کولکتہ کیس کیخلاف آواز اُٹھانے پر بھارتی اداکارہ ممی چکرورتی کو ریپ کی دھمکیاں

مغربی بنگال: ترنمول کانگریس کی سابق رکن اور اداکارہ ممی چکرورتی نے انکشاف کیا ہے کہ کولکتہ ریپ کیس سے متعلق سوشل میڈیا پر احتجاجی پوسٹس شیئر کرنے پر اُنہیں عصمت دری کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ ممی چکرورتی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کی گئی پوسٹ میں سوال کیا کہ ہم خواتین کے لیے انصاف مانگ رہے ہیں؟

ممی چکرورتی کہا کہ ہم ایسے معاشرے سے انصاف مانگ رہے ہیں جہاں درندہ صفت مردوں نے خواتین کو عصمت دری کی دھمکیاں دینا معمول بنا لیا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ میں نے کولکتہ میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ پیش آنے والے ہولناک واقعے کے خلاف آواز اُٹھاتے ہوئے سوشل میڈیا پر احتجاجی پوسٹس پوسٹ شیئر کی تھیں جس کے بعد مجھے عصمت دری کی دھمکیاں اور فحش نوعیت کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں کولکتہ پولیس کے سائبر سیل ڈیپارٹمنٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے پوچھا کہ کونسی پرورش اور تعلیم اس کی اجازت دیتی ہے؟

بھارتی میڈیا کے مطابق ممی چکرورتی نے 14 اگست کو کولکتہ ریپ کیس کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں بھی حصہ لیا تھا جبکہ وہ سوشل میڈیا پر بھی خاتون ڈاکٹر کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتی نظر آرہی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں 9 اگست کو 31 سالہ ڈاکٹر کو میڈیکل کالج میں خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا تھا، آر جی کار میڈیکل کالج کے اسٹاف نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر 36 گھنٹوں پر شفٹ کے تقریباً 20 گھنٹے کام کرنے کے بعد کالج کے سیمینار ہال میں کچھ دیر آرام کے لیے چلی گئی تھیں۔

تاہم، اگلے روز سیمینار ہال سے خاتون ڈاکٹر کی نیم برہنہ حالت میں لاش ملی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق خاتون ڈاکٹر کو ایک سے زائد مردوں نے انتہائی بے دردی سے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر گلا دبا کر قتل کردیا۔

کولکتہ پولیس نے خاتون ڈاکٹر کے ریپ کیس میں ایک پولیس اہلکار کو گرفتار کرکے واقعے کا ذمہ دار قرار دیا ہے جو پولیس افسران اور ان کے اہل خانہ کو اسپتالوں میں داخل کرانے اور طبی امداد کی فراہمی کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔

امام الحق کی جگہ مسلسل ناکام صائم ایوب کو موقع کیوں ملا

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اوپنر امام الحق کی جگہ صائم ایوب کو کھلانے کی اہم وجہ بتادی۔

راولپنڈی میں ٹرافی کی رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے بنگلادیش ‘اے’ کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کرنے والے محمد ہریرہ کی عدم شمولیت، صائم ایوب کو برقرار رکھنے سمیت امام الحق کو آرام دیے جانے پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ صائم ایوب نے آخری ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا تھا بطور ٹیم اپنے پلئیرز کو بیک اَپ کررہے ہیں تاکہ انہیں مناسب مواقع مل سکیں، وہ اچھی فارم میں لگ رہے ہیں۔

کپتان نے کہا کہ بیٹنگ لائن اپ کافی مضبوط ہے، ہمارے پاس کئی اوپنرز موجود ہیں۔ بدقسمتی سے امام الحق اس سیریز کا حصہ نہیں ہیں لیکن وہ ہمارے ٹیسٹ اسکواڈ کے اہم رکن ہیں۔

