروائی کرتے جعلی ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم ڈاکٹر کا لباس پہن کر اسپتال میں گھوم رہا تھا، مشکوک جانتے ہوئے تلاشی لی جس پر ملزم نے جعلی ڈگری پیش کی۔

دوران تفتیش ملزم زیادہ دیر پولیس کو چکما نہ دے سکا اور ڈاکٹر نہ ہونے کا اعتراف کر لیا۔

انچارج چوکی میو اسپتال کے مطابق ملزم احسان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایس پی سٹی کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا کے مطابق انسداد جرائم کے حوالے سے کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

تحریک انصاف انٹرا پارٹی کیس سماعت کے لیے مقرر

اسلام آباد: تحریک انصاف انٹرا پارٹی کیس 27 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ سماعت کرے گا، الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر اور رؤف حسن کو نوٹس جاری کر دیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت پر تحریک انصاف سے جواب مانگا تھا، بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن سے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی تھی۔