امام الحق کو سیریز میں آرام دینے کے سوال پر شان مسعود نے کہا کہ محمد ہریرہ جیسے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو مواقع دینا چاہتے ہیں اور ہریرہ کو جلد موقع فراہم کریں گے وہ گزشتہ 3-4 سالوں میں ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے، اسی وجہ سے امام کو آرام کروایا ہے۔

قبل ازیں پریس کانفرنس شان مسعود نے سوال کیا گیا تھا کہ میر حمزہ کی جگہ محمد علی کو اسکواڈ میں کیوں شامل کیا گیا؟ جس پر کپتان نے جواب دیا تھا کہ نوجوان کرکٹر نے حالیہ سیریز میں شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ اوور کاسٹ کنڈیشنز میں وہ ہمیں وکٹیں لیکر دے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔

وزیرِ اعظم کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیرِ اعظم نے اسمگلنگ کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر اور تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کے زیر صدارت اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسمگلنگ میں ملوث افراد کو قطعی طور پر پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے، اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے، ملوث عناصر اور سہولت کاروں کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹرز کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو ضبط کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ خوش آئند امر ہے کہ متعلقہ اداروں کی کارروائیوں کے نتیجے میں اسمگلنگ میں کمی واقع ہوئی ہے، ایف بی آر، وزارت داخلہ اور دیگر ادارے آپس کے تعاون مزید بہتر کریں، سرحدی علاقوں میں لوگوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی بنا کر پیش کی جائے، اسمگلنگ کے ناسور کے ملک سے مکمل خاتمے کیلئے تمام ادارے اپنی کوششیں تیز کریں۔

وزیرِ اعظم کو اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا وزارتِ داخلہ کی زیرِ نگرانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ملک گیر مہم جاری ہے، پیٹرولیم مصنوعات، سگریٹ، موبائل فون، سونا، چائے، کپڑے، اشیاءِ ضروریہ، ٹائرز اور گاڑیوں کے پرزوں کی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جارہے ہیں، انسدادِ اسمگلنگ کے دائرہ کار میں اشیائے ضروریہ کے ساتھ ساتھ دیگر اشیاء کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ یوریا اور چینی کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ویب پورٹل کا اجراء کیا جا چکا، وزیرِ اعظم کی ہدایت کے مطابق 54 مشترکہ چیک پوسٹوں کا قیام عمل میں لایا جا چکا، نان کسٹم گاڑیوں کی نشاندہی اور انکی میپنگ کیلئے نظام کا اجراء حتمی مراحل میں ہے، پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے قانون سازی کا مسودہ حتمی مراحل میں ہے، اجلاس کو انسدادِ اسمگلنگ کی مہم کی اب تک کی کارکردگی پر رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

این اے97 فیصل آباد؛ سپریم کورٹ نے دوبارہ گنتی کی لیگی امیدوار کی اپیل خارج کر دی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے این اے 97 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی کی مسلم لیگ ن کے امیدوار علی گوہر بلوچ کی اپیل خارج کر دی۔

جسٹس امین الدین خان اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ سے ثابت کریں ریٹرننگ افسر کو دوبارہ گنتی کی درخواست بروقت دی گئی تھی، آپ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر انخصار کر رہے ہیں لیکن سپریم کورٹ نے فیصلے میں دو اصول طے کیے، سپریم کورٹ نے کہا جب دوبارہ گنتی کی درخواست بروقت آئے تو دوبارہ گنتی سے آر او انکار نہیں کر سکتا۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے دوبارہ گنتی کے لیے دونوں امیدواروں میں ووٹوں کے فرق کو بھی بیان کیا، ریکارڈ سے کہیں بھی ثابت نہیں ہو رہا کہ دوبارہ گنتی کی درخواست 9فروری کو آئی تھی، آپ جس کاغذ پر انخصار کر رہے ہیں اس پر تاریخ بھی درج نہیں، کیا ریٹرننگ افسر نے کسی بھی فورم پر تسلیم کیا کہ دوبارہ گنتی کی درخواست آئی تھی۔

وکیل ن لیگ حسن رضا نے دلائل میں کہا کہ ریٹرننگ افسر جھوٹ بھی تو بول سکتا ہے، جس پر جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ ریٹرننگ افسر نے کہا دوبارہ گنتی کی درخواست بعد میں ذہن میں آنے والی سوچ ہے۔

نادیہ افگن کا خلیل الرحمان قمر کیساتھ کام کرنے سے انکار

لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نادیہ افگن نے کہا ہے کہ وہ ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتیں۔

حال ہی میں نادیہ افگن نے نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی نجی زندگی سمیت کیریئر سے متعلق گفتگو کی۔

میزبان نے نادیہ افگن سے سوال کیا کہ آپ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں کس کے ساتھ کبھی کام نہیں کرنا چاہتیں؟

اس سوال کا جواب دینے سے قبل نادیہ افگن نے کہا کہ مجھ سے جب بھی کسی شو میں اس طرح کا کوئی سوال کیا جاتا ہے تو میں فوراََ بلاجھجھک جواب دے دیتی ہوں جس پر مجھ سے سینیئر اداکارائیں کہتی ہیں کہ ایسے جواب دینے سے گریز کیا کرو۔

اداکارہ نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرا جواب خلیل الرحمان قمر صاحب ہیں، میں نے کبھی خلیل صاحب کے ساتھ کام نہیں کیا اور نہ ہی کبھی مستقبل میں اُن کے ساتھ کام کرنا چاہوں گی۔

اس کے علاوہ میزبان نے اداکارہ سے اُن کی زندگی کے مشکل ترین فیصلے کے بارے میں بھی سوال کیا، جس پر نادیہ افگن نے کہا کہ بچے پیدا نہ کرنا میری زندگی کا مشکل ترین فیصلہ تھا۔

نادیہ افگن نے کہا کہ طبی پیچیدگیوں کی وجہ سے دو بار میرا حمل بھی ضائع ہوگیا تھا، میں نے بہت علاج بھی کروایا لیکن بدقسمتی سے میرا علاج کامیاب نہ ہوسکا۔

اداکارہ نے کہا کہ حمل ضائع ہونے کی وجہ سے میری ذہنی و جسمانی صحت شدید متاثر ہوئی، بہت کوششوں کے باوجود بھی اولاد کی نعمت سے محروم رہی، پھر میں نے اور میرے شوہر نے اللہ تعالیٰ کی رضا سمجھتے ہوئے اولاد کے بغیر ہی زندگی کا گزارنے کا فیصلہ کیا۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہر طبقے نے قربانیاں دی ہیں، وزیرداخلہ

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہر طبقے نے قربانیاں دی ہیں، وزیرداخلہ
اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہرطبقے نے قربانیاں دی ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے متاثرین دہشتگردی کی یاد اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے عالمی دن پربیان میں کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ کے دوران شہداء کی عظیم قربانیوں کا قرض ادا نہیں کر سکتی۔ آخری دہشت گردی کا خاتمہ کرکے شہداء کے خون کا قرض اتاریں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والے قوم کے محسن ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہر طبقے نے قربانیاں دی ہیں۔ پاک افواج ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں نے اپنے لہو سے امن کی آبیاری کی ہے۔ تاریخ عالم پاکستان کی لازوال قربانیوں کی کوئی اور مثال دینے سے قاصر ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ حکومت اور قوم شہدا کے بہادر خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ آج بحیثیت قوم متاثرین دہشت گردی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ہمارا کل زیادہ پرامن اور محفوظ ہوگا

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنا گھر اپنی چھت اسکیم کا افتتاح کردیا

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے بعض اضلاع کے لیے اپنا گھر اپنی چھت منصوبے کا افتتاح کردیا۔

لاہور میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جس کے پاس اپنی چھت ہوتی ہے اس کو قدر کم ہوتی ہے، جن کے پاس اپنی چھت نہیں ہے اس سے قدر جانیں، آپ کے پاس دنیا کی سب نعمتیں ہوں اپنی چھت نہ ہو تو وہ کمی محسوس ہوتی ہے جس کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری ہاؤسنگ اسد اللہ خان نے ہماری خواہش کو حقیقت کی شکل دی ، انشاء للہ ہم جلدی جلدی لوگوں کو گھر بنا کر بھی دیں گے، اگر آپ کے پاس شہری علاقے میں ایک سے 5 مرلہ اور دیہی علاقوں میں دس مرلے کی زمین ہے تو حکومت پنجاب آپ کو 15 لاکھ روپے آسان اقساط پر بلاسود قرضہ دے گی جس کی ماہانہ قسط 14 ہزار ہوگی، پہلے تین مہینے ایک روپیہ نہیں دینا پڑے گا، اس کے بعد 14 ہزار روپے ماہانہ قسط دینی پڑے گی، پنجاب حکومت سود ادا کرے گی ، لوگوں کو کوئی ٹیکس نہیں دینا پڑے گا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ ہے کم آمدنی والے کیسے گزارہ کرتے ہیں، بجلی کے بلز میں بھی پینتالیس سے پچاس ارب کا ریلف دے رہے ہیں، اگلے سال سے تاریخ کا سب سے بڑا سولر پروگرام لے کر آرہے ہیں تاکہ اگلے سال سے بل ہی نہ دینا پڑے

قومی ٹیم کی وائٹ بال کوچ کی بھرتی کیلئے اشتہار جاری

قومی ٹیم کی وائٹ بال کوچ کی بھرتی کیلئے اشتہار جاری
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مینز وائٹ بال ٹیم کیلئے فیلڈنگ اور مینٹل کوچ کیلئے نئی آسامیوں کا اعلان کردیا۔

بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خصوصی مہارت والے کوچز کی خدمات حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کیلئے امیدواروں کی درخواستیں 4 ستمبر تک قبول کریں گے۔

اس سے قبل سائمن ہیلمٹ فیلڈنگ کوچ اور ڈیوڈ ریڈ مینٹل کوچ کی ذمہ داریوں کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

چینی اولمپکس میڈلسٹ کی سوپ بیچنے کی ویڈیو وائرل

پیرس اولمپکس میں چین کیلئے چاندی کا تمغہ جیتنے والی جمناسٹر نے اپنے ریسٹورینٹ میں دوبارہ کام شروع کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 18 سالہ چینی جمناسٹ ژو کن کو ہنان صوبے کے شہر ہینگیانگ میں اپنے خاندان کے ریسٹورینٹ میں مدد کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کی ویڈیوز سوشل سائٹس پر وائرل ہورہی ہیں۔
چینی جمناسٹر نے پیرس اولمپکس میں اپنے ملک کیلئے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔
وائرل ویڈیو میں ژو کو اولمپک یونیفارم پہن کر لوگوں کو کھانا پیش کرتے دیکھا جاسکتا ہے، جس نے سوشل میڈیا صارفین کے دل موہ لیے۔

لاہور؛ نوجوان کے اغواء و قتل کےالزام میں 3 پولیس اہلکار گرفتار

لاہور میں نوجوان کے اغواء اور قتل کے الزام میں 3 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے فیصل ٹاؤن میں 33سالہ نوجوان کے اغوا اور قتل کےالزام میں ایک برخاست شدہ پولیس اہلکار سمیت 2 اہلکاروں گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ مقتول فرخ ارشد 18 اگست کی صبح تینوں اہلکاروں کے ساتھ برکت مارکیٹ میں بیٹھا تھا جس کے بعد تینوں فرخ ارشد کے ساتھ اچھرہ میں واقع اس کے گھر گئے۔ بعد ازاں فرخ ارشد پلازہ کی چھت سے گر کر جاں بحق ہوگیا۔ فرخ ارشد کی موت کی تحقیقات جاری ہیں۔